دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

دیہات کی متعدد مساجد میں جمعہ ادا کرنے کا شرعی حکم

23723 نومبر، 202656
تمام فتاویٰ

سوال

فتح پور کے وارڈ نمبر 10چکنمبر 106ایم ایل میں ایک مرکزی جامع مسجد فیضان مصطفیٰ اور چند چھوٹی مساجد کالونیوں میں بھی ہیں۔ ان چھوٹی مساجد میں چند سالوں سے نماز جمعہ شروع ہے جن حضرات پر جمعہ فرض ہے وہ سب بڑی مسجد میں نہیں سما سکتے اور چھوٹی مساجد میں ایک ایک دو دو صفیں ہوتی ہیں ۔ وہاں کسی نے یہ مشہور کر دیا ہے کہ ان چھوٹی مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنا درست نہیں ہے اور بڑی مسجد والے چاہتے ہیں کہ سب بڑی مسجد میں نماز جمعۃ ادا کریں تو از روئے شرع متین کیا حکم ہے ان چھوٹی مساجد میں جمعہ پڑھانا کیسا ہے؟بینوا توجروا سائل: محمد فیصل،لیہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ نمازِ جمعہ کی صحت کے لیے شہر کا ہونا شرط ہے، اور ظاہر الروایہ میں شہر کی تعریف یہ ہے کہ وہاں گلیاں اور بازار ہوں، اس کے نواح میں دیہات ہوں اور وہاں ایسا حاکم موجود ہو جو اپنی ہیبت، اپنے علم یا کسی دوسرے کے علم کے ذریعے ظالم سے مظلوم کو انصاف دلا سکتا ہو، نیز لوگ اپنے پیش آمدہ معاملات میں اسی کی طرف رجوع کرتے ہوں۔

اور ظاہر الروایہ کی مخالفت بلا عذرِ شرعی درست نہیں ۔تاہم، اگر کسی دیہات کی مسجد میں عوام نے جمعہ ادا کرنا شروع کر دیا ہو تو انہیں منع نہ کیا جائے، کیونکہ یہ لوگ جس طرح بھی اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ کا نام لیں، غنیمت ہے۔ مزید یہ کہ دیہات میں جمعہ کی ادائیگی سے لوگوں منع کرنا فتنہ و فساد کو دعوت دینا اور لاکھوں مسلمانوں کو فاسق قرار دینے کا سبب بن سکتا ہے، کیونکہ عوام و خواص کی ایک بڑی تعداد اس پر عمل پیرا ہے۔

اس فتنہ و فساد کو دور کرنے کے لیے روایتِ نادرہ پر عمل کرنا درحقیقت امام صاحب کے مذہب پر عمل کرنا ہے۔چونکہ نادر الروایہ کی ایک روایت کے مطابق ایسے گاؤں میں نمازِ جمعہ درست ہے، جس کی سب سے بڑی مسجد میں وہ تمام لوگ نہ سما سکیں جن پر جمعہ فرض ہے، اور انہیں جمعہ کی ادائیگی کے لیے دوسری مسجد کی ضرورت پیش آئے، لہذا فی زمانہ اسی پر فتویٰ ہے۔

چنانچہ ایسے دیہات میں نمازِ جمعہ ادا کرنے سے نمازِ ظہر ذمہ سے ساقط ہو جائے گی ،تا ہم کوئی بھی امام دیہات میں بذات خود جمعہ قائم نہ کرے بلکہ حاکم ِوقت سے اجازت ہوحاکم وقت کی غیر موجودگی میں شہر کے بڑے علماء سے اور اگر یہ نہ ہو تو عام لوگ جسے چاہیں امام بنا لیں تو جمعہ جائز ہوگا اور اگر کسی امام نے بذات خود جمعہ قائم کر لیا تواس میں نمازجمعہ شروع کرنا،ناجائزوگناہ ہے اوروہاں کے بالغ افرادپرظہر کی نماز فرض ہوگی ۔اور اگر کسی دیہات میں کئی چھوٹی مساجد میں الگ الگ جمعہ ادا کیا جاتا ہو تو بہتر اور افضل یہ ہے کہ اس دیہات کی سب سے بڑی مسجد میں جمعہ ادا کیا جائے،تاکہ جمعہ کا عظیم مقصد، یعنی مسلمانوں کا اجتماعِ عام، حاصل ہو سکے۔لیکن چھوٹی مسجد میں نمازِ جمعہ کے ناجائز ہونے کے حوالے سے جو شوشہ یا افواہ پھیلائی گئی ہے، وہ شرعی احکام سے ناواقفیت پر مبنی اور محض باطل ہے۔

اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:

وَ مَنْ اَظْلَمُ مِمَّنْ مَّنَعَ مَسٰجِدَ اللّٰهِ اَنْ یُّذْكَرَ فِیْهَا اسْمُهٗ وَ سَعٰى فِیْ خَرَابِهَاؕ

ترجمہ:اور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو اللہ کی مسجدوں کو روکے ان میں نامِ خدا لئے جانے سے اور ان کی ویرانی میں کوشش کرے۔

(پارہ:01،سورۃ البقرہ،آیت نمبر:114)

جمعہ کی ادائیگی شہر میں ہونے کے متعلق مصنف ابنِ ابی شیبہ میں ہے :

"عن علي قال: لا جمعة ولا تشريق ولا صلاة فطر ولا أضحى إلا في مصر جامع أو مدينة عظيمة "

ترجمہ: جمعہ،تکبیرات تشریق، عید الفطر اور عید الاضحی جامع شہر یا بڑے شہر میں ہو سکتے ہیں۔

(مصنف ابنِ ابی شیبہ،رقم الحدیث : 5160)

شہر کی تعریف ظاہر اروایہ کے مطابق ردالمحتار میں ہے :

"عن أبي حنيفة أنه بلدة كبيرة فيها سكك وأسواق ولها رساتيق وفيها وال يقدر على إنصاف المظلوم من الظالم بحشمته وعلمه أو علم غيره يرجع الناس إليه فيما يقع من الحوادث وهذا هو الأصح"

ترجمہ : امام اعظم ابو حنیفہ کے نزدیک شہرکبیر وہ ہےجس میں گلیاں اور بازار ہو اور اس کے نواحی دیہات ہو اور اس میں ایک ایسا حاکم ہو جو ظالم سے مظلوم کو انصاف دلا سکتا ہو اپنی ہیبت ، علم یا کسی اور کے علم کے ذریعے اور لوگ پیش آنے والے معاملات میں اسی کی طرف رجوع کرتے ہو)۔

(ردالمحتارعلی الدر المختار ،ج: 2، ص:06،مکتبہ رحمانیہ )

شہر کی تعریف نادرالروایہ کے مطابق العنایہ شرح الہدایہ میں ہے :

"(وعنہ ) ای عن ابی یوسف (انھم اذا اجتمعوا ) ای اجتمع من تجب علیھم الجمعۃ لا کل من یسکن فی ذلک الموضع من الصبیان و النساء العبید لان من تجب علیھم مجتمعون فیہ عادۃ قال ابن شجاع احسن ما قیل فیہ اذا کان اھلھا ،بحیث لو اجتمعوا (فی اکبر مساجدھم لم یسعھم ) ذلک حتی احتاجوا الٰی بناء مسجد آخر للجمعۃ الخ "

ترجمہ:(اور ان سے ) یعنی امام ابو یوسف سے ہے ( جب وہ جمع ہو ) یعنی وہ لوگ جن پر جمعہ لازم ہے نہ کہ تمام وہ لوگ جو وہاں سکونت پذیر ہیں مثلاً بچے ، خواتین اور غلام ۔ابن شجاع نے کہا کہ اس بارے میں سب سے بہتر قول یہ ہے کہ جمعہ کے اہل وہاں جمع ہو (سب سے بڑی مسجد میں ،اور اس میں ان کی گنجائش نہ ہو ) حتی کہ وہ جمعہ کے لیے ایک اور مسجد بنانے پر مجبور ہوں الخ ۔

( العنایہ شرح الہدایہ ،ج:2 ،ص:52 ، مکتبہمصطفى البابي الحلبي وأولاده بمصر)

تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے:

"(ويشترط لصحتها) سبعة أشياء: الاول: (المصر وهو ما لا يسع أكبر مساجده أهله المكلفين بها) وعليه فتوى أكثر الفقهاء"

ترجمہ: جمعہ کی صحت کے لیے سات شرطیں ہیں جن میں پہلی شرط مصر( شہر ) ہے اور مصر وہ ہے جس کی سب سے بڑی مسجد میں وہ لوگ نہ سما سکیں جن پر جمعہ فرض ہے اور اسی پر اکثر فقہاء کا فتویٰ ہے ۔

اسکے تحت ردالمحتار میں ہے:

" ( وعليه فتوى أكثر الفقهاء إلخ) وقال أبو شجاع: هذا أحسن ما قيل فيه. وفي الولوالجية وهو صحيح بحر، وعليه مشى في الوقاية ومتن المختار وشرحه وقدمه في متن الدرر على القول الآخر وظاهره ترجيحه "

ترجمہ :(اور اسی پر اکثر فقہاء کا فتوی ہے) اور امام ابو شجاع نے فرمایا: یہی اس بارے میں سب سے بہتر قول ہے۔ اور ولوالجیہ میں ہے: یہ (قول) صحیح ہے۔ بحر الرائق میں بھی اس کو اختیار کیا گیا، اور اس پر الوقایہ ، المختار اور اس کی شرح میں عمل کیا گیا۔ اور الدرر میں اس قول کو دوسرے قول پر مقدم کیا گیا اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہی قول راجح ہے۔

(ردالمحتارعلی الدر المختار ،ج: 3، ص:06،مکتبہ رحمانیہ )

جہاں جمعہ جائز نہیں وہاں ظہر کی نماز ضروری ہے ،اسی میں ہیں :

"ألا ترى أن في الجواهر لو صلوا في القرى لزمهم أداء الظهر"

ترجمہ : اگر لوگ (ایسے)دیہات میں جمعہ کی نماز (جہاں جمعہ جائزنہیں)ا دا کریں تو ان پر ظہر کی نماز کی ادائیگی ضروری ہے۔

(ردالمحتارعلی الدر المختار ،ج: 3، ص:08،مکتبہ رحمانیہ )

ثلاث رسائل فی آداب الافتاء (اجلی الاعلام ان الفتوى مطلقاً على قول الامام )میں ہے :

"فهذه كلها قد تغيرت أحكامها لتغير الزمان، إما للضرورة، وإما للعرف، وإما لقرائن الأحوال قال وكل ذلك غير خارج عن المذهب؛ لأن صاحب المذهب لو كان في هذا الزمان لقال بها، ولو حدث هذا التغير في زمانه لم ینص علی خلافھا "

ترجمہ :یہ تمام مسائل ایسے ہیں جن کے احکام زمانے کے بدلنے کی وجہ سے بدل گئے ہیں تبدیلی ضرورت کی وجہ سے ہو، یا عرف و رواج کی وجہ سے، یا حالات و واقعات کے قرائن کی وجہ سے، اور یہ سب کچھ مذہب (حنفی) سے خارج نہیں ،کیونکہ اگر صاحب مذہب ( امام اعظم ابو حنیفہ علیہ الرحمہ ) اس زمانے میں ہوتے تو وہ بھی یہی بات کہتے ،اور اگر یہ تبدیلی اُن کے زمانے میں واقع ہوتی تو وہ ان کے خلاف کوئی صراحت نہ فرماتے ۔

(ثلاث رسائل فی آداب الافتاء (اجلی الاعلام ان الفتوى مطلقاً على قول الامام)ص :210-211 ، مکتبہ دار اہلسنت)

امام اہلسنت امام احمد رضا خاں علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں :

درباره عوام فقیر کا طریق عمل یہ ہے کہ ابتداء خود انھیں منع نہیں کرتا نہ انہیں نماز سے باز رکھنے کی کوشش پسند رکھتا ہے ایک روایت پر صحت ان کے لیے بس ہے وہ جس طرح خدا اور رسول پاک کا نام لیں غنیمت ہے مشاہدہ ہے اس سے روکیے تو وہ وقتی چھوڑ بیٹھتے ہیں ۔

(فتاوی رضویہ،ج:8،ص:374،رضا فاؤنڈیشن)

اسی طرح کے سوال کے جواب میں مزیدآپ علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

جس گاؤں میں یہ حالت پائی جائے اس میں اس روایت نوادر کی بنا پر جمعہ و عیدین ہو سکتے ہیں یہ اگر چہ اصل مذھب کے خلاف ہے مگر اسے بھی ایک جماعت متاخرین نے اختیار فرمایا۔

(فتاوی رضویہ،ج:8،ص: 347،رضا فاؤنڈیشن)

صدرالشریعہ علامہ امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :

امام جمعہ کی بلا اجازت کسی نے جمعہ پڑھا یا اگر امام یا وہ شخص جس کے حکم سے جمعہ قائم ہوتا ہے شریک ہو گیا تو ہو جائے گا ورنہ نہیں۔حاکم شہر کا انتقال ہو گیا یا فتنہ کے سبب کہیں چلا گیا اور اس کے خلیفہ (ولی عہد ) یا قاضی ماذون نے جمعہ قائم کیا جائز ہے۔ کسی شہر میں بادشاہ اسلام وغیرہ جس کے حکم سے جمعہ قائم ہوتا ہے نہ ہو تو عام لوگ جسے چاہیں امام بناویں ۔ یو ہیں اگر بادشاہ سے اجازت نہ لے سکتے ہوں جب بھی کسی کو مقرر کر سکتے ہیں ۔

(بہار شریعت،حصہ:4،ص:765،مکتبۃالمدینہ)

امام اہلسنت کے ایک قول " تعریف مصر میں ہمارے علماء سے کثیر اقوال آئے جن میں مصحح و مختار و معتمد ائمہ کبار دو ہیں" کے متعلق: سراج الفقہاء مفتی نظام الدین مصباحی صاحب فرماتے ہیں:

یہ پورا فتوی چھپا نہیں ہے اول ظاہرالروایہ کو ذکر فرمایا میرا ظن غالب ہے کہ دوسری روایت سے مراد یہی روایت نادرہ ہے۔۔۔اس پر سب کا اتفاق ہے کہ جو آبادیاں روایت نادرہ پر مصر کے حکم میں آتی ہیںوہاں جمعہ قائم کرنے کی اجازت دی جائے۔۔۔بڑے دیہات سے کتنا بڑا دیہات مراد ہے عام طور سے اس کی طرف مقالہ نگاروں نے توجہ نہیں فرمائی راقم الحروف کی ناقص رائے یہ ہے کہ جس بستی میں مسلمان کچھ کم و بیش 200 گھر آباد ہوں وہ مصر کے حکم میں ہے یہ مصر جامع کا مطلب ہے جامع جماعات عام طور سے ایک چھوٹی مسجد کی جماعت کم و بیش 100 افراد پر مشتمل ہوتی ہے تو تین مسجدوں کی جماعتیں 300 یا زیادہ افراد پر مشتمل ہوں گی۔ اکبر مساجدہ کا لفظ کم از کم تین مسجدوں کا مقتضی ہے اسی طرح مصر جامع اور اکبر مساجد کے مفہوم میں یکسانیت پائی جا سکتی ہے ۔

(جدید فقہی مسائل کے بارے میں علماء اہل سنت کی تحقیقات،ج:01،ص:373تا378،اکبر بک سیلرز،ملخصا)

واللہ اعلم باالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمدعلی رضا قادری رضوی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

22اکتوبر 2026ءبمطابق 10جمادی الاول 1448ھ کو جاری کیا گیا