سوال
کیا فرماتے ہیں مفتیانِ دین و متین مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ ہمارے گاؤں میں ایک نئی مسجد بن رہی ہے،حالانکہ اس کے قریب میں تقریباً ایک ڈیڑھ سو فِٹ پر ایک پرانی جامع مسجد بنی ہوئی ہے ،جس کی وجہ سے پرانی مسجد کی جماعت کم ہوگی اور جس زمین پر بن رہی ہے وہ سرکاری زمین ہے اور اس پر لوگوں کا قبضہ ہے اور جن لوگوں کا قبضہ ہے وہ مسجد بنانے کی اجازت بھی نہیں دے رہے پھر بھی بنانے والوں نے ایک رات میں ہی مسجد کی تعمیر لینٹر تک پہنچا دی،لہذا اس مسجد کا کیا حکم ہے؟ یہ مسجد ابھی زیرِ تعمیر ہے تقریباً لینٹر تک کام پہنچ چکا ہے،شریعت مبارکہ کی روشنی میں یہ بتائیں کہ اس مسجد کو بنانا اور اس میں نماز پڑھنا کیسا ہے؟ بینوا توجروا سائل:محمد عبد اللہ ،گوٹھ کھینسر ،ڈاہلی تھرپارکر
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں حکمِ شرع یہ ہے کہ مذکورہ مسجد بنانا جائز نہیں ،کیونکہ ایک تو اس نئی مسجد کی وجہ سے پہلے سے موجود پرانی جامع مسجد کو ویران کرنا لازم آرہا ہے اور مسجد کو ویران کرنا نصِ قطعی سے حرام و ناجائز ہے،کیونکہ گاؤں میں اتنی کثیر آبادی نہیں ہوتی کہ شہروں کی طرح اتنی قریب قریب مسجدیں بناکر دونوں کو پانچ وقت نماز کی جماعت سے آباد کیا جائے ۔
دوسرا اس مسجد کی وجہ سے لوگوں کے مابین انتشار و افتراق کی فضا قائم ہوگی ،لہذا اس مسجد کا بنانا ناجائز و حرام ہوگا کہ جس طرح مسجدِ ضرار کا حکم قرآن مجید میں موجود ہے کہ من جملہ اس کے فسادات میں سے ایک یہ بھی تھا کہ وہ مسلمانوں کے مابین تفریق کی غرض سے بنائی گئی تھی۔
نیز یہ مسجد لوگوں کی زمین(کیونکہ سرکاری زمین پر قبضہ ہمارے گاؤں و دیہات کے عرف میں ذاتی قبضہ شمار کیا جاتا ہے ) پر ان کی رضامندی کے بغیر بنائی جارہی ہےاور مغصوبہ زمین پر مسجد بنانا اور اس مسجد میں نماز پڑھنا منع ہے ،اور اجازت دے بھی دیں پھر بھیمذکورہ مسجد بنانا پہلے سے موجود پرانی جامع مسجد کی جماعت کی قلت و ویرانی کی وجہ سے ناجائز و منع ہے۔چونکہ مسجد مکمل نہیں زیر ِ تعمیر ہے ،لہذا مسجد بنانے والوں پر لازم ہے کہ اس کی عمارت کو ختم کرکے لوگوں کی زمین ان کے حوالے کردیں ۔
اللہ تعالیٰ اپنے کلام میں ارشاد فرماتا ہے:
وَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنۡ مَّنَعَ مَسٰجِدَ اللہِ اَنۡ یُّذْکَرَ فِیۡہَا اسْمُہٗ وَسَعٰی فِیۡ خَرَابِہَا
ترجمہ: اور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو اللّٰہ کی مسجدوں کو روکے ان میں نامِ خدا لئے جانے سے اور ان کی ویرانی میں کوشش کرے۔
(البقرہ:114)۔
اس آیت کے تحت تفسیر روح المعانی میں ہے:
"وَسَعى فِي خَرابِها أي هدمها وتعطيلها"
ترجمہ: اور ان کی ویرانی میں کوشش کرے یعنی اس کو منہدم کرے اور اس کو معطل کرے۔
(روح المعانی ،ج:1،ص:362، دار الكتب العلمية)۔
یعنی اس مسجد میں نماز وغیرہ نہ پڑھے بلکہ اس کو غیر آباد کرےاور اس کے قریب میں دوسری مسجد بناکر اس مسجد کی ویرانی کا سبب بنے یا پھر فتہ و فساد کرکے لوگوں کونماز اور اللہ تعالیٰ کے ذکر وغیرہ سے روکے اور مسجد سے متنفر کرے ۔
اللہ تعالیٰ سورہ توبہ میں مسجدِ ضرار کے متعلق ارشاد فرماتا ہے:
وَ الَّذِیْنَ اتَّخَذُوْا مَسْجِدًا ضِرَارًا وَّ كُفْرًا وَّ تَفْرِیْقًۢا بَیْنَ الْمُؤْمِنِیْنَوَ اِرْصَادًا لِّمَنْ حَارَبَ اللّٰهَ وَ رَسُوْلَهٗ مِنْ قَبْلُؕ-وَ لَیَحْلِفُنَّ اِنْ اَرَدْنَاۤ اِلَّا الْحُسْنٰىؕ-وَ اللّٰهُ یَشْهَدُ اِنَّهُمْ لَكٰذِبُوْنَ
ترجمہ: اور وہ جنہوں نے مسجد بنائی نقصان پہنچانے کو اور کفر کے سبب اور مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنے کو اور اس کے انتظار میں جو پہلے سے اللہ اور اس کے رسول کا مخالف ہے اور وہ ضرور قسمیں کھائیں گے کہ ہم نے تو بھلائی چاہی اور اللہ گواہ ہے کہ وہ بےشک جھوٹے ہیں۔
(سورت التوبہ،آیت:107)۔
اس آیت کےشانِ نُزول کے متعلق تفسیر خزائن العرفان میں ہے:
"یہ آیت ایک جماعتِ منافقین کے حق میں نازِل ہوئی جنہوں نے مسجدِ قُبا کو نقصان پہنچانے اور اس کی جماعت متفرق کرنے کے لئے اس کے قریب ایک مسجد بنائی تھی ۔ اس میں ایک بڑی چال تھی وہ یہ کہ ابو عامر جو زمانِ جاہلیت میں نصرانی راہب ہو گیا تھا ، سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مدینۂ طیّبہ تشریف لانے پرحضور سے کہنے لگا یہ کون سا دین ہے جو آپ لائے ہیں ، حضور نے فرمایا میں ملّتِ حنیفیہ ، دینِ ابراہیم لایا ہوں ، کہنے لگا میں اسی دین پر ہوں ، حضور نے فرمایا نہیں ، اس نے کہا کہ آپ نے اس میں کچھ اور ملا دیا ہے ، حضور نے فرمایا نہیں ، میں خالص ، صاف ملّت لایا ہوں ۔ ابو عامر نے کہا ہم میں سے جو جھوٹا ہو اللہ اس کو مسافرت میں تنہا اور بیکس کرکے ہلاک کرے ، حضور نے آمین فرمایا ۔ لوگوں نے اس کا نام ابو عامر فاسق رکھ دیا ، روزِ اُحد ابو عامر فاسق نے حضور سے کہا کہ جہاں کہیں کوئی قوم آپ سے جنگ کرنے والی ملے گی میں اس کے ساتھ ہو کر آپ سے جنگ کروں گا چنانچہ جنگِ حنین تک اس کا یہی معمول رہا اور وہ حضور کے ساتھ مصروفِ جنگ رہا ، جب ہوازن کو شکست ہوئی اور وہ مایوس ہو کر مُلکِ شام کی طرف بھاگا تو اس نے منافقین کو خبر بھیجی کہ تم سے جو سامانِ جنگ ہو سکے قوت وسلاح سب جمع کرو اور میرے لئے ایک مسجد بناؤ ، میں شاہِ روم کے پاس جاتا ہوں وہاں سے رومی لشکر لے کر آؤں گا اور (سیدِ عالَم ) محمّد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور ان کے اصحاب کو نکالوں گا ۔ یہ خبر پا کر ان لوگوں نے مسجدِ ضرار بنائی تھی اور سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عرض کیا تھا یہ مسجد ہم نے آسانی کے لئے بنا دی ہے کہ جو لوگ بوڑھے ، ضعیف ، کمزور ہیں وہ اس میں بہ فراغت نماز پڑھ لیا کریں ، آپ اس میں ایک نماز پڑھ دیجئے اور برکت کی دعا فرما دیجئے ۔ حضورنے فرمایا کہ اب تو میں سفرِ تبوک کے لئے پا برکاب ہوں ، واپسی پر اللہ کی مرضی ہوگی تو وہاں نماز پڑھ لوں گا جب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم غزوۂ تبوک سے واپس ہو کر مدینہ شریف کے قریب ایک موضع میں ٹھہرے تو منافقین نے آپ سے درخواست کی کہ ان کی مسجد میں تشریف لے چلیں ۔ اس پر یہ آیت نازِل ہوئی اور ان کے فاسد ارادوں کا اظہار فرمایا گیا تب رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بعض اصحاب کو حکم دیا کہ اس مسجد کو جا کر ڈھا دیں اور جلا دیں چنانچہ ایسا ہی کیا گیا اور ابو عامر راہب مُلکِ شام میں بحالتِ سفر بے کسی و تنہائی میں ہلاک ہوا ۔
(تفسیر خزائن العرفان،سورہ توبہ آیت:107)۔
ردالمحتار علی الدر میں ہے:
" وفي الواقعات بنى مسجدا على سور المدينة لا ينبغي أن يصلي فيه؛ لأنه من حق العامة فلم يخلص لله تعالى كالمبني في أرض مغصوبة"
ترجمہ:اور واقعات میں ہے: شہر کے احاطہ پر بنی مسجد میں نمازنہیں پڑھنی چاہیے،کیونکہ یہ عام لوگوں کا حق ہے خالص اللہ تعالیٰ کے لیے نہیں ہے،جیسے مغصوبہ زمین میں ہے۔،
(رد المحتار علی الد ر المختار : ج:2،ص 57 ، مکتبہ رحمانیہ )
ایک مسجد کے قریب دوسری مسجد بنانا جو پہلی مسجد کی جماعت کی قلت کا سبب بنے اس کے متعلق فتاویٰ رضویہ میں ہے:
"اس بیہودہ خیال کی بنا پر دوسری مسجد پندرہ بیس قدم کے فاصلہ پر بنانا جس سے پہلی مسجد کی جماعت کو نقصان پہنچے خود ہی ممنوع تھا، ایک تو وہ خیال باطل ، دوسرے جماعت میں تفریق کہ مسجد ضرار کے اغراض فاسدہ سے ایک غرض ہے۔قال تعالٰی: وتفریقا بین المؤمنین" (اﷲ تعالٰی نے فرما یا: اور مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنے کو۔ت)یہاں تک کہ اس سے مقصود مسجد اوّل کا باطل ومعطل کردینا ہے یہ سخت حرام اشد ظلم ہے۔قال اﷲتعالٰی: ومن اظلم ممن منع مسٰجد اﷲان یذکر فیھا اسمہ وسعٰی فی خرابھا" اﷲتعالٰی نے فرمایا : اس شخص سے بڑھ کر ظالم کون ، جو اﷲتعالٰی کی مساجد سے اس کے نام کے ذکر کو روکتا ہے اور انھیں خراب کرنے کی کوشش کرتاہے ۔واﷲتعالٰی اعلم۔
(فتاوی رضویہ :ج:8، ص:85، رضا فاؤنڈیشن لاہور )۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب