دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

مسجد کے پرانے صحن میں تہ خانہ بنا کر واش روم اور پارکنگ بنانے کا شرعی حکم

24223 نومبر، 202681
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ ہمارے گاؤں میں ایک مسجد ہے جو تقریبا سن 65 یا اس سے بھی قبل پرانی بنی ہوئی ہے،جس میں نمازیں،عیدین اور جمعہ ہوتا رہا،کچھ عرصہ پہلے گاؤں کے لوگوں نے اس کو شہید کر کے از سر نو مسجد کی توسیع و تعمیرکی ،لیکن پرانی مسجد کا جو صحن تھا جس میں باقاعدہ نماز کی جماعت بھی ہوتی رہی خاص کر موسم گرما میں باہر ہی نماز جماعت اور تراویح وغیرہ پڑھی جاتی رہی اب اس پرانی مسجد کے صحن میں صحن کو باقی رکھتے ہوئے ضرورت کی بناء پر اس کے نیچے تہ خانہ بنایا گیا ہے واش روم اور سواریوں کی جگہ کے لیے کیا ایسا کرنا شرعاً جائز ہے یا نہیں؟ ۔یہاں کے کچھ علماء اور عوام لوگ تو کہتے ہیں کہ مسجد کی جگہ سرکاری ہے کیونکہ ہمارا پورا گاؤں جہاں لوگ دہائیوں سے آ باد ہیں یہ سرکارکی زمین ہے اسی لیے آ ج تک یہ کسی کے نام رجسٹرڈ نہیں نہ ہی ہو سکتی ہےاور مسجد والی جگہ بھی اسی طرح سرکاری ہے، لہذا ایسا کرنا یعنی تہ خانہ بنا کر اس میں واش روم وغیرہ بنانا درست ہے،کیونکہ یہ وقف نہیں ہے اس میں تصرف کرسکتے ہیں،کیا ان لوگوں کا یہ کہنا درست ہے؟ ۔جواب دیکر عند اللہ ماجورہوں۔ واضح رہے کہ آج تک نہ تو سرکار نے اور نہ ہی کسی سرکاری اعلی افسران نے اس مسجد کے قیام پر کوئی اعتراض کیا ۔ المستفتی :محمد مختار سعیدی، بستی عین واہن تحصیل کہروڑ پکا، ضلع لودھراں ۔

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہے کہ مذکورہ مسجد وقف ہی کہلائے گی اس میں تبدیلی کرنا ناجائز وحرام ہوگی ۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ مسلمانوں کے حاکم پر لازم ہے کہ اگر کسی مسلمانوں کی آبادی میں مسجد نہیں ہے ،تو بیت المال سے مسجد بنوائے اگر بیت المال یا اس میں پیسے وغیرہ نہیں ہیں ،تو حاکم ِوقت مسلمانوں کے مال سے مسجد کا انتظام کرے ،تاکہ لوگوں کو باجماعت نماز وغیرہ عبادات کی سہولت میسر ہوسکے ،لہذا اگر حاکمِ وقت ایسا نہیں کرتا (جیساکہ ہمارے ہاں)اورکسی علاقے میں مسجد کی ضرورت ہو اور اہلِ علاقہ کسی خالی سرکاری زمین پر مسجد تعمیر کریں اور اس میں کئی سال تک باقاعدہ پنج وقتہ نماز یں،جمعہ وعیدین ادا کی جاتی رہیں(جیساکہ مذکورہ سوال میں ہے) اور اتنے سالوں تک حکومت کی طرف سے ان مساجد کے قیام و تعمیر پر کوئی اعتراض بھی نہیں کیا گیا ہو، تو ایسی تمام مساجدمسجدِ شرعی کا حکم رکھتی ہیں، اور وہ مقامات تا قیامت مسجد کے حکم میں ہیں،لہذا اس کے صحن کےنیچے گاڑیوں کی پارکنگ اور واشروم وغیرہ کیلئے تہ خانہ بناناناجائز و منع ہے ،کیونکہ صحنِ مسجد بھی اصلِ مسجد کے حکم میں ہے،اور اصلِ مسجد میں وقف تام ہونے کے بعد کسی قسم کی تبدیلی جائز نہیں۔

تاہم مسجد کے صحن کے نیچے تہ خانہ بنادیا گیا ہے ،چونکہ مسجدشرعی تحت الثری سے آسمان کی فضا ء تک مسجد کے حکم میں ہوتی ہے، لہذا مذکورہ صحن کے نیچے واشروم اور گاڑیوں کی پارکنگ وغیرہ ختم کرکے اس کو جماعت کی کثرت وغیرہ کی صورت میں جمعہ و عیدین میں استعمال کیا جائے ۔

فتح القدیر میں ہے:

"يجب أن يتخذ الإمام للمسلمين مسجدا من بيت المال أو من مالهم إن لم يكن لهم بيت مال"

ترجمہ:حاکمِ وقت پر لازم ہے کہ بیت المال سے مسجد بنائے ،یا ان کے مال سے بنائے اگر ان کیلئے کوئی بیت المال نہیں ۔

(رد المحتار علی الدر المختار ،ج:6،ص:520،مکتبہ رحمانیہ)۔

رد المحتار میں ہے:

"يجب أن يتخذ الإمام للمسلمين مسجدا من بيت المال، أو من مالهم إن لم يكن لهم بيت مال كذا في فتح القدير"

ترجمہ:حاکمِ وقت پر لازم ہے کہ بیت المال سے مسجد بنائے ،یا ان کے مال سے بنائے اگر ان کیلئے کوئی بیت المال نہیں ،اسی طرح فتح القدیر میں ہے۔

(رد المحتار علی الدر المختار ،ج:6،ص:520،مکتبہ رحمانیہ)۔

البحر الرائق میں ہے:

"يجب على الإمام أن يقف مسجدا من بيت المال للمسلمين، وإن لم يكن في بيت المال شيء فعلى المسلمين"

ترجمہ:حاکمِ وقت پر لازم ہے کہ بیت المال سے مسجد وقف کرے ، اگر ان کیلئے کوئی بیت المال میں سے کچھ بھی نہیں ہے،تو مسلمانوں پر (مسجد بنانا ) لازم ہے۔

(بحر،ج:2،ص: 266، دار الكتاب الإسلامي)۔

اسی میں ہے:

"وأشار بإطلاق قوله ويأذن للناس في الصلاة أنه لا يشترط أن يقول أذنت فيه بالصلاة جماعة أبدا بل الإطلاق كاف ۔۔۔وقد رأينا ببخارى وغيرها في دور وسكك في أزقة غير نافذة من غير شك الأئمة والعوام في كونها مساجد ۔۔۔بنى في فنائه في الرستاق دكانا لأجل الصلاة يصلون فيه بجماعة كل وقت فله حكم المسجد ۔۔۔"ملتقطا".

ترجمہ: اس نے اشارہ کیا اپنے مطلق قول سے: "اور لوگوں کو نماز پڑھنے کی اجازت ہے" یہ شرط نہیں ہے کہ وہ یہ کہے: "میں نے اس میں ہمیشہ جماعت کے ساتھ نماز کی اجازت دی ہے، بلکہ اطلاق کافی ہے۔" اور ہم نے بخارا اور دیگر جگہوں پرگھروں اور محلوں کی بند گلیوں میں ائمہ اور عام لوگوں نےان کے مساجد ہونے کو بلا شبہ دیکھا ہے ۔۔۔اس نے اپنے صحن رستاق میں نماز کے لیے ایک چبوترا بنایا جس میں لوگ ہر وقت باجماعت ادا کرتے ہیں۔ اور اس کی وہی حیثیت ہے جو مسجد کی ہے۔

(بحر،ج:5،ص: 270، دار الكتاب الإسلامي)۔

فتاوی عالمگیری میں ہے:

" لایجوز تغییر الوقف عن ھیئۃ "۔

ترجمہ:"وقف کی ہیئت کو تبدیل کرناجائزنہیں ‘‘۔

[فتاوی عالمگیری،ج:2،ص:441،قدیمی کتب خانہ]۔

اور فتح القدیر میں ہے۔

" امرنا بابقاء الوقف علی ماکان "

ترجمہ: ’’ ہمیں حکم ہے کہ وقف کو گزشتہ حال پر قائم رکھیں ‘‘۔

[فتح القدیر،ج:6،ص:4، مطبوعہ نوریہ رضویہ سکھر ]۔

فتاوی عالمگیری میں ہے:

’’ ولایجوز تغییر الوقف عن ھیئتہ فلایجعل الداربستاناًولاالخان حماماًولاالرباط دکاناالااذاجعل الواقف الی الناظرمایری فیہ مصلحۃ الوقف کذافی السراج الوہاج‘‘

ترجمہ:’’ وقف کو اسکی ہیئت سے بدلنا جائز نہیں پس موقوفہ گھرکوباغ نہیں بنایاجائے گااورنہ مسافرخانہ کوحمام اورنہ سرائے کودکان بنایاجائے گا،ہاں اگرواقف نے وقف کے وقت متولی کو اس کا اختیار دیا کہ اس کی تبدیلی وقف کی مصلحت دیکھے توتبدیلی کرسکتاہے ،اسی طرح السراج الوہاج میں ہے‘‘۔

[فتاوی عالمگیری،کتاب الوقف ج:2،ص:441،قدیمی کتب خانہ کراچی]۔

علامہ حصکفی علیہ الرحمۃ لکھتے ہیں:

ولو خرب ماحولہ واستغنی عنہ یبقی مسجد عند الامام والثانی ابدا الی یوم القیامۃ وبہ یفتی"

ترجمہ:اگر مسجد کے اطراف کی جگہ ویران ہوجائے اور لوگوں کو اس کی حاجت باقی نہ رہے تب بھی امام اعظم اور امام ابویوسف علیہما الرحمۃ کے نزدیک وہ جگہ ہمیشہ قیامت تک مسجد باقی رہے گی، اور اسی پر فتوی ہے ۔

(درِ مختار،ج:6،ص:550،مکتبہ رحمانیہ)۔

یونہی شامی میں ہے :

الْوَاجِبَ إِبْقَاءَ الْوَقْفِ عَلَى مَا كَانَ عَلَيْهِ”

ترجمہ : وقف کو اسی حالت پر رکھنا واجب ہے جس حالت پر وہ فی الحال موجوہے۔

(شامی کتاب الوقف مطلب فی استبدال الوقف وشروطه 4 ص (388)۔

البحر الرائق میں ہے:

"أن شرط كونه مسجدا أن يكون سفله وعلوه مسجدا لينقطع حق العبد عنه لقوله تعالى {وأن المساجد لله}

ترجمہ:مسجد کیلئے شرط ہے کہ اوپر (آسمان تک) اور نیچے(تحت الثری تک) مسجد ہو ،تاکہ اس سےحق العبد منقطع ہوجائے،اللہ تعالیٰ کے قول کی وجہ سے :اور بیشک مساجد اللہ ہی کیلئے ہیں۔

(بحر،ج:5،ص: 271، دار الكتاب الإسلامي)۔

فتاوی عا لمگیری میں ہے

" قَوْمٌ جُلُوسٌ فِي الْمَسْجِدِ الدَّاخِلِ وَقَوْمٌ فِي الْمَسْجِدِ الْخَارِجِ أَقَامَ الْمُؤَذِّنُ فَقَامَ إمَامٌ مِنْ أَهْلِ الْخَارِجِ فَأَمَّهُمْ وَقَامَ إمَامٌ مِنْ أَهْلِ الدَّاخِلِ فَأَمَّهُمْ مَنْ يَسْبِقُ بِالشُّرُوعِ فَهُوَ وَالْمُقْتَدُونَ بِهِ لَا كَرَاهَةَ فِي حَقِّهِمْ. كَذَا فِي الْخُلَاصَةِ.

تر جمہ : کچھ لوگ داخل مسجد اور کچھ خارج مسجدہیں مؤذن نے تکبیرکہی اہل خارج میں سے امام نے جماعت کروائی اور اسی طرح اہل داخل میں سے ایک نے جماعت کروائی تو جس نے سبقت لی وہ امام ہے اور لوگ اس کے مقتدی، ان کے حق میں کوئی کراہت نہیں۔

(فتا وی ھندیہ کتا ب الصلا ہ البا ب الثا لث ج 1ص 84دار الفک)

امام ابن امیرالحاج حلبی شرح منیہ میں فرماتے ہیں

"المسجد الخارج صحن المسجد" یعنی : مسجد خارج سےصحن مسجد مراد ہے

امام اہلسنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ فر ما تے ہیں "صحن مسجد جزوِ مسجد ہے کما نص علیہ فی الحلیۃ(جیسا کہ حلیہ میں اس پر تصریح ہے اُس میں نماز مسجد ہی میں نماز ہے، پٹے ہوئے درجے کو مسجد شتوی کہتے ہیں یعنی موسم سرماکی مسجد اور صحن کو مسجد صیفی یعنی موسم گرما کی مسجد۔۔۔صحن کسی حکم میں مسجد سے جدا نہیں۔

[فتا وی رضو یہ ج 8ص73 رضا فا ؤنڈیشن لا ہو ر ]۔

ایک اور مقام پر آپ علیہ الرحمہ فر ما تے ہیں "صحن مسجد مسجد ہے، فقہا اسے مسجد صیفی کہتے ہیں

[فتا وی رضو یہ ج 23ص406 رضا فا ؤنڈیشن لا ہو ر ]۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

30/اپریل/2024 ۔21 شوال المکرم 1445ھ کو جاری کیا گیا