سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ 28 جولائی 2025ء کو میرے دادا کا انتقال ہوا۔ انہوں نے ترکہ میں ایک مکان (رقبہ 80 گزر مالیت تقریباً 60 لاکھ روپے) اور نقدر قم 142,130 روپے چھوڑی۔ مذکورہ نقد رقم ان کی تدفین اور ان کی وصیت کے مطابق تیجے اور چالیسویں کے اخراجات میں استعمال کی گئی،جس کے بعد 39,630 روپے باقی بچے۔ ان تمام امور کا علم میت کے تمام ورثہ کو تھا اور سب اس پر راضی تھے۔ میت کے ورثہ کی تفصیل یہ ہے:میت کے کل تین بیٹے اور چار بیٹیاں تھیں،جن میں سے سب سے بڑے بیٹے اور سب سے چھوٹی بیٹی کا انتقال دادا سے پہلے اور دادی کے بعد ہو چکا تھا۔اور مرحوم دادا کی اہلیہ کا 2001 میں انتقال ہوچکا ہے۔میت کےوالد،دادا اور دادی وغیرہ میں سے کوئی حیات نہیں ہے۔ مندرجہ بالا تفصیل کے مطابق ذیل میں چند سوالات ہیں: 1:۔ بقیہ ترکہ شرعاً کن ورثہ میں اور کس تناسب سے تقسیم ہو گا؟ 2 :۔کیا میت کے بھائی اور بہن کا وراثت میں کوئی حصہ بنتا ہے؟ 3:۔ مندرجہ ذیل وصیت بھی لکھی تھی جس کی کاپی سوال کے ساتھ منسلک ہے اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ وصیت:اس وصیت نامہ میں اپنے گھر کی ممکنہ قیمت لگاکر اپنے بیٹے اور بیٹیوں میں مخصوص مقدار میں کم زیادہ دینے کا لکھا ہے اور اپنے ایک بیٹے محمد یوسف کو محروم رکھنے کی وصیت کی ہے۔اور آخر میں لکھا کہ چار لاکھ پچاس ہزار روپے جو بیچ جائیں گے وہ میرے تدفین کی مد میں جو بھی اخراجات ہوں اس کے لیے استعمال ہونگے یا اس وقت جو بھی خرچ کرے گا اس کو بعد میں واپس کر دیا جائے گا پھر جو بچ جائے گا اس میں سے پچاس ہزار میرے پوتے محمد حذیفہ قیوم کے مدرسے میں دیاجائے،اور باقی میرے تیجے،چالیسویں،برسی وغیرہ میں استعمال ہو گا وہ پیسہ ایک دفعہ برسی کرنے پے ختم ہو یا چاہے 2 دفعہ کرنے پے ختم ہو،وہ پیسے میری بہن نور جہاں کے پاس رہے گا ان سے لے کر خرچ کیا جائے گا اگر وہ بھی نہیں رہی تو میر ابھتیجا فیاض یا آفتاب عالم کے پاس رہے گا۔ نیز ایک دار الافتاء سے فتویٰ لیا گیا اس نے مذکورہ وصیت کا مندرجہ ذیل جواب دیا ہے کیا یہ جواب درست ہے؟ فتویٰ:میت کی تجہیز و تکفین اور قرضوں کی ادائیگی کے بعد جو ترکہ باقی بچے،اس کے ایک تہائی (1/3) مال میں غیر وارث کے حق میں جائز وصیت کو نافذ کرنا میت کا حق ہے اور ورثاء پر شرعاً اس کا پورا کر نالازم ہے۔ البتہ ناجائز وصیتیں یعنی کسی وارث کو میراث سے محروم کرنے کی وصیت کرنا، کسی وارث کے مقررہ شرعی حصے میں کمی کرنے کی وصیت کرنا، کسی گناہ یا بدعت کے کام (مثلاً تیجہ، چالیسواں، برسی وغیرہ) میں مال خرچ کرنے کی وصیت کرنا باطل ہیں اور ایسی وصیتوں پر عمل کرنا بھی جائز نہیں، خواہ تمام ورثاء کی اجازت سے ہی کیوں نہ ہو "۔اس بارے میں شریعتِ مُطہَّرہ کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں!بینوا توجروا
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ مرحوم کی وراثت سے اس کی فوت شدہ بیوی ،بیٹے، بیٹی ،والد اور دادا دادی وغیرہ کو ترکہ سے کچھ نہیں ملے گا،کیونکہ ترکہ کےوارث وہی بن سکتے ہیں جو مورث کی وفات کے وقت زندہ ہوں ،پہلے فوت ہونے والاشخص بعد میں فوت ہونے والے کا وارث نہیں بن سکتا ،لہذا مذکورہ صورت میں مرحوم کی فوت شدہ بیوی ،بیٹے،بیٹی ،والد اور دادا دادی وغیرہ کیلئے مرحوم کی جائیداد وغیرہ میں شریعت کیروشنی میں کوئی حصہ نہیں،کیونکہ ان سب کا مرحوم سے پہلے انتقال ہوگیا ہے۔لہذااگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے اور وہی ورثاء ہیں جو سوال میں مذکور ہیں تومرحوم کے کفن دفن کے اخراجات اور قرضوں کی ادائیگی اور اگر کسی غیر وارث کے لئے وصیت کی ہو تو اس کو مرحوم کے تہائی مال سے پورا کرنے کے بعد(جس کی تفصیل آرہی ہے )تمام ترکہ منقولہ (سونا چاندی ،گھریلو سازو سامان اور نقدی رقم ) وغیر منقولہ(پلاٹ،دکان اور گھر وغیرہ )کےکل7حصے کئے جائیں گے۔ جن میں سے 4 حصے مرحوم کے بیٹوں کو ملیں گے جن میں سے ہر ایک کو دو حصے ملیں گےاورباقی 3 حصے مرحوم کی 3بیٹیوں کو ملیں گے جن میں سے ہر ایک کو ایک ایک حصہملے گا۔
دلائل:
السراجی فی المیراث میں ہے :
"تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "
ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔
(السراجی فی المیراث :ص5،مکتبہ لدھیانوی )
ایک بیٹے کو دوبیٹیوں کے برابر حصہ ملتا ہے ۔اللہ تعالی ٰ کا فرمان ہے :
"لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الۡاُنۡثَیَیۡنِ"
ترجمہ:بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر ہے۔
(النساء: آیت 11)
رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:
"وشروطه:ثلاثة:موت مورث حقيقة،أو حكما كمفقود،أو تقديرا كجنين"
ترجمہ:میراث کی تینشرائط ہیں:مورث کی موت حقیقتاً ہو یا حکماً جیسے مفقود یا تقدیرا ہو جیسے جنین۔
(ج:6،ص:758،دار الفکر بیروت)
الموسوعۃ الفقہیہ الکویتیہ میں ہے:
"وللارث شروط ثلاثة ۔۔۔ثانيهما تحقق حياة الوارث بعد موت المورث" ملتقطا
ترجمہ:اور وراثت کی تین شرائط ہیں : ان میں سے دوسری ہے وارث کی زندگی کا تحقق مورث کی موت کے بعد۔
(الموسوعۃ الفقہیہ الکویتیہ ،ج:3،ص:22،دار السلاسل)
2:۔ بہن بھائی کا قرآنِ کریم میں کوئی معین حصہ مقرر نہیں،بلکہ ان کا شمار عَصَبہ میں ہوتا ہے۔عصبہ کا حکم یہ ہے کہ اصحابِ فروض (جن کے حصے قرآن و سنت میں مقرر ہیں) کو ان کے حصے دینے کے بعد ترکہ میں جو مال باقی بچے،وہ قریبی عصبہ کو دیا جاتا ہے،اور دور والا عصبہ محروم ہوجاتا ہے۔ چونکہ مذکورہ مسئلے میں مرحوم کی اولاد بھی عصبہ ہے،جو بہن بھائی کی نسبت میت سے زیادہ قریب ہے،لہٰذا مرحوم کے بہن بھائی اس صورت میں وراثت سے محروم رہیں گے۔
دلائل:
صحیح بخاری کی حدیث مبارکہ ہے:
"عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «أَلْحِقُوا الفَرَائِضَ بِأَهْلِهَا، فَمَا بَقِيَ فَهُوَ لِأَوْلَى رَجُلٍ ذَكَرٍ»
ترجمہ:حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہماسے راوی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلَّم نے فرمایا: ''فرض حصوں کو فرض حصے والوں کو دے دو اور جو بچ جائے وہ میت کے قریب ترین مرد کو دے دو۔
(صحیح البخاري،رقم الحدیث:6732)
السراجی فی المیراث میں ہے:
"الأقربُ فالأقربُ، يُرجَّحون بقُربِ الدرجة، أُعطي أولاهم بالميراث جزءَ الميت، أي البنون ثم بنوهم وإن سفلوا، ثم أصله أي الأب، ثم الجد أي أب الأب وإن علا، ثم جزءُ أبيه أي الإخوة ثم بنوهم وإن سفلوا"
ترجمہ:پھر جو رشتہ دار میت سے زیادہ قریب ہو، اسے مقدم کیا جائے گا۔ یعنی قرابت کے اعتبار سے جو درجے میں زیادہ قریب ہوگا، وہ وراثت کا زیادہ حق دار ہوگا۔ چنانچہ سب سے پہلے میت کی اولاد، پھر ان کی اولاد اگرچہ نیچے تک چلی جائے، پھر میت کا اصل یعنی والد، پھر دادا اگرچہ اوپر تک ہو، پھر والد کی اولاد یعنی بھائی، پھر ان کی اولاد اگرچہ نیچے تک چلی جائے۔
(السراجی،ص:36،مکتبۃ البشریٰ کراچی)
3:۔قرآنِ کریم، احادیثِ مبارکہ اور اجماعِ امت سے وصیت کا مشروع اور جائز ہونا ثابت ہے، بلکہ شریعتِ مُطہَّرہ نے انسان کو یہ حق عطا فرمایا ہے کہ وہ اپنے ترکہ کے ایک تہائی حصہ تک غیرِ وارث یا نیک کاموں کے لیے وصیت کرے۔ البتہ اگر وصیت سے ورثاء محتاج و تنگ دست ہوجائیں تو ایسی صورت میں وصیت نہ کرنا بہتر ہے، جیسا کہ احادیثِ مبارکہ میں اس کی تفصیل وارد ہوئی ہے۔لہذامیت کے انتقال کے بعد سب سے پہلے اس کے ترکہ سے بقدرِ ضرورت تجہیز و تکفین کے اخراجات ادا کیے جائیں گے، پھر اس کے ذمہ واجب الادا قرضے ادا کیے جائیں گے، اس کے بعد جائز وصیت کو ایک تہائی مال کی حد تک نافذ کیا جائے گا، پھر باقی ترکہ شرعی حصص کے مطابق ورثاء میں تقسیم ہوگا۔
لہذا مذکورہ صورت میں مرحوم کا اپنے مال میں ایصالِ ثواب(سوئم،چہلم اوربرسی وغیرہ) اور مدرسہ میں رقم دینے کی وصیت کرنا شرعاً جائز بلکہ مستحب ہے کہ مالِ متروک کثیر ہےاور مذکورہ کام ایصالِ ثواب کے ذرائعاورباعثِ اجر وثواب ہیں ۔قرآن و سنت میں کہیں بھی ایصالِ ثواب کے ذرائع کو ممنوع و بدعت نہیں فرمایا بلکہ قرآن و سنت سے ترغیب کا صریح حکم ثابت ہے، لہذا ان ثواب کے کاموں کو بدعت و گناہ کہہ کر وصیت کو باطل قرار دینا نری جہالت اور ظلم و زیادتی ہے کہ ایک چیز کو اللہ عزَّ وجلَّ اور اس کے رسول صلیّ اللہ علیہ وسلمجائز و مستحب قرار دیں اس کو بدعت و گناہ قررار دینا شریعت پر بہت بڑی جرئت اور افتراء ہے ۔
سوئم، چہلم اور برسی کے موقع پر لوگوں کو جمع کرکے کھانا کھلانے کے متعلق علماءِ اہلِ سنت کی تفصیل یہ ہے کہ اگر کھانا محض ایصالِ ثواب کی نیت سے تیار کیا جائے، جسے عرف میں "فاتحہ" بھی کہا جاتا ہے، تو اسے دعوت کا نام دینے سے بھی اس کی اصل نیت تبدیل نہیں ہوگی؛ کیونکہ اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے۔بلکہ ان معمولات کا اصل مقصد ہی ایصالِ ثواب ہوتا ہے۔البتہ اگر مقصود محض رسم، ریاکاری، نمود و نمائش یا محض مہمان داری ہو، جیسا کہ خوشی کی تقریبات میں ہوتا ہے، تو ایسی صورت ناجائز اور بدعتِ سیئہ کے حکم میں داخل ہوگی۔تاہم اس تفصیل کے باوجود مطلقاً ہر سوئم، چہلم اور برسی کو ناجائز و بدعت قرار دینا علمی دیانت کے خلاف اور شریعت کے مزاج سے ناواقفیت کی علامت ہے،کیونکہ شریعت نے احکام کا مدار ظاہر پر رکھا ہے، نہ کہ لوگوں کے پوشیدہ ارادوں اور دلوں کی ٹوہ لگانے پر۔ مسلمانوں کے اعمال کو حتی الامکان اچھے محمل پر رکھنا شریعت کا اصول ہے،نہ کہ بلا دلیل سوء ظن قائم کرکے ہر عمل کو ریا اور رسم قرار دے دیا جائے۔ تعجب یہ ہے کہ بعض لوگ نَبیِّ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عطائی علمِ غیب کے منکر بنتے ہیں،مگر عام مسلمانوں کے دلوں کے احوال،نیتوں کے فساد اور باطن کے مقاصد پر اس انداز سے قطعی فیصلے صادر کرتے ہیں گویا انہیں قلوب کے مخفی احوال پر کامل اطلاع حاصل ہو! حالانکہ نیتوں کا حقیقی علم اللہ تعالیٰ ہی کو ہے۔اور بغیر دلیل کسی مسلمان کے عمل کو محض وہم و گمان کی بنیاد پر بدعت و گناہ قرار دینا نہ احتیاط ہے نہ تقویٰ، بلکہ یہ خود ایک خطرناک جرأت ہے۔
صورتِ مسئولہ میں تو خود مرحوم کی صریح وصیت موجود ہے کہ اس کے لیے سوئم، چہلم اور برسی وغیرہ کے ذریعے ایصالِ ثواب کا اہتمام کیا جائے، جبکہ میت کے لیے صدقہ و ایصالِ ثواب کی اصل حدیثِ سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ سے بھی ثابت ہے کہ انہوں نے اپنی والدہ کے انتقال پر صدقہ کے بارے میں عرض کیا تو نبی کریم ﷺ نے اجازت عطا فرمائی اور افضل صدقہ پانی (کنواں کھدوانا) قرار دیا، اس طرح کتبِ فقہ میں صراحت ہے کہ انسان اپنے مال میں سے صدقہ و خیرات اور امورِ ثواب کے لیے وصیت کرسکتا ہے، اور ایسی وصیت شرعاً جائز و نافذ ہوتی ہے۔ لہٰذا جب اصلِ ایصالِ ثواب سنت اور فقہائے امت سے سے ثابت ہے تو اس کے باوجود محض اپنی تنگ نظری، تعصب یا بے بنیاد بدعتی مزاج کی بنا پر ایسی وصیت کوباطل اور گناہ قرار دینا درحقیقت فقہی تصریحات سے اعراض اور مُسلَّماتِ اہلِ سنت سے مجرمانہ چشم پوشی ہے۔تعجب یہ ہے کہ صریح فقہی جزئیات، معتبر فتاویٰ اور اکابرِ امت کی تصریحات موجود ہونے کے باوجود بعض حضرات ہر اُس عمل پربدعت کا ٹھپہ لگانے میں جلد بازی کرتے ہیں جسے صدیوں سے اہلِ اسلام ایصالِ ثواب کے طور پر انجام دیتے آئے ہیں۔ حالانکہ فقہ کا مسلم اصول ہے کہ صدقہ، اطعام اور دیگر اعمالِ خیر کا ثواب میت کو پہنچتا ہے، اور جب خود موصی نے اس کی وصیت بھی کردی ہو تو اسے مطلقاً ناجائز کہنا محض علمی لغزش نہیں بلکہ نصوصِ فقہیہ سے صریح بے اعتنائی ہے۔
نیز یہاں قابلِ غور امر یہ ہےکہ مذکورہ فتویٰ میں دُرِّمختار اور ردُّ المحتار کی عبارات نقل کرتے وقت پوری بحث اور علتِ حکم کو بیان نہیں کیا گیا، بلکہ درمیان کی وہ اہم عبارت ترک کردی گئی جس میں مذکورہ مسئلہ میں بطلانِ وصیت کی اصل علت واضح فرمائی گئی ہے۔
چنانچہ خاتمۃ المحققین علّامہ ابنِ عابدین شامی علیہ الرحمہ علامہ سیحانی سے نقل کرتے ہیں:
"أقول:وعلل السائحاني للبطلان بأنها وصية للناس، وهم لا يحصون كما لو قال أوصيت للمسلمين، وليس في اللفظ ما يدل على الحاجة فوقعت تمليكا من مجهول فلم تصح"
ترجمہ:میں کہتا ہوں:علامہ سیحانی نے اس وصیت کے باطل ہونے کی علت یہ بیان کی ہے کہ یہ وصیت غیر متعین لوگوں کے لیے ہے،اور وہ لوگ شمار میں نہیں آسکتے، جیسا کہ کوئی کہے:میں نے تمام مسلمانوں کے لیے وصیت کی۔ نیز الفاظ میں ایسی کوئی قید نہیں جو ضرورت مندوں کی تعیین پر دلالت کرے، لہٰذا یہ مجہول لوگوں کو تملیک قرار پائی، اس لیے صحیح نہ ہوئی۔
(رد المحتار،ج:10،ص:381،مکتبہ رحمانیہ)
اس سے واضح ہوا کہ عدمِ جواز کی علت مطلق ایصالِ ثواب، فاتحہ یا طعامِ میت نہیں، بلکہ غیر محصور لوگوں کے لیے مجہول تملیک ہے، جبکہ سوئم، چہلم اور برسی وغیرہ میں عرفِ اہلِ سنت کے مطابق عموماً متعین اقارب، متعلقین اور حاضرین ہی شامل ہوتے ہیں، لہٰذا وہ صورت اس علت کے تحت داخل نہیں۔ اسی لیے اسی مقام پر دوسرا قول جواز کا بھی منقول ہے، اور خود علامہ شامی نے "(قوله والثاني) وهو القول بالجواز." فرما کر اس کی صراحت کردی۔ لہٰذا پوری فقہی بحث اور علت کو نظر انداز کرکے محض چند سطور نقل کر دینا، پھر اس سے مطلق سوئم، چہلم اور ایصالِ ثواب کو بدعت و ناجائز ثابت کرنے کی کوشش کرنا علمی دیانت کے تقاضوں کے خلاف اور ناقص استدلال ہے۔
دلائل:
میت کی تکفین و تجہیز اور قرض کی ادائیگی کے بعد وصیت کو پورا کرنا لازم ہے ۔اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
"مِنْۢ بَعْدِ وَصِیَّةٍ یُّوْصِیْ بِهَاۤ اَوْ دَیْنٍ"
ترجمہ کنز الایمان : بعد اس وصیت کے جو کر گیا اور دَین کے۔
( النساء،آیت:182)
سنن ابو داؤد میں ہے:
"عَنْ سَعْدِ بْنِ عُبَادَةَ، أَنَّهُ قَالَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، إِنَّ أُمَّ سَعْدٍ مَاتَتْ، فَأَيُّ الصَّدَقَةِ أَفْضَلُ؟، قَالَ: «الْمَاءُ»، قَالَ: فَحَفَرَ بِئْرًا، وَقَالَ: هَذِهِ لِأُمِّ سَعْدٍ"
ترجمہ:حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے عرض کیا: یارسول اللہ! اُمِّ سعد کا انتقال ہوگیا، تو کون سا صدقہ افضل ہے؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:پانی چنانچہ انہوں نے ایک کنواں کھدوایا اور کہا:یہ اُمِّ سعد کے لیے ہے۔
(سنن ابو داؤد،رقم الحدیث:1681)
رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:
"یبدأ من ترکۃ المیت بتجہیزہٖ) یعم التکفین (من غیر تقتیر ولا تبذیر ) ککفن السنۃ أو قدر ما کان یلبسہٗ فی حیاتہٖ".ملخصا"
ترجمہ:ترجمہ: میت کے ترکے میں سے سب سے پہے اس کی تجہیز وتکفین کی ابتداء کی جائے گی بہت کم ہو نہ اسراف ہو بلکہ سنت کفن جیسا ہو یا اتنا ہو کہ جو مرحوم اپنی زندگی میں لباس پہنتا تھا۔
لسان الحکام میں ہے:
"وَفِي النَّوَازِل لَو أوصى بِأَن يتَصَدَّق فِي عشرَة أَيَّام فَتصدق فِي يَوْم جَازَ وَإِلَّا فَإِنْ اشْتَرَاهَا فَالْحِنْطَةُ لِلْمُشْتَرِي وَالصَّدَقَةُ عَنْ نَفْسِهِ"
ترجمہ:اور نوازل میں ہے:اگر کسی شخص نے یہ وصیت کی کہ دس دنوں میں صدقہ کیا جائے، پھر ایک ہی دن میں صدقہ کردیا گیا تو یہ جائز ہے، ورنہ اگر اس نے اپنی طرف سے گندم خرید کر صدقہ کی تو وہ گندم خریدنے والے کی ہوگی اور صدقہ بھی اسی کی طرف سے شمار ہوگا۔
(لسان الحکام،ج:1،ص:419، البابي الحلبي – القاهرة)
قرۃ عیون الاخیار تکملہ رد المحتار میں ہے:
"وَفِي الظَّهِيرِيَّةِ: أَوْصَى بِأَنْ يَتَصَدَّقَ بِحِنْطَةٍ عَلَى الْفُقَرَاء بل أَنْ تُرْفَعَ الْجِنَازَةُ فَفَعَلَ أَحَدُ الْوَصِيَّيْنِ: إنْ كَانَتْ الْحِنْطَةُ فِي مِلْكِ الْمُوصِي جَازَ دَفْعُهُ"
ترجمہ:اور ظہیریہ میں ہے: کسی شخص نے وصیت کی کہ اس کی نمازِ جنازہ سے پہلے فقراء پر گندم صدقہ کی جائے، پھر وصیوں میں سے ایک نے ایسا کردیا، تو اگر وہ گندم موصی کی ملکیت میں تھی تو اس کا صدقہ کرنا جائز ہے۔
(تکملہ رد المحتار علی الدر،ج:10،ص:443،مکتبہ رحمانیہ)
امامِ اہلِ سنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمٰن سے اس سے ملتا جلتاسوال ہوا کہ:
مسماۃ آفتاب بیگم کا انتقال ہوا اس کے وارثوں میں ایک حقیقی چچازادبہن مسماۃ عمدہ بیگم کاپوتاوصی احمداورایک علاتی خالہ بنوبیگم اورچاراخیافی بھتیجے جن کے باپ کاانتقال آفتاب بیگم کے سامنے ہوگیاموجودہیں وصی احمد نے تجہیزوتکفین اپنے صرف سے کی اور اس وصی احمد کومتوفیہ نے اس شرط سے اپناوصی بھی کیاکہ بعداخراجات تجہیزوتکفین وفاتحہ ودرود بعد جس قدرروپیہ بچے وہ سب تیراہے اب تقسیم ترکہ ان وارثوں کے مقابلہ میں کیونکر ہوگا اور اخراجات تجہیزوتکفین متروکہ سے نکلے گا یانہیں؟
تو اس کا جواب ارشاد فرماتے ہیں:
برتقدیر صدق مستفتی وعدم موانع ارث وانحصار ورثہ فی المذکورین وتقدیم دیون و وصایا آفتاب بیگم کاترکہ چارسہم ہوکر ہراخیافی بھتیجے کو ایک ایک ملے گا اورچچازاد اورخالہ کچھ نہ پائیں گی آفتاب بیگم کی تجہیزوتکفین کہ وصی احمدغیروارث نے اپنے مال سے کی وہ بطوراحسان وسلوک نیک واقع ہوئی اس کامعاوضہ نہ پائے گا کہ وہ نہ وارث ہے نہ وصی ہے اس کہنے سے کہ بعد از ان مصارف کے جوبچے وہ تیراہے وہ موصی لہ ہوانہ کہ وصی، ہاں اگرآفتاب بیگم نے یوں کہاہوکہ میرے بعد میرے مصارف سے یہ یہ صرف کرنا اور جوبچے تیراہے تو اس صورت میں وہ وصی بھ ہوجائے گا اور اب جوتجہیزوتکفین میں اپنے مال سے صرف کیامجراپائے گا جس قدرکہ اس کے کفن وجہازمثل بقدرسنت میں اٹھایا ہو اس سے زیادہ وصی کو بھی مجرانہ ملے گا۔۔۔۔۔رہی وصیت وہ بعدادائے دیون بلااجازت ورثہ تہائی مال میں سے نافذ ہوگی اس ثلث سے جس قدرفاتحہ ودرود بطورجائزومحمود معروف ومعہود میں صرف ہو وہ چاہیں ابھی مساکین پر خرچ کردیاجائے سال بھرکاانتظار ضرورنہیں پھرکچھ باقی بچے تو وہ وصی احمد کاہے ورنہ کچھ نہیں۔
(فتاویٰ رضویہ،ج:26،ص:298تا 300،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
امام اہلسنت امام احمد رضاخان علیہ رحمۃ الرحمن تحریر فرماتے ہیں:
" مدار کا رنیت پر ہے انما الاعمال بالنیات ۔ تو جو کھانا فاتحہ کے لئے پکایا گیا ہے بلاتے وقت اسے بلفظِ دعوت تعبیر کرنا اس نیت کو باطل نہ کرے گا ،جیسے کسی نے اپنے محتاج بھائی بھتیجوں کو عید کے دن کچھ روپیہ دل میں زکوٰۃ کی نیت زبان سے عیدی کا نام کر کے دیئے تو زکوٰۃ ادا ہو جائے گی، عیدی کہنے سے وہ نیت باطل نہ ہو گی۔ مع ہذا اپنے قربیوں عزیزوں کے مواسات بھی صلہ رحم وموجبِ ثواب ہے اگرچہ وہ اغنیاء ہوں"قَدْ عُرِفَ ذَلِكَ فِيْ الشَّرْعِ بِحَيْثُ لَاْ يَخْفَى إِلَّاْ عَلَى جَاْهِلٍ" (جیسا کہ شریعت میں یہ ایسا معروف ہے کہ کسی جاہل ہی سے مخفی ہو گا) اور آدمی جس امر پر خود ثواب پائے وہ کوئی فعل ہو اس کا ثواب میت کو پہنچا سکتا ہے، کچھ خاص تصدق ہی کی تخصیص نہیں ۔ یوں بھی اس نیت ِمحمود میں کچھ خلل نہیں، اگرچہ افضل وہی تھا کہ صرف فقراء پر تصدق کرتے کہ جب مقصود ایصال ثواب تو وہی کام مناسب تر جس میں ثواب اکثر ووافر ،پھر بھی اصل مقصود مفقود نہیں جبکہ نیت ثواب پہنچانا ہے ۔ ہاں جسے یہ مقصود ہی نہ ہو بلکہ دعوت ومہمان کی نیت سے پکائے، جیسے شادیوں کا کھانا پکاتے ہیں تو اسے بیشک ثواب سے کچھ علاقہ نہیں، نہ ایسی دعوت شرع میں پسند نہ اس کا قبول کرنا چاہئے کہ ایسی دعوتوں کا محل شادیاں ہیں نہ کہ غمی ۔ ولہذا علماء فرماتے ہیں کہ یہ بدعت سیئہ ہے۔ جس طرح میت کے یہاں روزِ موت سے عورتیں جمع ہوتی ہیں اور ان کے کھانے دانے، پان، چھالیا کا اہتمام میت والوں کو کرنا پڑتا ہے ۔ وہ کھانا فاتحہ وایصالِ ثواب کا نہیں ہوتا بلکہ وہی دعوت ومہمان دار ی ہے کہ غمی میں س کی اجازت نہیں۔
( فتاوی رضویہ، ج:9، ص:670، رضافاؤنڈیشن لاہور)
مزید ایک اور مقام پر تحریر فرماتے ہیں:
میت کے گھر کا کھانا( جو بطور مہمان کے پکایا گیا ہو) تو البتہ بلا شبہ ناجائز ہے جیسا کہ فقیر نے اپنے فتوی میں مفصلاً بیان کیا، اور سوئم کے چنے بتاشے کہ بفرض مہمانی نہیں منگائے جاتے بلکہ ثواب پہنچانے کے قصدسے ہوتے ہیں ،یہ اس حکم میں داخل نہیں، نہ میرے فتوی میں ان کی نسبت کچھ ذکر ہے، یہ اگر مالک نے صرف محتاجوں کے دینے کے لئے منگائے اور یہی اس کی نیت تو غنی کو ان کا بھی لینا جائز نہیں، اور اگر اس نے حاضر ین پر تقسیم کے لئے منگائے تو اگر غنی بھی لے لے تو گنہگار نہ ہو گا اور یہاں بحکم عرف ورواج عام حکم یہی ہے کہ وہ خاص مساکین کے لئے ہوتے تو غنی کو بھی لینا ناجائز نہیں اگرچہ احتراز زیادہ پسندیدہ، اوراسی پر ہمیشہ سے اس فقیر کا عمل ہے۔
( فتاوی رضویہ، ج:9، ص:672، رضا فاؤنڈیشن)
حاشیۃ الطحطاوی علی الدر المختار میں ہے:
"(تتمة) التجهیز لایدخل فيه السبح والصمدية والجمع والموائد لان ذٰلک لیس من الامور اللازمة فالفاعل لذٰلک ان کان من الورثة یحسب علی من نصیبه ویکون متبرعاً وکذا ان کان اجنبیا"
ترجمہ:(تتمّہ) میت کی تجہیزمیں دعا وفاتحہ (سوم، چہلم وغیرہ) لوگوں کوجمع کرنا اوردعوت طعام وغیرہ داخل نہیں ہیں کیونکہ یہ چیزیں لازمی امورسے نہیں ہیں۔ چنانچہ ایساکرنے والا اگروارثوں میں سے ہے تواس کے حصے میں سے شمارہوگا اور وہ متبرع ٹھہرے گا۔ یونہی اگراجنبی نے ایساکیا تو وہ بھی متبرع قرارپائے گا ۔
(حاشیۃ الطحطاوی علی الدرالمختار،ج:4،ص:367،مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)
علامہ سید احمد طحطاوی علیہ الرحمہ کا دعا و فاتحہ یعنی سوئم، چہلم اور برسی وغیرہ کا اہتمام کرنے والے کو"متبرع"قرار دینا خود اس امر کی واضح دلیل ہے کہ یہ اعمال فی نفسہٖ ناجائز یا ممنوع نہیں؛ کیونکہ فقہِ اسلامی میں "تبرع" نیکی، احسان اور موجبِ ثواب عمل کو کہا جاتا ہے۔ اگر یہ امور مطلقاً بدعتِ سیئہ اور گناہ ہوتے تو فقہاء ان کے کرنے والے کو "متبرع"نہ فرماتے، بلکہ صراحتاً گناہگار قرار دیتے۔ لہٰذا عبارتِ مذکورہ سے واضح ہوتا ہے کہ اصلِ فاتحہ و ایصالِ ثواب جائز ہے۔
خلاصۂ: یہ ہے کہ میت کے ترکہ سے پہلے تجہیز و تکفین اور ادائے قرض کیا جائے گا، اس کے بعد مرحوم کی وصیت اس کے ایک تہائی مال میں نافذ ہوگی اور اس پر عمل کرنا لازم ہے۔ باقی ترکہ قرآن و سنت کے مقرر کردہ حصوں کے مطابق ورثاء میں تقسیم ہوگا۔اورایصالِ ثواب اور صدقات (جیسے سوئم، چہلم، برسی وغیرہ) کے لیے وصیت شرعاً جائز ہے، اور اسے بدعت و گناہ قرار دینا فقہی تصریحات، آثارِ سلف اور اصولِ اہلِ سنت کے خلاف ہے۔