سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ جب مالک نے آڑھتی کے پاس اپنی گندم رکھوائی کہ جب ریٹ زیادہ ہوگا تو اس گندم کو بیچ دے گا لہذا اس طریقے سے آڑھتی کے پاس گندم رکھوانا جائز ہے یا نہیں؟اگر آڑھتی نے گندم بیچ دی تو کیا آڑھتی مالک کو پانچ ماہ پہلے والا ریٹ مثلاً3 ہزار روپے کے حساب سے پیسے دے گا یا موجودہ ریٹ مثلاًپانچ ہزار روپے کے حساب سے اس میں سے مالک کے لیے کون سے پیسے لینا جائز ہیں؟ مذکورہ مسئلہ کا مدلل جواب عنایت فرمائیں!بینوا توجروا
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پو چھی گئی صورت میں حکم شرعی یہ ہے کہ مالک کا آڑھتی کے پاس قیمت کے بڑھنے کے انتظار میں گندم رکھوانا جائز ہےکیونکہ اس کے رکھوانے سے شہر والوں کو نقصاں نہیں ہورہا ۔اور چونکہ یہاں آڑھتی کی حیثیت بروکر کی ہے،لہذا جب اس نے گندم بیچ دی تو اس سےحاصل ہونے والی کل رقم مؤکل (مالک)کی ہوگی اور اس کےلئے موجودہ ریٹ مثلاً (پانچ ہزار5000) کے حساب سے پیسے لینا جائز ہیں ۔ البتہ آڑھتیکی بروکری کی دو صورتیں ہیں: یا تو بروکری فیصد سے طے ہوگی یا اصلا ہی کچھ طے نہیں ہوگا۔پہلی صورت میں بروکری جتنے فیصد طے ہوئی آڑھتی اسی کا حقدار ہوگا لیکن اگر دوسری صورت ہو کہ بروکری میں کچھ طے نہ ہوا ہوتو اسے اجرت مثل (یعنی مارکیٹ میں اس قسم کے کام پر جتنا مال دیا جاتا ہے) دی جائے گی۔
نیز آڑھتی کی آمدنی کی تفصیل اس کے کام کے اعتبار سے مندرجہ ذیل ہے۔
1 ۔آڑھتی کے پاس کوئی چیز رکھوانا کہ جب ریٹ بڑھے گا تو اس کو بیچ دینا اور اپنا کمیشن لےلینا اس صورت میں آڑھتی کی حیثیت بروکر(Broker,Agent) کی ہے کیونکہ مالک کا یہ کہنا کہ’’ جب گندم کا ریٹ بڑھے گا تو اس گندم کو بیچنا‘‘ یہ آڑھتی کو بیچنے کا وکیل بنانے اور وکالت کوریٹ بڑھنے کے زمانہ کے ساتھ مقید کر نا ہے اور جب مؤکل وکالت میں کوئی فائد ہ مند شرط ذکر کردے تو وہ شرط معتبر ہوتی ہے اور جب وکیل مؤکل کےلئے کام کرتاہے تو اس سے حاصل ہونے والی کل رقم مؤکل کی ہوتی ہے لہذاجب اس نے گندم بیچ دی تو اس سےحاصل ہونے والی کل رقم مؤکل (مالک)کی ہوگی اور اس کےلئے موجودہ ریٹ مثلاً (پانچ ہزار5000) کے حساب سے پیسے لینا جائز ہیں ۔اور اگر اس نے اپنی کوئی اجرت مقرر نہیں کی تھی تو اجارہ فاسدہ کی وجہ سے اس کو اجرتِ مثل دی جائے گی ،اگر آڑھتی نے بروکری کی اجرت فیصد کے اعتبار سے مقرر کی تھی تو اس کومقررہ اجرت دی جائے گی اجرتِ مثل (یعنی مارکیٹ میں اس قسم کے کام پر جتنا مال دیا جاتا ہے) نہیں دی جائے گی کیونکہ فیصد کے اعتبار سے اگر چہ اجرت مجہول ہے لیکن اس پہ عرف عام جاری ہوچکا ہے اور عرف کی وجہ سے نص کو اس کے حکم کے ساتھ خاص کر دیا جاتا ہے اور قیاس کو چھوڑ دیا جاتا ہے لہذا عرف کی وجہ سے فیصد کے اعتبار سے اجرت لینا جائز ہے ۔
2۔ آڑھتی کو پیسے مثلاً(200000) دینا کہ گندم خرید کے رکھ لو جب ریٹ بڑھے گا تو اس کو بیچ دینا یا گندم دینا کہ اس کو رکھ لو جب ریٹ بڑھے گا تو اس کو بیچ کر آج کی رقم نکال دیں گے اورنفع ہم تقسیم کر لیں گے یہ مضاربہ مقیدہ ہے اور اس صورت میں آڑھتی کی حیثیت مضارب کی ہو گی ۔اگر عقد کے وقت نفع سے فیصد کے اعتبار سے نفع کی مقدار معین تھی تو اصل رقم نکالنے کے بعد آڑھتی کو نفع سے مشروط دیا جائے گا اور اگر عقد کے وقت نفع کی مقدار متعین نہیں تھی یا کل رقم سے نفع کی مقدار متعین تھی تو نفع مجہول ہونے اور راس المال سے نفع مقرر کرنے کی وجہ سے مضاربہِ فاسدہ ہے اور دوسری صورت (گندم رکھوانے والی ) میں بھی مضاربۃِ فاسدہ ہےکیونکہ مضاربہ کے صحیح ہونے کےلئے شرط ہے کہ راس المال ثمن (پیسے)ہو سامان نہ ہو لہذاگندم کے سامان ہونے کی وجہ سے یہ عقدمضاربت فاسد ہے اور مضاربہِ فاسدہ میں اس سے حاصل ہونے والی کل رقم رب المال کی ہوتی ہے اور مضارب کواجرت مثل اور مشروط(مقرر) میں جو کم ہو وہ دیا جاتاہے لہذا ان صورتوں میں کل رقم مالک کی ہوگی ، نفع حاصل ہو یا نہ ہو آڑھتی کو مضاربۃِ فاسدہ کی وجہ سے اجرتِ مثل اور مشروط میں جو کم ہو وہ دیا جائے گا ۔
3۔ قیمت طے کئے بغیر آڑھتی کو گندم دے دیناکہ رکھویا بیچو یہ تمہیں اس میں اختیار ہے ہم جب چاہیں گے آپ سے (مثلاً پانچ ماہ بعد) اس کی قیمت طے کر لیں گے یہ بیع بھی نہیں ہے کیونکہ بیع کےلئے ایجاب وقبول یا جو اس کے قائم مقام(تعاطی ) ہوشرط ہےاور یہ ایجاب و قبول بھی نہیں ہےاور بیع تعاطی کی شرائط میں سے ثمن بھی مجہول ہے ،اور یہ امانت بھی نہیں ہے کیونکہ امانت میں تصرف کا اختیار نہیں ہوتا جبکہ اس میں تصرف کا اختیار ہے لہذا اس کی صورت عاریت اورقرض کی ہے اور جب قرض مثلی چیز ہو تو اس کی مثل سے ہی ادا کی جاتی ہے ،کسی دوسری چیز کی شرط لگانا بھی جائز نہیں ہے لہذا آڑھتی کو اُتنی گندم دینا لازم ہوگی اور آڑھتی کو اس کی حفاظت کی اجرت بھی نہیں دی جائے گی کیونکہ قرضہ قرض لینےوالےکی ملکیت ہوتا ہے اور اپنی ملکیت کی حفاظت کی کسی دوسرے سے اجرت لینا جائز نہیں ہے ۔
تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے :
’’(وَ)کرہ احْتِكَارُ قُوتِ الْبَشَرِ۔۔۔وَالْبَهَائِمِ فِي بَلَدٍ يَضُرُّ بِأَهْلِهِ لِحَدِيثِ «الْجَالِبُ مَرْزُوقٌ وَالْمُحْتَكِرُ مَلْعُونٌ» فَإِنْ لَمْ يَضُرَّ لَمْ يُكْرَهْ‘‘ (ملتقطا)
ترجمہ: انسان اور جانوروں کی خوراک کو کسی ایسےشہر میں ذخیرہ اندوزی کرنا جو اس شہر والوں کو نقصان دے یہ مکروہ ہے کیونکہ حدیث پاک میں ہے کہ غلہ لانے والے کو رزق دیا جاتاہے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والاملعون ہے، پس اگر ذخیرہ اندوزی شہر والوں کو نقصاں نہ دے تواس میں کوئی کراہت نہیں ہے ۔ (تنویرالابصار مع الدرالمختار،کتاب الحظر والاباحۃ،فصل فی البیع ،ج،9،ص،656تا 657،مکتبہ رحمانیہ )
اسی کے تحت ردالمحتار میں ہے :
’’ قوله: (وكره احتكار قوت البشر )الاحتكار لغة: احتباس الشيء انتظارًا لغلائه ۔۔۔ وشرعًا: اشتراء طعام ونحوه وحبسه إلى الغلاء اربعين يوما ۔۔۔وعن ابی یوسف کل ما اضر بالعامۃ حبسہ فھو احتکار ۔۔۔قوله (في بلد) او ما في حكمه كالرسـتاق والقرية ۔۔۔قوله (يضر باهله) بان كان البلد صغيرا ‘‘ (ملتقطا)
ترجمہ: (ماتن کا قول کہ انسانوں کی خوراک کو روکنا مکروہ ہے ) احتکار کا لغوی معنی کسی چیز کو اس کی قیمت کے بڑھنے کے انتظار میں روک لینا ،اور اس کا شرعی معنی کھانے وغیرہ کو خریدنا اور اس کی قیمت کے بڑھنے کے انتظار میں چالیس دن تک روک لینا ،امام ابو یوسف سے مروی ہے کہ ہر وہ چیز جس کا روکنا لوگوں کو نقصان دے وہ احتکار ہے ،(ماتن کا قول کہ شہر میں ) اور جو اس کے حکم میں ہے جیسے گاؤں اور بستی ،(ماتن کا قول کہ شہر والوں کو نقصان دے ) بایں طور کہ شہر چھوٹا ہو ۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار،کتاب الحظر والاباحۃ،فصل فی البیع ،ج،9،ص،656تا 657،مکتبہ رحمانیہ )
الدرالمختار میں ہے :
’’ ومتی عین الآمر شیأًتعین الا فی بعہ بالنسیئۃ بالف فباع بالنقد بالف جاز۔۔۔ و انھا تتقید بزمان و مکان‘‘(ملتقطا)
ترجمہ: جب حکم دینے والے نے کسی چیز کو متعین کر دیا تو وہ متعین ہو جاتی ہے (اس کی خلاف ورزی نہیں کرسکتا ) سوائے اس کے کہ جب اس نے کہا ہو کہ اس کو ہزار کے عوض ادھار بیچ دو اور اس نے اس کو ہزار کےعوض نقد بیچ دیا تو یہ جائز ہو گا ، اور یہ کہ وہ معاملہ زمانہ اور جگہ کے ساتھ بھی مقید ہو سکتاہے ۔(الدرالمختار ،کتاب الوکالۃ،فصل لا یعقد وکیل ،ج،17،ص،335تا 337،مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ )
اسی کے تحت ردالمحتا ر علی الدر المختار میں ہے :
’’قوله : بالنقد بألف (جاز) لأنه وإن صار مخالفاً إلا أنه إلى خير من كل وجه، وإن باعه بأقل من الألف بالنقدِ لا يَجُوزُ، لأنه وإن خالف إلى خير من حيث التعجيل خالف إلى شر من حيث المقدار، والخلاف إلى شر من وجه يكفي في المنع، ۔۔۔(قوله: بزمان ومكان) فلو قال: بعه غداً لم يحز بيعه اليوم ۔۔۔و جملۃ الامر ان کل ما قید بہ الموکل ان مفیدا من کل وجہ یلزم رعایتہ اکدہ بالنفی او لا ‘‘ (ملتقطا)
ترجمہ:شارح کا قول کہ نقد ہزار کے بدلے میں جائز ہے کیونکہ اگر چہ یہ مخالفت ہے لیکن ہر اعتبار سے اس میں مؤکل کی فائدہ ہے اور اگر اس کو ہزار سے کم کے عوض نقد بیچ دے تو جائز نہیں ہو گی اگر چہ اس میں جلدی کی وجہ سے فائدہ ہے لیکن مقدار کے اعتبار سے نقصانکی طرف مخالفت ہے اور کسی ایک اعتبار سے نقصان کی طرف مخالفت منع کےلئے کافی ہے ،شارح علیہ الرحمۃ کا قول زمان اور مکان کے ساتھ اگر اس نے کہا کہ اس کو کل بیچنا تو اس کےلئے آج بیچنا جائز نہیں ہو گا ، خلاصہ کلام یہ ہے کہ ہر وہ چیز جس کی مؤکل نے قید لگائی ہے اگر و ہ ہر اعتبار سے فائدہ مند ہےتو اس کی رعایت کرنا لازم ہوتاہے خواہ نفی کےساتھ تاکید کی ہو یا تاکید نہ کی ہو ۔
(ردالمحالدرالمختار ،کتاب الوکالۃ،فصل لا یعقد وکیل ،ج،17،ص،335تا 337،مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ )
ردالمحتار علی الدرالمختار میں ہے :
"قال في التتارخانية: وفي الدلال والسمسار يجب أجر المثل، وما تواضعوا عليه أن في كل عشرة دنانير كذا فذاك حرام عليهم. وفي الحاوي: سئل محمد بن سلمة عن أجرة السمسار، فقال: أرجو أنه لا بأس به وإن كان في الأصل فاسدا لكثرة التعامل وكثير من هذا غير جائز، فجوزوه لحاجة الناس إليه كدخول الحمام"
ترجمہ:فتاوٰی تاتار خانیہ میں فرمایا دلال اور سمسار میں اجرتِ مثل واجب ہوتی ہے اور جو اس پر شرطرکھتے ہیں کہ دس دراہم میں اتنا لیں گے یہ ان پر حرام ہے ،اور الحاوی میں ہےکہ محمد بن سلمہ سے سمسار کی اجرت کے حوالے سے پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا کہ میں امید کرتا ہوں کثرتِ تعامل کی وجہ سے اس میں کوئی حرج نہیں ہے اگر چہ یہ اپنی اصل کے اعتبار سے فاسد تھا اسی کی مثل بہت سے وہ ہیں جن کی طرف لوگوں کی ضرورت کی وجہ سے جائز قرار دیا ہے جیساکہ حمام کا مسئلہ ہے ۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار،کتاب الاجارہ ،باب الاجارۃ الفاسدہ ،ج،19،ص،241،مکتبہ رشیدیہ )
اس کے تحت جد الممتار میں امامِ اہل سنت فرماتے ہیں :
"أقول: قد صرح بأجرة المثل في "الأشباه" أيضاً بعيد ذلك ۔۔۔ ولعل معنى (جوزوه): أباحوه مع فساده لأجل الحاجة، فيكون أجر المثل طيباً له كما قاله الإمام خواهر زاده وغيره" (ملتقطا)
ترجمہ: میں کہتا کہ الاشباہ میں بھی اس کے بعد اجرتِ مثل کی صراحت کی ہے ،اور شاید کہ اس کو جائز قرار دینے کا معنی یہ ہے کہ اس کے فاسد ہونے کے باوجود ضرورت کی وجہ سے اس کو مباح قرار دیا ہے لہذا اس کے لئے اجرت مثل حلال ہوگی ۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار،کتاب الاجارہ ،باب الاجارۃ الفاسدہ،ج،6،ص،363،مکتبہ دارِ اہل السنۃ)
الدرالمختار میں ہے :
’’وأما الدلال فإن باع العين بنفسه بإذن ربها فأجرته على البائع وإن سعى بينهما وباع المالك بنفسه يعتبر العرف‘‘
ترجمہ:دلال(بروکر ) نے اگر مالک کی اجازت سے خود سامان کو بیچا تو اس کی اجرت بائع پر ہو گی اور اس نے بائع اور مشتری کے درمیان کوشش کی اور سامان مالک نے بیچا تو پھر اجرت میں عرف کا اعتبار کیا جائے گا ۔( الدرالمختار،کتاب البیوع ،ج،7،ص،93،مکتبہ رحمانیہ )
اس کے تحت ردالمحتار میں ہے :
’’(قوله: فأجرته على البائع) وليس له أخذ شيء من المشتري؛ لأنه هو العاقد حقيقة شرح الوهبانية وظاهره أنه لا يعتبر العرف هنا؛ لأنه لا وجه له. (قوله: يعتبر العرف) فتجب الدلالة على البائع أو المشتري أو عليهما بحسب العرف ‘‘
ترجمہ :شارح کا قول کہ دلال کی اجرت بائع پر ہے اس کےلئےمشتری سے کوئی چیز لینا جائز نہیں ہے کیونکہ حقیقتاً عقد کرنے والا وہی ہے ،اور اس کا ظاہر یہ ہےکہ اس میں عرف کا اعتبار نہیں کیا جائے گا کیونکہ اس کی کوئی وجہ نہیں ہے ،(شارح کا قول کہ عرف کا اعتبار ہوگا ) دلال کی اجرت بائع پر ہوگی یا مشتری پر ہوگی یا ان دونوں پر ہو گی اس میں عرف کا اعتبار ہو گا ۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار،کتاب البیوع ،ج،7،ص،93،مکتبہ رحمانیہ )
الفتاوٰ ی العالمکیریہ میں ہے :
’’الوكيل اذا خالف من حيث الجنس لا ينفذ على الامر، وان كان الماتي به انفع من المامور به ۔۔۔وان كان من حيث الوصف او القدر ان كان الماتي انفع ينفذ على الامر،۔۔۔وان كان اضر لا ينفذ على الامر ‘‘(ملتقطا)
ترجمہ: وکیل جب جنس کے اعتبار سے مخالفت کرے تو وہ کام حکم دینے والے پر نافذ نہیں ہوتا، اگر چہ وہ کام اصل حکم سے زیادہ فائدہ مند ہی کیوں نہ ہو،البتہ اگر مخالفت وصف یا مقدار کے اعتبار سے ہو، تو اگر لائی گئی چیز زیادہ فائدہ مند ہو تو وہ کام حکم دینے والے پر نافذ ہو جائے گا اور اگر وہ کام زیادہ نقصان دہ ہو تو حکم دینے والے پر نافذ نہیں ہوگا۔
(الفتاوی العالمکیریہ ،کتاب الوکالہ،باب التوکیل بالشراء ،ج،3،ص،529،مکتبہ قدیمی کتب خانہ )
تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے:
"و تفسد بعدم التسمیۃ اصلاً۔۔۔ فان فسدت بالاخیرین بجھالۃ المسمی و عدم التسمیۃ وجب اجرالمثل "(ملتقطا)
ترجمہ: اور بالکل اجرت بیان نہ کرنے کی وجہ سے اجارہ بالکل فاسد ہو جاتاہے ،پس اگر آخری دو اجرت کے مجہول یا اجرت کو بیان نہ کرنے کی وجہ سے اجارہ فاسد ہو جائے تو اجرت مثل واجب ہوتی ہے ۔
(تنویر الابصار مع الدر المختار ،کتاب الاجارہ ،باب الاجارۃ الفاسدۃ،ج،9،ص،81،مکتبہ رحمانیہ )
عقدِ مضاربہ کے حوالہ سے تنویرالابصار مع الدرالمختار میں ہے :
"(هي) ۔۔۔(عقد شركة في الربح بمال من جانب )رب المال( وعمل من جانب) المضارب( ورکنھاالایجاب والقبول وحكمها )انواع لانها (ايداع ابتداء) ۔۔۔(وتوكيل مع العمل )۔۔۔(وشركة ان ربح) ۔۔۔(واجارة فاسدة ان فسدت فلا ربح) للمضارب (حينئذ بل له اجر مثل عمله)۔۔۔ بلا زیادۃ علی المشروط۔۔۔(وشرطها) امور سبعة (كون راس المال من الاثمان) ۔۔۔وهو معلوم للعاقدين ۔۔۔(وكون راس المال عينا لا دينا )۔۔۔(وكونه مسلما الى المضارب ليمكنه التصرف) ۔۔۔(وكون الربح بينهما شائعا) فلو عين قدرا فسدت ۔۔۔(وكون نصيب كل منهما معلوما )عند العقد و من شروطھا کون نصیب المضارب من الربح حتی لو شرط لہ من راس المال او منہ و من الربح فسدت " (ملتقطا)
ترجمہ:مضاربت نفع میں شرکت کا عقد ہے اس طور پر کہ ایک کا مال اور ایک کا کام ہو او ر اس کا رکن ایجاب اور قبول ہے اور اس کے حکم کی کئی اقسام ہیں ابتداء میں یہ ودیعت ہوتی ہے اور کام کے ساتھ یہ وکالت بن جاتی ہے اور اگر نفع ہو جائے تو یہ شرکت بن جاتی ہے اور اگر کسی شرط فاسد سے فاسد ہو جائے تو یہ اجارہ فاسدہ میں تبدیل ہو جاتی ہے فاسد ہونے کی صورت میں مضارب کےلئے نفع سے کوئی حصہ نہیں ہوگا بلکہ اس کو اجرت مثل اور مشروط میں سے جو کم ہو وہ دیا جائے گا ،اور مضاربت کی شرائط سات ہیں راس المال ثمن ہو ،راس المال کی مقدار معلوم ہو ،راس المال عین ہو دین نہ ہو ،راس المال مضارب کے سپرد کر دیا جائے تاکہ اس میں تصرف کرنا ممکن ہو ، نفع دونوں کے درمیان مشترک ہو ،اگر کسی نے نفع کی کوئی مقدار معین کر دی تو مضاربت فاسد ہو جائے گی ،عقد کے وقت نفع میں سے ہر ایک کا حصہ فیصد کے اعتبار سے معلوم ہو ،اس کی شرائط میں سے ہے کہ مضارب کا حصہ نفع سے ہو اگر مضارب نے راس المال سے یا راس المال اور نفع دونوں سے شرط لگائی تو مضاربت فاسد ہو جائے گی ۔
(تنویرالابصار مع الدرالمختار،کتاب المضاربۃ ،ج،8،ص،498تا 501،مکتبہ رحمانیہ )
قرض کے بارے الدرالمختار میں ہے :
"(هو) ۔۔۔وشرعا: ما تعطيه من مثلي لتتقاضاه وهو أخصر من قوله (عقد مخصوص) أي بلفظ القرض ونحوه (يرد على دفع مال) ۔۔۔(مثلي) ۔۔۔(لآخر ليرد مثله) ۔۔۔(وصح) القرض (في مثلي) هو كل ما يضمن بالمثل عند الاستهلاك" (ملتقطا)
ترجمہ: شریعت کی اصطلاح میں قرض سے مراد یہ ہے کہ کسی شخص کو ایسی مثلی چیز دی جائے جس کا مثل واپس لیا جا سکے۔ یہ تعریف اس قول سے زیادہ مختصر ہے کہ قرض ایک مخصوص عقد ہے یعنی ا لفظِ قرض یا اس کی مثل کے ذریعے دوسرے کو مالِ مثلی کی سپردگی پر منعقد ہوتا ہے تاکہ اس کی مثل واپس کیا جائے اور مثلی چیز کو قرض پر دینا صحیح ہے اور مثلی چیز وہ ہے جس کے تلف یا استعمال ہو جانے کی صورت میں اس کے مثل کے ذریعے ضمان لازم آئے ۔(الدرالمختار،کتاب البیوع ،فصل فی القرض ،ج،7،ص،406تا 407،مکتبہ رحمانیہ )
اس کے تحت ردالمحتار میں ہے :
"لا يصح القرض في غير المثلي، لأن القرض إعارة ابتداء حتى صح بلفظها معاوضة انتهاء، لأنه لا يمكن الانتفاع به إلا باستهلاك عينه، فيستلزم إيجاب المثل في الذمة"
ترجمہ: مثلی چیز کے علاؤہ کاقرض صحیح نہیں ہے کیونکہ قرض ابتداء میں عاریت ہے یہاں تک کہ عاریت کے لفظ کے ساتھ بھی صحیح ہے اور انتہاء کے اعتبار سے معاوضہ ہے عین کو ہلاک کئے بغیر اس سے نفع حاصل کرنا ممکن نہیں ہے لہذا ذمہ میں مثل ہی واجب ہو گی۔(ردالمحتارعلی الدرالمختار،کتاب البیوع ،فصل فی القرض ،ج،7،ص،407،مکتبہ رحمانیہ )
شرح عقود رسم المفتی میں ہے :
"(ثم اعلم) أن العُرف قسمان: عام وخاص، فالعام يثبت به الحكم العام ويصلح مخصصاً للقياس والأثر۔۔۔ والحاصل ان العرف العام لا یعتبر اذا لزم منہ ترک المنصوص وانما یعتبر اذا لزم منہ تخصیص " (ملتقطا)
ترجمہ:تو جان کہ عرف کی دو اقسام ہیں عام اور خاص ،پس عرف عام سے حکم عام ثابت ہوتاہے اور یہ قیاس اور حدیث کےلئے مخصص بننے کی صلاحیت رکھتاہے خلاصہ کلام یہ ہے کہ جب عرفِ عام سے منصوص کا ترک لازم آئے اس وقت معتبر نہیں ہوتا اور عرف عام سے نص کی تخصیص لازم آئے اس وقت عرف عام معتبر ہوتاہے ۔
(شرح عقود رسم المفتی ،مبحث فی العرف،ص،271تا272،مکتبہ دارالفقیہ )
فتاوٰی رضویہ میں ہے :
غلہ کو اس نظر سے روکنا کہ گرانی کے وقت بیچیں گے بشرطیکہ اسی جگہ یا اس کے قریب سے خریدا اور اس کانہ بیچنا لوگوں کو مضر ہو مکروہ وممنوع ہے،اوراگر غلہ دور سے خرید کر لائے اور باتنظار گرانی نہ بیچے یانہ بیچنا اس کا خلق کو مضرنہ ہو تو کچھ مضائقہ نہیں ۔
(فتاوی رضویہ ،باب البیع المکروہ ،ج،17،ص،189،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
مضاربۃ فاسدہ کے حوالے سے امامِ اہل سنت فتاوٰی رضویہ میں فرماتے ہیں
مضاربت فاسد ہوجائے تو اجارہِ فاسدہ بن جاتاہے اس صورت میں مضارب نفع کا حقدار نہ ہوگا بلکہ اپنے عمل کے مطابق اجرت کا حقدار ہوگا ۔(فتاوٰی رضویہ ،کتاب المضاربہ ،ج،19،ص،132،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
اسی میں ہے:
بیان سائل سے واضح ہُوا کہ ہنوز اُس مکان کی بیع نہیں ہُوئی، وعدہ خرید و فروخت درمیان آیاہےاور اِسی بناءپر زید نے مالکِ مکان کو دوسوروپے پیشگی دے دیے اور اُسے اجازت دی کہ خرچ کرلے، یہ صورت قرض کی ہُوئی ،ثمن کہہ نہیں سکتے کہ ابھی بیع ہی نہیں ہوئی، ا مانت نہیں کہہ سکتے کہ خرچ کی اجازت دی ،لاجرم قرض ہے۔
(فتاوٰی رضویہ ،کتاب الزکوٰۃ ،ج،10،ص،149،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
بہار شریعت میں ہے:
احتکار یعنی غلہ روکنا منع ہے اور سخت گناہ ہے اور اس کی صورت یہ ہے کہ گرانی کے زمانہ میں غلہ خرید لے اور اُسے بیچ نہ کرے بلکہ روک رکھے کہ لوگ جب خوب پریشان ہوں گے تو خوب گراں کر کے بیع کروں گا اور اگر یہ صورت نہ ہو بلکہ فصل میں غلہ خریدتا ہے اور رکھ چھوڑتا ہے کچھ دنوں کے بعد جب گراں ہو جاتا ہے بیچتا ہے یہ نہ احتکار ہے نہ اس کی ممانعت۔
(بہارِ شریعت ،حصہ 11،بیع مکروہ کا بیان ،ص،725،مکتبۃ المدینہ )
خلاصہ :
مالک کا آڑھتی کے پاس قیمت کے بڑھنے کے انتظار میں گندم رکھوانا جائز ہے اور آڑھتی اور مالک کے درمیان معاہدہ کے مطابق مندرجہ بالا صورتوں میں سے جو صورت بنے گی اسی کے مطابق آڑھتی کو دیا جائے ۔واللہ اعلم بالصواب
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ:محمد الطاف چشتی
الجــــــــــــــواب صــــــــحيــــــــــــــــح:ابوالحسنین مفتی محمد وسؔیم اختر المدنی
تاریخِ اجراء:08مئی 2026ءبمطابق20ذوالقعدہ 1447ھ