سوال
الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ گودرا برادری کی مختلف انجمنوں نے تقریباً بیس سال قبل قبرستان کے لیے ایک جگہ خرید ی تھی، جس میں اب تدفین کے لیے جگہ تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ برادری کی مختلف انجمنوں نے شہر کے نو احی علا قوں میں مزید متبادل زمینیں بھی حاصل کر لی ہیں، جو موجودہ قبر ستان کی نسبت کافی وسیع ہیں ا ور آئندہ تدفین کے لیے کافی عرصے تک استعمال کی جا سکتی ہیں ۔ اب گودرا برادری کے بعض افراد کی رائے یہ ہے کہ موجودہ قبرستان میں جو قبریں بہت پرانی ا ور بوسیدہ ہو چکی ہیں، ا نہیں مسمار کرکے ا ن کی جگہ دوبارہ تدفین کی جائے، تاکہ موجودہ قبرستان میں مزید تد فین کی گنجائش پید ا ہو، ا ور ا س کے بعد جب یہ جگہ مکمل طور پر بھر جائے تو نئی متبادل جگہوں پر تد فین کا سلسلہ شروع کیا جائے۔سوا ل یہ ہے کہ ایسی صورتِ حا ل میں ، جبکہ نئی ا ور متبادل قبرستان کی جگہیں پہلے ہی دستیاب ہوچکی ہیں تو کیا پرانے قبرستان میں موجود قدیم ا ور بوسیدہ قبروں کو مسمار کرکے ا ن میں دوبارہ تدفین کرنے کا شرعاً کیا حکم ہے؟براہ کِرم شرعی رہنمائی فر مائیں۔ بینواتوجروا! سائل: محمد رضوا ن نوٹ: انجمنوں نے یہ جگہ خرید کر قبرستان کےلئے وقف کر دی تھی ۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کاحکمِ شرع یہ ہے کہ مذکورہ صورت کے مطابق پرانی قبروں کو مسمار کرکے ا ن کی جگہ دوسری قبریں بنانا ناجائز و سخت گناہ ا ورحرا م ہے کیونکہ مذکورہ صورت میں کوئی ایسی ضرورتِ شرعیہ متحقق نہیں ہے جس کی بناء پر مردوں کی توہین کرکے قبروں کو مسمار کرنا جائز قرار دیاجائے۔
اس کی تفصیل یہ ہےکہ وقف شدہ قبرستا ن میں موجود قبروں کو بلا ضرورتِ شرعی مسمار کر نا یا ا ن کی جگہ نئی قبریں بنانا شرعاً جائز نہیں کیونکہ میت کے انتقال کے بعد بھی اس کی حرمت باقی رہتی ہے۔ شریعتِ مطہرہ میں جس طرح زندہ انسان کی عزت و حرمت ملحوظ ہے، ا سی طرح اہلِ قبو ر کی حرمت و تکر یم کا بھی لحاظ موجود ہے۔ چنانچہ کسی میت کی قبر کو بلا ضر ورتِ شرعی کھودنے، مسمار کرنےمیں و ہ تمام امور(چلنا،را ستہ بنانا،مسمار کرنےلئے ٹریکٹر چلانا وغیرہ ) موجو د ہیں جن سے اہلِ قبور کی توہین ا ور ا ن کو ایذا پہنچتی ہے جو فقہِ حنفی میں ہرگز جائز نہیں ہے۔
البتہ فقہاءِ کرا م نےا شد ضرورت کے مواقع پر (جیسے جب قبرستان میں تد فین کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے ا ور مسلمانوں کی تدفین کے لیے کوئی دوسری جگہ میسر نہ ہو)قدیم قبور کے متعلق بقد رِضرورت بعض احکام کی گنجائش بیان فرمائی ہے۔ لیکن یہ رخصت محض عا م سہولت، جگہ کی طلب ا ورمعمولی ضر ورت کی بنیاد پر نہیں، بلکہ ا یسی ا شد ضر ورتِ شرعیہ کے ساتھ مشروط ہےجس کے لئے ا ن قبور کو مسمار کرنے کے بغیر کوئی چارہ نہ ہو ۔ جبکہ مذکورہ صورت میں کوئی ایسی ضرورتِ شرعیہ متحقق نہیں ہے۔
لہذ ا مذکورہ صورت میں محض نئی قبر وں کے لیے جگہ کے حصول کی غرض سے پرانی قبروں کو مسمار کرنا ا ور ا ن کی جگہ نئی قبریں بنانا ناجائز، حرا م ا ور سخت گناہ ہے، ا ور مسلمانوں پر لازم ہے کہ اِہلِ قبور کی حرمت و تکریم کو ملحوظ رکھتے ہوئے ا ن قبور کو برقرا ر رکھیں ا ور نئی تدفین کے لیے وہ دوسری جگہ استعمال کی جائےجو تد فین کےلئے میسر ہے۔
چونکہ قبروں کو مسمار کر تےوقت ا ور اس کےبعدقبروں پرلوگ چلیں گےا ورمسلمان کی قبر پرچلنےکےمتعلق حدیثِ مبا رکہ میں ہے:
"عن عقبۃ بن عامرقال :قال رسول اللہ ﷺلان امشی علی جمرۃ اوسیف او اخصف نعلی برجلی احب الی من ان امشی علی قبر مسلم "
ترجمہ: حضرتِ عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے مروی ہےکہ نبی کریم ﷺ نے ا رشاد فرمایا:میں انگارے یا تلوا ر پر چلوں یا اپنے نعلین مبارک کی اپنے پاؤں مبارک سے مرمت کروں یہ میرے نزدیک مسلما ن کی قبر پر چلنے سے زیادہ پسندیدہ ہے ۔
(سنن ابن ماجہ، رقم الحدیث:1567)
قبر پر بیٹھنے کے متعلق دوسری حدیثِ مبارکہ میں ہے:
"عن ابی ھریرۃ قال :قال رسول اللہ ﷺ لأن یجلس أحدکم علی جمرۃ فتحرق ثیابہ، فتخلص إلی جلدہ، خیرلہ من أن یجلس علی قبر"
ترجمہ:حضر تِ ابوہریرہ ر ضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ا رشاد فرمایا: تم میں سے کوئی آ گ کی چنگاری پر بیٹھے یہاں تک کہ و ہ اس کے کپڑے جلا کر جلد تک پہنچ جائے، یہ اس کے لیے کسی قبر پربیٹھنے سے بہتر ہے ۔
(صحیح مسلم، رقم الحدیث: 971 )
الاختیار لتعلیل المختار میں ہے:
"(و يكره وطء القبر و الجلوس و النوم عليه والصلاۃ عندہ)لأنه عليه الصلاة و السلام نهى عن ذلك، وفيه إهانة به"
ترجمہ: قبر پر پاؤں رکھنا، اس پر بیٹھنا ا ور سونا ا ور اس کے پاس نماز پڑھنامکر وہ ہے، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے اس سے منع فرمایا ا ور اس میں صاحب قبر کی توہین ہے ۔
(الاختیار لتعلیل المختار، باب الجنائز، فصل احکام حمل الجنا زۃ والدفن، ج، 1،ص،126،مکتبہ قدیمی کتب خانہ)
ردالمحتار میں ہے:
" ولا يحفر قبر لدفن آخر إلا إن بلي الأول فلم يبق له عظم إلا أن لا يوجد، فتضم عظام الأول ويجعل بينهما حاجز من تراب ۔۔۔ وإدخال البعض على البعض قبل البلاء مع ما فيه من هتك حرمة الميت الأول وتفريق أجزائه، فالحذر من ذلك اهـ . وقال الزيلعي : ولو بلي الميت وصار تراباً جاز دفن غيره في قبره وزرعه والبناء عليه قال فی الامداد : و یخالفہ ما فی التاتارخانیہ : اذا صار المیت ترابا فی القبر یکرہ دفن غیرہ فی قبرہ لان الحرمۃ باقیۃ ۔۔۔ قلت : لکن فی ھذا مشقۃ عظیمۃ فالاولی اناطۃ الجواز بالبلاء اذا لم یمکن ان یعد لکل میت قبر لا یدفن فیہ غیرہ و ان صار الاول ترابا " ملتقطا
ترجمہ: دوسری میت کو دفن کرنے کے لیے پہلی قبر نہ کھودی جائے، جب تک پہلی میت بالکل بوسیدہ ہوکر اس کی ہڈیاں بھی باقی نہ رہیں۔ اگر کچھ ہڈیا ں باقی ہو ں تو انہیں ایک جا نب جمع کرکے دونوں کے درمیان مٹی کی آڑ بنا دی جائے۔ پہلی میت کے بوسیدہ ہونے سے پہلے اس کی قبر کھود کر دوسری میت کو دفن کرنا ناجائز ہے، کیونکہ اس میں میتِ اول کی بے حرمتی ا ور اس کے اجزا ء کو منتشر کرنا لازم آتا ہے لہٰذ ا اس سے بچنا ضروری ہے ۔ا ور امام زیلعی نے فرمایا کہ جب میت بالکل بوسیدہ ہوکر مٹی میں تبدیل ہوجائے تو اس کی قبر میں دوسری میت دفن کرنا، وہاں کاشت کرنا ا ور اس پر تعمیر کرنا جائز ہے۔ الامداد میں فرمایاکہ تاتار خانیہ میں اس کے برعکس ہے کہ جب میت قبر میں بوسیدہ ہوجائے تو بھی غیر کو اس کی قبر میں دفن کرنا مکروہ ہے کیونکہ اس کی حرمت ابھی بھی باقی ہے ۔ میں کہتاہوں کہ اس میں بہت زیادہ مشقت ہے ، جوا ز کا تعلق بوسیدہ ہونے کے ساتھ بہتر ہے ، بشرطیکہ جب تک ہر میت کےلئے الگ قبر بنانا نا ممکن نہ ہو تب تک اس قبر میں اس کے علاوہ دوسرے کو د فن نہیں کیا جائےگا اگر چہ پہلی میت بوسیدہ ہو کر مٹی میں تبدیل ہوجائے ۔
(ردالمحتار علی الدر المختار ،کتاب الصلاۃ ،باب صلاۃ الجنازۃ،مطلب فی دفن المیت،ج،3،س،163تا 164،مکتبہ رحمانیہ)
اس کے تحت جد الممتار میں ہے:
" قوله: وقال الزيلعي : "ولو بلي الميت وصار تراباً جاز دفن غيره وزرعه والبناء عليه" اهـ. قال في "الإمداد : "ويخالفه ما في "التاترخانية" أقول: حقق العبد الضعيف في الوقف من "فتاويه" : أن كلام الإمام الزيلعي هذا في الأرض المملوكة دون الموقوفة، فليكن التوفيق ۔۔۔ قولہ لکن فی ھذا مشقۃ عظیمۃ" اقول : الکلام حیث لا ضرورۃ اماالضرورۃ فتبیح دفن اثنین فاکثر فی قبر ابتداءً "
ترجمہ:علامہ شامی علیہ الرحمہ کا قول کہ امام زیلعی نے فرمایا کہ جب میت بالکل بوسیدہ ہوکر مٹی بن جائے تو اس کی قبر میں دوسری میت دفن کرنا، وہاں کاشت کرنا ا ور اس پر تعمیر کرنا جائز ہےا ور امدا د میں فرمایاکہ فتاوٰی تاتار خانیہ میں اس کے خلاف ہے۔میں کہتاہوں کہ عبدِ ضعیف نے اپنے وقف کے فتاوٰی میں تحقیق کی ہے کہ امام ز یلعی علیہ الر حمہ کا یہ قول مملوکہ زمین کے متعلق ہے وقف شدہ زمین کے متعلق نہیں ہے تاکہ تطبیق ممکن ہو۔ علامہ شامی علیہ الرحمہ کاقول کہ اس میں بہت زیادہ مشقت ہے ۔میں کہتاہو کہ یہاں پر کوئی ضرورت نہیں ہے بہرحال ضر ورت کی وجہ سے دو یا زائد میتوں کو ابتدا ء ایک قبر میں دفن کرنا جائز ہے۔
(جد الممتار علی ردالمحتار ،کتاب ا لصلاۃ ،باب صلاۃ الجنا زۃ،مطلب فی دفن المیت،ج، 3،ص،409تا 410،مکتبۃ دا رِ اہل السنۃ )
امام ِ اہلسنت اما م احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن قبروں کی حرمت کے متعلق فرماتے ہیں:
"جب حضوراقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے قبر پر بیٹھنے ا ور اس سے تکیہ لگانے ا ور مقابر میں جوتا پہن کر چلنے والوں کو منع فرمایا ا ور علماء نے اس خیال سے کہ قبور پر پاؤں نہ پڑے، گورستان میں جو را ستہ جدید نکالا گیا ہو، اس میں چلنے کو حرا م بتایا ا ور حکم دیا کہ قبر پر پاؤں نہ رکھیں، بلکہ اس کے پا س نہ سوئیں، سنت یہ ہے کہ زیارت میں بھی وہاں نہ بیٹھیں، بلکہ بہتریہ ہے کہ بلحاظِ ادب پاس بھی نہ جائیں، دور ہی سے زیارت کرآئیں۔ ا ور تصریح فرمائی کہ مسلمان زندہ و مردہ کی عزت برابر ہے ا ور جس بات سے زندوں کو ایذا پہنچتی ہے مُرد ے بھی اس سے تکلیف پاتے ہیں ا ور انہیں تکلیف دینا حرا م، تو خود ظاہر ہوا کہ یہ فعل مذکور فی السوا ل کس قدر بے ادبی و گستاخی وبا عث گناہ ا ور استحقاق عذا ب ہے۔ جب مکان سکونت بنایا گیا تو چلنا پھرنا، بیٹھنا لیٹنا، قبور کو پاؤں سے روندنا، ا ن پر پاخانہ، پیشاب ، جماع سب ہی کچھ ہوگا ا ور کوئی دقیقہ بے حیائی ا ور اموات مسلمین کی ایذا رسانی کا باقی نہ رہے گا۔"
(فتاوٰ ی رضویہ ،ج،9،ص،453،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
امامِ اہلسنت قبر وں کو مسمار کرنے ا ور جن احادیث میں قبروں کو مسمار کرنے ا ور مسجد نبوی شریف کی بنا ء کے وقت قبور کو توڑنےکا ذکر ہے ا ن سے استدلال کرنے کے متعلق فرماتے ہیں:
"یہ حرکت شنیعہ ہمار ے ا ئمہ کے اجماع سے ناجا ئز و حرا م ہے۔ توہین قبو ر مسلمین ایک ا ور قبور پر نما ز کا حرا م ہونا دو۔۔۔ کہاں قبر کی بلند ی کہ حدِ شرعی سے زائد ہو اس کے دور کر نے کا حکم ا ور کہاں یہ کہ قبور مسلمین مسمار کر کے ان پر چلیں، اموات کو ایذا دیں۔۔ ۔کہاں قبورِ مشرکین کھود کر ا ن کی نجاست سے زمین پاک کرکے مسجد اقدس کا ا س پر بناء فرمانا ا ور کہاں قبورِ مسلمین کی توہین۔"
(فتاوی رضویہ، ج، 9، ص، 428، رضا فاونڈیشن، لاہور)
خلاصہ:
مذکورہ صورت کے مطابق پرانی قبروں کو مسمار کرکے ا ن کی جگہ دوسری قبریں بنانا ناجائز و سخت گناہ ا ورحرا م ہے کیونکہ مذکورہ صورت میں کوئی ایسی ضرورتِ شرعیہ متحقق نہیں ہے جس کی بناء پر مردوں کی توہین کرکے قبروں کو مسمار کرنا جائز قرار دیاجائے۔
واللہ اعلم بالصواب