سوال
الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ میرا کار رینٹل (Car Rental) کا کاروبار ہے۔ بعض اوقات گاہک گاڑی لیتے وقت جتنے دنوں کا معاہدہ کرتا ہے، اس مدت سے پہلے ہی گاڑی واپس کر دیتا ہے، جبکہ کمپنی کی پالیسی "No Refund on Early Car Return" ہے، یعنی گاڑی مقررہ مدت سے پہلے واپس کرنے کی صورت میں باقی دنوں کے کرائے کی رقم واپس نہیں کی جاتی، اور یہ شرط معاہدے میں بھی واضح طور پر درج ہوتی ہے۔اس کے باوجود بعض گاہک باقی دنوں کے کرائے کی رقم واپس کرنے پر اصرار کرتے ہیں۔براہِ کرم شرعی رہنمائی فرمائیں کہ کیا باقی دنوں کے کرائے کی رقم کمپنی کے لیے گاہک کو واپس کرنا واجب ہے؟ اور اگر کمپنی یہ رقم واپس نہ کرے تو کیا وہ گناہ گار ہوگی؟اور اگر ہم اس سے زائد اجرت کاٹیں مثال کےطور پر ماہانہ اجرت بارہ سو روپے ہے اور ہفتے کےتین سو بنتے ہیں اورہم جلدی واپس کرنےکی صورت میں چار سو کاٹتے ہیں تو کیا ایسا کرنا جائز ہے؟ بینوا توجروا! سائل:Shariq Ghazanfar (Dubai)
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہے کہ مدتِ اجارہ پوری ہونے سے پہلے اگر باہمی رضامندی سےیا اجارہ فی دن کے اعتبار سے طے کیے جانے کی صورت میں یا کسی عذرِ بیّن کی بنا پر اجارہ فسخ کیا جائے ، تو بقیہ مدت کی اجرت اس پر لازم نہیں ہوگی، اور اگر بقیہ مدت کی اجرت پیشگی ادا کرچکا ہو تو باہمی رضامندی اورعذرِبیّن کی بناء پر گاڑی واپس کرنے کی صورت میں بقیہ مدت کی اجرت واپس کرنا لازم ہوگا، اور واپس نہ کرنے کی صورت میں یا مدت سےزیادہ اجرت (جیسے :ایک ہفتے کے تین سو کی بجائے چار سو روپے) کاٹنے کی صورت میں کمپنی گناہ گار ہوگی۔اور اگر باہمی رضا مندی یا کسی عذرِ بیّن کے بغیر گاڑی واپس کرتا ہے تو محض مستاجرکے یک طرفہ طور پر گاڑی واپس کرنے سے اجارہ فسخ نہیں ہوگا، بلکہ بقیہ مدت کی اجرت اس پر لازم ہوگی، اور اگر اجرت پیشگی ادا کرچکا ہو تو بقیہ مدت کی اجرت کمپنی پر واپس کرنا لازم نہیں ہوگا اور بقیہ مدت کی اجرت واپس نہ کرنے کی صورت میں کمپنی گناہ گار نہیں ہوگی۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ اگر اجارہ ایک متعین مدت (ایک ماہ ،ایک سال)کے اعتبار سے طے کیا گیا ہوجیسا کہ ہمارا عرف ہے، تو مقررہ مدت تک اجارہ صحیح اور لازم ہوگا۔ مدت پوری ہونے سے پہلےعاقدین باہمی رضامندی سے اجارہ فسخ کرسکتے ہیں، البتہ عاقدین میں سے کوئی ایک یک طرفہ طور پر اجارہ فسخ نہیں کر سکتا، کیونکہ عقدِ اجارہ عقودِ لازمہ میں سے ہے اور مدت سے پہلے اس کو فسخ کرنے کے لیے عاقدین کی باہمی رضامندی شرط ہے۔لہذا اگر مستاجر یک طرفہ طور پر مدتِ اجارہ پوری ہونے سے پہلے اجارہ فسخ کرے گا تو بقیہ مدت کی اجرت اس پر لازم ہوگی، اور اگر اجرت پیشگی ادا کی گئی ہو تو مستاجر بقیہ مدت کی اجرت واپس لینے کا مستحق نہیں ہوگا کیونکہ مدتِ اجارہ پوری ہونے سے پہلے یک طرفہ طورپر مستاجرہ چیزکو واپس کرنے سے موجر کو نقصان لاحق ہوگا، اس لیے کہ درمیانِ مدت (مہینہ کےدرمیان میں )گاڑی کو دوبارہ کرائے پر چڑھانا مشکل ہوتا ہے۔
البتہ اگر کسی فریق کو ایسا عذرِ بیّن درپیش ہو کہ عقدِ اجارہ کو برقرار رکھنے کی صورت میں اس کی جان یا مال کو نقصان پہنچےگا اور اس عذر کے لاحق ہونےمیں کوئی تردد اور خفاء نہ ہو،تو حدیثِ مبارک"لا ضرر ولا ضرار في الإسلام"کی بنا پر صاحبِ عذر کو یک طرفہ طور پر فسخِ اجارہ کا حق حاصل ہوگااور بقیہ مدت کی اجرت اس پر لازم نہیں ہوگی ۔ اوراگر کوئی عذرہی موجود نہ ہو یا عذر موجود ہولیکن وہ عذر ِ بیّن نہ ہو تو کسی فریق کو محض یک طرفہ طور پر فسخِ اجارہ کاحق حاصل نہیں ہوگااور مستاجرپر بقیہ مدت کی اجرت لازم ہوگی۔ اوران دونوں (باہمی رضامندی ،عذرِ بیّن) میں اگر اجرت پیشگی ادا کر چکا ہو توکمپنی پر بقیہ مدت کی اجرت واپس کرنا لازم ہوگااور کمپنی واپس نہ کرنے کی صورت میں گناہ گار ہوگی۔
اور اگر اجارہ ہر دن کے اعتبار سے طے کیا گیا ہو تو صرف پہلے دن کا اجارہ صحیح ہوگا، جبکہ باقی دنوں کا اجارہ عدمِ تعیین کی وجہ سے فاسد ہوگا، لہٰذا پہلے دن کے اختتام پر فریقین میں سے ہر ایک کو دوسرے کی موجودگی میں اجارہ فسخ کرنے کا کا حق حاصل ہوتا ہے۔ اور اگر دوسرا دن شروع ہوگیا تو دوسرے دن میں بھی اجارہ صحیح ہوجائے گا ،لہذا اس صورت میں معاہدےکی مدت سے پہلے مستاجرہ چیز واپس کرنے کی صورت میں مستاجر سے بقیہ دنوں کی اجرت لینا جائز نہیں اور اگر پیشگی ادا کی گئی ہو تو کمپنی پر بقیہ مدت کی اجرت واپس کرنا لازم نہیں ہوگااور بقیہ مدت کی اجرت واپس نہ کرنے کی صورت میں کمپنی گناہ گار نہیں ہوگی کیونکہ پیشگی اجرت ادا کرنے کی وجہ سےاس مدت تک اجارہ لازم ہوگیاتھااورکسی فریق کو یک طرفہ طورپر اجارہ فسخ کرنے کاحق حاصل نہیں ہوگا ۔
اور اگر مذکورہ تینوں چیزیں (باہمی رضامندی،عذرِ بیّن اور فی دن کے اعتبار سےاجارہ ) موجود نہ ہوں تو محض مستاجر کے فسخ کرنے اور گاڑی واپس کرنے سے اجارہ فسخ نہیں ہوگا اور کمپنی پر بقیہ دنوں کی اجرت واپس کرنا لازم نہیں ہوگی اورکمپنی بقیہ دنوں کی اجرت واپس نہ کرنے کی وجہ سےگناہ گار نہیں ہوگی ۔
ارشادِ باری تعالٰی ہے:
لَا تَاْكُلُوْۤا اَمْوَالَكُمْ بَیْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ
ترجمہِ کنزالایمان: آپس میں ایک دوسرے کے مال ناحق نہ کھاؤ ۔
(النسآء،آیت:29)
حدیث مبارکہ میں ہے:
" عن ابن عباس قال: قال رسول الله ﷺ: لا ضررولا ضرار"
ترجمہ:حضرت عبداللہ ابنِ عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایاکہ نہ دوسرے کو نقصان پہنچاؤاور نہ خود نقصان برداشت کرو ۔
(سنن ابنِ ماجہ،رقم الحدیث:2341)
فتح القدیرمیں ہے:
"والاجارة عقد لازم حتى لا ينفرد احد العاقدين فيها بالفسخ"
ترجمہ:عقدِ اجارہ عقودِ لازمہ میں سے ہے یہاں تککہ عاقدین میں سے کوئی ایک(اکیلا) اس کو فسخ نہیں کرسکتا۔
(فتح القدیر،کتاب الشرکۃ،ج،6،ص،154،مکتبہ اشرفیہ )
الدرالمختارمیں ہے:
"ان العذر ظاہرا ینفرد وان مشتبھا لا ینفرد وھوالاصح "
ترجمہ:اگر عذر ظاہر ہےتو صاحب عذر اکیلا اس عقد کو فسخ کرسکتاہے اور اگر عذر ظاہر نہ ہوتو اکیلا فسخ نہیں کرسکتا۔
( الدرالمختار،کتاب الاجارہ ،باب فسخ الاجارہ،ج،9،ص،136،مکتبہ رحمانیہ)
اسی کے تحت ردالمحتارمیں ہے:
" والحاصل ان کل عذر لایمکن معہ استیفاء المعقود علیہ الا بضرریلحقہ فی نفسہ او مالہ یثبت لہ حق الفسخ "
ترجمہ:خلاصہ کلام یہ ہے کہ ہر ایسا عذر جس کے ہوتے ہوئے معقود علیہ سے فائدہ حاصل کرنا اس کی جان یا مال کو نقصان پہنچائے بغیر ممکن نہ ہو، تو اس عذر کےہوتے ہوئے صاحبِ عذر کو فسخ کا حق حاصل ہوگا۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار،کتاب الاجارہ ،باب فسخ الاجارہ،ج،9،ص،136،مکتبہ رحمانیہ)
تنویرالابصار مع الدرالمختار میں ہے:
" ( آجر حانوتا کل شھر بکذا صح فی واحد فقط) و فسد فی الباقی لجھالتھا ۔۔۔ و اذا مضی الشھرفلکل فسخھابشرط حضور الآخر لانتھاء العقد (وفی کل شہر سکن فی اولہ )ھو الیلۃ الاولی و یومھا عرفا وبہ یفتی (صح العقدفیہ )ایضا ۔۔۔(إذا آجرها سنة بكذا صح، وإن لم يسم أجر كل شهر)" ملتقطا
ترجمہ:دکان فی ماہ مقرر اجارہ پردی تو صرف پہلے ایک مہینے کا اجارہ صحیح ہوگا، جبکہ باقی مہینوں کا اجارہ اجرت مجہول ہونے کی وجہ سے فاسد ہوگا۔ اور جب پہلا مہینہ گزر جائے تو ہر فریق کو دوسرے فریق کی موجودگی میں فسخِ اجارہ کا حق ہے، کیونکہ عقدِ صحیح کی مدت پوری ہوچکی ہے۔اور ماہانہ کرایہ پر لےکر مفتی بہ قول کےمطابق پہلی رات اور دن سکونت اختیار کر لی تو اس مہینہ میں بھی عقد صحیح ہوجائےگا ۔اوراگر اس (دکان،مکان) کو ایک سال کے لیے مقررہ اجرت کے عوض کرایہ پر لیا تو اجارہ صحیح ہوگا، اگرچہ ہر مہینے کی الگ اجرت ذکر نہ کی گئی ہو۔
(الدرالمختار مع التنویرالابصار ،کتاب الاجارہ ،باب الاجارۃ الفاسدہ ،ج،9،ص،85تا86،مکتبہ رحمانیہ )
اجارہ پر لی گئی چیز کو مدت سے قبل واپس کرنے کےمتعلق امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں:
"صورتِ مستفسرہ میں اگر ماہوار کرایہ قرار پایاتھاکہ ہر مہینے پر مثلاً دس روپےجب تو اجارہ ایک مہینے کےلئے صحیح و نافذ تھا ، اور باقی مہینوں کےلئے بوجہ عدمِ تعیین مدت ہنوز معدوم ،تو جب تک یہ مہینہ ختم ہوکر دوسرے مہینے کی ایک رات ایک دن نہ ہوجائےدوسرےمہینے کا اجارہ ہی متحقق نہ ہوگا ۔۔۔اس صورت میں تو سال بھر کا کرایہ مانگنا ظاہر ہے کہ صریح ظلم وحرام ہے، اور اگر سالانہ کرایہ قرار پاتاہو،اگر چہ ماہوار کی اجرت بھی بتادی گئی ہو،مثلا کہا یہ دکان ہر سال ساٹھ روپے کرائے پر تجھے دی ہر مہینے پر پانچ روپے،تو اس تقدیر پر اگر چہ پہلے سال کے لئے اجارہ صحیح ہوگیا۔۔۔مگر جبکہ ایك ہفتہ کے بعدکرایہ دار نے کنجی واپس بھیج دی،اور مالکہ کے کارکن نے لے لی،اور اس کے فسخ اجارہ کوقبول کرلیا،تو جبکہ یہ کارکن مالکہ کا مختار عام ہو یا اس عقد خاص کے فسخ وقبول کا مالکہ نے اسے اختیار دیا ہو،یا اسے اختیار نہ تھا،مگر اس نے مالکہ کو اطلاع دی اور وہ فسخ پر راضی ہوگئی،تو ان سب صوتوں میں صرف اسی ہفتہ کا کرایہ زید پر لازم آیا۔زیادہ کی طلب محض بے معنٰی ہے،یونہی اگر نہ اسے قبول فسخ کا اختیار تھا،نہ مالکہ نے فسخ مانا،مگر زید نے یہ فسخ کسی ایسے عذر واضح صریح بلا اشتباہ کی بنا پر کیا کہ اس کے ساتھ اجارہ باقی رکھے تو اسے اس کی جان یا مال میں صریح ضرر لاحق ہو،جس کے لحوق میں کوئی تردد وخفا نہ ہو،تو اس صورت میں بھی صرف اسی ہفتہ کا کرایہ واجب رہا،اور عقد تنہا زید کے فسخ کردینے سے فسخ ہوگیالحدیث لا ضر ولا ضرار فی الاسلام (اسلام میں کوئی دکھ نہیں اور نہ کسی کو دکھ پہنچانا ہے)۔۔۔اور اگریہ بھی نہ تھا بلکہ بلا عذر اس نے اجارہ چھوڑا،یا عذر واضح وصریح نہ تھا،اور خود مالکہ یا اس کے وکیل نے کہ قبول فسخ کاا ختیار رکھتا ہو،اس فسخ کو قبول نہ کیا،نہ دکان اس کے قبضہ سے واپس لی،تو بیشك اس صورت میں دکان بدستور زید کے کرایہ میں ہے،پھر اگر صرف ماہوار کرایہ ٹھہرا تھا تو ہر ختمِ ماہ پر زید کو دکان چھوڑدینے کا اختیار ہوگا،خواہ پہلے مہینے کے ختم پر چھوڑ دے خواہ کسی اور مہینے کے ختم پر،اور جس مہینے کے شروع میں ایك دن گزر جائے گا وہ مہینہ بھر پھر اجارہ صحیح ہوجائے گا اور زید کو تنہا اس کے فسخ کااختیار نہ ہوگا،اور اگر سالانہ کرایہ ٹھہرا تھا تو بعد ختم سال زید کو دکان چھوڑنے کا اختیار ہوگا۔یوں سال دو سال یا ماہ دو ماہ جس قدر مدت تك دکان اس کے اجارہ میں رہے گی،اس قدر کرایہ ا س پر لازم آئے گا۔
(فتاوٰی رضویہ،ج،19ص،490تا492،رضا فاؤنڈیشن )
خلاصہ:
مدتِ اجارہ پوری ہونے سے پہلے اگر باہمی رضامندی سے، یا اجارہ فی دن کے اعتبار سے طے کیے جانے کی صورت میں، یا کسی عذرِ بیّن کی بنا پر اجارہ فسخ کیا جائے ، تو بقیہ مدت کی اجرت اس پر لازم نہیں ہوگی، اور اگر بقیہ مدت کی اجرت پیشگی ادا کرچکا ہو تو بقیہ مدت کی اجرت واپس کرنا لازم ہوگا، اور واپس نہ کرنے کی صورت میں یا مدت سےزیادہ اجرت کاٹنے کی صورت میں کمپنی گناہ گار ہوگی۔اور اگر باہمی رضا مندی یا کسی عذرِ بیّن کے بغیر گاڑی واپس کرتا ہے تو محض مستاجرکے یک طرفہ طور پر گاڑی واپس کرنے سے اجارہ فسخ نہیں ہوگا، بلکہ بقیہ مدت کی اجرت اس پر لازم ہوگی، اور اگر اجرت پیشگی ادا کرچکا ہو تو بقیہ مدت کی اجرت کمپنی پر واپس کرنا لازم نہیں ہوگا اور بقیہ مدت کی اجرت واپس نہ کرنے کی صورت میں کمپنی گناہ گار نہیں ہوگی۔اور باہمی رضا مندی یا عذر وغیرہ کی بناء پر اجارہ فسخ کرنے کی صورت میں اس مدت سے زیادہ کی اجرت (جیسے :ایک ہفتے کے تین سو کی بجائے چار سو روپے)کاٹنا جائز نہیں ۔
واللہ اعلم بالصواب