دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

تاخیر کی صورت میں پورے دن کی تنخواہ کاٹنے کا حکم

223 نومبر، 2026190سوال کنندہ : محمد رمضان قادری
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ اگر کسی ادارے یا ملازمت کی جگہ پر یہ شرط طے کی جائے کہ اگر کوئی ملازم تین دن دیر سے آئے گا تو اس کی ایک دن کی مکمل تنخواہ کاٹ لی جائے گی،اور ملازم اس شرط کو پہلے سے جانتے ہوئے اپنی رضا مندی بھی ظاہر کر دے، تو شرعاً اس کا کیا حکم ہے؟ کیا ملازم کی رضامندی اور باہمی معاہدے کے باوجود ایسی شرط کے تحت ایک دن کی مکمل تنخواہ کاٹنا جائز ہے یا نہیں؟نیز شریعتِ مطہرہ کی روشنی میں اس قسم کی مالی کٹوتی کی کیا حیثیت ہے؟قرآن و سنت کی روشنی میں مدلل رہنمائی فرما دیں۔بینو اتوجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا شرعی حکم یہ ہے کہ کسی بھی ادارے کے ملازمین کی شرعی حیثیت اجیرِ خاص کی ہوتی ہے،اور اجیرِ خاص اپنی اجرت (تنخواہ) کا مستحق اسی وقت ہوتا ہے جب وہ مقررہ اوقات میں ادارے میں حاضر ہو اور اس کے سپرد کردہ کام کو معمول کے مطابق انجام دے۔ لہٰذا اگر کوئی ملازم ملازمت کے اوقات میں حاضر نہ ہو یا تاخیر سے آئے تو وہ اپنی غیر حاضری یا تاخیر کے بقدر تنخواہ کا مستحق نہیں ہوگا۔

اس معاملے کا اصل تقاضا یہ ہے کہ جب ملازم کام نہ کرے تو اس کا معاوضہ بھی وصول نہ کرے، یا جتنی دیر سے آئے اتنی مدت کے بقدر تنخواہ وصول نہ کرے۔ تاہم شریعت نے فریقین کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ تنخواہ اور ملازمت کے متعلق باہمی رضامندی سے کوئی جائز ضابطہ طے کرلیں، لہٰذا چھٹی یا تاخیر کی صورت میں اگر کوئی معقول اور جائز نظام پہلے سے طے ہو تو اس پر عمل کرنا شرعاً درست ہوگا۔البتہ تین دن تاخیر سے آنے پر پورے دن کی اجرت کاٹ لینا جائز نہیں؛ کیونکہ یہ درحقیقت مالی جرمانہ ہے، اور فقہِ حنفی میں مالی جرمانہ ناجائز قرار دیا گیا ہے۔ نیز یہ ظلم و زیادتی کے زمرے میں بھی آتا ہے۔

ممکنہ جائز صورت یہ ہے کہ ملازم کی ماہانہ تنخواہ کو اس کے مکمل اوقاتِ کار (مثلاً صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک) پر تقسیم کرلیا جائے، پھر جس دن کوئی ملازم تاخیر سے آئے، اس دن صرف اسی تاخیر کے بقدر تنخواہ میں کٹوتی کی جائے۔

اگر ادارے یا کمپنی کے ذمہ داران یہ محسوس کریں کہ محض تاخیر کے بقدر تنخواہ میں کٹوتی کرنے سے ملازمین میں سستی اور بے ضابطگی پیدا ہوگی،اور اس سے ادارے کا نظم و نسق متاثر ہوسکتا ہے،تو اس کے لیے ایک مناسب اور شرعاً جائز تدبیر یہ اختیار کی جاسکتی ہے کہ ملازمین کی حاضری اور وقت کی پابندی کے اعتبار سے مختلف درجات یا کیٹیگریاں مقرر کردی جائیں۔ پھر سالانہ انکریمنٹ، الاؤنسز اور دیگر سہولیات انہی درجات کے مطابق دی جائیں،تاکہ ملازمین بہتر مراعات کے حصول کے لیے وقت کی پابندی اور ذمہ داری کا اہتمام کریں۔

نیز بعض ادارے یہ طریقہ اختیار کرتے ہیں کہ اگر کوئی ملازم تاخیر سے آئے تو اسے بطورِ سزا اُس دن کام کرنے سے روک دیتے ہیں، پھر اسی دن کی تنخواہ بھی کاٹ لیتے ہیں۔ یہ طریقہ بھی شرعاً درست نہیں؛ کیونکہ اجارہ(ملازمت کا معاہدہ) پورے مہینے کے لیے ہوتا ہے،اس لیے ادارے کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ دورانِ مدت یکطرفہ طور پر ملازم کو ایک دن کام سے روک دے اور پھر اس دن کی اجرت بھی منہا کرلے۔

باطل طریقے سے دوسروں کا مال نہ کھانے سے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

    • "یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَاْكُلُوْۤا اَمْوَالَكُمْ بَیْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ"

ترجمۂ کنز الایمان: اے ایمان والو آپس میں ایک دوسرے کے مال ناحق نہ کھاؤ۔

(سورہ النساء،آيت:29)

اس طرح کی شرطیں عقد اجارہ میں لگانے سے اجارہ فاسد ہوتا ہے۔چنانچہ امامِ اہلسنّت امام احمد رضا خان قادری علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں :

"پھر اگر اس قسم کی شرطیں عقد اجارہ میں لگائی گئیں جیساکہ بیان سوال سے ظاہر ہے کہ وقت ملازمت ان قواعد پر دستخط لے لئے جاتے ہیں، یا ایسے شرائط وہاں مشہور ومعلوم ہو کرالمعروف کالمشروط ہوں، جب تو وہ نوکری ہی ناجائز وگناہ ہے، کہ شرط فاسد سے اجارہ فاسد ہوا، اور عقد فاسدحرام ہے۔ اور دونوں عاقد مبتلائے گناہ، اور ان میں ہر ایک پر اس کا فسخ واجب ہے ۔"

(فتاوی رضویہ ،ج:19،ص:506، رضا فاؤنڈیشن ،لاہور)

درر الحکام شرح مجلۃ الاحکام العدلیہ میں ہے:

"الأجيرالخاص يستحق الأجرة إذا كان في مدة الإجارة حاضرا للعمل ولا يشترط عمله بالفعل ولكن ليس له أن يمتنع عن العمل وإذا امتنع لا يستحق الأجرة".

ترجمہ: اجیرِ خاص اجرت کا مستحق اس وقت ہوتا ہے جب وہ مدتِ ملازمت میں کام کے لیے حاضر رہے۔ اس کے لیے عملاً ہر وقت کام میں مشغول ہونا شرط نہیں، البتہ اسے کام سے انکار یا گریز کا حق نہیں۔ لہٰذا اگر وہ کام کرنے سے انکار کرے تو اجرت کا مستحق نہیں ہوگا۔

( دررالحکام شرح مجلة الاحکا م،مادة:425،ص:387)

اجیرِ خاص کی تنخواہ کی کٹؤتی کے متعلق امامِ اہلسنّت امام احمد رضا خان قادری علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں :

"اس روز جتنے گھنٹے کام میں تھا ان میں جس قدر کی کمی ہوئی صرف اتنی ہی تنخواہ وضع ہوگی ، ربع ہو تو ربع ، یا کم زیادہ جس قدر کی کمی ہوئی صرف اتنی تنخواہ وضع ہوگی ، مثلاً چھ گھنٹے کام کرنا تھا اور ایک گھنٹہ نہ کیا تو اس دن کی تنخواہ کا چھٹا حصہ وضع ہوگا ، زیادہ وضع کرنا ظلم ہے۔"

(فتاویٰ رضویہ ، ج:19،ص:516،رضافاؤنڈیشن لاہور)

تسلیمِ نفس کی تفصیل کے متعلق امامِ اہلسنت فرماتے ہیں :

"اگر تسلیمِ نفس میں کمی کرے مثلا بلارخصت چلا گیا ، یا رخصت سے زیادہ دن لگائے ، یا مدرسہ کاوقت چھ گھنٹے تھا ، اس نے پانچ گھنٹے دئیے ، یا حاضر تو آیا لیکن وقتِ مقرر خدمتِ مفوّضہ کے سوا اور کسی اپنے ذاتی کام اگر چہ نماز نفل یا دوسرے شخص کے کاموں میں صرف کیا کہ اس سے بھی تسلیم منتقض ( متأثر ) ہوگئی ، یونہی اگر آتا اور خالی باتیں کرتا چلا جاتا ہے طلبہ حاضر ہیں اور پڑھاتا نہیں کہ اگرچہ اجرت کا م کی نہیں تسلیمِ نفس کی ہے ، مگریہ منعِ نفس ہے، نہ کہ تسلیم ، بہر حال جس قدر تسلیمِ نفس میں کمی کی ہے اتنی تنخواہ وضع ہوگی۔ "

( فتاویٰ رضویہ،19،ص:506،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

بہارِ شریعت میں ہے :

"اجیرِ خاص اس مدتِ مقررہ میں اپنا ذاتی کام بھی نہیں کرسکتا اور اوقاتِ نماز میں فرض اور سنتِ مؤکدہ پڑھ سکتا ہے نفل نماز پڑھنا اس کے لئے اوقاتِ اجارہ میں جائز نہیں۔"

( بہارِ شریعت،ج:2،ص:161،مکتبۃ المدینہ کراچی )

مالی جرمانے کی ممانعت کی تفصیل کے متعلق رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:

"وأفاد في البزازية أن معنى التعزير بأخذ المال على القول به إمساك شيء من ماله عنه مدة لينزجر ثم يعيده الحاكم إليه، لا أن يأخذه الحاكم لنفسه أو لبيت المال كما يتوهمه الظلمة إذ لا يجوز لأحد من المسلمين أخذ مال أحد بغير سبب شرعي۔۔۔وفي شرح الآثار:التعزير بالمال كان في ابتداء الإسلام ثم نسخ والحاصل أن المذهب عدم التعزير بأخذ المال، وسيذكر الشارح في الكفالة عن الطرسوسي أن مصادرة السلطان لأرباب الأموال لا تجوز إلا لعمال بيت المال: أي إذا كان يردها لبيت المال"

ترجمہ: اور "بزازیہ" میں یہ وضاحت کی گئی ہے کہ بعض اہلِ علم کے نزدیک مالی تعزیر کا مطلب یہ ہے کہ کسی شخص کے مال کا کچھ حصہ ایک مدت تک اس سے روک لیا جائے تاکہ وہ باز آجائے، پھر حاکم وہ مال اسے واپس لوٹا دے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ حاکم وہ مال خود لے لے یا بیت المال میں داخل کردے،جیسا کہ ظالم لوگ سمجھ بیٹھتے ہیں،کیونکہ کسی بھی مسلمان کا مال بغیر شرعی سبب کے لینا کسی کے لیے جائز نہیں۔اور "شرح الآثار" میں ہے کہ مالی تعزیر اسلام کے ابتدائی دور میں تھی، پھر منسوخ کردی گئی۔ حاصلِ کلام یہ ہے کہ مذہبِ حنفی میں مال لے کر تعزیر دینا درست نہیں۔ اور شارح آگے کتاب الکفالہ میں طرسوسی کے حوالے سے ذکر کریں گے کہ حکمران کا مال داروں کے اموال ضبط کرنا جائز نہیں، سوائے بیت المال کے عامل کے، یعنی اس صورت میں جبکہ وہ مال بیت المال ہی میں جمع کرایا جائے۔

(رد المحتار ،ج:6،ص:98،مکتبہ رحمانیہ)

امامِ اہلسنت فرماتے ہیں:

"جرم کی تعزیر مالی جائز نہیں کہ منسوخ ہے او ر منسوخ پر عمل حرام ہے۔"

(فتاوی رضویہ ،ج:19،ص:506، رضا فاؤنڈیشن لاہور)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

25مئی 2026 ء/8ذی الحجّۃ ١٤٤٧ ھ کو جاری کیا گیا