سوال
کیا فرما تے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ میں (محمد فرحان ) پیدا ہونے کے بعد جب سے خود کھانے پینے اور کام وغیرکرنے کے لائق ہوا ہوں تو ہر کام بائیں (الٹے) ہاتھ سے کرتا ہوں یعنی دوسرے لوگوں کو اللہ تعالی نے جو قوت او رطاقت دائیں (سیدھے ) ہاتھ کو دی ہوتی ہے وہ اللہ تعالی نے میرے بائیں (الٹے )ہاتھ کو دی ہے میں جانور ذبح کرنے کا کام کرتا ہوں ہماری شرعی رہنمائی فرمائیں کہ کیا میں الٹے ہاتھ سے جانور ذبح کر سکتا ہوں ؟کیونکہ عید الضحی قریب ہے تو ہمارے ہاں کچھ لوگ اعتراض کرتے ہوئے یہ کہ رہے ہیں کہ بائیں (الٹے )ہاتھ سے جانور ذبح نہیں کیا جا سکتا، براہ کرم ہماری رہنمائی فرمائیں ۔ بینواتوجرو محمد فرحا ن ،لیاری کراچی roman urdu
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہے کہ اگر بائیں ( الٹے ) ہاتھ سے جانور ذبح کرتے ہیں اور ذبح کرنے کی باقی تمام شرائط پائی جا رہی ہیں تو الٹے ہاتھ سے ذبح کیے ہوئے جانور کا گوشت حلال ہے اس کے کھانے میں کوئی کراھت نہیں ہے ۔
چونکہ دائیں (سیدھے) ہاتھ سے کھانا ،پینا اور وہ کام جو عزت و تکریم والے ہیں انکو سیدھے ہاتھ سے کرنا یہ مستحب عمل اور حضور ﷺ کا پسندیدہ عمل ہے اور سیدھے ہاتھ سے ہی ان جیسے کاموں کے کرنے کا حضور ﷺ نے حکم دیا اور الٹے ہاتھ سے اس طرح کے کام کرنے سے منع فرمایا تو بغیر عذر شرعی کے اسطرح کے محترم کام الٹے ہاتھ سے کرنا اگر چہ گناہ و حرام نہیں ہے لیکن حضور ﷺ کے پسندیدہ عمل کی مخالفت کی وجہ سے شریعت میں ناپسندیدہ عمل ضرور ہے ۔ہاں الٹے ہاتھ سے کام کرنے والے کا کوئی عذر ہے جیسے سیدھا ہاتھ نہ ہو یا سیدھا ہاتھ ہو تو سہی مگر کام نہ کرتا ہو کسی بیماری کی وجہ سے جیسے فالج وغیرہ تو اگر وہ الٹے ہاتھ سے کوئی کام کرتا ہے تو اس میں حرج نہیں ہے ، چونکہ ذبح کرنے والے کے سیدھے ہاتھ میں وہ طاقت نہیں ہے جو الٹے ہاتھ میں ہے کہ جس سے وہ صحیح طریقے سے جانور ذبح کر لے اور جانور کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو لہذا( محمد فرحان )کے الٹے ہاتھ سے جانور ذبح کرنے میں کوئی حرج نہیں۔جبکہ ذبح کرنے والے کیلئے ضروری ہے کہ ذبح کرنے والے کی جو شرائط ہیں ان پر سختی سے عمل کرے بالخصوص ذبح کرنے کے وقت اللہ کا نام لینے میں سستی اور کوتاہی نہ کرے ۔
حدیث شریف میں ہے :
"عن عائشۃ قالت کان النبی ﷺ یعجبہ التیمن فی تنعلہ و ترجلہ وطھورہ وفی شانہ کلہ "
ترجمہ :حضرت اُم المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ نبی ﷺ کوہر کام دائیں سے شروع کرنا پسند تھا‘ جوتا پہننا‘ کنگھا کرنا‘ طہارت کرنا ہو (کچھ بھی ہو)۔
(صحیح البخاری :رقم الحدیث 168 )
اس حدیث کےتحت عمدۃ القاری میں ہے :
"فیہ المطابقۃ للترجمۃ لان فیہ اعجابہ ﷺ فی شانہ کلہ وھو بعمومہ یتناول استحباب التیامن فی کل شیئ فی الوضو ء والغسل والتغسیل وغیر ذلک ،وفي رواية لأبي داود: كان يحب التيامن ما استطاع في شأنه، وفي رواية للبخاري أيضاً عن شعبة: ما استطاع»، فنبه على المحافظة على ذلك ما لم يمنع مانع،وقال الشيخ محيى الدين: هذه قاعدة مستمرة في الشرع، وهي أن ما كان من باب التكريم والتشريف كلبس الثوب والسراويل والخف ودخول المسجد والسواك والاكتحال وتقليم الأظفار وقص الشارب وترجيل الشعر ونتف الإبط وحلق الرأس والسلام من الصلاة وغسل أعضاء الطهارة والخروج إلى الخلاء والأكل والشرب والمصافحة واستلام الحجر الأسود، وغير ذلك مما هو في معناه يستحب التيامن فيه" ملتقظا
ترجمہ : اس حدیث میں باب کے عنوان سے مطابقت ہے کیونکہ اس میں ہے کہ آپ ﷺ اپنے ہر کام میں دائیں کو پسند فرماتے تھے اور یہ حدیث اپنے عموم کے اعتبار سے ہر چیز میں دائیں طرف کو مستحب قرار دینے کیلئے شامل ہے، جیسے وضو، غسل، میت کو غسل دینا اور اس کے علاوہ ،اور ابو داؤ د کی ایک روایت میں ہے آپ ﷺ اپنے تمام کاموں میں جہاں تک ہو سکے دائیں جانب کو پسند فرماتے تھےاور بخاری کی ایک اور روایت میں بھی شعبہ سے مروی ہے "جتنی استطاعت ہو" پس اس پر تنبیہ کی گئی کہ جب تک کوئی رکاوٹ نہ ہو اس کی پابندی کی جائے اور شیخ محی الدین نے فرمایا یہ شریعت میں ایک مستقل قاعدہ ہے اور وہ یہ ہے کہ جو کام عزت و تکریم والے ہوں جیسے کپڑا پہننا، پاجامہ پہننا، موزے پہننا، مسجد میں داخل ہونا، مسواک کرنا، سرمہ لگانا، ناخن کاٹنا، مونچھیں کاٹنا، بالوں میں کنگھی کرنا، بغل کے بال اکھاڑنا، سر منڈوانا، نماز سے سلام پھیرنا، طہارت کے اعضا دھونا، بیت الخلا سے نکلنا، کھانا پینا، مصافحہ کرنا، حجر اسود کو چھونا، اور ان کے علاوہ جو ان جیسے کام ہوں، ان میں دائیں طرف سے شروع کرنا مستحب ہے۔
(عمد ۃ القاری شرح صحیح البخاری،ج 3،ص43 تا 46 مکتبہ رشیدیہ )
اس حدیث مبارکہ کے تحت نزھۃ القاری شرح صحیح البخا ری میں ہے
کتاب الصلوٰۃ وغیرہ میں ’’ما استطاع‘‘کا اضافہ ہے‘ مطلب ظاہر ہے کہ جن اعضاء میں تیامن ممکن ہے‘ انہیں میں تیامن فرماتے۔
(نزھۃ القاری شرح صحیح البخا ری ،ج1، ص 74 فرید بک سٹال )
حدیث شریف میں ہے :
"عن انس قال ضحی رسول اللہ ﷺ بکبشین املحین اقرنین ذبحھما بیدہ و سمی وکبر ، قال رایتہ واضعاً قدمہ علی صفاحھما ویقول بسم اللہ واللہ اکبر . متفق علیہ "
ترجمہ :حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت آپ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے دو چتکبرے (مینڈھے ) سینگ والے بکروں کی قربانی کی کہ انہیں اپنے ہاتھ (مبارک ) سے ذبح کیا ،بسم اللہ اور تکبیر کہی ۔فرمایا میں نے آپ کو ان بکروں کی کروٹوں پر قدم رکھے دیکھا ، آپ فرماتے تھے بسم اللہ واللہ اکبر ۔
(مشکاۃ المصابیح :رقم الحدیث ،1453)
اس حدیث پاک کے تحت مرقاۃ المفاتیح شرح مشکاۃ المصابیح میں ہے :
"ثم اعلم ان التسمیۃ شرط عندنا والتکبیر مستحب "
ترجمہ : تو جان بے شک (جانور ذبح کرتے وقت ) بسم اللہ (کہنا ) ہمارے نزدیک شرط ہے اور اللہ اکبر (کہنا ) مستحب ہے ۔
(مرقاۃ المفاتیح شرح مشکاۃ المصابیح ،ج3، ص 505،مکتبہ رشیدیہ )
مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ امصابیح میں ہے :
خیا ل رہے کہ ذبح پر بسم اللہ کہنا فرض ہے اور واللہ اکبر کہنا مستحب ہے ۔
(مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ امصابیح،ج2،ص 555 ،نعیمی کتب خانہ )
خلاصہ: یہ ہے چونکہ فرحان کے بھی الٹے ہاتھ میں وہ طاقت ہے ہ جو اس کے سیدھے ہاتھ میں نہیں ہے تو اگر بائیں ( الٹے ) ہاتھ سے جانور ذبح کرتے ہیں اور ذبح کرنے کی باقی تمام شرائط پائی جا رہی ہیں تو الٹے ہاتھ سے ذبح کیے ہوئے جانور کا گوشت حلال ہے اور اس کے کھانے میں کوئی کراھت نہیں ہے ۔
واللہ تعالی اعلم بالصواب