دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

میسج کے ذریعے تحریری طلاق کا حکم

2721 نومبر، 2026251سوال کنندہ : ام کلثوم
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلے کے متعلق کہ میرا شوہر چرسی ہے پورا دن چرس میں ڈوبہ رہتا ہے ،اتوار کی رات کو گھر میں جھگڑا ہوا ،تو میں اپنے سسرال چھوڑ کر اپنے میکے چلی گئی تھی ،تو انہوں نے صبح اٹھ کر غصے میں مجھے طلاق کامیسج کردیا ،جس میں یہ لکھا تھا "بچوں سے دور رہنا ،تجھے طلاق دی،تو آزاد ہے ،طلاق دی،اب پتا چلے گا" لیکن وہ اس وقت نشے میں تھے ،اور قرآن پر ہاتھ رکھ کر یہ قسم کھائی ہے کہ میں نہیں جانتا تھا کہ میسج پے طلاق ہوجاتی ہے ،اور کہنے لگے کہ مین نے جان بوجھ کر نہیں کیا مجھے علم نہیں تھا، اور اس کا عذاب میرے اوپر ہوگا اس کا جواب دار میں ہوں۔اس کے علاوہ وہ اس سے پہلے مجھے اس نے یہ بھی کہا تھا کہ میں تجھے طلاق دے دونگا ،چھوڑدونگا ۔ شوہر کاحلفیہ بیان: مجھے پتا نہیں تھا کہ میسج سے طلاق ہوجاتی ہے ،اور یہ میسج میں نے ڈرانے کے لیے کہا تھا ، نیز انہوں نے کہا کہ میسج کرنے کے بعد بیوی واپس میرے گھر پر آگئی اور اس نے پوچھا تم نے یہ کیا کیا ،تو میں نے کہا میسج پر طلاق نہیں ہوتی تو بیوی نے آگے سے کہا ہوجاتی ہے ،تو میں نے غصہ سے اس کو آگے کہا کہ کیا تو زبان سے سننا چاہتی ہو تو "طلاق دی۔اس بیان کی اس کی بیوی نے بھی تصدیق کی ہے ۔بینوا توجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کیونکہغیرِ مرسومہ طلاق کی ہے اور شوہر حلفیہ کہتا ہے کہ میسج سے اس کی طلاق کی نیت نہیں تھی اس لئے اس میسج سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی ،اگر شوہر نے جھوٹی قسم اٹھائی ہے ،تو اس کا وبال اس پر ہوگا ۔

نیز آپ کے شوہر کا میسج کے بعد آپ کے سامنے یہ کہنا کہ زبان سے سننا چاہتی ہو "طلاق دی" اس سے آپ پر ایک طلاق رجعی واقع ہوگئی ،کیونکہ یہ صریح طلاق کے الفاط ہیں ، ان سے بلا نیت بغیر ارادہِ طلاق کے بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے،لہٰذاآپ پرایک طلاق رجعی واقع ہوگئی ہے ۔

طلاق رجعی کا حکم یہ ہے کہ شوہر کو عورت کی عدت یعنی جس ماہواری میں طلاق دی اس کے علاوہ تین ماہواریاں گزرنے سے پہلے پہلے رجوع کرنے کااختیار ہے۔ اور رجوع یہ ہے کہ شوہر گواہوں کے سامنے کہے کہ میں نے اپنی بیوی کونکاح میں واپس کیا ،یا اپنی بیوی سے جسمانی تعلق قائم کرلے تو رجوع ہو جائے گا۔اور اب آپ دونوں کورجوع کے بعد بہت احتیاط سے رہنا ہوگا کہ اب آپ کے شوہر کو دو طلاق کا حق حاصل ہو گا خدانخواستہ اگر زندگی میں کبھی بھی مزید دو طلاق دے دے تو حرمت مغلظہ کے ساتھ آپ اس پرحرام ہو جائے گی اورتحلیلِ شرعی کے علاوہ واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

علامہ علاؤالدین حصکفی در مختار میں فرماتے ہیں :

"صریحہ مالم یستعمل الا فیہ کطلقتک وانت طالق ومطلقہ"

ترجمہ:صریح وہ الفاظ جو طلاق دینے کے لئے استعمال ہوں جیسے میں نے تمہیں طلاق دی اور تم طلاق والی ہو اور مطلقہ ہو "

اس کے تحت علامہ شامی علیہ لرحمہ فرماتے ہیں:

"فمالا یستعمل فیھا الا فی الطلاق فھو صریح یقع بلا نیۃ"

ترجمہ:جس لفظ کا غالب استعمال طلاق میں ہو تا ہو تو وہ صریح ہے اور اس سے بغیر نیت طلاق کے بھی طلاق ہو جاتی ہے ۔

(درمختار مع ردالمحتار ،ج:4،ص:457،مکتبہ امدادیہ ملتان)

طلاقِ رجعی میں عدت کے اندر رجوع کے متعلق قرآن ِپاک میں اللہ تعالی فرماتا ہے :

"وَبُعُولَتُہُنَّ أَحَقُّ بِرَدِّ ھنَّ فِیْ ذَلِکَ إِنْ أَرَادُواْ إِصْلاَحاً "

ترجمہ کنزالایمان :اور ان کے شوہروں کو اس(عدت کی) مدت کے اندر ان کے پھیر لینے (رجوع کرنے)کا حق پہنچتا ہے اگر ملاپ چاہیں ۔

( البقرۃ:آیت:228)

عالمگیری میں ہے :

"اذا طلق الرجل تطلیقۃ رجعیۃ او تطلیقتین فلہ ان یراجعھا فی عدتھا رضیت بذک او لم ترض کذافی الھدایہ"

ترجمہ: جب مرد نے اپنی عورت کو ایک یا دوطلاق رجعی دی تو عدت کے اندر عورت سے رجوع کر سکتا ہے خواہ وہ راضی ہو یانہ ہو اسی طرح ہدایہ میں ہے۔

(فتاوی عالمگیری :ج؛1؛ص:504،مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی)

تحریری طلاق کی تفصیل:

ردالمحتارمیں ہے:

" الْقَلَمُ أَحَدُ اللِّسَاْنَيْنِ".

ترجمہ:قلم دو زبانوں میں سے ایک ہے۔

(ردالمحتار علی الد ر المختار، کتاب الحظر والاباحۃ , باب الغیبۃ، ج:9، ص:587، مکتبہ امدادیہ ملتان)

الاشباہ والنظائر میں ہے:

" قَاْلَ فِيْ الْهِدَاْيَةِ: الْكِتَاْبُ كَالْخِطَاْبِ"

ترجمہ: هدایۃ شرح بدایۃ المبتدی میں ہے:تحریرخطاب کی طرح ہے۔

(الاشباہ والنظائر, ج:3 ، ص: 120, مکتبہ ادارۃ القرآن والعلوم الاسلامیہ کراچی)

علامہ شامی علیہ الرحمہ کتابت کے ذریعے دی گئی طلاق کے بارے میں فرماتے ہیں:

" الکتابۃعلی نوعین مرسومۃو غیر مرسومۃ و نعنی بالمرسومۃ ان یکون مصد را و معنونا مثل ما یکتب الی الغائب وغیر مرسو مۃ ان لا یکون مصدرا و معنو نا و ہو علی و جھین مستبینۃ و غیر مستبینۃ فالمستبینۃ ما یکتب علیالصحیفۃ و الحائط و الارض علی وجہ یمکن فھمہ و قرائتہ و غیر المستبینۃ ما یکتب علی الھواء والماء و شی لا یمکن فھمہ و قرائتہ ففی غیر المستبینۃ لایقع الطلاق وان نوی وان کا نت مستبینۃ لکنھا غیر مرسومۃ ان نوی الطلاق یقع والا لا وان کانت مرسومۃ یقع الطلاق نوی اولم ینو"

ترجمہ:کتابت کی دو قسمیں ہیں (۱)مر سومہ (۲)غیر مرسومہ، اور مرسومہ سے ہما ری مراد یہ ہے کہ اس پر طلاق نامہ کا عنوان ہو اور تمہید ہو جیسے کسی غائب کو خط لکھاجاتا ہے غیر مر سو مہ(جو طلاق نامہ کے عنوان سے نہ ہو) کی بھی دو قسمیں ہیں (۱)۔مستبینہ( ۲) غیر مستبینہ ،مستبینہ وہ ہے جو کاغذ اور دیوار اور زمین پر اس طرح لکھا جائے کہ اس کا سمجھنا اور پڑھنا ممکن ہو اور غیر مستبینہ وہ یہ ہے کہ ہوا اور پانی اور کسی چیز پر اس طرح لکھنا کہ اس کوسمجھنا اور پڑھنا ممکن نہ ہو تو غیر مستبینہ کتابت(پانی ہوا میں لکھنا) میں طلاق واقع نہ ہو گی اگر چہ نیت بھی کر لے اور اگر کتابت مستبینہ ہو لیکن غیر مر سومہ (جو طلاق نامہ کے عنوان سے نہ ہوجیسا کہ موبائل پر میسج کرنا)۔ اگراس نے طلاق کی نیت کی تو طلاق واقع ہو جائے گی اور اگر نیت نہ کی تو طلاق واقع نہ ہو گی اور اگر کتابت مرسومہ (مروجہ طلاق نامہ)ہے تو طلاق واقع ہو جائے گی نیت کرے یا نیت نہ کرئے۔

( ردالمحتار علی الد ر المختار،کتاب الطلاق،ج:4،ص:455،مکتبہ امدادیہ ملتان)

الغرض ہمارے رسم و رواج میں sms کے ذریعے طلاق نہیں دی جاتی ۔اس لئے یہ طلاق غیر مرسومہ ہوگی لہٰذا وہ نیت پر موقوف ہےبغیر نیت کے طلاق نہیں ہوگی۔

واللہ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

26آگست2021ء17محرم الحرام1443ھ کو جاری کیا گیا