سوال
الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ بابر نے اپنی زوجہ کو دیگر افراد کی موجودگی میں بحث و مباحثہ کے درمیان پوچھا کہ طلاق دے دوں ؟بیوی نے کہا ہاں تو مرد نے کہا کہ" ابھی تمہیں طلاق دیتاہوں ،ابھی تمہیں طلاق دیتاہوں" پھر اس میں خواہ مخواہ کہا اور بعد میں کہا کہ "تمہیں طلاق دے دی تم جاؤ" اور اس گفتگو کی ریکاڈنگ بھی موجود ہے اس سے کتنی طلاقیں واقع ہوئیں؟اور اب دوبارہ نکاحِ شرعی کرکے یہ ایک ساتھ رہ سکتے ہیں یا نہیں ؟ بینوا توجروا! سائل: بابر خان نوٹ: وائس میں دوسری مرتبہ ابھی تمہیں طلاق دیتاہوں کے بعد کہا "ختم بات"اور پھر کہا "ہو گئیں تین "اور پھر " تمہیں طلاق دے دی تم جاؤ" کہا ہے۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم ِشرع یہ ہےکہ بیوی کوتین طلاقیں واقع ہوچکی ہیں اور بیوی تین طلاقِ مغلظہ کے ساتھ اپنے شوہر پر حرام ہوچکی ہے اور اب بغیر حلالہ شرعیہ کے ان کا ایک ساتھ رہنا ناجائز و سخت گناہ اور حرام ہے۔
اس کی تفصیل یہ ہےکہ جب شوہر نے بیوی کو کہاکہ" ابھی تمہیں طلاق دیتاہوں" یہ انشاء طلاق ہے کیونکہ جس طرح لفظ "ابھی" کا استعمال مستقبل قریب کےلئے ہوتاہےاسی طرح اس کا استعمال حال " فورا ،اِسی وقت"کےلئے بھی ہوتاہے اور ریکارڈنگ میں شوہر کا اندازِ تکلم اور اس لفظ" ابھی تمہیں طلاق دیتاہوں" کو مذاکرہ طلاق میں ادا کرنا یہ اس بات پر قرینہ ہے کہ یہ مستقبل کے معنی میں نہیں بلکہ حال " فوراً ،اسی وقت " کے معنی میں مستعمل ہے۔اور ایساکلام جو کسی حکم یا عمل کو فوراً وجود میں لائے وہ انشاء ہوتاہے ، لہذا یہ انشاء طلاق ہےاور اس سے فوری طور پر ایک طلاقِ رجعی واقع ہوگئی ،اور اس کے فوری بعد دوسری مرتبہ " ابھی تمہیں طلاق دیتاہوں "کہنےسے دوسری طلاقِ رجعی واقع ہوگئی کیونکہ یہ بھی صریح طلاق ہے اور طلاق صریح (خواہ فوری طور پر دی جائے یا معلق کی جائے )طلاقِ صریح اور بائن دونوں کو لاحق ہو جاتی ہے، لہذا اس سے دوسری طلاق واقع ہوگئی ۔
اور بیوی کو"بات ختم" کہنا طلاق کے ان الفاظِ کنایہ میں سے ہیں جو سب و شتم اور جواب کا احتمال رکھتے ہیں مذاکرہِ طلاق میں قضاءً طلاق کے وقوع کےلئے نیت کی حاجت نہیں ہوتی چونکہ شوہر نے مذکورہ الفاظ "بات ختم" بیوی سے مذاکرۂ طلاق کے دوران کہے ہیں، لہٰذا یہ الفاظ مذاکرہِ طلاق کی وجہ سے طلاق کے معنی پر محمول ہوں گے، اور شوہر کی نیت کا اعتبارنہیں کیاجائےگا ۔
مزید یہ کہ مذکورہ الفاظ "بات ختم" کے بعد شوہر کا بیوی کو " ہوگئیں تین "کہنا ان الفاظ "بات ختم" سے طلاق مراد ہونے پر قرینہ ہے،لہذاان الفاظ "بات ختم" سے قضاءً تیسری طلاق بھی واقع ہوگئی، اور بیوی تین طلاقِ مغلظہ کے ساتھ شوہر پر حرام ہوگئی۔ اب وہ شوہر کے لیے بغیر حلالہِ شرعیہ کے حلال نہیں ہوگی۔ اور حلالہِ شرعیہ کے بغیر ان کا ایک ساتھ رہنا ناجائزوسخت گناہ اور حرام ہے۔
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ
ترجمہِ کنزالایمان: پھر اگر تیسری طلاق اسے دی تو اب وہ عورت اسے حلال نہ ہوگی جب تک دوسرے خاوند کے پاس نہ رہے۔
(البقرہ،آیت :229)
الدرالمختار میں ہے:
" صريحة ما لم يستعمل إلا فيه ۔۔۔ (ويقع بها )ای :ھذہ الالفاظ ۔۔۔ ( واحدۃرجعية، وإن نوى خلافها )من البائن أو أكثر۔۔۔(أو لم ينو شيئاً )" ملتقطا
ترجمہ:صریح وہ ہے جس کو صرف طلاق میں استعمال کیا جائے اور ان الفاظ ( صریح) کے ساتھ ایک رجعی طلاق واقع ہوتی ہے اگر چہ اس کے خلاف کی نیت کرے یعنی بائن کی یا ایک سے زائد کی یا کسی چیز کی نیت نہ کرے ۔
(الدر المختار،کتاب الطلاق،باب الصریح،ج،4،ص،443تا 448مکتبہ رشیدیہ)
اس کے تحت ردالمحتار میں ہے:
"قوله : (ما لم يستعمل إلا فيه) أي: غالباً كما يفيده كلام البحر ۔۔۔ (قَوْلُهُ: وَيَقَعُ بِهَا وَاحِدَةٌ رَجْعِيَّةٌ) أَيْ عِنْدَ عَدَمِ مَا يَجْعَلُهَا بَائِنًا ۔۔۔ قولہ او لم ینو شیئاًلما مر ان الصَّرِيحَ لَا يَحْتَاجُ إلَى النِّيَّةِ۔۔۔۔وَأَمَّا فِي الدِّيَانَةِ فَهِيَ مُعْتَبَرَةٌ، حَتى إذَا نَوَى بِهِ الطَّلَاقَ مِنْ وَثَاقٍ لَا يَقَعُ دِيَانَةً " ملتقطا
ترجمہ: (ماتن کا قول کہ صرف طلاق میں استعمال کیا جاتا ہو) یعنی غالب طور پر جیساکہ صاحبِ بحر کے کلام نے اس کا فائدہ دیا ہے، (ماتن کا قول کہ ان الفاظ سے ایک رجعی واقع ہوگی) یعنی وہاں کوئی ایساقرینہ موجود نہ ہو جس کی وجہ سے اس طلاق کو بائنہ قرار دیا جائے ،( ماتن علیہ الرحمہ کا قول کہ یا اس نے کسی چیز کی نیت نہ کی ہو) کیونکہ صریح نیت کا محتاج نہیں ہوتا بہر حال دیانۃً تو اس کی نیت معتبر ہوگی یہاں تک کہ جب اس نے بیڑیوں سے آزاد کرنے کی نیت کی ہو تو دیانۃً طلاق واقع نہیں ہوگی ۔
(ردالمحتار علی الدر المختار،کتاب الطلاق،باب الصریح،ج،4،ص،443تا 446،مکتبہ رشیدیہ)
الدرالمختار میں ہے:
" الصريح يلحق الصريح و يلحق البائن بشرط العدة "
ترجمہ:صریح طلاق صریح طلاق کو اور بائن طلاق کو لاحق ہوتی ہے بشرطیکہ وہ عورت عدت میں ہو۔
( الدرالمختار،کتاب الطلاق،باب الکنایات،ج،4،ص،528،مکتبہ رحمانیہ )
اسی کے تحت ردالمحتار میں ہے:
" قوله : (الصريح يلحق الصريح) كما لو قال لها : أنت طالق ثم قال : أنت طالق أو طلقها على مال وقع الثاني. بحر. فلا فرق في الصريح الثاني بين كون الواقع به رجعياً أو بائناً "
ترجمہ: (ماتن علیہ الرحمہ کا قول کہ صریح طلاق صریح طلاق کو لاحق ہوتی ہے)جیساکہ اگر اس نے اپنی بیوی کو کہا تو طلاق والی ہے پھر دوبارہ کہا کہ تو طلاق والی ہے یا بیوی کو مال پر طلاق دے دی تو دوسری طلاق واقع ہوجائے گی اور کوئی فرق نہیں ہے کہ دوسری صریحی طلاق رجعی واقع ہو یا بائنہ واقع ہو۔
(ردالمحتارعلی الدرالمختار،کتاب الطلاق،باب الکنایات،ج،4،ص،528،مکتبہ رشیدیہ )
الدرالمختار میں ہے :
"(كنايته) عند الفقهاء (ما لم يوضع له) أي الطلاق( واحتمله) وغيره ( ف)ا لکنایات (لا تطلق بها) قضاء (إلا بنية أو دلالة الحال) وهي حالة مذاكرة الطلاق أو الغضب۔۔۔ و( فی مذاکرۃ الطلاق) یتوقف (الاول فقط) و یقع بالاخیرین و ان لم ینو" ملتقطا
ترجمہ:فقہاء کے نزدیک کنایہ وہ لفظ ہے جو طلاق کےلئے وضع نہ کیا گیا ہو اور طلاق اور غیر طلاق دونوں کا احتمال رکھتاہو،پس الفاظِ کنایہ کے ذریعے صرف نیت یا دلالتِ حال کے پائے جانے کے وقت طلاق ہو تی ہےاور مذاکرہ طلاق یا غصہ کی حالت دلالتِ حال ہےاور مذاکرہ طلاق میں فقط پہلے الفاظ سےطلاق نیت پر موقوف ہوتی ہےاور آخری دو کےساتھ بغیر نیت کے واقع ہوجاتی ہے ۔
(الدرالمختار ،کتاب الطلاق،باب الکنایہ ،ج،4،ص،514تا521،مکتبہ رحمانیہ )
اس کے تحت ردالمحتار میں ہے :
" بخلاف ألفاظ الأخيرين فإنها وإن احتملت الطلاق لكنها لا تحتمل المذاكرة من الرد والتبعيد، فترجح جانب الطلاق ظاهراً فلا يصدق في الصرف عنه، فلذا وقع بها قضاء بلا نية ."
ترجمہ:بخلاف آخری دونوں الفاظ کےکیونکہ اگرچہ ان میں طلاق کا احتمال ہے، لیکن مذاکرہِ طلاق کی وجہ سے رد اور دوری کا احتمال نہیں رکھتے ۔پس ظاہری طور پر طلاق کا پہلو راجح ہوگیا لہذا طلاق کے معنی سے انکار کرنے میں شوہر کی تصدیق نہیں کی جائے گی لہذا اسی وجہ سے ان الفاظ سے بغیر نیت کے بھی قضاءً طلاق واقع ہو جائے گی۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار،کتاب الطلاق،باب الکنایات،ج،4،ص،521،مکتبہ رحمانیہ)
خلاصہ:بیوی کوتین طلاقیں واقع ہوچکی ہیں اور بیوی تین طلاقِ مغلظہ کے ساتھ اپنے شوہر پر حرام ہوچکی ہے اور اب بغیر حلالہ شرعیہ کے ان کا ایک ساتھ رہنا ناجائز و سخت گناہ اور حرام ہے۔
واللہ اعلم بالصواب