دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

والد کے زیرِ کفالت بیٹے کی محنت سے حاصل شدہ مال کی ملکیت کا حکم

10223 نومبر، 2026275
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ میرے والد کا دو سال قبل انتقال ہوا تھا ،وہ اپنے ترکہ میں ایک گھر (جس میں ہماری رہائش ہے) اور کچھ کیش (بونڈ کی شکل میں )چھوڑ کر گئے ہیں ۔ ورثاء میں ایک بیٹا(سائل) ،دو بیٹیاں اور بیوہ ہیں ۔ہم نے گھر تقریباً 2011 میں لیا تھا جس کی مالیت اس وقت 59 لاکھ روپے تھی ،جس کی ادائیگی پچھلے گھر (جس کی مالیت 31 لاکھ روپے تھی)کو فروخت کرکے کی گئی تھی اور بقایا رقم ایک سال کی مدت میں کی گئی تھی ۔میں اور والد صاحب ایک ہی کمپنی میں نوکری کرتے تھے جس کی سیلری مشترکہ طور پر آتی تھی(یوں کہ شروع میں والد صاحب کے ساتھ کپمنی میں سیکھنے جاتا تھا پھر جب والد صاحب کی عمر بڑھی تو میں کام سیکھ چکا تھا اس لیے فرنٹ پر میں کام کر رہا تھا پیچھے والد صاحب کی رہنمائی رہتی تھی) ۔والد صاحب نے مجھے پھر شراکت میں ایک ٹرانسپورٹ کمپنی(بلٹی کا کام) کھول کر دی تھی ۔کمپنی کی آمدنی اور ہماری سیلری کی بچت سے ہم نے گھر کےمعاملات اور قرضہ اتارا تھا۔2011 میں والد صاحب نے مجھے آمدنی جو کہ کمپنی اور سیلری سے آتی تھی میرے اختیار میں دے کر گھر وغیرہ کے تمام اخراجات کی ذمہ داری اور اپنے لیے جیب خرچی کا بول کر پورا معاملہ سونپ دیا تھا ۔والد صاحب ہر طرح سے آمدنی اور اخراجات پر نظر رکھا کرتے تھے ،لہذا اب والد صاحب کی وراثت کس طرح تقسیم ہوگی ؟ مہربانی فرماکر اس کا شرعی طور پر جواب عنایت فرمائیں !بینوا توجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ اگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے اور مرحوم والد کے وہی ورثاء ہیں جو سوال میں مذکور (بیوہ،ایک بیٹا،دو بیٹیاں) ہیں تومرحوم کے کفن دفن کے اخراجات نکالنے ، اگر مرحوم کے اوپر قرض ہے تو اس کو ادا کرنے اور اگر کسی غیر وارث کے لیے وصیت کی ہو تو اس کو تہائی مال سے پورا کرنے کے بعدمرحوم کےگھر(موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق)،کیش(بونڈ) اور اس کے سوا اگراس کی ملکیت میں کوئی اور سامان یا جائداد وغیرہ یا کیش پیسے ہیں تو ان سب کے کل 32 حصے کیئے جائیں گے۔جن میں سے مرحوم کی اہلیہ کو 4 حصے،بیٹے کو 14 حصے اور دونوں بیٹیوں میں سے ہر ایک کو 7 حصے ملیں گے۔

واضح رہے کہ اگر باپ اور بیٹا ایک ہی پیشہ میں مل کر کام کرتے ہوں، بیٹے کی کوئی مستقل آمدنی نہ ہو اور وہ والد کے زیرِ کفالت ہو، تو اس کام سے حاصل ہونے والی آمدنی باپ ہی کی ملکیت شمار ہوتی ہے، کیونکہ ایسی صورت میں بیٹا والد کا معاون اور مددگار ہوتا ہے۔ لہٰذا سوال میں مذکور صورت کے مطابق پہلا گھر مرحوم والد ہی کی ملکیت تھا، اور چونکہ دوسرے گھر کی خریداری میں پہلے گھر کی قیمت اور بعد کی ادائیگی بھی اسی آمدنی سے کی گئی جو شرعاً والد کی ملکیت شمار ہوتی ہے، اس لیے دوسرا گھر بھی مرحوم والد ہی کی ملکیت قرار پائے گا۔ اسی طرح سوال میں مذکور شرائط کے مطابق ٹرانسپورٹ کمپنی اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی مرحوم والد ہی کی ملکیت شمار ہوگی۔ البتہ مرحوم کے انتقال کے بعد کمپنی اور اس کے دیگر اثاثے بھی ترکہ میں شامل ہوں گے، لہٰذا ترکہ تقسیم ہونے کے بعد اس سے حاصل ہونے والی آمدنی ہر وارث کو اس کے شرعی حصے کے مطابق ملے گی۔

السراجی فی المیراث میں ہے:

"تتعلق بتركة المیت حقوق اربعة مرتبة:الاول یبدا بتکفینه وتجهیزه من غیر تبذیر ولا تقتیر ثم تقضی دیونه من جمیع ما بقی من ماله،ثم تنفذ وصایاه من ثلث ما بقی بعد الدین،ثم یقسم الباقی بین ورثته"

ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔

(السراجی فی المیراث :ص5،مکتبہ لدھیانوی )

ایک بیٹے کو دوبیٹیوںکے برابر حصہ ملتا ہے ۔

اللہ تعالی ٰ کا فرمان ہے :

"لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الۡاُنۡثَیَیۡنِ"

ترجمہ: بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر ہے"

(النساء: آیت 11)

بیوہ کو اولا د کی موجودگی میں ثمن (آٹھواں حصہ) ملتا ہے ۔

اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :

"فَاِنۡ کَانَ لَکُمْ وَلَدٌ فَلَہُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَکْتُمۡ"

ترجمہ:پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں(حصہ ہے)"۔

(النساء: آیت 12)

فتاویٰ ہندیہ اور قنیۃ المنیۃ لتتمیم الغنیۃ فی الفقہ الحنفی میں ہے:

"الأب وابنه يكتسبان في صنعة واحدة ولم يكن لهما شيء فالكسب كله للأب إن كان الابن في عياله لكونه معينا له ألا ترى لو غرس شجرة تكون للأب"

ترجمہ:اگر باپ اور بیٹا ایک ہی پیشہ میں مل کر کام کرتے ہوں، اور شروع میں دونوں کے پاس کوئی مال نہ ہو، تو اس کام سے حاصل ہونے والی تمام کمائی باپ کی ہوگی، بشرطیکہ بیٹا باپ کے زیرِ کفالت ہوکیونکہ ایسی صورت میں وہ باپ کا معاون اور مددگار شمار ہوتا ہے۔کیا تم نہیں دیکھتے کہ اگر اسی حالت میں بیٹا ایک درخت لگائے تو وہ بھی باپ ہی کی ملکیت قرار پائے گا۔

(ہندیہ،ج:2،ص:329،دار الفکر،قنیہ،ج:1،کتاب الشرکۃ،ص:319،کتبۃ التحقیق فی دار احیاء التراث )

شرح المجلَّہ خالدا لاتاسی میں ہے:

"إذا عمل رجل في صنعة هو وابنه الذي في عیاله فجمیع الکسب لذلک الرجل،وولده یعد معینا له، فيه قیدان احترازیان کما تشعر عبارة المتن،الأول:أن یکون الابن في عیال الأب،الثاني:أن یعملا معا في صنعة واحدة إذ لو کان لکل منهما صنعة یعمل فيها وحده فربحه له"

ترجمہ: اگر کوئی شخص اور اس کا وہ بیٹا، جو اس کے زیرِ کفالت ہو، ایک ہی پیشہ میں مل کر کام کریں تو اس کام سے حاصل ہونے والی تمام کمائی اسی شخص (والد) کی ہوگی، کیونکہ اس حالت میں بیٹا اپنے والد کا معاون اور مددگار شمار ہوتا ہے۔متن کی عبارت سے معلوم ہوتا ہے کہ اس حکم کے لیے دو احترازی شرطیں ہیں:پہلی شرط: بیٹا والد کے زیرِ کفالت (عیال) میں ہو۔دوسری شرط: باپ اور بیٹا دونوں ایک ہی پیشہ میں مل کر کام کرتے ہوں۔لہٰذا اگر ان دونوں میں سے ہر ایک کا الگ الگ پیشہ ہو، اور ہر شخص اپنے مستقل پیشہ میں خود کام کرتا ہو، تو ہر ایک کی کمائی اسی کی ملکیت ہوگی۔

(شرح المجلة لخالد الاتاسی،ج:4، ص:319، رقم المادة:1398،مکتبہ رشیدیہ)

رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:

"اجتمعا في دار واحدة واكتسبا ولا يعلم التفاوت فهو بينهما بالسوية [تنبيه]يؤخذ من هذا ما أفتى به في الخيرية في زوج امرأة وابنها اجتمعا في دار واحدة وأخذ كل منهما يكتسب على حدة ويجمعان كسبهما ولا يعلم التفاوت ولا التساوي ولا التمييز.فأجاب بأنه بينهما سوية،وكذا لو اجتمع إخوة يعملون في تركة أبيهم ونما المال فهو بينهم سوية،ولو اختلفوا في العمل والرأي اهـ وقدمنا أن هذا ليس شركة مفاوضة ما لم يصرحا بلفظها أو بمقتضياتها مع استيفاء شروطها،ثم هذا في غير الابن مع أبيه؛لما في القنية الأب وابنه يكتسبان في صنعة واحدة ولم يكن لهما شيء فالكسب كله للأب إن كان الابن في عياله لكونه معينا له ألا ترى لو غرس شجرة تكون للأب ثم ذكر خلافا في المرأة مع زوجها إذا اجتمع بعملهما أموال كثيرة،فقيل هي للزوج وتكون المرأة معينة له،إلا إذا كان لها كسب على حدة فهو لها، وفي الخانية: زوج بنيه الخمسة في داره وكلهم في عياله واختلفوا في المتاع فهو للأب وللبنين الثياب التي عليهم لا غير، فإن قالوا هم أو امرأته بعد موته: إن هذا استفدناه بعد موته فالقول لهم، وإن أقروا أنه كان يوم موته فهو ميراث من الأب"

ترجمہ:اگر دو آدمی ایک ہی گھر میں رہتے ہوں، کماتے بھی ہوں، مگر یہ معلوم نہ ہو کہ کس نے کتنا کمایا، تو ایسی صورت میں وہ کمائی دونوں کے درمیان برابر تقسیم ہوگی۔

تنبیہ:اس مسئلے سے وہ فتویٰ بھی معلوم ہوتا ہے جو خیریہ میں مذکور ہے: ایک عورت کا شوہر اور اس کا بیٹا ایک ہی گھر میں رہتے تھے۔ دونوں الگ الگ محنت مزدوری کرتے تھے، لیکن اپنی آمدنی ایک جگہ جمع کر دیتے تھے۔ بعد میں یہ معلوم نہ ہو سکا کہ کس کی کمائی کتنی تھی، نہ یہ پتہ چلا کہ دونوں کی آمدنی برابر تھی یا مختلف، اور نہ ہی ان کی کمائی الگ الگ پہچانی جا سکتی تھی۔اس پر جواب دیا گیا کہ وہ جمع شدہ مال دونوں کے درمیان برابر تقسیم ہوگا۔اسی طرح اگر کئی بھائی اپنے باپ کی چھوڑی ہوئی جائیداد یا کاروبار میں مل کر کام کریں اور مال میں اضافہ ہو جائے، تو وہ اضافہ سب کے درمیان برابر تقسیم ہوگا، اگرچہ ان کی محنت یا رائے ایک جیسی نہ ہو۔البتہ پہلے یہ بیان ہو چکا ہے کہ ایسی صورت خود بخود شرکتِ مفاوضہ نہیں بنتی، جب تک دونوں اس شرکت کے الفاظ یا اس کے تقاضوں کا صراحت کے ساتھ اظہار نہ کریں اور اس کی تمام شرائط بھی پوری نہ ہوں۔پھر یہ حکم باپ اور بیٹے کے معاملے میں نہیں ہے، کیونکہ قنیہ میں ہے کہ اگر باپ اور بیٹا ایک ہی پیشے میں کام کرتے ہوں، پہلے ان کے پاس کچھ نہ تھا، تو حاصل ہونے والی تمام کمائی باپ کی ہوگی، بشرطیکہ بیٹا باپ کی کفالت میں رہتا ہو؛ اس لیے کہ ایسی صورت میں بیٹا باپ کا معاون سمجھا جاتا ہے۔ جیسے اگر بیٹا درخت لگائے تو وہ درخت بھی باپ ہی کی ملکیت ہوگا۔پھر عورت اور شوہر کے بارے میں اختلاف نقل کیا گیا ہے کہ اگر دونوں کی محنت سے بہت سا مال جمع ہو جائے، تو ایک قول یہ ہے کہ وہ سارا مال شوہر کا ہوگا، کیونکہ عورت اس کی معاون شمار ہوگی، البتہ اگر عورت کی اپنی الگ کمائی ہو تو وہ اسی کی ہوگی۔ دوسرا قول یہ ہے کہ وہ مال دونوں کے درمیان آدھا آدھا تقسیم ہوگا۔خانیہ میں ہے کہ اگر کسی شخص نے اپنے پانچوں بیٹوں کی شادیاں اپنے ہی گھر میں کیں، سب اس کی کفالت میں رہتے تھے، پھر گھر کے سامان کے بارے میں اختلاف ہو گیا، تو گھر کا تمام سامان باپ کا شمار ہوگا، اور بیٹوں کا صرف وہ لباس ہوگا جو اس وقت ان کے جسم پر ہے۔البتہ اگر باپ کے انتقال کے بعد بیٹے یا اس کی بیوی یہ کہیں کہ یہ سامان ہم نے باپ کی وفات کے بعد حاصل کیا تھا، تو ان کی بات قبول کی جائے گی۔ لیکن اگر وہ خود اقرار کریں کہ یہ سامان باپ کی وفات کے وقت موجود تھا، تو وہ باپ کا ترکہ شمار ہوگا اور ورثہ میں تقسیم کیا جائے گا۔

(رد المحتار علی الدر المختار،کتاب الشرکۃ،ج:6،ص:497مکتبہ رحمانیہ)

العقود الدریہ فی فتاویٰ تنقیح الحامدیہ میں ہے:

"(سُئِلَ) فِي رَجُلٍ سَاكِنٍ فِي بَيْتِ أَبِيهِ فِي جُمْلَةِ عِيَالِهِ وَصَنْعَتُهُمَا مُتَّحِدَةٌ يُعِينُهُ بِتَعَاطِي أُمُورِهِ وَلَا يُعْرَفُ لِلِابْنِ مَالٌ سَابِقٌ فَاجْتَمَعَ مَالٌ بِكَسْبِهِ وَيُرِيدُ أَنْ يَخْتَصَّ بِهِ بِدُونِ وَجْهٍ شَرْعِيٍّ فَهَلْ جَمِيعُ مَا حَصَّلَهُ بِكَسْبِهِ مِلْكٌ لِأَبِيهِ وَلَا شَيْءَ لَهُ فِيهِ؟(الْجَوَابُ):نَعَمْ جَمِيعُ مَا حَصَّلَهُ بِكَسْبِهِ مِلْكٌ لِأَبِيهِ لَا شَيْءَ لَهُ فِيهِ حَيْثُ كَانَ مِنْ جُمْلَةِ عِيَالِهِ وَالْمُعِينُ لَهُ فِي أُمُورِهِ وَأَحْوَالِهِ وَصَنْعَتُهُمَا مُتَّحِدَةٌ وَلَا يُعْرَفُ لِلِابْنِ مَالٌ سَابِقٌ؛ لِأَنَّ الِابْنَ إذَا كَانَ فِي عِيَالِ الْأَبِ يَكُونُ مُعِينًا لَهُ فِيمَا يَصْنَعُ كَمَا صَرَّحَ بِذَلِكَ فِي الْخُلَاصَةِ وَالْبَزَّازِيَّةِ وَمَجْمَعِ الْفَتَاوَى وَأَفْتَى بِذَلِكَ الْخَيْرُ الرَّمْلِيُّ إذَا تَنَازَعَ الرَّجُلُ مَعَ بَنِيهِ الْخَمْسَةِ وَهُمْ فِي دَارِ أَبِيهِمْ كُلُّهُمْ فِي عِيَالِهِ فَقَالَ الْبَنُونَ الْمَتَاعُ مَتَاعُنَا وَالْأَبُ يَدِّعِيهِ لِنَفْسِهِ فَإِنَّ الْمَتَاعَ يَكُونُ لِلْأَبِ وَلِلْبَنِينَ الثِّيَابُ الَّتِي عَلَيْهِمْ لَا غَيْرُ إلَخْ مِنْ الْقَوْلِ لِمَنْ فِي كِتَابِ الدَّعْوَى"

ترجمہ:سوال ہوا کہ ایک شخص اپنے والد کے گھر میں رہتا ہے، والد کے زیرِ کفالت افراد میں شامل ہے، دونوں کا پیشہ بھی ایک ہی ہے، اور وہ اپنے والد کے کاموں میں اس کا ہاتھ بٹاتا ہے۔ بیٹے کی پہلے سے کوئی الگ مال یا جائیداد بھی معلوم نہیں۔ پھر اس کی محنت سے کچھ مال جمع ہو گیا، اور اب وہ کسی شرعی حق کے بغیر اس مال کو صرف اپنی ملکیت قرار دینا چاہتا ہے۔ کیا اس کی کمائی سے حاصل ہونے والا سارا مال والد کی ملکیت ہوگا اور بیٹے کا اس میں کوئی حق نہیں ہوگا؟جواب: جی ہاں، اس صورت میں اس کی کمائی سے حاصل ہونے والا تمام مال والد ہی کی ملکیت ہوگا اور بیٹے کا اس میں کوئی حق نہیں ہوگا؛ کیونکہ وہ والد کے زیرِ کفالت افراد میں شامل ہے، اس کے کاموں اور معاملات میں اس کا معاون ہے، دونوں کا پیشہ بھی ایک ہی ہے، اور بیٹے کی کوئی سابقہ مستقل ملکیت بھی معلوم نہیں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ جب بیٹا والد کے عیال میں ہوتا ہے تو وہ اپنے والد کے کام میں اس کا معاون شمار ہوتا ہے۔ اسی بات کی صراحت خلاصہ، بزازیہ اور مجمع الفتاویٰ میں کی گئی ہے۔اسی بنیاد پر خیر الدین رملی نے بھی فتویٰ دیا ہے کہ اگر ایک شخص کا اپنے پانچوں بیٹوں سے، جو سب اس کے گھر میں رہتے ہوں اور اس کے زیرِ کفالت ہوں، گھر کے سامان کے بارے میں اختلاف ہو جائے، بیٹے یہ دعویٰ کریں کہ یہ سامان ہمارا ہے اور والد اسے اپنی ملکیت بتائیں، تو وہ سامان والد ہی کا قرار دیا جائے گا، جبکہ بیٹوں کا صرف وہ لباس ہوگا جو اس وقت ان کے جسم پر موجود ہے۔ اس کی مزید تفصیل کتاب الدعویٰ میں مذکور ہے۔

(العقود الدریہ فی فتاویٰ تنقیح الحامدیہ،کتاب الدعویٰ،ج:2،ص:28۔29،قدیمی کتب خانہ)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

16جولائی 2026 ء/یکم صفر المُظفَّر ١٤٤٨ ھ کو جاری کیا گیا