دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

بغیر دستخط طلاق نامہ بھیجنے کا حکم

24622 نومبر، 2026145
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ میں نےاپنی بیوی کو ڈرانے کیلئے طلاق نامہ بنوایا ،جس میں اسٹامپ پیپر والے نے تین طلاق لکھ لیں جس کی تفصیل یہ ہے کہ 1) میں مسمّی عبد الواحد ولد عبد الوحید اپنی زوجہ مسمّاۃ فرحانہ بنت محمد اقبال کو طلاق دیتا ہوں 2) میں مسمّی عبد الواحد ولد عبد الوحید اپنی زوجہ مسمّاۃ فرحانہ بنت محمد اقبال کو طلاق دیتا ہوں 3) میں مسمّی عبد الواحد ولد عبد الوحید اپنی زوجہ مسمّاۃ فرحانہ بنت محمد اقبال کو طلاق دیتا ہوں حالانکہ میں نے اسے نوٹس بنوانے کا کہا تھا اور میں نےاس کو پڑھا اور نہ اس پر دستخط کیئے بغیر آگے بیوی کو بھیج دیا ،تو مذکورہ صورت میں کیا طلاق واقع ہوجائے گی ؟ میں حلفیہ کہتا ہوں کہ یہ میں نے فقط ڈرانے کیلئے ہی بنوایا ہے اور زبان سے طلاق کے الفاظ ادا نہیں کیئے بکلکہ پڑھا تک نہیں ،مہربانی فرماکر میری اس مسئلہ میں رہنمائی فرمائیں ! سائل:عبد السمیع،لیاقت آباد کراچی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کاحکمِ شرع یہ ہے کہ سائل اگر اپنے مذکورہ بیان میں سچا ہے اور اس نے محض ڈرانے کیلئے طلاق نامہ بنوایا اور بغیر پڑھے اور بغیر دستخط کے بیوی کو بھیجا (بغیر دستخط کے طلاق نامہ کی کاپی ہمیں موصول ہوئی)اور طلاق کی نیت نہیں کی اور نہ ہی زبان سے طلاق کے الفاظ بولے تو اس کی بیوی پر کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی ، کیونکہ یہ غیرِ مرسومہ طلاق کی صورت ہے یعنی جس سے ہمارے رسم و رواج میں طلاق دینا رائج نہ ہو یعنی باقاعدہ اسٹامپ پیپر پر نہ ہو بلکہ سادہ کاغذ پر ہو یا اسٹامپ پیپر تو ہے،لیکن بغیر دستخط یا انگوٹھا لگانے کے ہو ،تو محض طلاق کیلئے سادہ کاغذ یا اسٹامپ پیپر طلاق لکھنے سے طلاق واقع نہیں ہوتی،بلکہ جب تک شوہر اس پر اپنے دستخط نہیں کرتا یا انگوٹھا نہیں لگاتا طلاق واقع نہیں ہوگی اور دستخط کرنے سے فوراً تحریر میں لکھی گئی طلاق بغیر نیت کے بھی واقع ہوجاتی ہے،لہذا مذکورہ صورت میں اس طلاق نامہ سے سائل کی بیوی پر کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی ۔

تحریری طلاق کی تفصیل:

ردالمحتارمیں ہے:

" الْقَلَمُ أَحَدُ اللِّسَاْنَيْنِ".

ترجمہ:قلم دو زبانوں میں سے ایک ہے۔

[ردالمحتار علی الد ر المختار، کتاب الحظر والاباحۃ , باب الغیبۃ، ج:9، ص:587، مکتبہ امدادیہ ملتان]۔

الاشباہ والنظائر میں ہے:

" قَاْلَ فِيْ الْهِدَاْيَةِ: الْكِتَاْبُ كَالْخِطَاْبِ".

ترجمہ: هدایۃ شرح بدایۃ المبتدی میں ہے:تحریرخطاب کی طرح ہے۔

[الاشباہ والنظائر, ج:3 ، ص: 120, مکتبہ ادارۃ القرآن والعلوم الاسلامیہ کراچی]۔

علامہ شامی علیہ الرحمہ کتابت کے ذریعے دی گئی طلاق کے بارے میں فرماتے ہیں:

’’ الکتابۃعلی نوعین مرسومۃو غیر مرسومۃ و نعنی بالمرسومۃ ان یکون مصد را و معنونا مثل ما یکتب الی الغائب وغیر مرسو مۃ ان لا یکون مصدرا و معنو نا و ہو علی و جھین مستبینۃ و غیر مستبینۃ فالمستبینۃ ما یکتب علی الصحیفۃ و الحائط و الارض علی وجہ یمکن فھمہ و قرائتہ و غیر المستبینۃ ما یکتب علی الھواء والماء و شی لا یمکن فھمہ و قرائتہ ففی غیر المستبینۃ لایقع الطلاق وان نوی وان کا نت مستبینۃ لکنھا غیر مرسومۃ ان نوی الطلاق یقع والا لا وان کانت مرسومۃ یقع الطلاق نوی اولم ینو‘‘

ترجمہ:’’ کتابت کی دو قسمیں ہیں (۱)مر سومہ (۲)غیر مرسومہ، اور مرسومہ سے ہما ری مراد یہ ہے کہ اس پر طلاق نامہ کا عنوان ہو اور تمہید ہو جیسے کسی غائب کو خط لکھاجاتا ہے غیر مر سو مہ(جو طلاق نامہ کے عنوان سے نہ ہو) کی بھی دو قسمیں ہیں (۱) ۔مستبینہ( ۲) غیر مستبینہ ،مستبینہ وہ ہے جو کاغذ اور دیوار اور زمین پر اس طرح لکھا جائے کہ اس کا سمجھنا اور پڑھنا ممکن ہو اور غیر مستبینہ وہ یہ ہے کہ ہوا اور پانی اور کسی چیز پر اس طرح لکھنا کہ اس کوسمجھنا اور پڑھنا ممکن نہ ہو تو غیر مستبینہ کتابت(پانی ہوا میں لکھنا) میں طلاق واقع نہ ہو گی اگر چہ نیت بھی کر لے اور اگر کتابت مستبینہ ہو لیکن غیر مر سومہ (جو طلاق نامہ کے عنوان سے نہ ہوجیسا کہ موبائل پر میسج کرنا)۔

اگراس نے طلاق کی نیت کی تو طلاق واقع ہو جائے گی اور اگر نیت نہ کی تو طلاق واقع نہ ہو گی اور اگر کتابت مرسومہ (مروجہ طلاق نامہ)ہے تو طلاق واقع ہو جائے گی نیت کرے یا نیت نہ کرئے‘‘۔

[ ردالمحتار علی الد ر المختار،کتاب الطلاق،ج:4،ص:455،مکتبہ امدادیہ ملتان]۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

10/مئی/2024 ۔24 1ذوالقعدہ 1445ھ کو جاری کیا گیا