سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ ہماری مسجد میں بجلی کے لیے سولر سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ مسجد میں عموماً سولر کی بجلی پانچ نمازوں کے اوقات میں استعمال کی جاتی ہے، جبکہ باقی اوقات میں سولر سسٹم بجلی پیدا کرتا رہتا ہے جس کی وجہ سے بجلی اضافی بن جاتی ہے۔اس حوالے سے مسجد کی انتظامیہ یہ معلوم کرنا چاہتی ہے کہ اگر اس اضافی بجلی کو کسی دوسرے فرد، گھر یا ادارے کو مناسب معاوضہ لے کر فروخت کر دیا جائے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم مسجد کے اخراجات، مرمت، صفائی یا دیگر دینی ضروریات پر خرچ کی جائے تو شریعتِ مطہرہ کی رو سے اس کا کیا حکم ہے؟ بینواتوجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
مسجد کی مملوکہ اشیاء اگر اس کی ضرورت سے زائد ہوں، اور فی الحال مسجد کو ان کی حاجت نہ ہو، نیز ان کو محفوظ رکھنے میں ضیاع کا اندیشہ ہو، تو ایسی صورت میں انہیں فروخت کرکے حاصل شدہ رقم کو مصالحِ مسجد میں صرف کرنا جائز ہے۔لہذاصورت مسئولہ میں چند شرائط کے ساتھ مسجد کے سولر سسٹم سے حاصل ہونے والی اضافی بجلی کو کسی دوکان، گھر یا ادارہ کو فراہم کرنا جائز ہے:
1:۔یہ کہ فی الواقع مسجد کا سولر سسٹم ضرورت سے زائد بجلی پیدا کر رہا ہو اور اس اضافی بجلی کی مسجد کو کوئی حاجت نہ ہو۔
2:۔ایسے ایام میں جب موسم ابر آلود ہو اور سولر سسٹم مناسب بجلی پیدا نہ کر رہا ہو، کسی کو کنکشن فراہم نہ کیا جائے، تاکہ مسجد کی ضروریات، خصوصاً نمازوں کے اوقات متاثر نہ ہوں۔
3:۔بجلی کی فراہمی صرف اسی وقت کی جائے جب سولر سسٹم براہِ راست بجلی پیدا کر رہا ہو (عموماً صاف موسم میں شام تک)، تاکہ بیٹری پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے، کیونکہ اس سے بیٹری کی عمر میں کمی اور وقف کے مال کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، نیز بسا اوقات عشاء اور فجر کے لیے بیک اپ بھی متاثر ہو سکتا ہے۔
لہٰذا مذکورہ شرائط کی رعایت کرتے ہوئے، مناسب معاوضہ کے عوض اس اضافی بجلی کو فروخت کرنا جائز ہے، کیونکہ بجلی ایسی چیز ہے جسے آئندہ کے لیے ذخیرہ نہیں کیا جا سکتا، اور بروقت استعمال یا فروخت نہ کرنے کی صورت میں اس کے ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ حاصل ہونے والی رقم کو مسجد کی ضروریات اور مصالح میں ہی صرف کیا جائے گا۔
الاشباہ والنظائر میں ہے:
" ثُمَّ سُئِلْت: لَوْ قُرِّرَ مِنْ فَائِضِ وَقْفٍ سَكَتَ الْوَاقِفُ عَنْ مَصْرِفِ فَائِضِهِ فَهَلْ يَصِحُّ؟ فَأَجَبْت بِأَنَّهُ لَا يَصِحُّ أَيْضًا -؛ لِمَا فِي التَّتَارْخَانِيَّة: إنَّ فَائِضَ الْوَقْفِ لَا يُصْرَفُ لِلْفُقَرَاءِ، وَإِنَّمَا يَشْتَرِي بِهِ الْمُتَوَلِّي مُسْتَغَلَّا. وَصَرَّحَ فِي الْبَزَّازِيَّةِ - وَتَبِعَهُ فِي الدُّرَرِ وَالْغُرَرِ بِأَنَّهُ لَا يُصْرَفُ فَائِضُ، وَقْفٍ لِوَقْفٍ آخَرَ اتَّحَدَ، وَاقِفُهُمَا أَوْ اخْتَلَفَ"
ترجمہ: پھر مجھ سے یہ سوال کیا گیا کہ اگر کسی وقف کی آمدنی میں کچھ فاضل (بچت) ہو اور واقف نے اس فاضل کے مصرف کے بارے میں کوئی بات نہ کی ہو، تو کیا اس فاضل کو کسی مصرف میں مقرر کرنا درست ہوگا؟میں نے جواب دیا کہ یہ بھی درست نہیں؛ کیونکہ تتارخانیہ میں مذکور ہے کہ وقف کی زائد آمدنی کو فقراء میں تقسیم نہیں کیا جائے گا بلکہ متولی اس سے کوئی ایسی جائیداد یا ذریعۂ آمدنی (مستغل) خریدے گا جس سے وقف کو مزید فائدہ ہو۔اور بزازیہ میں صراحت کی گئی ہے — اور اسی کی پیروی درر و غرر میں بھی کی گئی ہے کہ ایک وقف کی زائد آمدنی کو دوسرے وقف میں خرچ نہیں کیا جائے گا، خواہ دونوں کا واقف ایک ہی ہو یا مختلف۔
(الاشباہ والنظائر،ج:1،ص:377، دار الكتب العلمية)
فتاویٰ ہندیہ میں ہے:
" الفاضل من وقف المسجد هل يصرف إلى الفقراء؟ قيل: لا يصرف وأنه صحيح ولكن يشتري به مستغلا للمسجد، كذا في المحيط"
ترجمہ:مسجد کے وقف کی آمدنی میں جو زائد (بچت) ہو، کیا اسے فقراء میں خرچ کیا جائے گا؟کہا گیا ہے کہ اسے فقراء میں خرچ نہیں کیا جائے گا، اور یہی بات درست ہے؛ بلکہ اس زائد رقم سے مسجد کے لیے کوئی آمدنی پیدا کرنے والی جائیداد (مستغل) خریدی جائے گی۔اسی طرح محیط میں مذکور ہے۔
(فتاویٰ ہندیہ،ج:2،ص:463، دار الفكر)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب