دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

غیر وقف میں مسجد کی بجلی استعمال کرنے کا حکم

1522 نومبر، 2026317سوال کنندہ : مولانا محمد آصف صاحب، کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ ایک مسجد کے امام نے چارجنگ والی بائیک لی ہے تو کیا اب وہ مسجد کی بجلی پر بائیک کو چارج کر سکتا ہے یا نہیں ؟جبکہ مسجد میں سولر سسٹم نصب ہے۔بینوا توجروا! نوٹ:سائل سے معلوم ہوا کہ وہ دن کے ٹائم بامرِ مجبوری تھوڑی بہت چارجنگ کرتے ہیں ۔

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت میں امام مسجد کی بجلی سے اپنی ای بائک (E-Bike) مندرجہ ذیل چند شرائط کے ساتھ چارج کرسکتا ہے ۔

1:۔ اگر واقعی مسجد کا سولر سسٹم اضافی بجلی پیدا کر رہا ہو اور اس اضافی بجلی کی مسجد کو ضرورت بھی نہ ہو۔

2:۔ بجلی کی فراہمی صرف اسی وقت کی جائے جب سولر سسٹم براہِ راست بجلی پیدا کر رہا ہو (عموماً صاف موسم میں شام تک)، تاکہ بیٹری پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے، کیونکہ اس سے بیٹری کی عمر میں کمی اور وقف کے مال کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، نیز بسا اوقات عشاء اور فجر کے لیے بیک اپ بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

3:۔چارجنگ کے وقت خیال رکھا جائے بائیک عینِ مسجد یاصحنِ مسجد میں کھڑی نہ کی جائے ۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ مسجد کی بجلی اصلاً مصالحِ مسجد کے لیے وقف ہوتی ہے، یعنی وہ امور جن سے مسجد کے دینی، عبادتی اور انتظامی تقاضے پورے ہوتے ہوں۔امام مسجد، مسجد کے نظام اور اس کے مصالح کا ایک بنیادی حصہ ہوتا ہے، اس لیے اس کی وہ ضروریات جو عرفاً اس کے منصب کی ادائیگی سے متعلق ہوں، وہ بھی مصالحِ مسجد میں داخل سمجھی جاتی ہیں۔لہذا مذکورہ صورت میں امام مسجد کی بجلی سے اپنی ای بائک چارج کرسکتا ہے،وقف کے ملازمین کو بقدرِ کفایت یا اجرتِ مثلکامل وظیفہ دینا لازم ہے تاکہ وہ اپنے معمولاتِ زندگی بحسنِ خوبی سرانجام دے سکے اسی طرح فی زمانہ امام کے منصب کے مطابق وقف کی آمدنی کو دیکھتے ہوئے گاڑی و موٹر بائیک یا اس کےایندھن(پیٹرول،ڈیزل اور بجلی ) مسجد کمیٹی اپنی صوابدید کے مطابق امام کی تقرری کے وقت یا تقرری کے بعدامام کو فراہم کرے تو نہایتِ احسن اقدام ہونگے۔

رد المحتار علی الد المختار میں ہے:

"(ويبدأ من غلته بعمارته) ثم ما هو أقرب لعمارته كإمام مسجد ومدرس مدرسة يعطون بقدر كفايتهم ثم السراج والبساط كذلك إلى آخر المصالح"

ترجمہ:یعنی وقف کی آمدنی سے سب سے پہلے خرچے کی شروعات وقف کی عمارتِ ضروریہ پر کی جائے گی،اس کے بعد جو عمارتِ ضروریہ کے زیادہ قریب ہو جیسے مسجد کے امام اور مدرسے کے مدرس (کے وظائف)انہیں قدرِ کفایت دیا جائے گا اس کے بعددِئے(مسجد کی لائیٹنگ )اور چٹائیوں پراسی طرح (یعنی قدر ِ کفایت خرچ کیا جائے گا)وقف کے دیگر مصالح پر۔

اس کے تحت علامہ ابنِ عابدینشامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

"(قوله: ثم ما هو أقرب لعمارته إلخ) أي فإن انتهت عمارته وفضل من الغلة شيء يبدأ بما هو أقرب للعمارة وهو عمارته المعنوية التي هي قيام شعائره"

ترجمہ:(اس کا قول: اس کے بعد جو عمارتِ ضروریہ کے زیادہ قریب ہو)یعنی جب وقف کی عمارتِ ضروریہ کا کام ختم ہوجائے اور وقف کی آمدنی میں سے کچھ بچے ،تو پھر جو عمارتِ ضروریہ کے زیادہ قریب ہے اس پر خرچ کی شروعات کی جائے گیاور وہ وقف کی عمارتِ معنویہ ہے اور معنویہ وہ ہے جس کی وجہ سے وقف کے شعار قائم ہیں۔

(رد المحتار ،ج:6،ص:562۔564،مکتبہ رحمانیہ)

علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

"یَجُوزُ صَرْفُ شَیْء ٍ مِنْ وُجُوہِ مَصَالِحِ الْمَسْجِدِ لِلْإِمَامِ إذَا کَانَ یَتَعَطَّلُ لَوْ لَمْ یُصْرَفْ إلَیْہِ یَجُوزُ صَرْفُ الْفَاضِلِ عَنْ الْمَصَالِحِ لِلْإِمَامِ الْفَقِیرِ بِإِذْنِ الْقَاضِی،وَلَوْ زَادَ الْقَاضِی فِی مَرْسُومِہِ مِنْ مَصَالِحِ الْمَسْجِدِ،وَالْإِمَامُ مُسْتَغْنٍ وَغَیْرُہُ یَؤُمُّ بِالْمَرْسُومِ الْمَعْہُودِ تَطِیبُ لَہُ الزِّیَادَۃُ لَوْ عَالِمًا تَقِیًّا،وَلَوْ نُصِبَ إمَامٌ آخَرُ أَخَذَ الزِّیَادَۃَ إنْ کَانَتْ لِقِلَّۃِ وُجُوہِ الْإِمَامِ لَا لَوْ کَانَتْ لِمَعْنًی فِی الْأَوَّلِ کَفَضِیلَۃٍ أَوْ زِیَادَۃِ حَاجَۃٍ.اہـ.فَعُلِمَ أَنَّہُ تَجُوزُ الزِّیَادَۃُ إذَا کَانَ یَتَعَطَّلُ الْمَسْجِدُ بِدُونِہَا أَوْ کَانَ فَقِیرًا أَوْ عَالِمًا تَقِیًّا۔۔۔۔الظَّاہِرُ أَنَّہُ یَلْحَقُ بِہِ کُلُّ مَنْ فِی قَطْعِہِ ضَرَرٌ إذَا کَانَ الْمُعَیَّنُ لَا یَکْفِیہِ کَالنَّاظِرِ ، وَالْمُؤَذِّنِ وَمُدَرِّسِ الْمَدْرَسَۃِ ، وَالْبَوَّابِ وَنَحْوِہِمْ إذَا لَمْ یَعْمَلُوا بِدُونِ الزِّیَادَۃِ یُؤَیِّدُہُ مَا فِی الْبَزَّازِیَّۃِ إذَا کَانَ الْإِمَامُ وَالْمُؤَذِّنُ لَا یَسْتَقِرُّ لِقِلَّۃِ الْمَرْسُومِ لِلْحَاکِم الدِّینُ أَنْ یُصْرَفَ إلَیْہِ مِنْ فَاضِلِ وَقْفِ الْمَصَالِحِ وَالْعِمَارَۃِ بِاسْتِصْوَابِ أَہْلِ الصَّلَاحِ مِنْ أَہْلِ الْمَحَلَّۃِ لَوْ اتَّحَدَ الْوَاقِفُ (والجہۃ)"

ترجمہ:امام کے لئے مصالح مسجدکی وجوہ سےوقف کی آمدنی سے خرچ کرناجائزہے اس وقت کہ اگروہ خرچ نہ کیا جائے تو وہ وقف بیکارہوجائے،اورقاضی کی اجازت سے امام محتاج کے لئے وقف کی فاضل آمدنی سے خرچ کرناجائزہے ،اوراگرقاضی نے طے شدہ تنخواہ میں مصالح مسجدکے وقف کی آمدنی سے اضافہ کردیااورامام کواس اضافی تنخواہ کی حاجت نہیں ہے اوردوسراشخص معروف طے شدہ تنخواہ پرامامت کرناچاہتاہے توپہلے امام کے لئے وہ اضافی تنخواہ حلال ہے اگروہ عالم پرہیزگارہو،اوراگراس امام کی جگہ دوسراامام مقررکیاگیاتواگرپہلے امام کی تنخواہ میں اضافہ اس کی کسی خوبی کیوجہ سے کیاگیاہومثلاًفضلیت یازیادہ حاجتمندہونے کی بناپرتواب دوسرے امام کے لئے اضافی تنخواہ لیناجائزنہ ہوگا،انتہیٰ۔پس معلوم ہواکہ جب اضافہ کے نہ ہونے کی وجہ سے مسجد ویران ہویاوہ امام فقیرہویاعالم پرہیزگارہوتوان کی تنخواہ میں اضافہ کرناجائزہے۔ ظاہر ہے کہ جس کومعزول کرنے میں نقصان ہوکہ مقررہ اجارہ اس کو کفایت نہ کرتا ہو تو اس کے معاملہ کو بھی اس سے لاحق کیاجائے گا، مثلاً نگران، مؤذن، مدرس، چوکیدار وغیرہ حضرات جب یہ لوگ تنخواہ میں اضافہ کئے بغیر کام نہ کریں، اس کی تائید بزازیہ کی اس عبارت سے بھی ہوتی ہے کہ جب امام اور مؤذن طے شدہ تنخواہ کے قلیل ہونے کیوجہ سے نہ رُکیں تو حاکم دین(دیندار قاضی) اہل محلہ کے صالح لوگوں سے مشورہ کے بعدمصالح وقف اورعمارت کی فاضل آمدنی میں سے ان کیلئے صرف کرسکتاہے بشرطیکہ فاضل آمدنی والے اوقاف کا واقف اورجہت ایک ہو۔ملتقطاً

(ردالمحتار:ج16،ص:669مکتبہ رحمانیہ )

امام اہلسنت امام احمد رضاخان قادری علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں:

پھر جو ماہوار مقرر ہوا اگر اس کے صدق سعی وحسن خدمت کے لحاظ سے بقدر اجر مثل کے نہیں تو ضرور اجر مثل کی تکمیل کردی جائے گی، اور اگر واقعی اجر مثل بھی اسکے واجبی صرف کو کفایت نہ کرے تو وقف کی فاضلات سے تاحد کفایت ماہوار میں اضافہ بھی ممکن، مگر نہ یوں کہ بطور خود کہ خود ہی مدعی اور خود ہی حاکم ہونا ٹھیک نہیں، بلکہ وہاں کے افقہ اہل بلد عالم سنی دیندار کی طرف رجوع کرے یا متعدد معزز متدین ذی رائے مسلمانان شہر کے سپردکردے وہ بعد تحقیقات کامل اجر مثل تک حکم دیں یا بشرط صدق حاجت وعدم کفایت تاقدر کفایت اضافہ کریں، اس تقدیر پر ان کو یہ بھی ملحوظ رہے کہ جب واقف خود ہی متولی ہوا اور خود ہی وقت وقف یہ ماہوار تجویز کیا تو اب کون سی بات حادث ہوئی کہ وہ ماہوار ناکافی ہوگیا، ردالمحتار: الناظر بشرط الواقف فلہ ماعینہ لہ الواقف ولو اکثر من اجر المثل کمافی البحر ولوعین لہ اقل فللقاضی ان یکمل لہ اجر المثل بطلبہ کما بحثہ فی انفع الوسائل، ویأتی قریبا مایؤیدہ، وھذا مقید لقولہ الاٰتی لیس للمتولی اخذ زیادۃ علی ماقررلہ الواقف اصلا"نگران کو واقف کی شرط کے مطابق مقررہ وظیفہ ملے گا اگرچہ یہ مروج سے زائد ہو، اور اگر واقف کا مقرر کردہ مروج سے کم ہو تو اس کے مطالبہ پر مروج تک مکمل کرنے کا اختیار ہے جیسا کہ اس کو انفع الوسائل نے بحث کے طور پر ذکر کیا ہے، اور اس کی مزید تائید عنقریب آئے گی اور یہ اس کے آئندہ قول کے ''متولی کو مقررہ پر زیادتی کا ہرگز اختیار نہیں ہےسے مقید ہے۔

(فتاوی رضویہ :ج16، ص216 ، رضا فاؤنڈیشن لاہور)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

6مئی 2026 ء/17ذیقعدہ١٤٤٧ ھ کو جاری کیا گیا

متعلقہ فتاویٰ

مسجد کی بجلی استعمال کرنا سے متعلق مزید منتخب سوالات