سوال
Kya farmate hain Ulama-e-Deen wa Muftiyan-e-Shara-e-Mateen is mas’ala ke baare mein ke A’la Hazrat ne Fatawa Razawiyya Shareef, jild 5 mein Asr ke waqt ki wus’at ko bayan karte hue ek riwayat ba-hawala Daruqutni naqal farmayi, jo ke Al-Mustadrak ‘Alas-Sahihain mein bhi maujood hai. Is riwayat mein Janab Maula Ali radiyallahu ‘anhu ne Asr ki namaz mein jaldi karne wale ke liye farmaya: “هَذَا الْكَلْبُ يُعَلِّمُنَا بِالسُّنَّةِ” yani “Yeh kutta hamein Sunnat sikhayega?” To kya is tarah ke gaali wale alfaaz zaat-e-Ali se mutasawwar hain, jo ke akhlaq ke darja-e-a’la par fa’iz hain, jabke Qur’an mein jhoote khudaon ko bhi gaali dene se mana kiya gaya? Tafseeli rehnumai farmayein! Neez, A’la Hazrat ne jo is riwayat ki ta’deel mein Fawatih-ur-Rahmut ka hawala zikr farmaya, us hawale ko tafseeli bayan farma kar ‘indallahu majoor hon! Sa’il: Shamsuddin, Karachi
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
:۔صورتِ مسئولہ میں حضرت علی کرّم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم سے منقول جملہ"هٰذَا الْكَلْبُ يُعَلِّمُنَا بِالسُّنَّةِ" کوفہ کی مسجد کے مؤذن عامر بن النباح کے متعلق ہے جس کی تعیین علامہ بخاری نے تاریخَِ کبیر اور علامہ ابنِ حِبّان نے کتاب الثقات میں فرمائی ہے۔اس جملہ کو موجودہ اردو زبان کے عرف کے تناظر میں محض گالی قرار دے کر اسے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے اعلیٰ اخلاق کے منافی سمجھنا اور اس کے ثبوت میں آیتِ کریمہ( "وَ لَا تَسُبُّوا الَّذِیْنَ یَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ فَیَسُبُّوا اللّٰهَ عَدْوًا بِغَیْرِ عِلْمٍ"یعنی: اور انہیں گالی نہ دو جن کو وہ اللہ کے سوا پوجتے ہیں کہ وہ اللہ کی شان میں بے ادبی کریں گے زیادتی اور جہالت سے) سے استدلال کرنا درست نہیں کیونکہ کلب اصل میں عربی زبان کا لفظ ہے اور صرف گالی کے معنی کے لیے مخصوص نہیں، بلکہ عربی لغت میں اس کے متعدد حقیقی و مجازی استعمالات ہیں۔ لسان العرب اور تاج العروس وغیرہ میں "كَلِبَ عَلَيْهِ كَلَباً" کے معنی غضب کرنے،"كَلِبَ" کے معنی سفاہت اختیار کرنے"كَلِبَ عَلَى الرَّجُلِ"کے معنی کسی شخص پر اصرار کرنے، اور "سائل كَلِب"کے معنی بہت اصرار سے مانگنے والے کے بھی مذکور ہیں۔ لہٰذا اس روایت کے سیاق و سباق کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے کلام کے چند احتمالی مفاہیم ہوسکتے ہیں۔
اوّلاً: لفظ ِکلب کے اس مجازی استعمال کو ملحوظ رکھتے ہوئے کہ کسی پر غضب اور سختی کی کیفیت پیدا ہو، یعنی حضرت علی رضی اللہ عنہ نے مؤذن کے بار بار اصرار پر ناراضی اور سخت زجر کا اظہار فرمایا۔
ثانیاً:یہ شخص ہم پر سنت کے معاملے میں اس قدر اصرار کرتا ہے گویا ہمیں سنت سکھانے چلا ہے، کیونکہ مؤذن بار بار نمازِ عصر کے لیے جلدی کی ترغیب دے رہا تھا، حالاں کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے نزدیک ابھی وقت باقی تھا۔
ثالثاً: یہ کلام شدید توبیخ کے اسلوب میں اس معنی کا حامل ہوسکتا ہے کہ یہ شخص، جسے خود سنت کے وقت و طریقے کا لحاظ کرنا چاہیے، ہمیں سنت بتانے چلا ہے، خصوصاً اس امر کو پیش نظر رکھتے ہوئے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تربیت یافتہ جلیل القدر صحابی، اہلِ بیت کے فرد، دامادِ رسول، خلیفۂ راشد اور سنتِ نبوی کے براہِ راست شاہد و حامل تھے؛ لہٰذا یہاں مقصود فحش گالی دینا نہیں بلکہ مؤذن کے بےمحل اصرار پر سخت توبیخ اور اپنے علمِ سنت کے مقابل اس کے اصرار پر اظہارِ تعجب و ناراضی ہے۔ خود روایت کے آخری حصے سے بھی یہی سیاق واضح ہوتا ہے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے عصر کی نماز پڑھائی اور نماز کے بعد حاضرین اسی مقام پر واپس گئے اور سورج کو غروب کے قریب تک دیکھا، جس سے معلوم ہوا کہ اصل گفتگو وقتِ عصر کی وسعت اور نماز کو اس کے شرعی وقت میں ادا کرنے کے متعلق تھی، نہ کہ مؤذن کی شخصی تحقیر مقصود تھی۔ لہٰذا اس جملے کو موجودہ اردو عرف کے فحش گالی والے مفہوم پر محمول کرنا عربی اسلوب اور سیاقِ کلام دونوں سے ناواقفیت کا نتیجہ ہوگا۔
نیز سورۂ انعام کی آیتِ کریمہ کا مفاد یہ ہے کہ باطل معبودوں کو بھی برا بھلا کہنے سے اس لیے منع فرمایا گیا کہ ان کے پیروکار عداوت وجہالت کے غلبے میں جوابی طور پر اللہ تعالیٰ کی شانِ اقدس میں توہین وگستاخی پرآمادہ ہوسکتے ہیں،لہٰذا ممانعت کی علت خود ان باطل معبودوں کی تعظیم نہیں، بلکہ اس سبّ کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ کی جنابِ اقدس میں بے ادبی اور گستاخی کا وقوع ہے۔کیونکہ حضرت قتادہ کا قول ہے بُتوں کو برا کہنا اور ان کی حقیقت کا اظہار طاعت و ثواب ہے لیکن اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کُفّار کی بدگوئیوں کو روکنے کے لئے اس کو منع فرمایا گیا ۔(خزائن العرفان)
لسان العرب میں ہے:
"كلب: الكلب: كل سبع عقور.وفي الحديث:والكلب، معروف، واحد الكلاب؛ قال ابن سيده: وقد غلب الكلب على هذا النوع النابح، وربما وصف به، يقال: امرأة كلبة۔۔۔وفي الصحاح: الكلب شبيه بالجنون، ولم يخص الكلاب.۔۔وكلب: سفه فأشبه الكلب.ملخصا"
ترجمہ:کلب ایک معروف جانور ہے، جس کی جمع کِلاب آتی ہے۔ ابنِ سید نے کہا:عربی میں لفظ کلب عموماً بھونکنے والے اس معروف جانور کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ بعض اوقات کسی شخص کو کتے سے تشبیہ دیتے ہوئے بھی کلب کا لفظ بولا جاتا ہے "امراۃ کلبۃ "۔ اور صحاح میں ہے:اسی طرح کلب کا ایک مفہوم پاگل پن یا جنون سے مشابہت بھی ہے، اورکَلِبَ کے معنی ہیں: بے وقوفی یا سفاہت کرنا اور کتے جیسا رویہ اختیار کرنا۔
(لسان العرب،ج:1،ص:722 تا 725، الناشر: دار صادر بيروت)
تاج العروس میں ہے:
"وَمن المَجَاز:تَكَالَبَ النّاسُ على الأَمْرِ:حَرَصُوا عَلَيْهِ،حَتَّى كَأَنَّهم كِلاَبٌ.(و)من المَجَاز:الكَلَبُ:(الشِّدَّةُ) فِي حديثِ عليَ،رضِيَ الله عَنهُ، كتب إِلى ابْن عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا،حِين أَخَذَ مالَ البَصْرَةِ:(فلَمَّا رأَيتَ الزَّمَانَ على ابْنِ عَمِّك قَدْ كَلِبَ،والعَدُوَّ قد حَرِبَ) كَلِبَ:أَي اشْتَدَّ، يُقَال: كَلِبَ الدَّهْرُ على أَهله: إِذا أَلَحَّ عَلَيْهِم، واشْتَدَّ.وَفِي الأَساس فِي المَجَاز:سائلٌ كَلِبٌ:شَدِيدُ الإِلْحَاحِ۔۔۔ وَفِي الصَّحاح:الكَلَبُ شبيهٌ بالجُنون،وَلم يَخُصّ الكِلاَبَ۔۔۔كَلِبَ عَلَيْهِ كَلَباً: (غَضِبَ) فأَشْبَهَ الرَّجُلَ الكَلِبَ.(و) كَلِبَ:(سَفِهَ)،فأَشْبَهَ الكَلِبَ.
ترجمہ:اور مجازی طور پر کہا جاتا ہے: لوگ کسی معاملے کے پیچھے پڑ گئے اور اس کے شدید خواہش ہوتا ہے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے اس خط میں، جو آپ نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کو بصرہ کا مال لے لینے کے موقع پر لکھا تھا، فرمایا: جب تم نے دیکھا کہ زمانہ تمہارے چچا زاد بھائی کے خلاف سخت ہوگیا ہے اور دشمن بھی برسرِ پیکار ہوگیا ہے۔کَلِبَ کا معنی ہے:سخت ہوگیا، شدت اختیار کرگیا۔ کہا جاتا ہے: زمانہ اپنے لوگوں پر سخت ہوگیا، ان پر مسلسل سختی کرنے لگا اور شدت اختیار کرگیا۔اور الأساس فی المجاز میں ہے: سائلٌ کَلِبٌ، یعنی ایسا سوال کرنے والا جو بہت زیادہ اصرار کرنے والا اور بار بار تقاضا کرنے والا ہو۔الصحاح میں ہے: کلَب ایسی کیفیت کو کہتے ہیں جو جنون سے مشابہ ہو، اور یہ لفظ صرف کتوں کے ساتھ خاص نہیں ہے۔کَلِبَ عَلَيْهِ كَلَبًا کا معنی ہے: وہ اس پر غضب ناک ہوگیا؛ یعنی اس شخص نے ایسے غصے کا اظہار کیا جیسے کوئی پاگل یا کَلَبی شخص ہو۔اور کَلِبَ کا ایک معنی سفاہت اور حماقت کا مظاہرہ کرنا بھی ہے؛ اس اعتبار سے وہ شخص کَلَبی کیفیت والے شخص سے مشابہ ہوجاتا ہے۔
(تاج العروس،ج:4،ص:163 تا 166، الناشر: دار الهداية)
المنجد(عربی اردو) میں ہے
:"کلِب(س) کلبا۔پیاسا ہونا ۔۔۔ علی الامر کسی کام پر حریص ہونا۔علی الرجل اصرار کرنا۔۔۔کالب کلابا ومکالبۃ ۔الرجل کسی سے کھلم کھلا دشمنی کرنا اور اسے تنگ کرنا۔۔۔سائل کلب۔بہت اصرار سے مانگنے والا کہاجاتا ہے۔"ھو کلب علی کذا۔وہ اس چیز کا بہت حریص ہے۔
(المنجد،ص:890،دار الاشاعت کراچی)
تاریخ کبیر امام بخاری میں ہے:
"عامر بْن النباح مؤذن عَلِيّ عن على رضى الله عنه، منقطع، فِي الْكُوفِيِّينَ.
ترجمہ:عامر بن النبّاح، حضرت علی رضی اللہ عنہ کے مؤذن تھے۔ وہ کوفہ کے راویوں میں سے تھے، لیکن ان کی حضرت علی سے روایت منقطع (غیر متصل) ہے۔
(تاریخ کبیر،ج:6،ص:451،دائرة المعارف العثمانية، حيدر آباد الدكن)
کتاب الثقات لابنِ حبان میں ہے:
"عَامر بن النباح مُؤذن عَليّ يروي عَن عَليّ بْن أَبِي طَالب روى عَنْهُ الْكُوفِيُّونَ"
ترجمہ:عامر بن النبّاح، حضرت علی کے مؤذن تھے۔ وہ حضرت علی بن ابی طالبؓ سے روایت کرتے تھے، اور اہلِ کوفہ کے راویوں نے ان سے روایت نقل کی ہے۔
(کتاب الثقات لابنِ حبان ج:5،ص:188، دائرة المعارف العثمانية، حيدر آباد الدكن)
2:۔ مذکورہ روایت مستدرک للحاکم،سنن دار قطنی اور خلافیات للبیہقی میں مروی ہے ،امام حاکم نے اس کی تصحیح فرمائی ہے اور فرمایا کہ صاحبانِ صحیحین نے اس روایت کے رواۃ کی روایات نقل کی ہیں اگرچہ امام دار قطنی نے اس کے راوی زیاد بن عبد اللہ نخعی کو مجہول العین قرار دیا اور کہا کہ ان سے صرف عباس بن ذریح نے روایت کی تاہم یہ اعتراض بھی روایت کو ضعیف قرار دینے میں فیصلہ کن نہیں، کیونکہ عباس بن ذریح ثقہ ہیں اور زیاد بن عبداللہ کو ابن حبان نے ثقات التابعین میں ذکر کیا ہے ۔اورمحض مجہول العین (کسی راوی سے صرف ایک شخص نے روایت کی ہے) کی وجہ سے بذاتِ خود عدالت و ضبط کے فقدان کی دلیل نہیں اصل مدار راوی کی عدالت اور حفظ پر ہے، نہ کہ اس سے روایت کرنے والوں کی تعداد پر، محض مجہول العین کی وجہ سے کسی رایت کو ضعیف ومردود قرار دینا بلا تفصیل تحکم ہےجو کسی بھی طرح درست نہیں، لہذااگر ائمہ جرح وتعدیل میں سے کسی نے مجہول العین کی تعدیل و توثیق کی ہو یا وہ ثقہ لوگوں سے روایت کرنے کے معروف طریقے پر ہو تو اس کی روایت قبول ہے۔ اسی اصول کو اعلیٰ حضرت رحمہ اللہ نے یہاں استعمال فرمایا ہےکہ امام دارقطنی کے "زیاد سے صرف عباس نے روایت کی"والے اعتراض کے جواب میں فرمایا کہ زیادہ سے زیادہ اسے جہالتِ عین کہا جائے گا، اور مجہول کی روایت کے قبول وعدم قبول کے موقف کے مطابق مسلم الثبوت و فواتح الرحموت کی عبارت پیش فرمائی جس کے مطابق محض وحدتِ راوی بذاتِ خود جرح نہیں؛ خصوصاً تابعین کے طبقے میں اس کی گنجائش زیادہ ہے۔
سنن دار قطنی (رقم الحدیث:988)،الخلافیات للبیہقی (رقم الحدیث:1372) اور المستدرک للحاکم میں ہے:
واللفظ له:"عَنْ زِيَادِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ النَّخَعِيِّ، قَالَ: كُنَّا جُلُوسًا مَعَ عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ فِي الْمَسْجِدِ الْأَعْظَمِ وَالْكُوفَةُ يَوْمَئِذٍ إِخْصَاصٌ، فَجَاءَهُ الْمُؤَذِّنُ، فَقَالَ: الصَّلَاةُ يَا أَمِيرَ الْمُؤْمِنِينَ لِلْعَصْرِ، فَقَالَ: «اجْلِسْ» فَجَلَسَ، ثُمَّ عَادَ فَقَالَ ذَلِكَ، فَقَالَ عَلِيٌّ: «هَذَا الْكَلْبُ يُعَلِّمُنَا بِالسُّنَّةِ» ، فَقَامَ عَلِيٌّ فَصَلَّى بِنَا الْعَصْرَ، ثُمَّ انْصَرَفْنَا فَرَجَعْنَا إِلَى الْمَكَانِ الَّذِي كُنَّا فِيهِ جُلُوسًا، فَجَثَوْنَا لِلرُّكَبِ فَتَزْوَرُّ الشَّمْسُ لِلْمَغِيبِ نَتَرَاءَاهَا. «هَذَا حَدِيثٌ صَحِيحٌ، وَلَمْ يُخَرِّجَاهُ بَعْدَ احْتِجَاجِهِمَا بِرُوَاتِهِ"
ترجمہ:زیاد بن عبدالرحمن نخعی بیان کرتے ہیں:ہم حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ مسجدِ اعظم میں بیٹھے ہوئے تھے۔اس وقت کوفہ میں صرف چند ہی مکانات تھے۔اتنے میں مؤذن حضرت علی رضی اللہ عنہ کے پاس آیا اور عرض کیا: اے امیرالمؤمنین!عصر کی نماز کا وقت ہو گیا ہے۔حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا:’’بیٹھ جاؤ۔‘‘وہ بیٹھ گیا۔کچھ دیر بعد پھر آیا اور وہی بات کہی۔اس پر حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا: یہ کتا ہمیں سنت کا طریقہ سکھا رہا ہے! پھر حضرت علی رضی اللہ عنہ کھڑے ہوئے اور ہمیں عصر کی نماز پڑھائی۔نماز سے فارغ ہو کر ہم واپس اسی جگہ آ بیٹھے جہاں پہلے بیٹھے تھے۔ہم گھٹنوں کے بل بیٹھے سورج کو دیکھتے رہے،یہاں تک کہ وہ غروب ہونے کے قریب ایک طرف جھک گیا۔امام حاکم فرماتے ہیں:’’یہ حدیث صحیح ہے،حالانکہ شیخین(بخاری ومسلم)نے اس کے راویوں سے استدلال کرنے کے باوجود اسے اپنی کتابوں میں روایت نہیں کیا۔
(المستدرک علی الصحیحین،رقم الحدیث:690)
حافظ ذہبی نے اپنی کتاب تلخیص میں مذکورہ حدیث کی تصحیح فرمائی ہے۔
اس حدیث کے تحت حافظ دارقطنی فرماتے ہیں:
"زِيَادُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ النَّخَعِيُّ مَجْهُولٌ لَمْ يَرْوِ عَنْهُ غَيْرُ الْعَبَّاسِ بْنِ ذَرِيحٍ"
ترجمہ: زیاد بن عبداللہ نخعی مجہول راوی ہیں، ان سے صرف عباس بن ذریح نے روایت کی ہے۔
(سنن دار قطنی ،رقم الحدیث:988)
حدیث اور حافظ دار قطنی کا مذکورہ کلام نقل کرنے کے بعد حافظ زیلعی فرماتے ہیں:
"قلت:وهذا الاثر في حكم المرفوع او قريب منه لذكر السنة فيه"
ترجمہ: میں نے کہا: یہ اثر مرفوع حدیث کے حکم میں ہے، یا اس کے قریب ہے، کیونکہ اس میں سنت کا ذکر موجود ہے۔
(نصب الرایۃ،ج:1،ص:316،قدیمی کتب خانہ کراچی)
امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن حافظ دار قطنی کی اس حدیث پر جرح کے متعلق فرماتے ہیں:
"فاقول:عباس ثقة،وغایته جهالة عین،فلا تضر عندنا،لاسیمافی اکابر التابعین قال فی المسلّم،لاجرح بان له راویا فقط وهومجهول العین باصطلاح"
ترجمہ:تو میں کہتا ہوں: عباس ثقہ ہے، زیادہ سے زیادہ اس میں جہالت عین پائی جاتی ہے اور یہ ہمارے نزدیک مضر نہیں ہے، خصوصاً اکابر تابعین میں۔ مسلّم میں ہے کہ یہ کوئی جرح نہیں ہے کہ فلاں سے ایک ہی راوی ہے اور وہ اصطلاحی طور پر مجہول العین ہے۔اگر یہ مولیٰ علی کا صرف اپنا فعل ہوتا جب بھی حجت شرعی تھا نہ کہ وہ اسے صراحۃً سنّت بتارہے اور مؤذن پر جو جلدی کا تقاضا کرتا تھا ایسا شدید غضب فرمارہے ہی۔
(فتاویٰ رضویہ ،ج:5،ص:149،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
مسلم الثبوت اور فواتح الرحموت کی مکمل عبارت:
"(ولا)جرح ایضا(بان له راویا)واحدا(فقط)دون غیره(وهومجهول العین باصطلاح) کسمعان لیس له راو غیر الشعبی فان المناط العدالة والحفظ لاتعدد الرواة،وقیل:لایقبل عند اکثر المحدثین وهو تحکم وقیل ان کان عادة هذا المنفرد النقل من الثقة یقبل،وقیل:ان زکاه احد من الائمة یقبل وهذا قریب من المختار"
ترجمہ:اور صرف یہ بات بھی جرح نہیں سمجھی جائے گی کہ کسی راوی سے صرف ایک ہی شخص نے روایت کی ہو اور اس کے علاوہ کسی دوسرے نے اس سے روایت نہ کی ہو۔ اصطلاحِ محدثین میں ایسے راوی کو "مجہولُ العین" کہا جاتا ہے، جیسے سمعان، جس سے صرف شعبی نے روایت کی ہے۔کیونکہ راوی کے معتبر ہونے کا اصل مدار اس کی عدالت اور ضبط پر ہے، نہ کہ اس سے روایت کرنے والوں کی تعداد پر۔بعض علماء نے کہا ہے کہ اکثر محدثین کے نزدیک ایسے راوی کی روایت قبول نہیں کی جائے گی، لیکن یہ محض ایک بے دلیل پابندی ہے۔ بعض نے کہا کہ اگر اس اکیلے راوی کی عادت یہ ہو کہ وہ صرف ثقہ راویوں سے روایت کرتا ہے تو اس کی روایت قبول کی جائے گی۔ اور بعض نے کہا کہ اگر ائمۂ حدیث میں سے کسی ایک امام نے اس راوی کی توثیق کر دی ہو تو اس کی روایت قبول ہوگی۔ یہی آخری قول مختار قول کے زیادہ قریب ہے۔
(مسلم الثبوت مع فواتح الرحموت،مسالۃ معرف العدالۃ،ج:2،ص:184،قدیمی کتب خانہ کراچی)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب