دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

مسجد کی بجلی کو مسجد پر وقف شدہ دکان میں استعمال کرنے کا حکم

1322 نومبر، 2026171سوال کنندہ : محمد وارث عطاری، اورنگی ٹاؤن کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ جامع مسجد ابو ذر غفاری کی ایک دکان مسجد کی ملکیت ہے،جس کی تمام آمدنی( بذریعہ کرایہ) مسجد میں ہی استعمال ہوتی ہیں۔کیا اس صورت میں مسجد کی بجلی اس دکان میں استعمال کر سکتے ہیں؟بینوا توجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت میں یہ واضح رہے کہ اگر مذکورہ دکان بھی وقفِ مسجد ہے اور اس کی آمدنی مسجد کے مصالح میں خرچ ہوتی ہے تو وہ بھی ایک اعتبار سے مصالحِ مسجد میں داخل ہے۔ تاہم وقف کے اموال اور ان سے متعلقہ سہولیات کے استعمال میں اصول یہ ہے کہ انہیں ان کے مخصوص مصرف کے مطابق ہی استعمال کیا جائے اور ایسا طریقہ اختیار کیا جائے جس میں وقف کے مال کے ضیاع یا اشتباہ کا اندیشہ نہ ہو۔

ہمارے عرف میں عمومی طور پر بازار کی دکانوں کی بجلی اور دیگر یوٹیلٹی اخراجات کرایہ دار کے ذمہ ہوتے ہیں، اور اکثر مساجد میں بھی یہی طریقہ رائج ہے کہ مسجد کی ملکیت میں موجود دکانوں کے لیے الگ بجلی کے میٹر لگائے جاتے ہیں اور ان کا بل کرایہ دار ادا کرتا ہے۔بعض مقامات پر انتظامی غفلت یا ناواقفیت کی وجہ سے مسجد کے کنکشن سے ہی دکانوں کو بجلی فراہم کر دی جاتی ہے، جبکہ اس صورت میں مسجد کی بجلی کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے اور وقف کے مال کے استعمال میں خلط واقع ہونے کا احتمال پیدا ہو جاتا ہے، جوجائز نہیں۔

لہٰذا بہتر اور محتاط طریقہ یہی ہے کہ مسجد کی ملکیت میں موجود دکانوں کے لیے الگ بجلی کے میٹر نصب کیے جائیں اور ان کا خرچ کرایہ دار کے ذمہ ہو، تاکہ مسجد کے وقف اور اس کے اخراجات میں کوئی اشتباہ یا بے احتیاطی نہ رہے۔خصوصاً موجودہ نظام میں جب ایک ہی میٹر پر زیادہ استعمال ہونے سے یونٹس بڑھنے کے ساتھ فی یونٹ نرخ بھی بڑھ جاتے ہیں تو مسجد کے کنکشن سے دکانوں کو بجلی دینے کی صورت میں مسجد کے بل میں غیر ضروری اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے اس سے احتراز کرنالازم ہے۔

اوقاف( مسجد وغیرہ) کی دکانوں کو اجارہ پر دیتے وقت مندرجہ ذیل شرعی اصولوں کی پاسداری ضروری ہے۔

1:۔مسجد کی وقف دکان کو اجرتِ مثل (یعنی اس جیسی دکان کا اس علاقے میں جو کرایہ چل رہا ہو، اس ) کے بدلے کرائے پر دینا جائز ہے،انتظامیہ کا وقف کی دکان کو اجرتِ مثل سے کم (اجرت میں اتنی کمی کی جو عموماً لوگ برداشت نہیں کرتے)کرائے کے بدلے دیناجائز نہیں،اگرمنتظم وغیرہ نے اس علاقے میں معروف و رائج کرایہ سے کم کرایہ پر دیا، تب بھی کرایہ دار پر لازم ہے کہ ہر ماہ اجرتِ مثل کے مطابق پورا کرایہ ادا کرے ۔

2:۔ مسجد کی وقف دکان کے اجارہ کی مدت ایک سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ اس کی حکمت یہ ہے کہ کہیں کرایہ دار اُس پر ملکیت کادعویٰ نہ کر دے۔لہذا مساجد کی دکانیں ایک سال سے زائد میعاد پر کسی کو نہ دی جائیں ،ایک سال کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد نئے کرائے نامہ پر معاملات طے کریں۔

3:۔منتظم کا خود یا اپنے والد یا اولادکا مسجد کی وقف دکان کوکرایہ پرلینا جائز نہیں، کیونکہ اس میں تہمت کا امکان ہے،البتہ اگر اجرتِ مثل سے زیادہ کرائے پر لے لیں تو جائز ہے ۔

البحر الرائق میں ہے:

"(قَوْلُهُ وَلَا تُزَادُ فِي الْأَوْقَافِ عَلَى ثَلَاثِ سِنِينَ) كَيْلًا يَدَّعِي الْمُسْتَأْجِرُ مِلْكَهَا قَالَ فِي الْهِدَايَةِ وَهُوَ الْمُخْتَارُ أَطْلَقَهُ فَشَمِلَ الضَّيَاعَ وَغَيْرَهُ وَقَدْ أَفْتَى الصَّدْرُ الشَّهِيدُ بِعَدَمِ الزِّيَادَةِ عَلَى ثَلَاثِ سِنِينَ فِي الضَّيَاعِ وَعَلَى سَنَةٍ فِي غَيْرِهَا إلَّا إذَا كَانَتْ الْمَصْلَحَةُ فِي غَيْرِهِ قَالَ فِي الْمُحِيطِ وَهُوَ الْمُخْتَارُ لِلْفَتْوَى"

ترجمہ:(ماتن کا قول : اوقاف کے اجارہ کی مدّت تین سال سے زائد نہیں ہونی چاہیے) اس کی حکمت یہ ہے کہ کہیں کرایہ دار اُس پر ملکیت کادعویٰ نہ کر دے۔ ’’ہدایہ‘‘ میں اِسی کو مختار قول قرار دیا ہے، اسے مطلق رکھا گیا ہے تاکہ وہ جائیداد وغیرہ کو شامل ہو، صدر الشہید نے فتویٰ جاری کیا: اوقاف(کے اجارہ) کے معاملے میں مدت تین سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے اور دوسری صورتوں میں زیادہ سے زیادہ ایک سال، سوائے اس کے کہ مدت بڑھانے میں فائدہ ہوتو بڑھا سکتے ہیں،’’محیط میں فرمایا: یہی مختار ہےفتویٰ کے لئے ۔

(البحرالرائق ، ج: 7،ص:299،دار الکتب الاسلامی)

مجمع الانہر میں ہے :

"واعلم أن ‌إجارة ‌الوقف لا تجوز إلا ‌بأجر ‌المثل لو أكثر، ولو آجر الناظر بدون أجر المثل لا تصح الاجارة، ويلزم المستأجر تمام أجر المثل"

ترجمہ :اور جان لو کہ وقفی مکان و دکان وغیرہ کو اجرتِ مثل کے بدلے کرائے پر دینا ضروری ہے ، اگرچہ اجرتِ مثل زیادہ ہو اور اگر متولی نے اجرتِ مثل سے کم پر دیا ، تو یہ اجارہ درست نہیں ہوگا اور کرایہ دار پر پوری اجرتِ مثل دینا ضروری ہوگا ۔

(مجمع الانہر ، کتاب الاجارہ، ج: 2 ، ص:370 ، مطبوعہ بیروت )

البحرالرائق میں ہے :

"إذا أجر بأقل من أجرة المثل فإن كان بنقصان يتغابن الناس فيه فهي صحيحة وليس للمتولي فسخها وإن كان بنقصان لا يتغابن الناس فيه فهي فاسدة وله أن يؤاجرها إجارة صحيحة إما من الأول أو من غيره ‌بأجر ‌المثل وبالزيادة على قدر ما يرضى به المستأجر فإن سكن المستأجر الأول وجب أجر المثل بالغا ما بلغ وعليه الفتوى وإن كانت الاجارة الأولى بأجرة المثل ثم ازداد أجر مثله كان للمتولي أن يفسخ الاجارة وما لم يفسخ كان على المستأجر الأجر المسمى"

ترجمہ : اگر متولی نے اجرتِ مثل سے کم کرائے پر دیا ،تو اگر اتنی کمی کی جو عموماً لوگ کرتے ہیں،تو اجارہ صحیح ہے اور متولی اس عقد کو ختم نہیں کرے گا اور اگر اجرت میں اتنی کمی کی جو عموماً لوگ برداشت نہیں کرتے ، تو یہ اجارہ فاسد ہے، متولی کے لیے حکم ہے کہ وہ اجرتِ مثل کے ساتھ یا کرایہ دار راضی ہو ،تو اس سے بھی زیادہ اجرت پر درست اجارہ کرے ، خواہ اسی پہلے شخص کے ساتھ ہی یا کسی دوسرے شخص کے ساتھ ، اگر پہلا کرایہ دار ہی رہنا چاہے ، تو اس پر اجرتِ مثل ادا کرنا واجب ہے ، وہ جتنی بھی بنے، اسی پر فتویٰ ہے ۔ پھر اگر اجرتِ مثل بڑھ جاتی ہے ، تو متولی سابقہ اجارہ کو ختم کر ے ، البتہ جب تک متولی اجارہ ختم نہیں کرتا ، کرایہ دار طے شدہ کرایہ ادا کرے گا ۔

(البحرالرائق ، کتاب الوقف ، ج:5 ، ص:256 ، مطبوعہ دارالکتاب الاسلامی)

اسی میں ایک اور مقام پر ہے:

" لو ‌آجر ‌الوقف ‌من ‌نفسه أو سكنه بأجرة المثل لا يجوز وكذا إذا آجره من ابنه أو أبيه أو عبده أو مكاتبه للتهمة ... إلا بأكثر من أجر المثل"

ترجمہ : اگر متولی نے اجرتِ مثل کے بدلےوقفی مکان وغیرہ کو خود کرایہ پرلیااور اس میں رہائش اختیار کر لی ،تو یہ جائز نہیں ، یونہی متولی کا اپنے بیٹے یا والد یا غلام یا مکاتب غلام کو کرایہ پر دینا بھی جائز نہیں کہ اس میں تہمت کا امکان ہے ، ہاں ! اگر اجرتِ مثل سے زیادہ کرایہ پر لے ، تو جائز ہے ۔

(البحرالرائق ، کتاب الوقف ، ج:5 ، ص:254 ، مطبوعہ دارالکتاب الاسلامی)

بہارِ شریعت میں ہے :

اوقاف کو اجر مثل کے ساتھ کرایہ پر دیا جائے یعنی اس حیثیت کے مکان کا جو کرایہ وہاں ہو یا اس حیثیت کے کھیت کا جو لگان اُس جگہ ہواُس سے کم پر دینا جائز نہيں ،بلکہ جس شخص کو اوقاف کی آمدنی ملتی ہے، وہ خود بھی اگر چاہے کہ کرایہ یا لگان کم لے کر د ے دوں ،تو نہيں دے سکتا... متولی نے اجر مثل سے کم کرایہ پر اجارہ دیا، تولینے والے کو اجر مثل دینا ہوگا اور اُجرت کا ذکر نہ کیا جب بھی یہی حکم ہے۔

(بہارِ شریعت، ج: 2 ، ص: 589 ،مکتبۃ المدینہ ، کراچی )

دوسرے مقام پر ہے:

وقفی زمین کو متولی خود اپنے اجارہ ميں نہيں لے سکتا کہ خودمکانِ موقوف ميں رہے اور کرایہ دے یا کھیت بوئے اور لگان دے ،البتہ قاضی اس کو اجارہ پر دے ،تو ہوسکتا ہے۔ اور اجر مثل سے زیادہ کرایہ پر لے ،تو ہوسکتا ہے۔ یوہيں اپنے باپ یا بیٹے کو بھی کرایہ پر نہيں دے سکتا ،مگر جب کہ بہ نسبت دوسروں کے ان سے زیادہ کرایہ لے۔

(المرجع السابق )

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

22اپریل2026 ء/4ذیقعدہ١٤٤٧ ھ کو جاری کیا گیا

متعلقہ فتاویٰ

وقف کی چیز کا مصالح وقف میں استعمال سے متعلق مزید منتخب سوالات