سوال
میں نے یکم مئی 2023 کو محمد طارق ولد محمد خلیل کا نکاح نبیلہ یاسمین ولد عبد الجبار خانزادہ کے ساتھ پڑھایا تھا شادی کے چالیس دن بعد لڑکا بیوی کو اپنے میکے چھوڑ کر غائب ہوگیا اور رابط ختم کردیا،اور چند مہینوں بعد میرے پاس آیا میرے ساتھ ایک بندہ اور بھی بیٹھا ہو ا تھا اس نے آکر اپنی بیوی کو ان الفاظ (میری طرف سے لڑکی آزاد ہے)سے دو بار طلاق دیکر چلا گیا ،لہذا مذکورہ صورت میں طلاق ہوگئی ہے یا نہیں ؟ اگر ہوگئی تو کتنی اور کونسی طلاق واقع ہوئی ہے؟ بینوا توجروا! سائل:مولانا قائم علی،امام و خطیب جامع مسجد عثمانِ غنی ،عمیر سوسائٹی گلستانِ جوہرکراچی۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کاحکمِ شرع یہ ہے مذکورہ شخص کی اہلیہ پر دو طلاق رجعی واقع ہوگئی ہیں ،اس لیے کہ لڑکے کا اپنی بیوی کی نیت سے دو بار یہ کہنا کہ "میری طرف سے لڑکی آزاد ہے "یہ ملحق بالصریح طلاق کے الفاط ہیں ، اور صریح طلاق کے الفاظ سے بلا نیت بغیر ارادہِ طلاق کے بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے،لہٰذااس کی اہلیہ پر دو طلاق رجعی واقع ہوگئی ہیں اورعِدَّت گذرنے کےبعد لڑکی اپنی مرضی سے جہاں چاہے دوسرا نکاح کرسکتی ہے۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ ہمارے نزدیک اُردو زبان کے الفاظ " میری طرف سے لڑکی آزادہے "یا " میں نے تجھے آزادکیا" یا "تم میری طرف سے آزاد ہو" انکی وضع طلاق کے لیے نہیں ہے، اس لیے فقہائے کرام نے انکوکنایہ میں شمار فرمایاتھا لیکن موجودہ دور میں پاکستان کے اکثر شہروں میں یہ الفاظ طلاق کے لیے کثیرالاستعمال ہونے اورعرف وعادت کی وجہ سے ملحق بالصریح ہیں۔کیونکہ آجکل جب کوئی یہ ا لفاظ اپنی بیوی کوبولتاہے تو بغیرکسی قرینہ خارجیہ کے متبادرالی الفہم طلاق کے معنی ہی میں ہوتے ہیں۔اورہمارے فقہاء احناف نے یہ اصول وضع کیا ہے کہ عوام الناس کے عرف کی بناء پر جب کوئی لفظ طلاق کے لیے قرار صریح پائے گا تو اس سے واقع ہونے والی طلاق رجعی ہوگی، نہ کہ بائنہ۔ لیکن اگر عرف وعادت میں اس لفظ سے فوری حرمت مراد لی جاتی ہوتواس صورت میں صریح ہونے کے باوجود طلاق بائن ہوگی ۔
طلاق رجعی کا حکم یہ ہے کہ شوہر کو عورت کی عدت یعنی جس ماہواری میں طلاق دی اس کے علاوہ تین ماہواریاں گزرنے سے پہلے پہلے رجوع کرنے کا اختیار ہے۔ اور رجوع یہ ہے کہ شوہر گواہوں کے سامنے کہے کہ میں نے اپنی بیوی کونکاح میں واپس کیا ،یا اپنی بیوی سے جسمانی تعلق قائم کرلے تو رجوع ہو جائے گا۔اور اب اگر رجوع ہوجاتا ہے ،تورجوع کے بعد بہت احتیاط سے رہنا ہوگا کہ اب ان کو صرف دو طلاق کا حق حاصل ہو گا خدانخواستہ اگر زندگی میں کبھی بھی دو اور طلاق دے دیں،تو حرمت مغلظہ کے ساتھ اس کی اہلیہ اس پرحرام ہو جائے گی اورتحلیلِ شرعی کے علاوہ واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
نیزاگر عدت گزر گئی اور رجوع نہ کیا ،توپھر عورت کی مرضی سے نئے مہر کے ساتھ نئے نکاح کی ضرورت ہو گی ۔
جو لفظ عرف وعادت میں طلاق کے معنی یعنی نکاح کی قیدکو ختم کرنے میں اس قدرکثیر الاستعمال ہوجائے کہ جب بھی شوہر اپنی بیوی کے لیے وہ لفظ استعمال کرے توبغیرکسی قرینہ خارجیہ(غضب یامذاکرہ طلاق) کے ذہن طلاق کے معنى کی طرف سبقت کرے تو ایسالفظ طلاق کے لیے صریح ہے۔
ردالمحتارمیں ہے:
" أَنَّ الصَّرِيحَ مَا غَلَبَ فِي الْعُرْفِ اسْتِعْمَالُهُ فِي الطَّلَاقِ بِحَيْثُ لَا يُسْتَعْمَلُ عُرْفًا إلَّا فِيهِ مِنْ أَيِّ لُغَةٍ كَانَتْ".
ترجمہ: بے شک صریح وہ ہے جس کا عرف میں غالب استعمال طلاق کے معنی میں اس طرح ہو کہ عرفاً دوسرے معنی میں استعمال نہ ہوتا ہو،چاہے وہ کسی بھی زبان کا لفظ ہو۔
[ردالمحتار، کتاب الطلاق، باب الصریح، ج:۴، ص:۴۶۴، مکتبہ امدادیہ ]۔
الدرالمختارمیں طلاق کے الفاظِ صریح کے متعلق ہے:
" صَرِيحُهُ مَا لَمْ يُسْتَعْمَلْ إلَّا فِيهِ وَلَوْ بِالْفَارِسِيَّةِ كَطَلَّقْتُك وَأَنْتِ طَالِقٌ وَمُطَلَّقَةٌ يَقَعُ بِهَا وَاحِدَةٌ رَجْعِيَّةٌ وَإِنْ نَوَى خِلَافَهَا أَوْ لَمْ يَنْوِ شَيْئًا".
ترجمہ: صریح وہ لفظ ہے جو صرف طلاق میں ہی استعمال ہواگرچہ غیر عربی زبان میں ہو جیسا کہ میں نے تجھے طلاق دی اور تو طلاق والی ہے، ا ور اس سے ایک رجعی طلاق واقع ہوگی اگرچہ رجعی کے خلاف کی نیت کرے یا کسی چیز کی بھی نیت نہ کرے۔
[ الدالمختار، کتاب الطلاق، باب الصریح، ج:4، ص:457، مطبوعہ امدادیہ کتب خانہ ملتان]۔
"إلَّا فِيهِ" کے تحت خاتمہ المحققین علامہ ابنِ عابدین محمدامین شامی علیہ الرحمۃلکھتے ہیں:
" أَيْ غَالِبًا كَمَا يُفِيدُهُ كَلَامُ الْبَحْرِ"
. ترجمہ: اس لفظ کاطلاق کے معنیٰ میں استعمال غالب ہو،جیساکہ صاحب البحرکے کلام نے اسکا افادہ کیا۔
"وَلَوْ بِالْفَارِسِيَّةِ" کے تحت لکھتے ہیں:
" فَمَا لَا يُسْتَعْمَلُ فِيهَا إلَّا فِي الطَّلَاقِ فَهُوَ صَرِيحٌ يَقَعُ بِلَا نِيَّةٍ، وَمَا اُسْتُعْمِلَ فِيهَا اسْتِعْمَالَ الطَّلَاقِ وَغَيْرِهِ فَحُكْمُهُ حُكْمُ كِنَايَاتِ الْعَرَبِيَّةِ فِي جَمِيعِ الْأَحْكَامِ بَحْرٌ".
ترجمہ: غیرعربی زبان کے وہ الفاظ جوطلاق ہی میں استعمال ہو ںوہ صریح ہیں، اس سے بلا نیت طلاق واقع ہو جائے گی ۔ اور جس کا استعمال طلاق اور غیر طلاق میں بھی ہوتا ہو تو اس کا حکم تمام احکام میں عربی کے کنایات کا ہے ۔
[ردالمحتار، کتاب الطلاق، باب الصریح، ج:4، ص: 457]۔
ان عبارات سے یہ واضح ہوا:کہ صریح کے لیے یہ ضروری نہیں ہے کہ وہ صرف طلاق کے معنی میں ہی استعمال ہوکسی اور معنی میں استعمال نہ ہواور جن عبارات میں حصرکی بات کی گئی ہے وہاں مراد کثرت استعمال ہے، حقیقی حصر مراد نہیں ہے۔
ہمارے فقہاء احناف نے یہ اصول وضع کیا ہے کہ عوام الناس کے عرف کی بناء پر جب کوئی لفظ طلاق کے لیے صریح قرار پائے گا تو اس سے واقع ہونے والی طلاق رجعی ہوگی، ناکہ بائنہ۔ لیکن اگر عرف وعادت میں اس لفظ سے فوری حرمت مراد لی جاتی ہوتواس صورت میں صریح ہونے کے باوجود طلاق بائن ہوگی ۔
اسکی تفصیل یہ ہے کہ اگرکوئی لفظ طلاق کے لیے وضع نہ ہونے کے باوجودطلاق کے معنی میں کثرت سے استعمال ہونے لگے تواسکا یہ استعمال معنی طلاق میں وضع جدید قرارپائیگا اورطلاق کے لئے یہ الفاظ حقیقت عرفیہ قرار پائیں گے جیساکہ امام اہلسنت امام احمدرضاخان علیہ رحمۃ الرحمن نے فرمایا:
" أقول: إِنْ فُرِضَ تَعَاْرُفُ قَوْمٍ اِسْتِعْمَاْلَ هَذَا اللَّفْظِ فِيْ الطَّلَاْقِ بِحَيْثُ يَصِيْرُ حَقِيْقَةً عُرْفِيْةً عِنْدَهُمْ فِيْهِ فَلَاْ نُسَلِّمُ أَنَّهُ لَاْ يَقَعُ بِهِ حِيْنَئِذٍ".
ترجمہ: میں کہتا ہوں اگرکسی قوم میں ان(غیر صریح) الفاظ کا طلاق کے لئے استعمال کا معروف ہونا فرض کیا جائے، اس حیثیت سے کہ یہ الفاظ طلاق کے لئے حقیقت عرفیہ بن جائیں توہمیں یہ بات تسلیم نہیں کہ اس وقت بھی ان الفاظ سے طلاق واقع نہ ہو۔
[جدالممتار، کتاب الطلاق، باب الصریح، ج:5، ص:95، مطبوعۃ دار اہل السنۃ کراچی ]۔
علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ لاحق بالصریح الفاظ کے بارے میں قاعدہ بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
" أَمَّا إذَا تُعُورِفَ اسْتِعْمَالُهُ فِي مُجَرَّدِ الطَّلَاقِ لَا بِقَيْدِ كَوْنِهِ بَائِنًا يَتَعَيَّنُ وُقُوعُ الرَّجْعِيِّ بِهِ كَمَا فِي فَارِسِيَّةٍ سَرَّحْتُكِ وَمِثْلُهُ مَا قَدَّمْنَاهُ فِي أَوَّلِ بَابِ الصَّرِيحِ مِنْ وُقُوعِ الرَّجْعِيِّ بِقَوْلِهِ" سن بوش" أَوْ" بوش أَوَّلَ" فِي لُغَةِ التُّرْكِ مَعَ أَنَّ مَعْنَاهُ الْعَرَبِيَّ أَنْتِ خَلِيَّةٌ، وَهُوَ كِنَايَةٌ لَكِنَّهُ غَلَبَ فِي لُغَةِ التُّرْكِ اسْتِعْمَالُهُ فِي الطَّلَاقِ".
ترجمہ: بہرحال جب اسکااستعمال بائن کی قیدکے بغیرصرف طلاق کے معنی میں متعارف ہوجائے تواس سے رجعی طلاق ہوناہی متعین ہوگا۔ جیساکہ "سرحتک" کا فارسی زبان میں ترجمہ ۔ اوراسی کی مثل ہم نے باب الصریح کی ابتداء میں بیان کیاکہ ترکی زبان میں "سن بوش" یا "بوش اول" کہنے سے رجعی واقع ہوگی باوجود یہ کہ عربی میں اس کامعنی انت خلیہ ہے اور وہ کنایہ ہے لیکن ترکی زبان میں اس کااستعمال طلاق کے لئے غالب ہے۔
[رد المحتار، کتاب الطلاق، باب الکنایات، ج:4، ص:530، مکتبہ امدادیہ ملتان ]۔
امام ٍاہلسنت مجدددین وملت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃالر حمن بعض علاقوں اور اہل پیشہ میں پائے جانے والے عرف کی بناء پر لفظ "فارغ خطی" کے بارے میں ارشاد فرماتے ہیں:
" فَإِنَّ هَذَا اللَّفْظَ مِنَ الرَّجُلِ لِإِمْرَأَتِهِ لَاْ يُسْتَعْمَلُ إِلَّاْ فِيْ مَعْنَى الطَّلَاْقِ وَلَاْ يُرَاْدُ وَلَاْ يُفْهَمُ مِنْهُ إِلَّا هَذَا فَكَاْنَ مِنَ الصَّرِيْحِ الَّذِيْ لَاْ يَحْتَاْجُ إِلَى النِّيَّةِ".
ترجمہ: خاوند کی طرف سے بیوی کے لیے اس لفظ کا استعما ل صرف طلاق کے معنی میں ہوتا ہے اور اس سے مراد اور مفہوم یہی ہوتا ہے ۔لہذا یہ لفظ صریح ہے جس میں نیت کی ضرورت نہیں ہے ۔
[فتاوی رضویہ، ج:12، ص:559، رضافاؤنڈیشن لاہور]۔
مذکورہ عبارات اورحوالہ جات سے یہ بات بالکل واضح ہے کہ جب کوئی لفظ طلاق کے لیے صریح معروف ہوجائے تو اس سے واقع ہونے والی طلاق رجعی ہوگی جیساکہ علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ نے نقل کیا ہے کہ علامہ رحیمی ، شیخ الاسلام ابو سعود ، مفتی علی آفندی اورصاحبِ فتاویٰ حامدیہ نے "سن بوش" اور "بوش اول" سے طلاق رجعی واقع ہونے کاہی فتویٰ دیا ہے۔ اور خود علامہ شامی علیہ الرحمۃ نے فارسی زبان کے لفظ "رہا کردم" کو طلاق کے لیے صریح قرار دینے کے بعد اسکے حکم شرعی کے بارے میں فرمایا:" رہا کردم" أَيْ: سَرَحْتُكِ يَقَعُ بِهِ الرَّجْعِيْ, اهـ. نیز امام اہلسنت نے فارغ خطی اورمیں نے تمہیں چھوڑاجیسے الفاظ کوصریح قراردیا تو ان سے طلاق رجعی واقع ہونے کا حکم دیا۔
طلاقِ رجعی میں عدت کے اندر رجوع کے متعلق قرآن ِپاک میں اللہ تعالی فرماتا ہے :
’’وَبُعُولَتُہُنَّ أَحَقُّ بِرَدِّہِنَّ فِیْ ذَلِکَ إِنْ أَرَادُواْ إِصْلاَحاً ‘‘
ترجمہ کنزالایمان :’’اور ان کے شوہروں کو اس(عدت کی) مدت کے اندر ان کے پھیر لینے (رجوع کرنے)کا حق پہنچتا ہے اگر ملاپ چاہیں ۔
( سورۃ البقرۃ اٰیۃ ۲۲۸)
عالمگیری میں ہے :
”اذا طلق الرجل تطلیقۃ رجعیۃ او تطلیقتین فلہ ان یراجعھا فی عدتھا رضیت بذک او لم ترض کذافی الھدایہ‘‘
ترجمہ:" جب مرد نے اپنی عورت کو ایک یا دوطلاق رجعی دی تو عدت کے اندر عورت سے رجوع کر سکتا ہے خواہ وہ راضی ہو یانہ ہو اسی طرح ہدایہ میں ہے"۔
[فتاوی عالمگیری :ج؛1؛ص:504،مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی]
اور اسی میں رجعت کا طریقہ اس طرح بیان فرمایا ہے کہ:
’’ الرجعۃ ابقا النکاح علی ماکا ن مادامت فی العدۃ کذا فی التبین و ھی علی ضربین سنی وبدعی فالسنی ان یراجعھا بالقول ویشھد علی رجعتھا شاھدین ویعلمھا بذلک فاذ اراجعھا بالقول نحو ان یقول لھا راجعتک او راجعت امراتی ولم یشھد علی ذلک او اشھد ولم یعلمھا بذلک فھو بدعی مخالف للسنۃ والر جعۃ صحیحۃ وان راجعھا بالفعل مثل ان یطاھا او یقبلھا بشھوۃ او ینظر الی فرجھا بشھوۃ فانہ یصیر مراجعا عندنا الا انہ ہ یکرہ لہ ذلک ویستحب ان یراجعھا بعد ذلک بالاشھاد کذا فی الجوھر ۃ النیرۃ ‘‘
ترجمہ: رجعت کا معنی یہ ہے کہ نکاح کو پہلے کی طرح باقی رکھناجب تک عورت عدت میں ہے ۔اسی طرح تبین میں ہے اور اس کی دو قسمیں ہیں ایک سنت طریقہ اورایک بدعی یعنی خلاف سنت طریقہ ،پس سنت طریقہ یہ ہے کہ عورت سے زبانی رجوع کرے اور اس رجوع پر دوگواہ بنائے اورعورت کو اس کی خبر دے پس جب زبانی رجوع کرنے لگے تو اس طرح کہے میں نے تجھ سے رجعت کی یا کہے میں نے اپنی عورت سے رجوع کیا اور گواہ نہ بنائے یا گواہ تو بنائے لیکن عورت کو اس کی خبر نہ کی تو یہ طریقہ بدعی خلاف سنت ہے لیکن رجعت صحیح ہے اور اگر بالفعل رجعت کی مثلا اپنی بیوی سے وطی کر لی یا شہوت سے بوسہ لیا یا شہوت سے اس کے فرج کی طرف نظر کی تو ہمارے نزدیک رجعت کرنے والا ہو جائے گا مگر یہ اس کے لیے مکروہ ہےاور مستحب یہ ہے کہ پہلے گواہ بنائے اور پھر رجوع کرے اسی طرح الجوہرۃالنیرہ میں ہے۔
[فتاوی عالمگیری :ج؛1 ؛ص:502؛مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی]
اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں:’’ (طلاق)رجعی کہ عدت کے اندر رجعت کا احتیا ردیا جائیگا‘مثلا اگر زبان سے کہہ لے کہ ’’میں نے تجھے اپنے نکاح میں پھیر لیا‘‘ توعورت نکاح سے نکلنے نہ پائے گی، بدستور زوجہ رہے گی اور حکم طلاق زائل نہ ہوگا ‘‘
[فتاوی رضویہ : ج12؛ص:515]۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب