سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسائل کے متعلق کہ 1)۔فرض نمازکی تیاری کرنا کسی وقت سے واجب ہے؟آیا وقت شروع ہوتے ہی واجب ہے یا کوئی گنجائش ہے یا اگر اذان کے وقت تیاری واجب ہے، تو بعض علاقے ایسے بھی ہوتے ہیں جہاں اذان کی آواز نہیں آتی اور مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ اذان کی آواز سے وہ اذان مراد ہے جو بغیر لاؤڈ اسپیکر کے ہو نیز اگرچہ اذان کی آواز نہ بھی آئے مگر علم ہو تا ہے کہ فلان مسجد میں اتنے بچے جماعت ہوگی، تو کیا اس پر بھی جماعت واجب ہو گی جب کہ اذان کی آواز نہیں سنی اور اگر سنی بھی، تو وہ لاؤڈ اسپیکر کی اذان تھی نیز ایسی صورت میں جمعہ کی نمازکا کیا حکم ہے کہ اکثر کراچی میں لاؤڈ اسپیکر ہی سے اذان کی آواز آتی ہے اور اس صورت میں مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمہ جماعت کووا جب نہیں فرماتے۔ 2)۔با جماعت نماز پڑھنا جو کہ واجب ہے، تو اگر کوئی شخص با جماعت نماز کے قعدہ اخیرہ میں شامل ہوا، تو کیا اس کا جماعت کا وجوب ادا ہو جائے گا؟ یا اسے تکبیر اولیٰ سے ملنا ضروری ہے ؟ 3)۔ اگر ظہر کی سنتِ قبلیہ فرض سے پہلےنہ پڑھنے کی عادت بنالی جائے ،تو کیا انسان گناہ گار ہوگا؟ بینوا توجروا! مستقى :محمد آصف قادي
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ نماز کی تیاری کا وقت لوگوں کے احوال کے مختلف ہونے کے اعتبار سے مختلف ہے ۔پہلا:جس شخص کا مکان و دکان مسجد سے اتنا متصل کہ تکبیر کی آواز اس پر مخفی نہیں یا تکبیر کی آواز تو بازار وغیرہ کے شور و غل یا مکان بند ہونے کی وجہ سے نہ پہنچے ،لیکن مسجد سے اتصال اتنا کہ اقامت کے وقت نکلے ،تو جماعت کی تکبیرِ اولیٰ کو پہنچ جائے،تو اس پر اقامت کے وقت(علاوہ جمعہ) نمازی کی تیاری کرنا واجب ہوگی ۔اسی طرح امام معُیَّن (جس کے بغیر جماعت قائم ہی نہ ہوگی) پر جماعت کے وجوب میں وسعت ہوگی بلکہ اس کیلئے اوروسعت ہوگی مگر نماز کا مکروہ وقت یا تنگ وقت داخل نہ ہوجائے۔
دوسرا:وہ لوگ جن کا مکان و دوکان مسجد سے دور ہوں اگرچہ انہیں مسجد کی اذان کی آواز (شور وغل،مکان دورہونے وغیرہ کی وجہ سے)نہ پہنچتی ہو،تو اس وقت فرض نماز کی تیاری کرنا واجب ہے جب تک جماعت کے فوت ہونے کا خوف لاحق نہ ہو اور یہ لوگوں کا مسجد سے دور ی مختلف ہونے سے مختلف ہے جو شخص جتنا دور ہوگا اس کو اتنا جلدی تیاری کرنا واجب ہوگی بعض کو اذان سنتے ہی (یا جن کو اذان کی آواز نہیں پہنچتی ،تو ان کا اذان کا ٹائم ہوتے ہی ) بعض کو دس منٹ پہلے بعض کو پانچ منٹ پہلے علی ہذا القیاس۔اسی طرح ایک ایسا آدمی جو سواری کے ذریعے اذان کے وقت سے با آسانی جماعت میں حاضر ہوسکتا ہے ،اس پر بھی جماعت میں حاضری واجب ہے۔
نیزنمازِ جمعہ کیلئے اپنے محلہ کی (یا جہاں یہ نماز پڑھتا ہے)پہلے اذان کے فورا بعد تیاری(سعی) کرنا واجب ہے ۔
مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمہ کا قول اس پر محمول ہے کہ جو شخص مسجد سے بہت دور ہو کہ اذان کی آواز سنتے ہی جماعت کیلئے نکلے پھر بھی جماعت میں نہ پہنچ پائے ،تو اس شخص کو اس مسجد کی جماعت میں شرکت واجب نہیں ،جیساکہ آپ علیہ الرحمہ کے اس قول "اذان کی آواز پہنچنے سے مراد آجکل کے لاؤڈ اسپیکر کی آواز نہیں یہ تو دودو میل تک پہنچ جاتی ہے" کے اس جملے" یہ تو دودو میل تک پہنچ جاتی ہے "سے واضح ہے۔
حضرت سہل بن معاذ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:
"أَنَّهُ قَالَ: «الْجَفَاءُ كُلُّ الْجَفَاءِ، وَالْكُفْرُ، وَالنِّفَاقُ، مَنْ سَمِعَ مُنَادِيَ اللَّهِ يُنَادِي بِالصَّلَاةِ يَدْعُو إِلَى الْفَلَاحِ، وَلَا يُجِيبُهُ»
ترجمہ:ظلم اور پورا ظلم اور کفر و نفاق ہے کہ آدمی اللہ کے منادی کو جوکامیابی کی طرف بلاتا ہے سنے اور اس کا جواب نہ دے(یعنی جماعت میں حاضر نہ ہو)۔
(مسند احمد،رقم الحدیث:15627)۔
صحیح بخاری میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:
"قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لَيْسَ صَلاَةٌ أَثْقَلَ عَلَى المُنَافِقِينَ مِنَ الفَجْرِ وَالعِشَاءِ، وَلَوْ يَعْلَمُونَ مَا فِيهِمَا لَأَتَوْهُمَا وَلَوْ حَبْوًا، لَقَدْ هَمَمْتُ أَنْ آمُرَ المُؤَذِّنَ، فَيُقِيمَ، ثُمَّ آمُرَ رَجُلًا يَؤُمُّ النَّاسَ، ثُمَّ آخُذَ شُعَلًا مِنْ نَارٍ، فَأُحَرِّقَ عَلَى مَنْ لاَ يَخْرُجُ إِلَى الصَّلاَةِ بَعْدُ»
ترجمہ:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: منافقین پر فجر و عشاء کی نماز سے بڑھ کر کوئی نماز بھاری نہیں ،اگر انہیں ان کے درجہ وفضیلت کا علم ہوجائے ،تو وہ گھٹنوں کے بل ان کی ادائیگی کے لئے آئیں ،میرا جی چاہتا ہے میں مؤذن کو تکبیر کا کہوں اور کسی دوسرے کو جماعت کا حکم دوں کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائے پھر میں آگ کی مشعل لے کہ ان پر پھینکوں جو نماز کیلئے ابھی تک گھروں سے نہیں نکلے ۔
(بخاری،رقم الحدیث:657)۔
اس حدیث کو نقل کرنے کے بعد امامِ اہلسنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
"یہ حدیث صحیح نص صریح ہے کہ وقتِ اقامت تک مسجد میں حاضر نہ ہونا وہ جرمِ قبیح ہے جس پر حضور اقدس صلوات اللہ تعالی وتسلیماتہ علیہ وعلی آلہ الکرام نے ان لوگو ں کو جلا دینے کا قصد فرمایا علماء فرماتے ہیں یہ ارشاد کہ تکبیر کہلواکر نماز شروع کرواؤں اس کے بعد تشریف لے جاؤں اسی بنا پر تھا کہ ان کی عدم حاضری ثابت اور الزام تخلف قائم ہولے اس کا منشا وہ یہ تحقیق ہے جو ہم نے ذکر کی کہ ایجاب اجابت تا وقت اقامت ہے موسع ہے امام اجل ابو زکریا نووی رحمہ اللہ تعالیٰ شرح صحیح مسلم میں فرماتے ہیں: اقامت نماز کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ان کی طرف جانے کا ارادہ اس لئے ہے کہ یہ وہی وقت ہے جب نہ آنے والوں کی عدم حاضری اورالزام تخلف ثابت ہو چکا جس کی وجہ سے وہ ملامت کے مستحق قرار پائے ہیں۔ا قول یہاں سے واضح ہوگیا کہ ظاہر حدیث میں جو کلام قنیہ مجتبی کی تائید نکلتی تھی ممنوع و ساقط ہے معہذا شک نہیں کہ حضور مسجد بنفسہ عبادت مقصودہ نہیں بلکہ غرض شہود جماعت ہے اور قبل از اقامت فوت جماعت غیر معقول تو اقامت تک وجوب موسع ماننے سے چارہ نہیں مگر بات یہ ہے کہ اقامت تک تاخیر یا تو امام معین کو میسر جس کے بن آئے جماعت قائم ہی نہ ہو گی یا اُسے جس کا مکان مسجد سے ایسا ملاصق کہ تکبیر کی آواز اسی پر مخفی نہ رہے گی ان کے سوا اور نمازیوں کو انتظار اقامت کرنے کے کوئی معنی ہی نہیں کہ جب نہ تکبیران پر موقوف نہ انہیں اس کی آواز آئے گی تو کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں ایسوں کو اُسی وقت تک تاخیر روا جب تک تفویت کا خوف نہ ہو حدیث ایسے ہی لوگوں پر محمول اور ممکن کہ کلام قنیہ و محبتے بھی اسی معنی پر حمل کریں فیحصل التوفيق وبالله التوفيق۔
(فتاویٰ رضویہ،ج:7،ص:107،رضآ فاؤنڈیشن لاہور)۔
علا مہ شا می علیہ الرحمہ ردالمحتا ر میں فر ما تے ہیں
"؛ وَلَو المقصود الاصلی من الاذان فی الشرع الاعلام بدخول اوقات الصلاۃ، ثم صار من شعار الاسلام فی کل بلدۃ اوناحی من البلاد الواسعۃ فمن حیث الاعلام بدخول الوقت وقبول قولہ لابد من الاسلام والعقل والبلوغ والعدال"
ترجمہ: اور اذان کا مقصودِ اصلی شرع میں اوقاتِ نماز کے دخول کی اطلاع ہے پھر یہ تمام ممالک اور بڑے شہروں کے اطراف میں شعائر اسلام کا درجہ پاچکی ہے تو دخولِ وقت کی اطلاع اور اس کے قول کی مقبولیت کے لئے ضروری ہے کہ اس کا قائل مسلمان،عاقل،بالغ اور عادل ہو ۔
[ردالمحتا ر کتا ب الصلا ہ با ب الا ذان ج,2:ص,77:مکتبہ رحما نیہ ]
جمعہ کی سعی کے متعلق درِ مختار میں ہے:
" (ووجب سعي إليها وترك البيع)، في المسجد أعظم وزرا (بالأذان الأول) في الأصح"
ترجمہ:اور اصح روایت کے مطابق جمعہ کی نماز کی طرف سعی کرنا اور بیع کو ترک کرنا پہلی اذان کے ساتھ واجب ہے ،مسجد میں خرید و فروخت بہت بڑا گناہ ہے۔
[در مختار، کتا ب الصلا ہ ، ج,3:ص,42:مکتبہ رحما نیہ ]
2)۔ جماعت کے ساتھ قعدہ اخیرہ میں شریک ہونے والا جماعت میں شرکت کے وجوب سے بریء الذمہ ہوجائے گا اور اسی طرح اس کو جماعت کا ثواب بھی مل جائے گا ،لیکن اس کو اس شخص کی طرح کامل ثواب نہیں ملے گا جو تکبیرِ اولیٰ یا پہلی رکعت سے امام کے ساتھ شریک ہو۔
جامع ترمذی میں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے تکبیرِ اولیٰ کی فضیلت کے متعلق ہے:
قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: مَنْ صَلَّى لِلَّهِ أَرْبَعِينَ يَوْمًا فِي جَمَاعَةٍ يُدْرِكُ التَّكْبِيرَةَ الأُولَى كُتِبَ لَهُ بَرَاءَتَانِ: بَرَاءَةٌ مِنَ النَّارِ، وَبَرَاءَةٌ مِنَ النِّفَاقِ"
ترجمہ:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس شخص نے اللہ تعالیٰ کی رضا خاطر چالیس دن ایسی باجماعت نماز میں شرکت کی جس کی تکبیرِ اولی کو بھی پایا،تو اس کیلئے دو برائت ہیں ایک جہنم سے اور دوسری نفاق سے ۔
(ترمذی،رقم الحدیث:241)۔
اس حدیث کے تحت مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح ميں ہے:
(التكبيرة الأولى):ظاهرها التكبيرة التحريمية مع الإمام، فاحتمل أن تشمل التكبيرة التحريمية للمقتدي عند لحوق الركوع، فيكون المراد إدراك الصلاة بكمالها مع الجماعة، وهو يتم بإدراك الركعة الأولى."
ترجمہ:(تکبیرِ اولی)اس کا ظاہر تکبیرِ تحریمہ امام کے ساتھ والی ہے ،لہذا یہ احتمال ہے کہ مقتدی کی تکبیرِ تحریمہ رکوع کے وقت والی کو بھی شامل ہے ،لہذاہ مراد یہ ہے کہ نماز کو کامل طریقے سے جماعت کے ساتھ پانے والا ہو اور یہ تکبیرِ اولیٰ کے پانے سے مکمل ہوتا ہے۔
(مرقات شرح مشکاۃ، باب ما على المأموم من المتابعة،ج:3،ص:201،مکتبہ رشیدیہ)۔
البحر الرائق میں ہے:
"وفي غاية البيان أن المسبوق يكون مدركا لثواب الجماعة لكن لا يكون ثوابه مثل ثواب من أدرك أول الصلاة مع الإمام لفوات التكبيرة الأولى۔۔۔أن من أدرك الإمام في التشهد فقد أدرك فضلها.ملتقطا"
ترجمہ:اور غایۃ البیان میں ہے کہ مسبوق جماعت کے ثواب کو پانے والا ہوگا لیکن اس کا ثواب اس شخص کے ثواب کی مثل نہیں ہوگا جو امام کے ساتھ نماز کے ابتداء میں تکبیرِ اولیٰ کے فوت ہونے کے بعد شامل ہوا ہو ۔۔۔بیشک جو امام کے ساتھ قعدہ اخیرہ میں شامل ہوا اس نے جماعت کی فضیلت کو پالیا۔
(بحر،ج:2،ص:82، دار الكتاب الإسلامي)۔
3)۔جی وہ شخص گناہگار اور لائقِ ملامت ہے۔اس کی تفصیل یہ ہے کہ بلاکسی عذر ِ شرعی کے سنتِ مؤکدہ کاکبھی کبھار ایک آدھ بار ترک بری اور شرعاً ناپسندیدہ بات ہے اور ترک کی عادت بنا لینا جائز نہیں ہے بلکہ گناہ ہے،لہذا جوشخص بلاکسی عذر کے سنتِ مؤکدہ ترک کرتاہے وہ گناہ گار اور لائقِ ملامت ہے، اور اللہ تعالٰی کے یہاں درجات سے محروم ہے، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت سے محرومی کا اندیشہ ہے، یہاں تک کہ فقہاءِ کرام فرماتے ہیں کہ اگر کوئی شخص ان سنتوں کو صحیح تو سمجھتا ہے، لیکن بلاعذر سنتِ مؤکدہ کو چھوڑنے کی عادت بنالیتا ہے تو یہ گناہ گار ہوگا، لیکن اگر کوئی شخص ان سنتوں کو حق نہ سمجھتے ہوئے چھوڑ دے تو یہ عمل انسان کو کفر تک پہنچادے گا۔البتہ اگر کوئی عذر ہو مثلاً: وقت تنگ ہے اور صرف فرض نماز ادا کی جاسکتی ہویاکوئی ضرورت ہو تو اس وقت سنتوں کو چھوڑ سکتاہے۔
جامع ترمذی میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا سے مروی ہے:
" قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: مَنْ ثَابَرَ عَلَى ثِنْتَيْ عَشْرَةَ رَكْعَةً مِنَ السُّنَّةِ بَنَى اللَّهُ لَهُ بَيْتًا فِي الجَنَّةِ: أَرْبَعِ رَكَعَاتٍ قَبْلَ الظُّهْرِ، وَرَكْعَتَيْنِ بَعْدَهَا، وَرَكْعَتَيْنِ بَعْدَ الْمَغْرِبِ، وَرَكْعَتَيْنِ بَعْدَ العِشَاءِ، وَرَكْعَتَيْنِ قَبْلَ الفَجْرِ.
ترجمہ:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس نے بارہ سنتوں پر استقامت کی ،تو اس کیلئے اللہ تعالی جنت گھر تیار فرمائے گا ،چار رکعت ظہر سے قبل اور رکعت ظہر کے بعد دو رکعت مغرب کے بعد اور دو رکعت عشاء کے بعد اور دو رکعت فجر سے پہلے۔
(ترمذی:رقم الحدیث:414)۔
رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:
"فالإثم لتارك السنة المؤكدة أخف من الإثم لتارك الواجب. قال في النهر هناک:حكم السنة أن يندب إلى تحصيلها، ويلام على تركها مع لحوق إثم يسير.
ترجمہ:سنتِ مؤکدہ کے تارک کا گناہ واجب کے تارک کے گناہ سے کم ہے ،اس مقام پر نہر میں فرمایا:سنت کا حکم یہ ے کہ اس کو حاصل کرنا مندوب ہے اور اس کاکا تارک چھوٹے گناہ کے ساتھ قابلِ ملامت بھی ہے ۔
(شامی،ج:1،ص:232، مکتبہ رحمانیہ)۔
بہارِ شریعت میں ہے:
" سنّتِ مؤ کَّدہ : وہ جس کو حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ہمیشہ کیا ہو ،البتہ بیانِ جواز کے واسطے کبھی ترک بھی فرمایا ہو یا وہ کہ اس کے کرنے کی تاکید فرمائی ہو مگر جانبِ ترک باِلکل مسدود نہ فرمادی ہو، اس کا ترک اساء ت اور کرنا ثواب اور نادراً ترک پر عتاب اور اس کی عادت پر استحقاقِ عذاب ۔
(بہار شریعت،ج:1،حصہ دوم،ص:286)۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب