سوال
کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلے کے ہم نے قربانی کی کھالیں مدرسے کے لیے جمع کی تھیں ،لیکن اب ہمیں مسجد کے اخراجات کو پورا کرنی کی ضرورت ہے،کیا کھالیں دینے والوں کی اجازت سے وہ پیسا مسجد میں خرچ کرسکتے ہیں ؟بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
یاد رہے کہ مسجد اور مدرسہ دونوں الگ الگ مستقل وقف ہیں مدرسہ کی کوئی چیز مسجد میں استعمال نہیں ہو سکتی اور نہ ہی مسجد کی کوئی چیز مدرسہ میں استعمال ہو سکتی ہے اسی طرح مسجد کے چندہ مدرسہ کے مدرسین کے وظائف اور مدرسہ کی دیگر ضروریات میں استعمال نہیں کیا جا سکتا ۔
لیکن اگر چند ہ مسجد اور مدرسہ کے نام پر اکٹھا کیا جاتا ہے یا لوگ مسجد یا مدرسہ میں خرچ کرنے کی اجازت دے دیتے ہیں (جیساکہ مذکورہ مسئلے لوگ اس کی اجازت دے دیتے ہیں)، تو پھراس کو مسجد یا مدرسہ میں استعمال کر نے کی اجازت ہے ۔
جیساکہ درمختار مع رد المحتار میں ہے:
"وان اختلف احدهما بان بنی رجلان مسجدین او رجل مسجد او مدرسة ووقف علیهما اوقافا لا یجوز له ذلک "
ترجمہ:اور اگر واقف یا جہت وقف دونوں کی مختلف ہو مثلاً دو آدمیوں نے علیحدہ علیحدہ مسجد بنائی یا ایک مرد نے مسجد بنائی اور دوسرے نے مدرسہ بنایا اور ہر ایک نے ان کے لئے الگ وقف مقرر کیا تو پھر ایک کی آمدنی کو دوسرے کے مصارف میں خرچ کرنا جائز نہیں۔
(الدرالمختارمع الرد المحتار ،کتاب الوقف، ج:4،ص: 360،دار الفکربیروت )
امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن اس طرح کے سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں:
وقف جس غرض کے لئے ہے اس کی آمدنی اگرچہ اس کے صرف سے فاضل ہو دوسری غرض میں صرف کرنی حرام ہے ،وقف ِمسجد کی آمدنی مدرسہ میں صرف ہو نی درکنار دوسری مسجد میں بھی صرف نہیں ہو سکتی ،نہ ایک مدرسہ کی آمدنی مسجد یا دوسرے مدرسہ میں ۔
(فتاوی رضویہ ،ج:16،ص: 205،رضافاؤنڈیشن ،لاہور)
مزید آپ علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :
مسجد پر جو جائیداد واقف نے وقف کی اگر اس سے بنائے مدرسہ ومصارف مدرسہ کی اجازت دی تھی تو جائز ہے ورنہ نا جائز ۔
(فتاوی رضویہ ،ج:16،ص: 157،رضافاؤنڈیشن ،لاہور)
واللہ اعلم بالصواب