دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

مسجد کے چندے کو عرف و مقصدِ چندہ کے مطابق خرچ کرنا

24322 نومبر، 202683
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ میں ایک مسجد کی کمیٹی کا ممبر ہوں ۔ مجھ کو کچھ معلومات چاہیے چندے کے سلسلے میں ۔ ہم رمضان المبارک میں اہل محلہ سے چندہ کرتے ہیں اور اس سے ختم قرآن میں مٹھائی اور امام و موذن کا وظیفہ اور نمازیوں میں ٹوپی تسبیح ، جائے نماز اور عطر وغیرہ تقسیم کرتے ہیں ہم کو بتایا جائے کہ ہم اس چندے کو شرعی طریقے سے اس طرح استعمال کر سکتے ہیں؟ دوسرا یہ کہ عید کی نماز میں چندہ ہوتا ہے تو ہم مسجد کے کام میں استعمال کر سکتے ہیں اور کیا نماز تراویح کا وظیفہ ادا کر سکتے ہیں یا نہیں ؟ ۔ آپ کی عین نوازش ہوگی کہ ہمیں قرآن وسنت کی روشنی میں اس کے شرعی احکامات بتائے جائیں! سائل:لئیق احمد ولد عبد الکریم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہے کہ مذکورہ چندہ کو جس طرح خرچ کرنے کا آپ کے ہاں عرف و رواج ہے ،اس طرح خرچ کیا جائے،لہذا رمضان المبارک میں کیئے جانے والے چندہ کو ختم قرآن میں مٹھائی اور امام و موذن کا وظیفہ اور نمازیوں میں ٹوپی تسبیح ، جائے نماز اور عطر وغیرہ میں استعمال کرنے کا اگر پہلے سے معمول ہے ،تو مذکورہ تمام چیزوں میں استعمال کرسکتے ہیں،ورنہ نہیں ۔

نیز عید کے چندے کو استعمال کرنے کا جو آپ کے ہاں عرف و رواج ہے ،اس کے مطابق اس چندے کو استعمال کرسکتے ہیں ،اگرآپ کے ہاں اس چندے کو فقط مسجد کے اخراجات میں استعمال کیا جاتا ہو اور امام و مؤذن کو نہ دیا جاتا ہو،تو اس کو مسجد کے اخراجات ہی میں استعمال کرسکتے ہیں امام و مؤذن یا حافظِ تراویح وغیرہ (تراویح یا عیدی وغیرہ کے مد میں)کو نہیں دے سکتے(تنخواہ کے مد میں دے سکتے ہیں) اگر اس چندے کو مسجد کے اخراجات ساتھ ساتھ امام و مؤذن(تراویح یا عیدی وغیرہ کے مد میں)کو بھی دیا جاتا ہو،تو اسی کے مطابق مسجد کے اخراجات کے ساتھ امام و مؤذن کو بھی دیا جائے گا ۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ عمومی طور پر مسجد کی آمدنی دو ذریعوں سے ہوتی ہے (1) مسجد کے اوپر وقف شدہ عمارت (جیسے دکانیں اور گھر وغیرہ)کا کرایہ ۔(2) مسجد کاچندہ ، پھر چندہ کی بھی دو قسمیں ہیں۔" ایک "مسجد کے صندوقچے اور جمعہ وغیرہ میں جمع شدہ چندہ۔" دوسرا" کسی خاص عنوان سے لیا جائے جیساکہ مسجد کی مرمت یا مسجد کی چراغاں وغیرہ کے لئے۔

اول الذکر(یعنی مسجد کے اوپر وقف شدہ عمارات کا کرایہ )اور دوسری قسم میں وہ چندہ جو مسجِد کے نام پر ملا ہو جیسے مسجِد کے صَندوقچے کاجَمع شُدہ چندہ نیز جُمُعہ یا بڑی راتوں کو مسجِد کیلئے جو چندہ ملتا ہے ،تو وہ وہاں کے عُرف (یعنی رَواج )کے مطابِق استِعمال کرنا ہو گا مَثَلاً امام، مُؤَذِّن او ر خادِم کی تنخواہیں ، مسجِد کی بجلی کا بِل ، عمارتِ مسجِد یا اُس کی اَشیا کی حسبِ ضَرورت مَرَمَّت جیسے وضوء خانہ امام و مؤذن کی رہائش گاہ وغیرہ،ضَرورتِ مسجِد کی چیزیں مَثَلاًلوٹے، جھاڑو، پائیدان ، بتّی،پنکھے،چَٹائی وغیرہ۔یہ مذکورہ چندہ کی قسم نفلی صدقہ بمنزلہ ہبہ کے ہے دینے والے کی ملک میں نہیں لوٹے گا کیونکہ یہ وقف کی آمدنی ہے نہ کے اصلِ وقف ،لیکن اول میں واقف کی شرط کے مطابق خرچ کرنا لازم ہوگا۔

باقی جو چندہ خاص کسی عنوان سے لیا جائے جیساکہ مسجد کی مرمت یا مسجد کے دوسرے کسی کام(جیسے محافل ،مسجد کی سجاوٹ وغیرہ ) کی غرض سے تو اس طرح کے چندے صَدَقۂ نافِلہ ہوتے ہیں اس چندے کا اُصول یہ ہے کہ یہ چندے جس خاص غَرَض کے لئے کئے گئے ہیں اس کے غیر میں خرچ نہیں کئے جا سکتے ۔ اگر وہ غرض پوری ہو چکی ہو جس کے لئے چندہ لیا تھا ، تو جس نے دیئے ہیں اس کو واپَس کئے جائیں ۔ یا اس کی اجازت سے دوسرے کام میں خرچ کریں ۔ جس مَدّ(یعنی عُنوان) میں وُصول کیااُس کے علاوہ کسی اور مَدّ میں بِغیر اجازت خرچ کرنا ناجائز ہے۔

لہذا مسجد کے مذکورہ بالا چندہ کی اقسام میں سے پہلی(یعنی مسجد کے اوپر وقف شدہ عمارت کی آمدنی) قسم کی آمدنی سے ختم قرآن میں مٹھائی،نمازیوں میں ٹوپی تسبیح ، جائے نماز اور عطر وغیرہ اس چندہ سے تقسیم کرنا کرنا جائز نہیں اور دوسری قسم (یعنی مسجد کے صندوقچے اور جمعہ وغیرہ میں جمع شدہ چندہ) سے ختم قرآن میں مٹھائی،نمازیوں میں ٹوپی تسبیح ، جائے نماز اور عطر وغیرہ پر خرچ کرنے کا حکم یہ ہے کہ اگر چندہ دینے والوں کی صراحۃ ًیا دلالۃً اجازت ہو ،تو کرسکتے ہیں ورنہ نہیں،لیکن ہمارے ہاں اس چندے کو فقط مسجد کے اخراجات ہی میں خرچ کرنے کا عرف ہے۔

لہذا وہ چندہ جو خاص کسی عنوان سے لیا جائے،تو اس کو اسی غرض یا عرف کے مطابق خرچ کرنا لازم ہے۔

رد المحتار علی الد المختار میں ہے:

"(ويبدأ من غلته بعمارته) ثم ما هو أقرب لعمارته كإمام مسجد ومدرس مدرسة يعطون بقدر كفايتهم ثم السراج والبساط كذلك إلى آخر المصالح"

ترجمہ:یعنی وقف کی آمدنی سے سب سے پہلے خرچے کی شروعات وقف کی عمارتِ ضروریہ پر کی جائے گی،اس کے بعد جو عمارتِ ضروریہ کے زیادہ قریب ہو جیسے مسجد کے امام اور مدرسے کے مدرس (کے وظائف)انہیں قدرِ کفایت دیا جائے گا اس کے بعد دِیئے(یعنی مسجد کی لائیٹنگ )اور چٹائیوں پر اسی طرح (یعنی قدر ِ کفایت خرچ کیا جائے گا)وقف کے دیگر مصالح پر۔

اس کے تحت علامہ ابنِ عابدین شامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

"(قوله:ثم ما هو أقرب لعمارته إلخ) أي فإن انتهت عمارته وفضل من الغلة شيء يبدأ بما هو أقرب للعمارة وهو عمارته المعنوية التي هي قيام شعائره"

ترجمہ:(اس کا قول: اس کے بعد جو عمارتِ ضروریہ کے زیادہ قریب ہو)یعنی جب وقف کی عمارتِ ضروریہ کا کام ختم ہوجائے اور وقف کی آمدنی میں سے کچھ بچے ،تو پھر جو عمارتِ ضروریہ کے زیادہ قریب ہے اس پر خرچ کی شروعات کی جائے گیاور وہ وقف کی عمارتِ معنویہ ہے اور معنویہ وہ ہے جس کی وجہ سے وقف کے شعار قائم ہیں۔

(رد المحتار ،ج:6،ص:562۔564،مکتبہ رحمانیہ)۔

اورجو چندہ کسی خاص مد میں لیا ہو جیسے محافل اور مسجد کی سجاوٹ وغیرہ کے لیے ،تو وہ اسی میں ہی خرچ کیا جائے گا اور اس سے جو کچھ بچے گا وہ دینے والے کی ملک ہوگا اس کی اجازت و رضا سے دوسری جگہ خرچ ہوسکتا ہے۔

جیسا کہ امام اہل سنت امام اَحمد رضا خان قادری عليہ الرحمہ فرماتے ہیں:چندہ کا جو روپیہ کام ختم ہوکر بچے لازم ہے کہ چندہ دینے والوں کو حصہ رسد واپس دیا جائے یا وہ جس کام کے لئے اب اجازت دیں اس میں صَرف ہو ، بے ان کی اجازت کے صَرف کرنا حرام ہے ،ہاں جب ان کا پتا نہ چل سکے تو اب یہ چاہئے کہ جس طرح کے کام کے لئے چندہ لیا تھا اسی طرح کے دوسرے کام میں اُٹھائیں (یعنی استِعمال کریں)مَثَلاً تعمیرِمسجد کا چندہ تھا مسجد تعمیر ہوچکی تو باقی بھی کسی مسجد کی تعمیر میں اُٹھائیں ،غیر کام مَثَلاً تعمیرِ مدرسہ میں صرف نہ کریں اور اگر اسی طرح کا دوسرا کام نہ پائیں تو وہ باقی روپیہ فقیروں کو تقسیم کردیں ۔

(فتاوٰی رضویہ، ج:16 ،ص:206)۔

صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ سے سوال ہوا کہ "اگر کوئی شخص بڑی رقم یا مکان وغیرہ یا چند لوگ چندہ کرکے ایک معقول رقم مسجد میں اس غرض سے دیں کہ اس رقم سے ختمِ تراویح کے موقع پر اور ربیع الاول میں بعد وعظ شیرنی تقسیم کی جائے اور واعظ صاحب کو اور تراویح خواں حافظ صاحب کو کچھ اس میں دی جائے اور رمضان المبارک کی ستائیسویں شب اور شب عیدین وغیرہ مبارک راتوں مین خوب روشنی کی جائے ،تو شرعا یہ امور مذکورہ رقم سے کرنا درست ہیں یا نہیں ؟"

آپ نے جواب میں ارشاد فرمایا:"یہ امور مذکورہ جائز ہیں ،واعظ یا حافظ کی خدمت ایک پسندیدہ امر ہے ،یونہی بعد ختم تراویح یا بعد میلاد شریف شیرنی کا تقسیم کرنا بھی جائز ہے ۔مبارک راتوں میں جہاں کثرت روشنی کا رواج ہے ،تو اس میں بھی کوئی قباحت نہیں کہ اس سے مقصود اظہار شوکت اسلام ہے اور عوام کے ذہنوں میں ان راتوں کی عظمت کامتمکن کرنا ہے۔جس طرح حرمین طیبین کی دونوں مسجدوں میں بکثرت روشنی ہوتی ہےاور فقہاء بھی اسے جائز بتاتے ہیں اور یہ فرماتے ہیں کہ اور اگر کہیں دوسری گہ بھی عادت ہوجائے ،تو جواز کا حکم ہوگا ،یوں ہی اگر دینے والا رات بھر مسجد میں چراغ جلانے کے لیے رقم دے ،تو رات بھر جلائیں گے،وقت ضرورت تک ہی نہ رکھیں گے ۔عالمگیری میں ہے:"ولایجوز ان یترک فی کل الیل الا فی موضع جرت العادۃ فیہ بذالک کمسجد بیت المقدس ومسجد النبی صلی اللہ علیہ وسلم والمسجد الحرام او شرط الواقف ترکہ فیہ کل الیل کما جرت العادۃ فی زماننا "کذا فی بحر الرائق"جن لوگوں نے رقوم یا مکان وغیرہ اس لئے دیئے کہ امور مذکورہ میں صرف ہوں،تو ان کی رائے کے موافق صرف کریں ،ان کے علاوہ دوسرے امور میں وہ رقم صرف نہیں کی جاسکتی۔

(فتاوٰی امجدیہ،ج:3،ص:120تا122،مکتبہ رضویہ کراچی)۔

ایک اور مقام پر لکھتے ہیں:

"جب عطیہ وچندہ پر آمدنی کا دارومدار ہے،تو دینے جس مقصد کے لیے چندہ دیں یا کوئی اہل خیر جس مقصد کے متعلق اپنی جائداد وقف کرے اسی مقصد میں وہ رقم یا آمدنی صرف کی جاسکتی ہے،دوسرے میں صرف کرنااجائز نہیں مثلا اگر مدرسہ کے لیے ہو ،تو مدرسہ پر صرف کی جائے اور مسجد کے لیے ہو تو مسجد پر اور قبرستان کی حد بندی کے لیے ہو تو اس پر ،اور اگر دینے والے نے اس کا صرف کرنا متولیوں کی رائے پر رکھا ہو تو یہ اپنی رائے سے جن میں مناسب سمجھیں ،صرف کرسکتے ہیں۔

(فتاوٰی امجدیہ ج 3 ص 42،مکتبہ رضویہ کراچی)۔

وقار الفتاویٰ میں سوال ہے "مسجد کی انتظامیہ نے الیکٹرک ڈیکوریشن کا سامان تیار کروایا جو کہ جھالریں اور دیگر اشیاء کی صورت میں ہے،ڈیکوریشن کا یہ سامان تیار کرتے وقت نیت یہ تھی کہ یہ اشیاء مسجد کے لیے متبرک راتوں میں کام آئیں گی اور اس کے علاوہ مسجد کے خراجات کو پورا کرنے کے لیے بطور کرایہ جائز کاموں کے لیے ،مثلا جلسہ ہائے عید میلاد النبی ﷺ میں دی جائیں گی،آیا مسجد کی یہ جھالریں اور بورڈ وغیرہ جو کچھ بھی ہیں کرائے پر دینا جائز ہیں یا نہیں؟"

جواب میں ارشاد فرمایا:"جن لوگوں نے مسجد کے مصارف کے لیے چندہ دیا تھا ،اس فنڈ سے یہ تمام چیزیں خریدنا جائز نہیں تھیں ،خاص ان چیزوں کے لیے چندہ لے کر اگر خریدی جائیں ،تو سوال مذکور میں یہ تمام امور درست ہوتے ۔

(وقار الفتاویٰ ،ج:ل2،ص:327)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

30/اپریل/2024 ۔24 شوال المکرم 1445ھ کو جاری کیا گیا