سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ تقریباً بیس سال قبل ریلوے کی ملکیت کی ایک زمین پر ایک مسجد اور مدرسہ تعمیر کیا گیا تھا۔ اس وقت مقامی ذمہ داران نے ریلوے کے متعلقہ افسر سے اجازت لی تھی، جس پر اس نے زبانی طور پر مسجدومدرسہ بنانے کی اجازت دی تھی ۔تاہم اس زمین کا ٹائٹل ڈیڈ،رجسٹریشن یا ملکیت مسجد یا ادارے کے نام منتقل نہیں ہوئی تھی۔ان بیس سالوں میں وہاں باقاعدگی سے پنج وقتہ نمازیں،جمعہ،دینی تعلیم اور دیگر مذہبی سرگرمیاں جاری رہیں۔ لیکن اس عرصے کے دوران جب بھی مسجد یا مدرسہ میں مسجد یا مدرسہ میں کوئی نئی تعمیر ومرمت یا توسیع کرنی ہوتی تھی تو ریلوے انتظامیہ سے اجازت لینا ضروری ہوتا تھا،اور ریلوے والے اپنی ملکیت اور اختیار کا اظہار بھی کرتے رہے۔حال ہی میں حکومت/ریلوے نے سڑک کی توسیع کے منصوبے کی وجہ سے وہ زمین واپس لے لی اور مسجد و مدرسہ کو وہاں سے ہٹا دیا گیا۔ اس کے بدلے میں ریلوے انتظامیہ نے کچھ رقم بطور معاوضہ ادا کی ہے۔ یہ مسجد و مدرسہ ایک رجسٹرڈ دینی ادارے "سنی مسلم انجمن" کے زیرِانتظام چل رہا تھا۔ اسی انجمن کے زیر انتظام شہر میں ایک دوسری مسجد بھی موجود ہے جہاں نمازیوں کی تعداد بڑھ جانے کی وجہ سے مسجد تنگ پڑ چکی ہے اور اس کی توسیع کی شدید ضرورت ہے۔چونکہ سابقہ مقام پر دوبارہ مستقل مسجد بنانے کی اجازت نہیں مل رہی،اس لیے ادارے کی تجویز یہ ہے کہ اس علاقے کے مسلمانوں کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے قریب میں مناسب جگہ پر صرف ایک مُصلّیٰ اور بنیادی دینی سرگرمیوں کے لیے مختصر انتظام کر دیا جائے،جبکہ معاوضے کی باقی ماندہ رقم شہر میں موجود انجمن کی دوسری مسجد کی توسیع اور تعمیراتی ضروریات پر خرچ کر دی جائے۔ مندرجہ بالا تفصیل کے متعلق دو سوال ہیں۔1:۔مذکورہ زمین چونکہ ریلوے کی ملکیت تھی اور صرف استعمال کی اجازت دی گئی تھی، تو کیا وہاں قائم ہونے والی مسجد شرعی اعتبار سے وقف مسجد اور مکمل شرعی مسجد شمار ہوتی تھی؟ 2:۔ریلوے کی طرف سے دی گئی رقم کی شرعی حیثیت کیا ہے؟کیا اس رقم میں سے سابقہ علاقے کے مسلمانوں کی ضرورت کے لیے قریب میں ایک مُصلّیٰ اور بنیادی دینی سہولت کا انتظام کرنے کے بعد باقی رقم کو انجمن کی دوسری مسجد کی توسیع اور تعمیر میں خرچ کرنا جائز ہے؟یا شرعاً پوری رقم اسی سابقہ مسجد کے متبادل انتظام پر خرچ کرنا ضروری ہے؟بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
صورتِ مسئولہ کا حکمِ شرعی یہ ہے کہ چونکہ استفتاء میں بیان کردہ زمین محکمۂ ریلوے کی ملکیت تھی اور مسجد و مدرسہ کے قیام کے لیے صرف استعمال کی اجازت دی گئی تھی، جبکہ زمین کی ملکیت یا وقف مسجد و مدرسہ کے نام منتقل نہیں کی گئی تھی، بلکہ تعمیر، توسیع، مرمت اور دیگر تصرفات بھی محکمۂ ریلوے کی اجازت کے ساتھ مشروط تھے، اس لیے یہ زمین بدستور محکمۂ ریلوے ہی کی ملکیت میں رہی۔
واضح رہے کہ وقفِ صحیح کے لیے ضروری ہے کہ وقف کرنے والا وقتِ وقف اس چیز کا مالک ہو؛ کیونکہ غیر مملوکہ چیز کا وقف شرعاً معتبر نہیں ہوتا۔ لہٰذا مذکورہ زمین چونکہ مسجد و مدرسہ کے ذمہ داران کی ملکیت نہ تھی، بلکہ صرف اذنِ انتفاع (استعمال کی اجازت) حاصل تھی، اس لیے اس پر قائم عمارت کو شرعی اصطلاح میں مسجدِ موقوفہ کا حکم حاصل نہ ہوگا، اور اس پر وقفِ مسجد کے وہ مخصوص احکام جاری نہیں ہوں گے جو موقوفہ مسجد کے لیے ہوتے ہیں۔چنانچہ محکمۂ ریلوے کا اپنی مملوکہ زمین کو اپنے کسی جائز مصرف میں استعمال کرنا شرعاً درست تھا، اور سڑک کی توسیع کے منصوبے کے تحت زمین واپس لینا بھی اسی ملکیت کی بنیاد پر تھا۔
نیز محکمہ کی طرف سے دی گئی رقم شرعاً تبرع کے حکم میں ہے۔ اس لیے بہتر اور اولیٰ یہ ہے کہ اسے بلاواسطہ دوسری مسجد میں صرف کرنے کے بجائے پہلے سابقہ مقام کے قریب مناسب جگہ حاصل کرکے وہاں مسجد و مدرسہ کا متبادل انتظام قائم کیا جائے، تاکہ اہلِ علاقہ جو پہلے اسی مقام پر نماز ادا کرتے تھے اور جن کے بچے وہاں قرآنِ کریم کی تعلیم حاصل کرتے تھے، وہ عبادت اور دینی تعلیم کی سہولت سے محروم نہ ہوں، بلکہ انہیں دوبارہ مسجد میں نماز ادا کرنے کا موقع حاصل ہو اور مسجد میں نماز کا ثواب بھی ملتا رہے۔ اسی طرح مدرسہ اور دینی تعلیم کا سلسلہ بھی بغیر تعطل کے جاری رہ سکے۔
البحر الرائق میں ہے:
"الخامس من شرائطه الملك وقت الوقف۔۔۔ أما لو وقف ضيعة غيره على جهات فبلغ الغير فأجازه جاز بشرط الحكم والتسليم أو عدمه على الخلاف الذي سنذكره وهذا هو المراد بجواز وقف الفضولي۔۔۔ويتفرع على اشتراط الملك أنه لا يجوز وقف الإقطاعات إلا إذا كان الأرض مواتا فأقطعها الإمام رجلا أو كانت ملكا للإمام فأقطعها رجلا وأنه لا يجوز وقف أرض الحوز للإمام لأنه ليس بمالك لها زاد في التتارخانية ولا لمالكها قال وتفسير أرض الحوز أرض عجز صاحبها عن زراعتها وأداء خراجها فدفعها إلى الإمام لتكون منافعها جبرا للخراج.ملتقطا.
ترجمہ:وقف کی شرائط میں پانچویں شرط ہے وقف کے وقت وقف کرنے والا اس چیز کا مالک ہو۔اس لیے اگر کوئی شخص دوسرے کی جائیداد کو مختلف دینی یا فلاحی کاموں کے لیے وقف کردے، پھر اصل مالک کو اس کا علم ہوجائے اور وہ اس وقف کی اجازت دے دے، تو (فقہاء کے درمیان موجود اختلاف کے مطابق، خواہ قاضی کے فیصلے اور قبضہ کی شرط ہو یا نہ ہو) یہ وقف درست ہوجاتا ہے۔ فقہاء کی اصطلاح میں وقفِ فضولی کے جائز ہونے سے یہی مراد ہے۔ملکیت کی اس شرط سے یہ مسئلہ بھی نکلتا ہے کہ اقطاعی زمین (حکومت کی جانب استعمال یا آبادکاری کے لیے دی گئی ہو) کا وقف جائز نہیں، الا یہ کہ وہ زمین پہلے بنجر اور غیر آباد (موات) ہو، پھر امام نے اسے کسی شخص کو آباد کرنے کے لیے عطا کی ہو، یا وہ زمین خود امام کی ذاتی ملکیت ہو اور اس نے کسی کو دے دی ہو۔اسی طرح ارضِ حوز کا وقف بھی جائز نہیں،کیونکہ امام اس زمین کا مالک نہیں ہوتا۔تتارخانیہ میں مزید یہ اضافہ ہے کہ اس زمین کا وقف اس کے اصل مالک کے لیے بھی درست نہیں۔ارضِ حوز سے مراد وہ زمین ہے جس کا مالک اس کی کاشت کرنے اور اس کا خراج ادا کرنے سے عاجز ہوجائے، چنانچہ وہ اسے امام کے حوالے کردے تاکہ اس زمین کی آمدنی سے خراج کی ادائیگی کی جاسکے۔
(البحر الرائق،ج:5،ص:314،دار الکتاب)
فتاویٰ ہندیہ میں ہے:
"وَيَتَفَرَّعُ عَلَى اشْتِرَاطِ الْمِلْكِ أَنَّهُ لَا يَجُوزُ وَقْفُ الْإِقْطَاعَاتِ إلَّا إذَا كَانَتْ الْأَرْضُ مَوَاتًا أَوْ كَانَتْ مِلْكًا لِلْإِمَامِ فَأَقْطَعَهَا الْإِمَامُ رَجُلًا وَأَنَّهُ لَا يَجُوزُ وَقْفُ أَرْضِ الْحَوْزِ لِلْإِمَامِ؛ لِأَنَّهُ لَيْسَ بِمَالِكٍ لَهَا وَتَفْسِيرُ الْحَوْزِ أَرْضٌ عَجَزَ صَاحِبُهَا عَنْ زِرَاعَتِهَا وَأَدَاءِ خَرَاجِهَا فَدَفَعَهَا إلَى الْإِمَامِ لِتَكُونَ مَنَافِعُهَا جَبْرًا لِلْخَرَاج"
ترجمہ: ملکیت کی شرط سے یہ مسئلہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ اقطاعی زمین کا وقف جائز نہیں، البتہ اگر وہ زمین پہلے موات (غیر آباد) ہو اور امامِ وقت نے اسے کسی شخص کو آباد کرنے کے لیے عطا کیا ہو، یا وہ زمین خود امام کی ملکیت ہو اور اس نے اسے کسی شخص کے حوالے کردیا ہو، تو ایسی صورت میں اس کا وقف درست ہوگا۔ اسی طرح ارضِ حوز کا وقف بھی جائز نہیں، کیونکہ امام اس کا مالک نہیں ہوتا۔ ارضِ حوز سے مراد وہ زمین ہے جس کا مالک اس کی کاشت کرنے اور اس کا خراج ادا کرنے سے عاجز ہوجائے، اس لیے وہ اسے امام کے سپرد کردے تاکہ اس زمین کی آمدنی خراج کی ادائیگی میں صرف کی جائے۔
(فتاویٰ ہندیہ،ج:2،ص:359،قدیمی کتب خانہ کراچی)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔