دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

بدلِ خلع کے ذکر کے بغیر خلع نامے پر شوہر کے دستخط کرنے کا شرعی حکم

2522 نومبر، 2026203سوال کنندہ : محمد راجا ،، لیاری کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ میری اہلیہ نے خلع نامہ کا ایک پیپر بنوایا جس میں یہ لکھا کہ "میں اقراء حسن ہوش و حواس میں محمد راجا ولد محمد اکرام قومی شناختی کارڈ نمبر۔۔۔۔میں ان سے خلع لی رہی ہوں ان گواہوں کی موجودگی میں "پھر مجھے اس پر دستخط کرنے کا بولا تو میں اس پر اپنا دستخط اور انگوٹھا لگالیا ،لہذا اب میری رہنمائی فرمائیں کہ کتنی اور کونسی طلاق واقع ہوئی ہیں ؟ کیا اب ہم میاں آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ دوبارہ رہ سکتے ہیں؟ بینوا توجروا! نوٹ: ہم نے وہ کاپی ملاحظہ کی اس میں بدلِ خلع کا ذکر نہیں ،اور شوہر مہر ادا بھی کرچکا ہے۔

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت میں شرعاً خلع واقع ہوچکا ہے اور خلع ایک طلاقِ بائن شمار ہوتی ہے، لہٰذا اب دونوں سابقہ نکاح پر میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ نہیں رہ سکتے۔ اگر دوبارہ باہمی رضامندی کے ساتھ ازدواجی تعلق قائم کرنا چاہیں تو شرعی گواہوں کی موجودگی میں نئے مہر کے ساتھ نیا نکاح کرنا ضروری ہوگا۔ نیز چونکہ یہ ایک طلاق واقع ہوئی ہے اس لیے شوہر کو آئندہ صرف دو طلاقوں کا اختیار باقی رہے گا، اور اگر مزید دو طلاقیں دے دی گئیں تو عورت ہمیشہ کے لیے حرام ہوجائے گی بغیر حلالہ شرعی کے حلال نہیں ہوسکتی ۔

فقہِ حنفی میں خلع عموماً کسی مالی عوض کے بدلے ہوتا ہے، چنانچہ یا تو عورت مہر معاف کرتی ہے اگر وہ ابھی وصول نہ کیا ہو، یا وصول شدہ مہر واپس کرنے پر خلع طے پاتا ہے، یا پھر مہر کے علاوہ کسی اور مال کو عوض بنایا جاتا ہے۔ تاہم صورتِ مسئولہ میں خلع کے وقت کسی عوض یا مہر کا صراحتاً ذکر نہیں کیا گیا، اس لیے امام اعظم امام ابو حنیفہ کے مفتیٰ بہ قول کے مطابق زوجین حق مہر سے برے ہوجاتے ہیں نہ کہ دوسرے حقوق سے،لہٰذا شوہر کی جانب سے مہر کی واپسی کا مطالبہ معتبر نہیں رہے گا۔

فتاوی عالمگیری میں ہے:

"إذَا تَشَاقَّ الزَّوْجَانِ وَخَافَا أَنْ لَا يُقِيمَا حُدُودَ اللَّهِ فَلَا بَأْسَ بِأَنْ تَفْتَدِيَ نَفْسَهَا مِنْهُ بِمَالٍ يَخْلَعُهَا بِهِ فَإِذَا فَعَلَا ذَلِكَ وَقَعَتْ تَطْلِيقَةٌ بَائِنَةٌ".

ترجمہ: میاں بیوی کے درمیان نااتفاقی ہو جائے اور ان کو خوف ہو کہ وہ اللہ کی حدود پر قائم نہیں رہ سکیں گے تو عورت پر کو ئی گناہ نہیں کہ وہ کچھ مال دے کر اپنی جان چھڑائے ،پس جب دونوں یہ کرلیں گے تو ایک بائنہ طلاق واقع ہو جائے گی۔

( فتاوی عالمگیری، الباب الثامن فی الخلع وما فی حکمہ، ج:1، ص:519، مکتبہ ،قدیمی کتب خانہ، کراچی)

رد المحتار علی المختار میں ہے:

"وفي شرح الجامع الصغير لقاضي خان: خلعها ولم يذكر العوض عندهما لا يبرأ أحدهما عن صاحبه عن المال الواجب بالنكاح. وعن أبي حنيفة روايتان والصحيح براءة كل منهما عن صاحبه. اهـ. وفي متن المختار: والمبارأة كالخلع يسقطان كل حق لكل منهما على الآخر مما يتعلق بالنكاح، حتى لو كان قبل الدخول وقد قبضت المهر لا يرجع عليها بشيء، ولو لم تقبض شيئا لا ترجع عليه بشيء اهـ ومثله في متن الملتقى. وفي شرح درر البحار وشرح المجمع إن لم يسميا شيئا برئ كل منهما من الآخر قبضت المهر أم لا دخل بها أم لا"

ترجمہ: قاضی خان کی شرح الجامع الصغير میں ہے: شوہر نے خلع کیا اور عوض کا ذکر نہیں کیا تو صاحبین کے نزدیک نکاح کی وجہ سے جو مالی حقوق واجب ہوئے تھے ان سے دونوں میں سے کوئی بھی دوسرے سے بری نہیں ہوگا جبکہ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ سے اس مسئلہ میں دو روایتیں منقول ہیں اور صحیح روایت یہ ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے ذمہ کے حقوق سے بری ہو جائیں گے اور المختار میں ہے کہ مبارأت بھی خلع کی طرح ہے اور یہ دونوں میاں بیوی کے وہ تمام حقوق ساقط کر دیتے ہیں جو نکاح سے متعلق ہوتے ہیں یہاں تک کہ اگر دخول سے پہلے خلع ہوا ہو اور عورت مہر وصول کر چکی ہو تو شوہر اس سے کچھ واپس نہیں لے گا اور اگر عورت نے مہر وصول نہ کیا ہو تو وہ شوہر سے کسی چیز کا مطالبہ نہیں کرے گی اور یہی بات ملتقى الأبحر میں بھی مذکور ہے اسی طرح شرح درر البحار اور شرح المجمع میں ہے کہ اگر خلع میں کسی عوض کا نام نہ لیا جائے تو دونوں ایک دوسرے کے حقوق سے بری ہو جائیں گے خواہ عورت نے مہر وصول کیا ہو یا نہ کیا ہو اور خواہ دخول ہوا ہو یا نہیں۔

(رد المحتار علی الدر المختار،ج:5،ص:116،مکتبہ رحمانیہ)

جامع الفصولین میں ہے:

"قال خلعتك فقبلت تطلق ويبرأ عن المهر لو عليه مهر وإلا يلزمها رد ما دفع إليها من المهر إذ المال مذكور عرفاً بذكر الخلع "كحم" قالت سرخديدم وقال فروختم يسقط بقية المهر الذي على الزوج وتسقط نفقة العدة إذ الخلع في العرف هذا ولا يسترد ما أعطاها من المهر لأن ما أعطى من المهر ليس من بدل الخلع في عرف زماننا"

ترجمہ:اور اگر شوہر صرف یہ کہے کہ میں نے تجھے خلع دیا اور عورت قبول کر لے تو طلاق واقع ہو جائے گی اگر شوہر کے ذمہ مہر تھا تو وہ ساقط ہو جائے گا اور اگر پہلے ادا کر چکا تھا تو عورت پر اسے واپس کرنا لازم ہوگا کیونکہ عرف میں خلع بولنے سے مال مراد لیا جاتا ہے"کتاب الاحکام" اور بعض فارسی تعبیرات میں اگر عورت کہے سر خریدم اور شوہر کہے فروختم تو شوہر کے ذمہ باقی مہر اور عدت کا نفقہ ساقط ہو جائے گا کیونکہ عرف میں خلع کا مفہوم یہی سمجھا جاتا ہے البتہ جو مہر پہلے ادا کیا جا چکا ہو وہ واپس نہیں لیا جائے گا کیونکہ ہمارے زمانے کے عرف میں ادا شدہ مہر خلع کے بدل میں شمار نہیں ہوتا۔

(جامع الفصولین،ج:1،ص:163،مکتبہ شاملہ)

فتح القدیر میں ہے:

"فإن لم يسميا شيئا ففيه ثلاث روايات: إحداها لا يبرأ الزوج عن المهر حتى تأخذه إن لم يكن مقبوضا.والثانية يبرأ كل منهما عنه وعن دين آخر سواه. والثالثة يبرأ كل منهما عن المهر لا غير. فلا يطالب به أحدهما الآخر، وهو الصحيح على قول أبي حنيفة سواء كانا قبل الدخول أو بعده مقبوضا كان أو لا حتى لا ترجع عليه بشيء إن لم يكن مقبوضا ولا يرجع الزوج عليها به إن كان مقبوضا كله"

ترجمہ:پس اگر خلع میں کسی مال کا نام نہ لیا جائے تو اس مسئلہ میں تین روایتیں ہیں ایک روایت یہ ہے کہ اگر مہر ابھی عورت نے وصول نہ کیا ہو تو شوہر مہر سے بری نہیں ہوگا یہاں تک کہ عورت اسے وصول کر لے دوسری روایت یہ ہے کہ دونوں نہ صرف مہر بلکہ اس کے علاوہ دوسرے قرضوں سے بھی ایک دوسرے کے ذمہ سے بری ہو جائیں گے اور تیسری روایت یہ ہے کہ دونوں صرف مہر سے بری ہوں گے دوسرے حقوق سے نہیں پس نہ شوہر عورت سے مہر کا مطالبہ کرے گا اور نہ عورت شوہر سے اور یہی امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے قول پر صحیح روایت ہے خواہ خلع دخول سے پہلے ہو یا بعد میں اور خواہ مہر وصول کیا جا چکا ہو یا نہیں یہاں تک کہ اگر مہر وصول نہ کیا گیا ہو تو عورت شوہر سے کچھ مطالبہ نہیں کرے گی اور اگر مہر وصول کیا جا چکا ہو تو شوہر عورت سے وصول نہیں کرے گا۔

(فتح القدیر،ج:4،ص:208،مکتبہ اشرفیہ)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

13مئی 2026 ء/25ذیقعدہ١٤٤٧ ھ کو جاری کیا گیا