سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسائل کے متعلق کہ ہمارے علاقہ کی مسجد کے امام صاحب کے متعلق اہلِ محلہ اور مسجد کی انتظامیہ کے سامنے بعض ایسے غیر شرعی امور ثابت ہوئے جن کی بناء پر مسجد کی انتظامیہ اور اہلِ علاقہ نے باہمی مشورے سے انہیں امامت سے فارغ کردیا اور ان کی جگہ نئے امام کا تقرر کردیا ،لیکن سابقہ امام کو مسجد کی طرف سے جو گھر دیا گیا تھا وہ امام صاحب خالی نہیں کر رہے ،انتظامیہ نے متعدد بار مکان خالی کرنے کا مطالبہ کیا ہے پھر بھی خالی نہیں کر رہے،لہذا دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا سابق امام صاحب کو مسجد کی امامت سے فارغ ہونے کے باوجودمسجد کا گھر رکھنے کا شرعاً حق ہے یا نہیں؟ اگر وہ ازخود خالی نہ کریں تو انتظامیہ اور اہلِ محلہ کے لئے شرعی طور پر اس کو گھر خالی کرنے کا کیا طریقہ اختیارت کرنا چاہیے؟بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
مسجد کا مکان وقف کی ملکیت ہوتا ہے، جس میں مصالحِ مسجد کے پیشِ نظر مسجد کی خدمت سے وابستہ افراد، مثلاً امام، مؤذن یا خادم کو بوقتِ ضرورت رہائش کی اجازت دی جاتی ہے۔ لہٰذا یہ رہائش ان کے منصب اور خدمتِ مسجد کے ساتھ وابستہ ہوتی ہے، نہ کہ ان کی ذاتی ملکیت یا مستقل حق۔لہذا صورتِ مسئولہ میں جب امامِ موصوف کو امامت کے منصب سے فارغ کر دیا گیا، تو اس کے بعد ان کا بلاوجہ مسجد کے مکان میں رہائش اختیار کیے رکھنا شرعاً غصب کے حکم میں ہے، جو ناجائز و حرام ہے۔ اس لیے فراغت کے بعد جتنی مدت انہوں نے مسجد کی ذمہ داری کے بغیر اس مکان میں رہائش اختیار کیے رکھی، اس مدت کی اجرتِ مثل(یعنی اس جیسے مکان کا رائج بازار کے مطابق کرایہ) ادا کرنا ان پر لازم ہوگا۔
امامِ موصوف کو چاہیے کہ اپنے سابقہ منصب اور دینی وقار کا لحاظ رکھتے ہوئے ازخود مسجد کا مکان خالی کر دیں۔ اگر وہ ایسا نہ کریں تو مسجد کی انتظامیہ اور اہلِ محلہ کو چاہیے کہ ان کی سابقہ خدمات کا احترام ملحوظ رکھتے ہوئے، حسنِ اخلاق اور عزت و احترام کے ساتھ انہیں مکان خالی کرنے کی درخواست کریں۔ نیز اگر وہ مالی تنگی کا شکار ہوں تو انتظامیہ اور اہلِ خیر نمازی حتی الامکان ان کے ساتھ مالی تعاون بھی کریں تاکہ انہیں متبادل رہائش کے انتظام میں سہولت حاصل ہو۔
اگر ان تمام کوششوں کے باوجود وہ مکان خالی نہ کریں، تو انتظامیہ شرعی حدود کی رعایت کرتے ہوئے قانونی راستہ اختیار کرے اور متعلقہ مجاز ادارے سے رجوع کرے تاکہ وقف کی ملکیت کو اس کے صحیح مصرف میں واپس لایا جا سکے۔
فتاویٰ ہندیہ میں ہے:
"وَلَا تَجُوزُ إعَارَةُ الْوَقْفِ وَالْإِسْكَانُ فِيهِ، كَذَا فِي مُحِيطِ السَّرَخْسِيِّ.مُتَوَلِّي الْوَقْفِ إذَا أَسْكَنَ رَجُلًا بِغَيْرِ أُجْرَةٍ ۔۔۔ وَعَامَّةُ الْمُتَأَخِّرِينَ مِنْ الْمَشَايِخِ رَحِمَهُمْ اللَّهُ تَعَالَى أَنَّ عَلَيْهِ أَجْرَ الْمِثْلِ، سَوَاءٌ كَانَتْ الدَّارُ مُعَدَّةً لِلِاسْتِغْلَالِ أَوْ لَمْ تَكُنْ صِيَانَةً لِلْوَقْفِ وَعَلَيْهِ الْفَتْوَى، وَكَذَا قَالُوا فِيمَنْ سَكَنَ دَارَ الْوَقْفِ بِغَيْرِ أَمْرِ الْقَيِّمِ: كَانَ عَلَيْهِ أَجْرُ الْمِثْلِ بَالِغًا مَا بَلَغَ كَذَا فِي الْمُضْمَرَاتِ.
ترجمہ:وقف کی جائیداد کو عاریت (مفت استعمال کے لیے دینا) جائز نہیں، اور نہ ہی کسی کو اس میں بلا معاوضہ رہنے کی اجازت دینا درست ہے۔ یہی بات محیطِ سرخسی میں مذکور ہے۔اگر وقف کا متولی کسی شخص کو بغیر کرایہ کے وقف کے مکان میں رہنے کی اجازت دے، تو ۔۔۔ اکثر متأخرین فقہاء کی رائے یہ ہے کہ اس شخص پر اجرتِ مثل (مارکیٹ کرایہ) ادا کرنا لازم ہوگا، خواہ وہ مکان کرایہ پر دینے کے لیے مخصوص ہو یا نہ ہو۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وقف کے مال کی حفاظت اور اس کے مفاد کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ اور اسی قول پر فتویٰ ہے۔اسی طرح فقہاء نے یہ بھی فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص متولی کی اجازت کے بغیر وقف کے مکان میں رہے، تو بھی اس پر پورا مناسب کرایہ لازم ہوگا، خواہ وہ جتنا بھی بنتا ہو۔اسی المضمرات میں ہے۔
(ہندیہ،:2،ص:420،دار الفکر بیروت)
ردالمحتار علی الدر المختار میں جامع الفصولین کے حوالے سے غاصبِ وقف کے متعلق لکھتے ہیں :
"وفي جامع الفصولين غصب وقفا فنقض فما يؤخذ بنقصه يصرف إلى مرمته لا إلى أهل الوقف لأنه بدل الرقبة وحقهم في الغلة لا في الرقبة"
ترجمہ:جامع الفصولین میں ہے کہ اگر کسی شخص نے وقف کی چیز پر ناجائز قبضہ (غصب) کیا، پھر وہ چیز خراب یا منہدم ہو گئی، تو اس کی وجہ سے جو نقصان کی تلافی (معاوضہ) غاصب سے وصول کی جائے گی، وہ وقف کی مرمت اور بحالی پر خرچ کی جائے گی، نہ کہ وقف سے فائدہ اٹھانے والوں (اہلِ وقف) کو دی جائے گی؛ کیونکہ یہ معاوضہ اصل جائیداد (رقبہ) کا بدل ہے، جبکہ اہلِ وقف کا حق اصل جائیداد میں نہیں بلکہ اس کی آمدنی (غلہ) میں ہوتا ہے۔
(ردالمحتار علی الدر المختار،ج:6،ص:578،مکتبہ رحمانیہ)
فتاوٰ قاضی خان میں ہے:
"عن القاضي الإمام أبي الحسن علي السغدي رحمه الله تعالى في هذا قال رجل غصب دار صبي أو غصب وقفا كان عليه أجر المثل فإذا وجب أجر المثل ثمة فما ظنك في الإجارة بأقل من أجر المثل"
ترجمہ: قاضی امام ابو الحسن علی سغدی رحمہ اللہ سے اس مسئلے کے بارے میں منقول ہے کہ اگر کسی شخص نے کسی نابالغ کا گھر یا کسی وقف کی جائیداد غصب کر لی، تو اس پر اجرِ مثل لازم ہوگا۔ پھر جب وہاں اجرِ مثل واجب ہو گیا، تو بتاؤ، اجرِ مثل سے کم پر اجارہ دینے کے بارے میں تمہارا کیا خیال ہے؟۔
(فتاوٰ قاضی خان،ج:3،ص:216،قدیمی کتب خانہ)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔