سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ میرے نانا کا انتقال ہوچکا ہے اور ان کے ترکہ میں ایک مکان ہے جس مالیت تقریبا ساڑھے انتالیس لاکھ ہے(39.5) ہے مرحوم کے ورثاء میں انتقال کے وقت 6 بیٹیاں (شبانہ،فرزانہ،روبینہ،روزینہ ،رضوانہ اور شمائلہ)ایک بیٹا(رضوان) اور ایک بیوہ تھی ،اس کے بعد بیوہ اور دو بیٹیوں(شبانہ،روبینہ) کا بھی انتقال ہوچکا ہے جس میں بڑی خالہ(شبانہ) کی کوئی اولاد نہیں ہے شوہر (اسلام الدین)زندہ ہیں،باقی چار بیٹیاں اور ایک بیٹا زندہ ہیں ، اور روبینہ کے ورثاء میں شوہر(محمد پرویز)اور تین بیٹیاں (علینہ،عدینہ،تحریم) ہیں،لہذا اس کی تقسیم کے متعلق شرعی رہنمائی فرمائیں! بینوا توجروا! سائلہ:علینہ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
اگر سائلہ اپنے بیان میں سچی ہے اور وہی ورثاء ہیں جو سوال میں مذکور ہیں،تومرحوم نانا کے کفن دفن کے اخراجات اور قرضوں کی ادائیگی اور اگر کسی غیر وارث کے لئے وصیت کی ہو ،تو اس کو مرحوم کے تہائی مال سے پورا کرنے کے بعد مذکورہ کل رقم(.539(ساڑھے انتالیس لاکھ کے کل 8064 حصے کیے جائیں گے ۔ جن میں سے مرحوم نانا کے بیٹے رضوان کو 2190 حصے دیے جائیں گے۔ اورزندہ چاروں بیٹیوں (فرزانہ،روزینیہ، رضوانہ اور شمائلہ)میں سے ہر ایک بیٹی کو 1095 حصے ملیں گے ۔اور نانا مرحوم کی بیٹی مرحومہ شبانہ کے شوہر (اسلام الدین)کو 540 حصے دیے جائیں گے اورنانا مرحوم کی بیٹی مرحومہ روبینہ کے شوہر (محمد پرویز)کو 270 حصے ملیں گے، اور مرحومہ کی تینوں بیٹیوں (علینہ،عدینہ اور تحریم)میں سے ہر ایک بیٹی کو 240 حصے ملیں گے ۔
السراجی فی المیراث میں ہے :
تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "
ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔
(السراجی فی المیراث :ص5،مکتبہ لدھیانوی )۔
ایک بیٹے کو دوبیٹیوں کے برابر حصہ ملتا ہے ۔
اللہ تعالی ٰ کا فرمان ہے :
لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الۡاُنۡثَیَیۡنِ
ترجمہ:" بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں کے برابر ہے"
(النساء: آیت 11)۔
شوہر کو اولاد کی موجودگی میں چوتھا حصہ ملتا ہے۔
اللہ تعالی ٰ کا فرمان ہے :
فَاِنۡ کَانَ لَہُنَّ وَلَدٌ فَلَکُمُ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَکْنَ
ترجمہ: پھر اگر ان کی اولاد ہو تو اُن کے ترکہ میں سے تمہیں چوتھائی ہے۔"
(النساء: آیت 12)۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب