دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

معذور امام کی تنخواہ کا شرعی حکم

25523 نومبر، 202695
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ دین و متین مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ ہماری جامع مسجد کے امام صاحب جو کہ تقریباً 55 سے 56 سال سے امامت کے فرائض بخوبی سر انجام دے رہے تھے اب کئی ماہ سے وہ علیل ہیں اور نماز نہیں پڑھا پا رہے ہیں،پہلے جمعہ کی نماز پڑھاتے تھے مگر کئی عرصہ سے عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے وہ جمعہ بھی نہیں پڑھا پارہے ،ہم ان کو کئی ماہ سے ان کی تنخواہ بھی دے رہے ہیں،مسجد کی تنخواہ اٹھائیس ہزار ہے اور مدرسہ کی ساڑھے نو ہزار ہے۔ مدرسہ تو وہ بیٹھ کر پڑھاتے ہیں ،اور ماشاء اللہ امام صاحب کے 7/6 بچے بھی ہیں اور سب بر سرِ روزگار و صاحبِ حیثیت ہیں ،لہذا آئندہ کیلئے ہماری رہنمائی فرمائیں کہ ا مام صاحب شیخ الفانی کے ضمرے میں ہیں اب ہم ان کو پوری تنخواہ دیں یا کچھ وظیفہ طے کردیں ؟ اور یہ وظیفہ وقف کے مال سے باندہنا صحیح ہے ؟ کیونکہ مسجد کا مال وقف کی ملکیت ہے۔اس مسئلے میں ہماری شرعی رہنمائی فرمائیں ! بینوا توجروا! سائل:محمد طارق،حیدرآباد

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ کہ مذکورہ امام کو مسجد کی امامت کی مقررہ تنخواہ دینا یا مسجد کی آمدنی سے کوئی بھی وظیفہ مقرر کرنا شرعاً جائز نہیں،البتہ مدرسہ میں تدریس کر رہے ہیں اس کی تنخواہ بقدرِ کفایت(یعنی مقررہ نو ہزار کے بجائے اسے اتنا دیا جائے کہ اس کی جملہ ضروریات پوری ہوسکیں )دینا واجب ہے،اور جب مدرسہ کی تدریس سے دستبردار ہوجائیں ،تو پھر مدرسہ کے فنڈ سے بھی دینا جائز نہیں،بلکہ اس کے عصباء(بیٹے،بھائی وغیرہ) پر اس کا نان و نفقہ واجب ہے،لہذا جوقف کے ملازمین(امام،مؤذن اور خادم وغیرہ)میں سے کوئی بھی فرد کسی بھی سبب کے (ضعیف العمری یا کسی اور عذر کی) بناء پر مسجد کی ذمہ داری سے دستبردار ہوجائے ،تو اب اسے مسجد کے فنڈ اور عطیات(مسجد کی جملہ آمدنی) سےاسے کوئی رقم نہیں دی جاسکتی ،کیونکہ مسجد کا جمع شد مال (مسجدِ پر وقف دکان و مکان کی آمدنی وغیرہ)مالِ وقف ہوتا ہے ،جس کو فقط مصارف مسجد کیلئے ہی استعمال کیا جائے گا مثلا: جیسے مسجد کے عملے کا مشاہرہ ،یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی یا عمارت وغیرہ کے ضروری اخراجات وغیرہ۔اور کچھ فنڈ نفلی صدقات(مسجد کے غلہ و جمعہ کا چندہ یا کسی خاص مد میں لیا گیا چندہ وغیرہ ) سے جمع ہوتا ہے،تو اس فنڈ کو استعمال کے متعلق حکمِ شرع یہ ہے کہ وہاں کے عرف و رواج کے مطابق خرچ کیا جائے ،اور ہمارے ہاں کہیں بھی اس فنڈ سے وقف کے دستبردار ملازم کو کوئی وظیفہ وغیرہ نہیں دیا جاتا۔

البتہ ایسی صورتحال میں اگر مسجد کی انتظامیہ کے افراد یا اہلِ محلہ میں سے کچھ افراد اس امام کے عمر رسیدہ ہونے کا خیال کرتے ہوئے یا عقیدت اور دینی محبت کے سبب اس کی مالی امداد کیلئے ایک علیحدہ سے فنڈ قائم کرلیں ،جس میں خود بھی حصہ ڈالیں اور دوسروں کو بھی ترغیب دیں ،تو ان کیلئے بڑے اجر و ثواب کا باعث ہے۔

رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:

"مراعاة غرض الواقفين واجبة"

ترجمہ:واقفین کے غرض کی رعایت کرنا واجب ہے۔

(رد المحتار ،ج:6،ص:683،مکتبہ رحمانیہ)۔

الد المختار مع تنویر الابصار میں ہے:

"(ويبدأ من غلته بعمارته) ثم ما هو أقرب لعمارته (ش:وأعم للمصلحة)كإمام مسجد ومدرس مدرسة يعطون بقدر كفايتهم ثم السراج والبساط كذلك إلى آخر المصالح"

ترجمہ:یعنی وقف کی آمدنی سے سب سے پہلے خرچے کی شروعات وقف کی عمارتِ ضروریہ پر کی جائے گی،اس کے بعد جو عمارتِ ضروریہ کے زیادہ قریب ہو ر مسجد ک لئے زیادہ سے زیادہ فائدہ مند ہو جیسے مسجد کے امام اور مدرسے کے مدرس (کے وظائف)انہیں قدرِ کفایت دیا جائے گا اس کے بعد ڈِئے(یعنی مسجد کی لائیٹنگ )اور چٹائیوں پر اسی طرح (یعنی قدر ِ کفایت خرچ کیا جائے گا)وقف کے دیگر مصالح پر۔

اس کے تحت علامہ ابنِ عابدین شامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

"(قوله:ثم ما هو أقرب لعمارته إلخ) أي فإن انتهت عمارته وفضل من الغلة شيء يبدأ بما هو أقرب للعمارة وهو عمارته المعنوية التي هي قيام شعائره۔۔۔ هذا إذا لم يكن معينا فإن كان الوقف معينا على شيء يصرف إليه بعد عمارة البناء"

ترجمہ:(اس کا قول: اس کے بعد جو عمارتِ ضروریہ کے زیادہ قریب ہو)یعنی جب وقف کی عمارتِ ضروریہ کا کام ختم ہوجائے اور وقف کی آمدنی میں سے کچھ بچے ،تو پھر جو عمارتِ ضروریہ کے زیادہ قریب ہے اس پر خرچ کی شروعات کی جائے گیاور وہ وقف کی عمارتِ معنویہ ہے اور معنویہ وہ ہے جس کی وجہ سے وقف کے شعار قائم ہیں۔وقف کے مال کوخرچ کرنے میں یہ (وسعت)اس صورت میں ہے کہ اس کا مصرف(واقف کی طرف سے)معین نہ ہو ،لیکن اگر واقف کا مصرف(واقف کی طرف سے) معین ہے ،تو عمارت کی تعمیر کے بعد اسی مصرف پر خرچ کیا جائے گا۔

(رد المحتار ،ج:6،ص:562۔564،مکتبہ رحمانیہ)۔

امام اہل سنت امام اَحمد رضا خان قادری عليہ الرحمہ فرماتے ہیں:

" وقف جس غرض کےلئے ہے اسکی آمدنی اگرچہ اس کے صرف سے فاضل ہو دوسری غرض میں صرف کرنی حرام ہے وقف مسجد کی آمدنی مدرسہ میں صرف ہونی درکنار دوسری مسجد میں بھی صرف نہیں ہوسکتی، نہ ایک مدرسہ کی آمدنی مسجد یا دوسرے مدرسہ میں در مختار میں ہے: جب واقف ایک ہواور جہت وقف بھی ایک ہو اور آمدن کی تقسیم بعض موقوف علیہ حضرات پر کم پڑجائے توحاکم کو اختیار ہے کہ وہ دوسرے فاضل وقف سے ان پر خرچ کردے کیونکہ یہ دونوں وقف ایک جیسے ہیں، اور اگر واقف یا جہت وقف دونوں کی مختلف ہو مثلاً دو حضرات نے علیحدہ علیحدہ مسجد بنائی یا ایک نے مسجد اور دوسرے نے مدرسہ بنایا اور ہر ایک نے ان کے لئے علیحدہ وقف مقرر کئے تو پھر ایک کی آمدن سے دوسرے کے مصارف کے لئے خرچ کرنا جائزنہیں۔ چندہ کا جو روپیہ کام ختم ہوکر بچے لازم ہے کہ چندہ دینے والوں کو حصہ رسد واپس دیا جائے یا وہ جس کام کے لئے اب اجازت دیں اس میں صَرف ہو ، بے ان کی اجازت کے صَرف کرنا حرام ہے ،ہاں جب ان کا پتا نہ چل سکے تو اب یہ چاہئے کہ جس طرح کے کام کے لئے چندہ لیا تھا اسی طرح کے دوسرے کام میں اُٹھائیں (یعنی استِعمال کریں)مَثَلاً تعمیرِمسجد کا چندہ تھا مسجد تعمیر ہوچکی تو باقی بھی کسی مسجد کی تعمیر میں اُٹھائیں ،غیر کام مَثَلاً تعمیرِ مدرسہ میں صرف نہ کریں اور اگر اسی طرح کا دوسرا کام نہ پائیں تو وہ باقی روپیہ فقیروں کو تقسیم کردیں ۔

(فتاوٰی رضویہ، ج:16 ،ص:206،رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔

صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں:

"جب عطیہ وچندہ پر آمدنی کا دارومدار ہے،تو دینے جس مقصد کے لیے چندہ دیں یا کوئی اہل خیر جس مقصد کے متعلق اپنی جائداد وقف کرے اسی مقصد میں وہ رقم یا آمدنی صرف کی جاسکتی ہے،دوسرے میں صرف کرنااجائز نہیں مثلا اگر مدرسہ کے لیے ہو ،تو مدرسہ پر صرف کی جائے اور مسجد کے لیے ہو تو مسجد پر اور قبرستان کی حد بندی کے لیے ہو تو اس پر ،اور اگر دینے والے نے اس کا صرف کرنا متولیوں کی رائے پر رکھا ہو تو یہ اپنی رائے سے جن میں مناسب سمجھیں ،صرف کرسکتے ہیں۔

(فتاوٰی امجدیہ ج 3 ص 42،مکتبہ رضویہ کراچی)۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

31/مئی/2024 ۔ 23ذوالقعدہ 1445ھ کو جاری کیا گیا