سوال
الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ آج کل بہت سے لوگ آن لائن میڈیکل بلنگ کا کام کر رہے اور اس طرف آنا بھی چاہ رہے ہیں کیونکہ اس میں بہت پرافٹ ہے۔ لیکن میں نے کچھ علما سے سنا ہے کہ میڈیکل بلنگ جائز نہیں ہوتی ۔میں اس فیلڈ میں جانے سے پہلے اس کی شرعی حیثیت معلوم کرنا چاہتاہوں ۔ میڈیکل بلنگ کی مختصر تفصیل : آمریکہ میں جب کوئی مریض ڈاکٹر سے علاج کرواتا ہے، تو اس کی فیس عام طور پر مریض نہیں بلکہ اس کی انشورنس کمپنی ادا کرتی ہے۔ ڈاکٹر، کلینک یا ہسپتال کے مریضوں کے علاج کا بل تیار کرنےسےلے کر انشورنس کمپنی سے ڈاکٹر یا ہسپتال کی فیس کی ادائیگی تک ، اس پورے عمل کو "میڈیکل بلنگ" کہتے ہیں۔ طریقہِ کار: پاکستان میں بیٹھے فری لانسرز یہ کام انٹرنیٹ اور مخصوص بلنگ سافٹ ویئر کے ذریعے کرتے ہیں۔ امریکی ڈاکٹر سے مریض کی معلومات لینا ۔ ڈاکٹر کی دی ہوئی treatment/procedure کوکوڈز( codes) میں تبدیل کرنا۔ Insurance claim تیار کرکے جمع کروانا۔ Claim reject ہو تو مسئلہ درست کرکے دوبارہ submit کرنا تاکہ ڈاکٹر کو وقت پر اپنے پیسے مل جائیں ۔ Payment اور records کو manage کرنا۔ اس کام کے لیے صرف ایک کمپیوٹر، اچھا انٹرنیٹ کنکشن، تھوڑی سی انگریزی اور بلنگ کے اصولوں کی بنیادی ٹریننگ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور فری لانسر (Freelancer) کے ساتھ پہلے سے طے کیا جاتا ہے کہ آپ کو ماہانہ فکس رقم، فی گھنٹہ اجرت، یا ہر claim کے حساب سے اتنی payment ملے گی۔ شرعی طور پر رہنمائی فرمائیں کہ ایساکام کرنا کیساہے ؟بینو ا توجروا! سائل: محمد فرحت نذیر (سرگودھا)
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم ِشرع یہ ہےکہ میڈیکل بلنگ کا کام کرنا جائز ہے اورمعصیت متعین نہ ہونے کی وجہ سے آمدنی بھی حلال ہو گی ۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ میڈیکل بلنگ کا کام شرعی اعتبار سے عقدِ اجارہ کے تحت آتا ہے؛ کیونکہ اجارہ سے مراد کسی معلوم اور مقصود منفعت کو معلوم عوض کے بدلے حاصل کرنے کا عقد ہے۔ میڈیکل بلنگ میں عموماً بل تیار کرنا، مریض یا ہسپتال کے حسابات مرتب کرنا، متعلقہ کوڈز درج کرنا اور اس نوعیت کے دیگر انتظامی امور انجام دینا شامل ہوتا ہے۔ یہ تمام امور فی نفسہٖ مباح اور قابلِ منفعت خدمات ہیں۔ لہذا ان خدمات پر عقدِ اجارہ کرنا اصولاً جائز ہے۔
فقہائے کرام نے اجارہ کے صحیح ہونے کے لیے ایجاب و قبول اور منفعت و اجرت کے معلوم و متعین ہونے کو ضروری قرار دیا ہے۔ مذکورہ صورت میں فریقین کے درمیان باقاعدہ ایجاب و قبول ہوتا ہے اور اجرت بھی عقد کے وقت متعین ہوتی ہے۔
لہٰذا جب میڈیکل بلنگ کے تحت انجام دی جانے والی خدمات مباح ہوں، منفعت اور اجرت معلوم و متعین ہو اور اجارہ کی دیگر شرعی شرائط بھی پوری ہوں تو یہ عقدِ اجارہ صحیح ہے ۔ لہذا میڈیکل بلنگ کا کام کرنا شرعاً جائز اور اس کے عوض حاصل ہونے والی آمدنی حلال ہوگی۔
باقی رہا انشورنس کمپنیوں کو کلیم جمع کرانا تو اس میں معصیت متعین نہیں ہوتی کیونکہ تعیینِ معصیت اور تعاون علی الاثم کے متعقلق امامِ اعظم امام ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ کا موقف یہ ہے کہ اگر کسی فعل میں گناہ کا پہلو ہونے کے باوجود، اس شے کے استعمال کی کوئی ایک بھی جائز صورت باقی رہے، تو وہاں معصیت متعین نہیں ہوتی، لہٰذا اس معاملے کی اجرت لینا جائز ہوتاہے اور صاحبین رحمہما اللہ کے موقف پر معصیت تب متعین ہوگی جب وہ شے معصیت کیلئے ہی بنائی گئی ہو، یا اس کا مقصودِ اعظم گناہ ہو، یا کوئی قوی قرینہ معصیت کو متعین کر دے۔
چونکہ میڈیکل بلنگ کی اجرت محض انشورنس کلیم جمع کروانے کے عوض نہیں ہوتی، بلکہ بل سازی، حسابات کی ترتیب، معلومات کو کوڈز میں درج کرنے اور دیگر جائز انتظامی امور کی انجام دہی بھی اس میں شامل ہوتی ہے۔نیزمریض کا اس انشورنس کمپنی کے ساتھ انشورنس کا معاہدہ کرنا شرعاً ناجائز تھالیکن جو رقم اس نے انشورنس کمپنی کو بطور پریمیم ادا کی تھی، اسے واپس حاصل کرنا شرعاًجائز بلکہ اس کا حق ہےاور میڈیکل بلنگ کے ذریعے کلیم جمع کرواتے وقت یہ احتمال موجود ہے کہ حاصل ہونے والی رقم دراصل اسی مریض کی اپنی ادا کردہ رقم سے ہو۔
چنانچہ مذکورہ صورت میں معصیت متعین نہیں ہےلہذا امام اعظم ابوحنیفہ علیہ الرحمہ کے اس اصول "کہ کسی فعل میں معصیت کا پہلو موجود ہونے کے باوجود اگر اس کے استعمال کی کوئی جائز صورت باقی ہو تو اس میں معصیت متعین نہیں ہوتی " کے مطابق فتویٰ دیا جائے گا کیونکہ اصلِ مذہب کے مطابق امام صاحب اور صاحبین کے درمیان اختلاف کی صورت میں فتویٰ امام صاحب کے قول پر ہوتا ہے، البتہ اسبابِ ستہ کی موجودگی میں صاحبین کے قول کو اختیار کیا جاتا ہےجبکہ مذکورہ مسئلے میں اسبابِ ستہ میں سے کوئی سبب موجود نہیں ،لہٰذا امام صاحب کے قول سے عدول کی ضرورت نہیں۔ پس مذکورہ صورت میں فتویٰ جواز اور سہولت کے پہلو پر مبنی ہوگا۔
اپنا حق حاصل کرنے کے متعلق حدیث مبارکہ میں ہے:
" عن أبي هريرة، أن رسول الله ﷺ قال لصاحب الحق: «خذ حقك في عفاف واف، أو غير واف "
ترجمہ:حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سےمروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نےصاحب حق کو ارشار فرمایا: اپنا حق خوش اسلوبی کے ساتھ لے لو، خواہ پورا حق ملے یا پورا نہ ملے۔
(سنن ابنِ ماجہ،رقم الحدیث :2422)
تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے :
(ھی)۔۔۔( تملیک نفع) مقصود من العین (بعوض) ۔۔۔ و شرطھا کون الاجرۃ والمنفعۃ معلومتین لان جھالتھما تفضی الی المنازعۃ " ملتقطا
ترجمہ: عوض کے بدلے میں عین کی منفعتِ مقصودہ کا کسی کو مالک بنانا اجارہ کہلاتاہے اور اجارہ کی شرائط یہ ہیں کہ اجرت اور منفعت دونوں معلوم ہوں کیونکہ ان دونوں کی جہالت مفضی الی النزاع ہے ۔
(تنویر الابصار مع الدر المختار،کتاب الاجارہ ،ج،9،ص،6تا9،مکتبہ رحمانیہ )
کنز الدقائق میں ہے:
"ھی بیع منفعۃ معلومۃ باجر معلوم ۔۔۔ والمنفعۃ تعلم ببیان المدۃ۔۔۔ فتصح علی مدۃ معلومۃ " ملتقطا
ترجمہ: اجرت معلومہ کے ساتھ منفعتِ معلومہ کی بیع کرنا عقدِ اجارہ ہےاور منفعت مدت کے بیان کرنے سے معلوم ہوجاتی ہےلہذا اجارہ مدتِ معلومہ پر صحیح ہے ۔
(کنز الدقائق مع البحر الرائق،کتاب الاجارہ ،ج،7،ص،506،مکتبہ دارالکتاب)
اس کے تحت البحر الرائق میں ہے :
"قولہ:( ھی بیع منفعۃ معلومۃ باجر معلوم) یعنی الاجارۃ شرعا تملیک منفعۃ بعوض۔۔۔ والمراد من المنفعۃ المنفعۃ المقصودۃ من العین" ملتقطا
ترجمہ:مصنف علیہ الرحمہ کا قول (اجرت معلومہ کے ساتھ منفعتِ معلومہ کی بیع کرنا عقدِ اجارہ ہے) یعنی شرعی طور پر اجارہ عوض کے بدلے میں منفعت کا مالک بنانا ہے اور منفعت سے مراد عین کی منفعتِ مقصودہ ہے۔
(البحرالرائق،کتاب الاجارہ،ج،7،ص،507تا 508،مکتبہ دارالکتاب)
جب اجرت فی گھنٹہ ،فی دن اور فی کلیم کے اعتبار سے متعین ہوگی تو اس میں تو کوئی حرج نہیں ہے باقی رہا فیصد کے اعتبار سے اجرت کا معاملہ تو چونکہ فیصد کے اعتبار سے اجرت طے کرنے پر عرف ِ عام جاری ہو چکا ہےاور جب کسی غیرِ منصوص عمل پر عرف عام جاری ہوجائے تو اس کے بارے میں علامہ سیدی محمد امین بن عمر بن عبدالعزیز عابدین شامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
"(ثم اعلم) أن العُرف قسمان: عام وخاص، فالعام يثبت به الحكم العام ويصلح مخصصاً للقياس والأثر۔۔۔ والحاصل ان العرف العام لا یعتبر اذا لزم منہ ترک المنصوص وانما یعتبر اذا لزم منہ تخصیص " (ملتقطا)
ترجمہ:تو جان کہ عرف کی دو اقسام ہیں عام اور خاص ،پس عرف عام سے حکم عام ثابت ہوتاہے اور یہ قیاس اور حدیث کےلئے مخصص بننے کی صلاحیت رکھتاہے خلاصہ کلام یہ ہے کہ جب عرفِ عام سے منصوص کا ترک لازم آئے اس وقت معتبر نہیں ہوتا اور عرف عام سے نص کی تخصیص لازم آئے اس وقت عرف عام معتبر ہوتاہے ۔(لہذا عرف ِ عام کی وجہ سے فیصد کےاعتبار سے بروکری جائز ہوگی )۔
(شرح عقود رسم المفتی ،مبحث فی العرف،ص،271تا272،مکتبہ دارِ اہل السنۃ )
علامہ زیلعی رحمہ اللہ کے حوالے سے خاتم المحققین علامہ سید محمد بن عمر ابن عابدین الشامی (المتوفی: 1252ھ) فرماتے ہیں:
" قوله : ( وحمل خمر ذمي) قال الزيلعي : وهذا عنده، وقالا : هو مكروه لأنه عليه الصلاة والسلام لعن في الخمر عشرة، وعد منها حاملها ) وله أن الإجارة على الحمل وهو ليس بمعصية ولا سبب لها، وإنما تحصر المعصية بفعل فاعل مختار، وليس الشرب من ضرورات الحمل ؛ لأن حملها قد يكون للإراقة أو للتخليل فصار كما إذا استأجره لعصر العنب أو قطعه والحديث محمول على الحمل المقرون بقصد المعصية"
ترجمہ: مصنف کا قول ذمی کیلئے شراب اٹھانا (جائز ہے) امام زیلعی نے فرمایا: یہ امام صاحب رحمہ اللہ کے نزدیک ہے۔ صاحبین رحمہما اللہ نے فرمایا: یہ مکروہ ہے۔ کیونکہ حضور علیہ الصلاۃ والسلام نے شراب کے معاملہ میں دس افراد پر لعنت کی ہے۔ ان میں سے ایک اس کےاٹھانے والے کو شمار کیا ہے۔امام صاحب رحمہ اللہ کی دلیل یہ ہے کہ اٹھانے پر کسی کے ساتھ اجارہ کرنا نہ معصیت ہے اور نہ ہی اس کا سبب ہے۔ معصیت تو فاعل مختار کے فعل کے ساتھ حاصل ہوتی ہے۔ اور پینا یہ اٹھانے کی ضروریات میں سے نہیں ۔ کیونکہ شراب کا اٹھانا بعض اوقات اسے بَہانے اور اسے سِرکہ بنانے کے لیے ہوتا ہے۔ پس یہ اس طرح ہو گیا جس طرح وہ اسے اجرت پر لے تاکہ وہ انگور کا رس نچوڑ لے یا انگوروں کو کاٹے۔ حدیث اس اٹھانے پر محمول ہو گی جو معصیت کے ارادہ کے ساتھ ملی ہوئی ہو ۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار،کتاب الحضر والاباحت ،فصل فی البیع ،ج،9،ص،645تا 646،مکتبہ رحمانیہ )
تعیینِ معصیت کے متعلق امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن (المتوفی:1340ھ) فرماتے ہیں:
"الذي يظهر لي أنّ الشيء إذا صلح في حدّ ذاته لأن يستعمل في معصية وفي غيرها ولم يتعيّن للمعصية فلم يكن بيعه إعانةً عليها؛ لاحتمال أن يستعمل في غير المعصية، وإنما يتعين ذلك بقصد القاصدين والشك لا يؤثر، وغلبة الظن في أمثال المقام ملتحق باليقين، والتغيير لكونه فعل فاعل مختار يقطع النسبة"
ترجمہ: میرے لیے جو ظاہر ہوا وہ یہ کہ جب کوئی چیز اپنی ذات کے اعتبار سے معصیت اور غیر معصیت دونوں میں مستعمل ہوسکے اور معصیت کے لیے متعین نہ ہو تو اس کی خرید و فروخت گناہ پر اعانت نہیں کیونکہ احتمال موجود ہے کہ وہ غیر معصیت میں استعمال ہو اور اس کا معصیت کیلئے متعین ہونا قاصد کے قصد سے ہوگا اور اس میں شک مؤثر نہیں ہوگا اور ایسے مسائل میں غلبہ ظن یقین سے ملحق ہوتا ہے۔تغییر کیونکہ فاعل مختار کا فعل ہے اس لئے یہ بھی بائع سے معصیت کی نسبت کو منقطع کر دے گا۔
(جد الممتارعلی رد المحتار،کتاب الحظر والاباحۃ،ج،7،ص،135،مکتبۃ دارِ اہل السنۃ)
ہدایہ میں ہے:
"من أجر بيتا ليتخذ فيه بيت نارا وكنيسة او بيعة او يباع فيه الخمر بالسواد فلا باس به وهذا عند ابي حنيفة "
ترجمہ:جس شخص نے کوئی مکان اس مقصد سے کرائے پر دیا کہ اس میں آتش کدہ، گرجا گھر، یہودی عبادت گاہ بنایا جائے، یا اس میں شراب فروخت کی جائے، تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ اور یہی قول امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک ہے۔
(ہدایہ مع فتح القدیر،کتاب الکراہیہ،فصل فی البیع،ج،10،ص،70،مکتبہ اشرفیہ)
امامِ اہلسنت امام احمدرضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن تعیینِ معصیت کے متعلق فرماتے ہیں :
"امام اہلسنّت سے سوال ہواکہ مسلمان کو ہندو مردہ جلانے کے لئے لکڑیاں بیچنا جائز ہے یانہیں؟
آپ نے جواب میں فرماتے ہیں:’’ لکڑیاں بیچنے میں حرج نہیں لان المعصیۃ لاتقوم بعینہا (کیونکہ معصیت اس کے عین کے ساتھ قائم نہیں ہوتی) مگر جلانے میں اعانت کی نیت نہ کرے اپنا ایک مال بیچے اور دام لے واللہ تعالٰی اعلم۔"
(فتاوٰی رضویہ،ج،17،ص،168،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
اسی میں دوسرے مقام پر ہے:
امام اہلسنت رحمہ اللہ سے سوال ہوا کہ طوائف مریضہ اگرمطب میں آئے تو اس کا علاج کرنامعصیت ہے یانہیں؟ دوسری صورت میں اعانت برمعصیت ہونے میں کوئی شبہہ ہے؟
آپ علیہ الرحمہ نے جواب میں فرمایا :’’اگرمعالجہ زن فاحشہ سے طبیب خود یہی نیت کرے کہ یہ ارتکاب معاصی کے قابل ہوجائے ناسازی طبیعت کہ مانع گناہ ہے زائل ہوجائے جب تو اس کے عاصی ہونے میں کلام نہیں،فانما الاعمال بالنیات وانما لکل امرئ مانوی کیونکہ اعمال کا دارومدار نیتوں پرہے اور ہرشخص کے لئے وہی کچھ ہے جس کی اس نے نیت کی۔اور اگر اس کی یہ نیت نہیں بلکہ عام معالجے جس نیت محمودہ یا مباحہ سے کرتاہے وہی غرض یہاں بھی ہے تو اگرمرض ایذادہندہ ہے جیسے کہ اکثر امراض یونہی ہوتے ہیں جب تو اصلاً حرج نہیں، نہ اسے اعانت معصیت سے علاقہ بلکہ نفع رسانی مسلمہ، یادفع ایذائے انسان کی نیت ہے تو اجر پائے گا۔
قال رسول اﷲ صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم فی کل کبد حرّاء اجر۔ رواہ الشیخان عن ابی ھریرۃ واحمد عن ابن عمرو بن العاص وکابن ماجۃ عن سراقۃ بن مالک رضی اﷲ تعالٰی عنھم۔ (حضوراکرم صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:) ہرجگرِ گرم یعنی ہرجاندار کی نفع رسانی میں ثواب ہے (بخاری ومسلم نے اس کو حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے اور امام احمد نے ابن عمرو بن عاص رضی اﷲ تعالٰی عنہ سے اور ابن ماجہ نے سراقہ بن مالک رضی اﷲ عنہ سے روایت کیاہے)۔ اور اگر مرض سے کوئی ایذا نہیں صرف موانع زنا سے ہے جس کے سبب اس کا معالجہ ایک زانیہ عورت کے لئے کوئی نفع رسانی نہ ہوگا بلکہ زنا کاراستہ صاف کرے گا مثلاً عارضہ رتق یاشدّت وسعت (نہ بوجہ سیلان رطوبت) کہ فی نفسہٖ موذی نہیں مگر اس کا اشتہار باعث سردی ِبازار ِزنان ِزناکار ہے ایسے معالجہ کو جب کہ امورمذکورہ پرطبیب مطلع ہو اگرچہ برقیاس قول صاحبین من وجہ اعانت کہہ سکیں مگرمذہب امام رضی اﷲ عنہ پریہ بھی داخل ممانعت نہیں کہ یہ تو پاک نیت سے صرف اس کاعلاج کرتا ہے گناہ کرنانہ کرنا اس کا اپنا فعل ہے جیسے راج کاگرجایاشوالہ بنانا یامکان رنڈی زانیہ کو کرایہ پردینا۔"
(فتاوٰی رضویہ ،ج،24،ص،178تا 179،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
خلاصہ:
میڈیکل بلنگ کا کام کرنا جائز ہے اورمعصیت متعین نہ ہونے کی وجہ سے آمدنی بھی حلال ہو گی ۔