دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

بیوی کے زیور سے خریدی گئی جائیداد کی ملکیت

21319 نومبر، 202660
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان شرع متین بابت اس مسئلہ کے کہ میرے والد مرحوم (ماسٹر محمد سراج) نے میری والدہ کے زیور فروخت کرکے ایک پلاٹ خریدا تھا جس کو تعمیر کرکے وہ اس میں ایک اسکول چلا رہے تھے ،وہ اپنی حیات میں اکثر اپنے چچاؤں کو بھی کہا کرتے تھے کہ میری زوجہ کا اسکول ہے ،اپنے انتقال سے ایک دن پہلے ہم ان کے پاس موجود تھے تو انہوں نے اسکول کے کاغذات میرے حوالے کیئے اور کہا کہ آج کے بعد اسکول کے تمام معاملات یہ (جنید سراج)دیکھیں گے ،اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ ان کے جو باقی ورثاء ہیں (میرے بھائی)کیا ان کو بھی اس جائیداد سے حصہ ملے گا یا میری والدہ کی ملکیت ہے ؟ ورثاء میں بیوہ، اور ہم چار بیٹے ہیں۔ براہ کرم قرآن و سنت کی روشنی جواب ارشاد فرماکر رہنمائی فرمائیں ! بینواتوجروا! والد مرحوم کا انتقال ہوچکا ہے ،اور والدہ حیات ہے اور جائیداد (اسکول) کا دعویٰ کرتی ہیں ،اور وہ والد کے نام پر رجسٹرڈ ہے جو زیور انہوں نے دیا تھا وہ مرحوم کے ساتھ مالی اعانت کرتے ہوئے دیا تھا اور وہ بطور قرض نہیں تھا ۔ نوٹ:مرحوم کی بیوہ سے رابطہ کرنے پر انہوں نے کہا کہ میں نے زیور قرض وغیرہ کی نیت سے نہیں دیا تھا،بلکہ اپنے شوہر کی اعانت کے طور پر دیا تھا ۔ سائل:محمد جنید سراج

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ مذکورہ اسکول مرحوم محمد سراج ہی کی ملکیت ہے ،جو کہ اب ان کی وفات کے بعد ترکہ بن گیا جس میں چار بیٹوں سمیت مرحوم بیوہ کا بھی حصہ ہے(حصوں کی تفصیل نیچے آرہی ہے۔)

جس کی تفصیل یہ ہے کہ واضح رہے کہ انسان کا اپنی زندگی میں اپنی جائیداد میں سے کسی کو کچھ دینا ہبہ (گفٹ) کہلاتا ہے، اور ہبہ (گفٹ) کے مکمل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ واہب (ہبہ کرنے والا) موہوب چیز (جس چیز کا ہبہ کیا جارہاہے) کو موہوب لہ (جس کو ہبہ کررہا ہے) کے نام کرنے کے ساتھ اس کا مکمل قبضہ اور تصرف بھی دے دے، اور ہبہ کے وقت موہوب چیز سے اپنا تصرف مکمل طور پر ختم کردے۔

نیز ہر چیز کا قبضہ اسی چیز کے حساب سے ہوتا ہے، مکان اور جائیداد کے قبضہ کے تام ہونے کا طریقہ یہ ہے کہ واہب(مالک) اپنا سامان اس میں سے نکال دے اور خود بھی اس میں سے نکل جائے اور مکان کے کاغذات موہوب لہ کے نام کردے یا اس کے حوالے کردے،منقولی چیزوں میں قبضہ یہ ہے کہ وہ اس کے حوالے کردے یا تخلیہ کردے (یعنی اپنے قبضہ سے خالی کرکے موہوب لہ کو قبضہ کی اجازت دے دے)۔

لہذا مذکورہ تفصیل کی روشنی میں صورتِ مسئولہ میں والد ہ نے جو زیور مرحوم والد کو دیا تھا وہ ان کی طرف سے ہبہ تھا (جیساکہ ان کا بیان اس کی تصدیق کر رہا ہے) اور والد ِ محترم نے اس پر قبضہ بھی کرلیا تو وہ اس کے مالک بن گئے ،پھر اس کو بیچ کر آگے اسکول بنانا ،تو اسکول بھی والد ہی کی ملکیت ٹھرے گا،لیکن اس کے بعد والد صاحب کا اپنے چچاؤں (وغیرہ)کے سامنے اقرار کرنے سے وہ اسکول والدہ کی ملکیت نہیں بن سکتا (بلکہ والدہ کا اس پر قبضہ ضروری تھا جو کہ نہیں ہوسکا کہ نہ والدہ کے نام کروایا اور نہ ہی کاغذات ان کے حوالے کیئے )۔

اور مرحوم کا وفات سے ایک دن قبل اپنے بیٹے کو اسکول کے کاغذات حوالہ کرکے یہ کہنا کہ "آج کے بعد اسکول کے تمام معاملات یہ(جنید سراج) دیکھیں گے" اس بات کو بیٹے کی نگرانی پر محمول کریں گے کہ ہمارے عرف میں کسی چیز کی نگرانی دیتے کے وقت اس طرح کے کلمات استعمال کیئے جاتے ہیں لہذا ہاسکول تمام ورثاء کی ملکیت ہے جن کی تفصیل درجذیل ملاحظہ فرمائیں۔

مسئلہ:8x4۔32

میــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــت

بیوہ 4بیٹے

(4) (28)فی کس 7

اگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے اور وہی ورثاء ہیں جو سوال میں مذکور ہیں تومرحوم کے کفن دفن کے اخراجات )اگر کسی نے یہ اخراجات بطور ِ احسان اپنی طرف سے ادا کردیئے ہوں تو نکالنے کی ضرورت نہیں )اور قرضوں کی ادائیگی اور اگر کسی غیر وارث کے لئے وصیت کی ہو تو اس کو مرحوم کے تہائی مال سے پورا کرنے کے بعد تمام ترکہ (اسکول کے علاوہ جو بھی اس کی ملکیت ہے اس)کے کل32 حصے کئے جائیں گے۔ جن میں سے4 حصے بیوہ کو ملیں گے اوبقیہ 28 حصےمرحوم کے بیٹوں کو ملیں گے ،جن میں سے ہر ایک کو 7 حصے ملیں گے۔

السراجی فی المیراث میں ہے :

تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "

ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔

(السراجی فی المیراث :ص5،مکتبہ لدھیانوی )

بیوہ کو اولا د کی موجودگی میں ثمن (آٹھواں حصہ) ملتا ہے ۔

اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :

فَاِنۡ کَانَ لَکُمْ وَلَدٌ فَلَہُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَکْتُمۡ

ترجمہ: "پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں(حصہ ہے)"۔

(النساء: آیت 12)۔

فتاویٰ عالمگیری میں ہے:

"لايثبت الملك للموهوب له إلا بالقبض هو المختار"

ترجمہ:مختار قول یہی ہے کہ موہوب لہ کے لیے قبضہ سے ہی ملکیت ثابت ہوتی ہے۔

(ہندیہ،ج:4،ص:378،مکتبہ رشیدیہ)

تنویر الابصار مع الدر المختار ہے:

"وشرائط صحتھا فی الواھب:العقل والبلوغ والملک۔۔۔ وشرائط صحتھا فی الموھوب ان یکون مقبوضا غیر مشاع ممیزا غیر مشغول ورکنھا ھو الایجاب والقبول"

ترجمہ:ہبہ صحیح ہونے کی چند شرائط ہیں :واہب(ہبہ کرنے والا)عاقل ،بالغ اور شے کا مالک ہو ۔۔۔اور جو چیز ہبہ کی جارہی ہے ،قبضہ میں ہو،مشاع نہ ہو ،ممیز ہومشغول نہ ہو اور ہبہ کے ارکان ایجاب و قبول ہیں۔

(تنویر الابصار،مع در مختار،ج:8،ص:568،مکتبہ رحمانیہ)۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

29/دسمبر/2023 ۔16 جماد الثانی 1445ھ کو جاری کیا گیا