سوال
کیا فرماتے ہیں مفتیانِ دین و متین مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ ایک سید شخص داڑھی کاٹتا ہےایک مشت سے کم داڑھی رکھتا ہے کیا ایسے شخص کے پیچھے نماز جائز ہے؟ کیا ایسا شخص امامت کا اہل ہے قرآن و حدیث کی روشنی میں مفصل جواب عنایت فرمائیں ! سائل:محمدشیراز ،کشمیر
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ کہ امامت کا اہل وہ مسلمان ہے،جو مُتدیَّن سنی صحیح العقیدہ ہو ، یعنی بدمذھب نہ ہو ،صحیح الطہارۃ ہو یعنی وضو،غسل اور کپڑوں وغیرہ کی طہارت رکھتاہو،صحیح القرات ہو،(مثلا ا،ع،ت،ط،س،ص،ہ،ح،ذ،ز،ظ اور د،ض،میں فرق کرتا ہو )، فاسق معلن نہ ہو اسی طرح وہ امور جو منافی امامت ہیں ان سے پاک ہو،محرمات و ممنوعات سے بچتا ہو ،لہذاداڑھی منڈانے والے یا خشخشی داڑھی رکھنے والے امام کے پیچھے کوئی بھی نماز ،چاہے فرض ہویا واجب و نفل پڑھنا جائز نہیں اور اسے امام بنانا بھی ناجائز وگناہ ہے اور اس کے پیچھے اگر نماز پڑھ لی ، تو وہ مکروہ تحریمی ، واجب الاعادہ یعنی دوبارہ پڑھنا واجب ہے ۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ مردوں کے لیے داڑھی رکھنا واجب ہے، اس کی شرعی مقدار ایک قبضہ یعنی ایک مشت اور داڑھی رکھنا اسلامی اور مذہبی شعار ‘ تمام انبیاء کرام علیہم السلام کی متفقہ سنتِ متوارثہ اور شرافت و بزرگی کی علامت ہے اسی سے مردانہ شکل وصورت کی تکمیل ہوتی ہے،حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا دائمی عمل ہے اور حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اسے فطرت سے تعبیر فرمایا ہے‘ لہذا اسلام میں داڑھی رکھنا ضروری ہے اور منڈانا یا ایک مٹھی سے پہلے کترانا حرام اور گناہ کبیرہ ہے جو لوگ ایک مٹھی سے کم داڑھی کو جائز قرار دیتے ہیں… ان کے دلائل نہایتی کمزور اور بودے ہیں۔ایک مشت کی مقدار داڑھی رکھنا واجب ہے ، نیز حضور اکرم نور مجسم ﷺ کی داڑھی مبارک ایک مشت تھی ، جب تجاوز کرجاتی تو آپ ﷺ طول و عرض میں سے کم فرماتے، لیکن ایک مشت ہمیشہ رہی۔ نیز داڑھی اس قدر لمبی رکھنا کہ بد نما صورت ہوجائے، وہ خلاف سنت و مکروہ ہے۔
صحیح مسلم میں ہے :
"عَنْ عَائِشَةَ، قَالَتْ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" عَشْرٌ مِنَ الْفِطْرَةِ: قَصُّ الشَّارِبِ، وَإِعْفَاءُ اللِّحْيَةِ، وَالسِّوَاكُ، وَاسْتِنْشَاقُ الْمَاءِ، وَقَصُّ الْأَظْفَارِ، وَغَسْلُ الْبَرَاجِمِ، وَنَتْفُ الْإِبِطِ، وَحَلْقُ الْعَانَةِ، وَانْتِقَاصُ الْمَاءِ"قَالَ مُصْعَبٌ:وَنَسِيتُ الْعَاشِرَةَ إِلَّا أَنْ تَكُونَ الْمَضْمَضَةَ"
ترجمہ:دس چیزیں فطرت میں سے ہیں: مونچھوں کا کتروانا،داڑھی بڑھانا،مسواک کرنا، ناک میں پانی ڈال کرناک صاف کرنا، ناخن تراشنا،بدن کے جوڑوں کو دھونا،بغل کے بال اکھاڑنا،زیر ناف بال صاف کرنا،پانی سے استنجاء کرنا، راوی کو دسویں چیز یاد نہ رہی۔ فرماتے ہیں : ممکن ہے کہ وہ کلی کرنا ہو
(مسلم،رقم الحدیث:56)۔
اس حدیث میں جو سنداً نہایت قوی حدیث ہے، دس چیزوں کو جن میں سے داڑھی کا بڑھانا اور مونچھوں کا کترانا بھی فطرت بتلایاگیا ہے اور فطرت عرف شرع میں ان امور کو کہا جاتاہے جو تمام انبیا اور رسل کی معمول بہ اور متفق علیہ سنت ہو اور امت کو ان پر عمل کرنے کا حکم ہو۔
امام نووی شرح مسلم میں فرماتے ہیں:
”قالوا: ومعناہ انہا من سنن الانبیاء صلوات اللہ وسلامہ علیہم“
یعنی فطرت کے معنی یہ ہے کہ وہ تمام انبیاء کرام علیہم الصلواۃ وص السلام کی سنتوں میں سے ہے۔
(نووی شرح مسلم‘ ج:1‘ ص:128،قدیمی کتب خانہ)۔
صحیح بخاری حضرت ابنِ عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:
"قَالَ:خَالِفُوا المُشْرِكِينَ: وَفِّرُوا اللِّحَى، وَأَحْفُوا الشَّوَارِبَ " وَكَانَ ابْنُ عُمَرَ: «إِذَا حَجَّ أَوِ اعْتَمَرَ قَبَضَ عَلَى لِحْيَتِهِ، فَمَا فَضَلَ أَخَذَهُ»
ترجمہ:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مشرکوں کی مخالفت کرو،داڑھیاں بڑھاؤ اور موچھیں کم کرو اور حضرت ابنِ عمر( رضی اللہ عنہما) حج یا عمرہ پر جاتے تو اپنی داڑھی مٹھی میں لیتے جو مٹھی سے زائدہوتی اسے کاٹ دیتے۔
(بخاری،رقم الحدیث:5892)۔
صحیح مسلم میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:
"قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «جُزُّوا الشَّوَارِبَ، وَأَرْخُوا اللِّحَى خَالِفُوا الْمَجُوسَ»
ترجمہ:موچھیں کاٹو ،داڑھیاں بڑھاؤ اور مجوسیوں کی مخالفت کرو ۔
(مسلم،رقم الحدیث:55)۔
جامع ترمذی میں ہے:
" أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يَأْخُذُ مِنْ لِحْيَتِهِ مِنْ عَرْضِهَا وَطُولِهَا.
ترجمہ:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی داڑھی مبارک میں سے طول و عرض سے کم فرمایا کرتے تھے۔
(جامع ترمذی،رقم الحدیث:2762)۔
امام ِ اہلسنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ اس حدیث کے حوالے سے تحریر فرماتے ہیں : ’’ علماء فرماتے ہیں یہ اس وقت ہوتا تھا جب ریشِ اقدس ایک مشت سے تجاوز فرماتی تھی۔۔ ہمارے علماء کے اقوال گزرے کہ قبضہ سے زیادہ کا تراشنا سنت ہے۔ '‘
(فتاوی رضویہ، ج:22،ص: 590،رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔
صحیح بخاری میں ہے:
" لَعَنَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ المُخَنَّثِينَ مِنَ الرِّجَالِ، وَالمُتَرَجِّلاَتِ مِنَ النِّسَاءِ، وَقَالَ: «أَخْرِجُوهُمْ مِنْ بُيُوتِكُمْ» قَالَ: فَأَخْرَجَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فُلاَنًا، وَأَخْرَجَ عُمَرُ فُلاَنًا"
ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مرد مخنِّثین اور ان عورتوں پر جو مردوں کی مشابہت کرتی ہیں ۔ اور فرمایا:ان کو اپنے گھروں سے نکالو ۔کہا کہ نبی کریم صلی اللہ نے ایک شخص(سیاہ فام غلام) کو نکالا اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے بھی ایک شخص کو نکالا ۔
(بخاری،رقم الحدیث:5886)
سنن ابنِ ماجہ حضرت ابنِ عباس سے مروی ہے:
"أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَعَنَ الْمُتَشَبِّهِينَ مِنْ الرِّجَالِ بِالنِّسَاءِ، وَلَعَنَ الْمُتَشَبِّهَاتِ مِنْ النِّسَاءِ بِالرِّجَالِ"
ترجمہ:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کے ساتھ مشابہت رکھنے والے مردوں پر اورمردوں کے ساتھ مشابہت رکھنے والی عورتوں پر لعنت فرمائی ۔
(ابنِ ماجہ،رقم الحدیث:1904)۔
مروان بن سالم مقفع رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ میں نے حضرت عبد ﷲ بن عمر رضی اللہ عنہما کو دیکھا۔
"يَقْبِضُ عَلَی لِحْيَتِهِ فَيَقْطَعُ مَا زَادَ عَلَی الْکَفِّ".
ترجمہ: ’’وہ اپنی داڑھی مبارک کو مٹھی میں پکڑ کر جو مٹھی سے زائد ہوتی اسے کاٹ دیتے تھے۔
(أبي داؤد، السنن، رقم الحدیث: 2357)۔
حضرت سماک بن یزید رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، بیان کرتے ہیں:
"کَانَ عَلَيً رضی الله عنه يَأخُذُ مِنْ لِحْيَتِهِ مِمَّا يَلِيْ وَجْهَهُ"
ترجمہ: ’’حضرت علی رضی اللہ عنہ اپنے چہرے کے قریب سے داڑھی مبارک کاٹتے تھے۔
(ابن أبي شيبة، المصنف، 5: 225، رقم: 25480)۔
حضرت ابو زرعہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
"کَانَ أَبُو هُرَيْرَةَ رضی الله عنه يَقْبِضُ عَلَی لِحْيَتِهِ ثُمَّ يَأخُذُ مَافَضَلَ عَنِ القُبْضَةِ"
ترجمہ:’’حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ اپنی داڑھی مبارک کو مٹھی میں پکڑتے اور مٹھی سے زائد داڑھی کو کاٹ دیتے تھے۔‘‘
کتاب الآثار للامام ابی یوسف میں ہے:
”حَدَّثَنَا يُوسُفُ عَنْ أَبِيهِ عَنْ أَبِي حَنِيفَةَ، عَنِ الْهَيْثَمِ، عَنِ ابْنِ عُمَرَأَنَّهُ «كَانَ يَقْبِضُ عَلَى لِحْيَتِهِ، فَيَأْخُذُ مِنْهَا مَا جَاوَزَ الْقَبْضَةَ “۔
ترجمہ:امام ابو یوسف اپنے والد اے اور حضرت ابوحنیفہ سے وہ حضرت ہیثم سے روایت کرتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ بن عمر داڑھی کو مٹھی میں پکڑ کرمٹھی سے زائد حصہ کو کاٹ دیا کرتے تھے“۔
(کتاب الآثار لامام ابو یوسف،رقم الحدیث:1040)۔
امام اہلسنت امام احمد رضاخان علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں :
”داڑھی کا اس سے زائد طول کہ حدِ اعتدال سے خارج ہو جائے اور بے موقع و بد نما ہو، تو بلا شبہہ خلاف سنت و مکروہ ہے۔ کیونکہ صورت بد نما بنانا، اپنے منہ پر دروازہءِ طعن و مسخریہ کھولنا ،مسلمانوں کو استہزاء و غیبت کی آفت میں ڈالنا ، ہرگز شریعتِ مطہره نہیں‘‘۔
(فتاوی رضویہ،ج:22،ص: 582،رضا فاؤنڈیشن لاہور)ـ
در مختار مع تنویر الابصار میں ہے:
"وأما الأخذ منها وهي دون ذلك كما يفعله بعض المغاربة، ومخنثة الرجال فلم يبحه أحد، وأخذ كلها فعل يهود الهند ومجوس الأعاجم فتح.
ترجمہ: اور داڑھی کو کم کرنا درآنحالیکہ وہ قبضہ سے کم ہو جیساکہ بعض مغربی اور مرد وں میں سے ہیجڑے کرتے ہیں اس کام کو کسی نے بھی جائز نہیں کہا ۔اورپوری داڑھی کو کاٹنا ہندکے یہودیوں اور عجمی مجوسیوں کا فعل ہے۔
(در مختار مع تنویر الابصار،ج:3،ص:456،مکتبہ رحمانیہ)۔
فتح القدیر میں ہے:
"وأما الأخذ منها وهي دون ذلك كما يفعله بعض المغاربة ومخنثة الرجال فلم يبحه أحد"
ترجمہ: اور داڑھی کو کم کرنا درآنحالیکہ وہ قبضہ سے کم ہو جیساکہ بعض مغربی اور مرد وں میں سے ہیجڑے کرتے ہیں اس کام کو کسی نے بھی جائز نہیں کہا ۔
(فتح القدیر ،ج:2،ص:348،دار الفکر بیروت)۔
البحر الرائق میں ہے:
"ولا يفعل لتطويل اللحية إذا كانت بقدر المسنون، وهو القبضة كذا في الهداية وكان ابن عمر يقبض على لحيته فيقطع ما زاد على الكف رواه أبو داود في سننه وما في الصحيحين عن ابن عمر عنه - عليه الصلاة والسلام - «أحفوا الشوارب واعفوا اللحى» فمحمول على إعفائها من أن يأخذ غالبها أو كلها كما هو فعل مجوس الأعاجم من حلق لحاهم فيقع بذلك الجمع بين الروايات، وأما الأخذ منها وهي دون ذلك كما يفعله بعض المغاربة ومخنثة الرجال فلم يبحه أحد"
ترجمہ:اور داڑھی کو بڑھانے کیلئے (تیل) نہ لگایا جائے، جب داڑھی سنت کی مقدار ہو اور وہ ایک مٹھی ہےاس طرح ہدایہ میں ہے اور حضرت ابن عمر (رضی اللہ عنہما) اپنی داڑھی مٹھے میں لیتے اور ایک مٹھی سے زیادہ ہوتی آپ اسے کاٹ لیتے اس ابو داؤد نے اپنی سنن میں روایت کیا ہے اور جو صحیحین میں حضرت ابنِ عمر (رضی اللہ عنہما) حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں :موچھیں چھوٹی کرو اور داڑھیاں بڑھاؤ ۔یہ اس بڑھانے پر محمول ہے جس کا اکثر حصہ کاٹ دیا جائے یا پوری کاٹ دی جائے جیساکہ عجمی مجوسیوں کا اپنی داڑھیاں منڈانے کا طریقہ ہے ،لہذا اسی طرح روایات جمع ہوجائیں گی،وہ اور داڑھی کو کم کرنا درآنحالیکہ وہ قبضہ سے کم ہو جیساکہ بعض مغربی اور مرد وں میں سے ہیجڑے کرتے ہیں اس کام کو کسی نے بھی جائز نہیں کہا ۔
(البحر،ج:2،ص:302، دار الكتاب الإسلامي)۔
درر شرح غرر الحکام میں ہے:
"عَنْ رَسُولِ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - أَنَّهُ كَانَ يَأْخُذُ مِنْ اللِّحْيَةِ مِنْ طُولِهَا وَعَرْضِهَا وَأَمَّا الْأَخْذُ مِنْ اللِّحْيَةِ، وَهِيَ دُونَ الْقُبْضَةِ كَمَا يَفْعَلُهُ بَعْضُ الْمَغَارِبَةِ وَمُخَنَّثَةُ الرِّجَالِ فَلَمْ يُبِحْهُ أَحَدٌ وَأَخْذُ كُلِّهَا فِعْلُ مَجُوسِ الْأَعَاجِمِ وَالْيَهُودِ وَالْهُنُودِ وَبَعْضِ أَجْنَاسِ الْإِفْرِنْجِ كَمَا فِي الْفَتْحِ"
ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہے کہ اپنی داڑھی مبارک میں سے طول عرض سے کم فرمایا کرتے تھے۔ اور داڑھی کو کم کرنا درآنحالیکہ وہ قبضہ سے کم ہو جیساکہ بعض مغربی اور مرد وں میں سے ہیجڑے کرتے ہیں اس کام کو کسی نے بھی جائز نہیں کہا ۔اورپوری داڑھی کو کاٹنا ہندوں، یہودیوں ، عجمی مجوسیوں اور بعض عجمی فرنگیوں کا فعل ہے"جیساکہ فتح القدیر میں ہے"۔
(درر شرح غرر،ج:1،ص:208، دار إحياء الكتب العربية)۔
شیخ محقق شاہ عبد الحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ (1052ھ) تحریر فرماتے ہیں:
گذاشتن آں بقدر قبضہ واجب است و آنکہ آنرا سنت گیند بمعنی طریقہ مسلو ک دین است یا بجہت آنکہ ثبوت آں بسنت است ، چنانکہ نماز عید را سنت گفتہ اند"
ترجمہ: داڑھی بمقدار ایک مشت رکھنا واجب ہے اور جو اسے سنت قرار دیتے ہیں وہ اس معنی میں ہے کہ یہ دین میں آنحضرت ﷺ کا جاری کردہ طریقہ ہے یا اس وجہ سے کہ اس کا ثبوت سنت نبوی ﷺ سے ہے، جیسا کہ نماز عید کو سنت کہا جاتا ہے‘‘۔
(اشعۃ اللمعات،کتاب الطہارۃ ، باب السواک ،1/21)۔
امام اہلسنت امام احمد رضاخان علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں : ”داڑھی کترواکر ایک مشت سے کم رکھنا حرام ہے۔“
(فتاوی رضویہ ، جلد23 ، صفحہ 98، رضا فاؤنڈیشن ، لاہور)
ایک اور مقام پر تحریر فرماتے ہیں : ”داڑھی ترشوانے والے کو امام بنانا گناہ ہے اور اس کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی کہ پڑھنی گناہ اور پھیرنی واجب ۔“
(فتاوی رضویہ ، جلد6 ، صفحہ 603، رضا فاؤنڈیشن ، لاہور)
ایک اور مقام پر تحریر فرماتے ہیں :” وہ فاسق معلن ہے اور اسے امام کرنا گناہ اور اس کے پیچھے نماز پڑھنی مکروہ تحریمی۔ غنیہ میں ہے:’’ لوقدموا فاسقا یاثمون “اگر لوگوں نے فاسق کو مقدم کیا تو وہ لوگ گنہگار ہوں گے۔
(فتاوی رضویہ ، جلد 6، صفحہ544، رضا فاؤنڈیشن، لاہور )
مزید تحریر فرماتے ہیں : ”داڑھی کا اس سے زائد طول کہ حدِ اعتدال سے خارج ہو جائے اور بے موقع و بد نما ہو، تو بلا شبہہ خلاف سنت و مکروہ ہے۔ کیونکہ صورت بد نما بنانا، اپنے منہ پر دروازہءِ طعن و مسخریہ کھولنا ،مسلمانوں کو استہزاء و غیبت کی آفت میں ڈالنا ، ہرگز شریعتِ مطہره نہیں‘‘۔
(فتاوی رضویہ،ص:22،ص:582، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)ـ
علامہ حسن شرنبلالی مراقی الفلاح میں فرماتے ہیں:
الفاسق العالم تجب اهانته شرعا فلا يعظم"
ترجمہ:فاسق عالم کی شرعا توہین ضروری ہے اس لئے اس کی تعظیم نہ کی جائے ۔
(مراقی الفلاح،ص:165،نور محمد کتب خانہ کراچی)۔
طحطاوی علی مراقی الفلاح میں ہے:
"کره إمامة الفاسق، والفسق لغةً: خروج عن الاستقامة، وهو معنی قولهم: خروج الشيء عن الشيء علی وجه الفساد. وشرعاً: خروج عن طاعة اﷲ تعالی بارتکاب کبیرة. قال القهستاني: أي أو إصرار علی صغیرة. (فتجب إهانته شرعاً فلایعظم بتقدیم الإمامة) تبع فیه الزیلعي ومفاده کون الکراهة في الفاسق تحریمیة".
ترجمہ:فاسق کی امامت مکروہ ہے ،اور فسق لغت میں استقامت سے نکلنے کو کہتے ہیں اور شرعا کبیرہ گناہ کے ذریعےاللہ تعالیٰ کی اطاعت سے نکلنے کو فسق کہتے ہیں کہستانی نے کہا:یا صغیرہ گناہ کے اصرار پر ،لہذا فاسق کی اہانت شرعا واجب ہے لہذا اسے امامت میں آگے کرنے سے تعظیم نہیں کی جائے گی،اس میں زیلعی نے اتباع کیا ہے جس کا مفاد یہ ہے کہ فاسق میں کراہت کراہتِ تحریمی ہے۔
( الطحطاوي علی مراقي الفلاح،ج:1،ص:303،دار الكتب العلمية بيروت)۔
اعلیٰ حضرت امام اہلسنت امام احمد رضاخان قادری علیہ الرحمہ فاسق و فاجر کی تعریف اور گناہِ صغیرہ کے مرتکب کے پیچھے امامت کے سوال کے جواب میں فرماتے ہیں : ”فاسق وہ کسی گناہ کبیرہ کا مرتکب ہوا اور وہی فاجر ہے، اور کبھی فاجر خاص زانی کو کہتے ہیں، فاسق کے پیچھے نماز مکروہ ہے پھر اگر معلن نہ ہو یعنی وہ گناہ چھپ کر کرتا ہو معروف و مشہور نہ ہو تو کراہت تنزیہی ہے یعنی خلاف اولی ، اور اگر فاسق معلن ہے کہ علانیہ کبیرہ کا ارتکاب یا صغیرہ پر اصرار کرتا ہے تو اسے امام بنا نا گناہ ہے اور اس کے پچھے نماز مکروہ تحریمی کہ پڑھنی گناہ اور پڑھ لی ہو تو پھیرنی واجب ۔
(فتاوی رضویہ ، ج: 6، ص:601، رضا فاؤنڈیشن، لاہور )۔
مذکورہ تمام احادیث اور متقدِّمین و متاخّرین فقہا کرام کے اقوال کا خلاصہ یہ ہے کہ ایک مشت داڑھی رکھنا واجب ہے اور ایک مشت یعنی قبضہ سے کم کرنا مکروہ تحریمی ہے،اور ایسے شخص کو امام بنانا اور اس کے پیچھے نماز پڑھنا مکروہ ِ تحریمی واجب الاعادہ ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب