دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

ڈی این اے ٹیسٹ کی بنیاد پر عدت کی مدت مکمل ہونے کا حکم

18723 نومبر، 202695
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس بارے میں کہ ڈی این اے سے معلوم ہوا کہ عورت کے رحم سے اجزاء ختم ہوگئے ہیں اور عدت کا مقصد بھی یہی ہے کہ عورت کے رحم سے اجزاء ختم ہوجائیں تاکہ دومردوں کے اجزاء کا آپس میں اختلاط نہ ہو۔ اب سوال یہ ہے کہ شریعت میں ڈی این اے کی بنیاد پر عدت کی مدت ختم ہوسکتی ہے یا نہیں؟ ۔۔۔۔بینواتوجروا سائل:سراج الحسن بن محمد حسن

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

اس بنیاد پر عدت کا حکم ختم نہیں ہوسکتا ۔ احکامِ شرع میں حکمتیں جاننے سے زیادہ اہم یہ ہے کہ انہیں من و عن تسلیم کیا جائے ۔ قرآن کریم نے طلاق یافتہ عورت کے لیے عدت کا قانون یہ بتایا کہ جس عورت کو نکاح کے بعد چھوا نہ ہو (یعنی رخصتی نہ ہوئی ہو اور نہ دونوں ایک جگہ تنہا جمع ہوئے ہوں) اس کی کوئی عدت نہیں جبکہ بیوہ عورت کے لیے قانون یہ ارشاد فرمایا کہ حمل ٹھہرا ہوا ہے تو وضعِ حمل تک عدت ہے اور حمل نہیں تو چار ماہ دس دن عدت ہے۔ اس بیوہ کے قانون میں یہ تفصیل بیان نہیں کی گئی جو طلاق والے مسئلے میں ہے اسی لیے اگر نکاح کے فوراً بعد ہی شوہر کا انتقال ہوجائے تب بھی عورت پر عدت ہوگی؛ حالانکہ یہاں تو ایک فیصد بھی احتمال نہیں کہ رحم میں مرد کے کوئی اجزاء ہوں ۔ معلوم ہوا کہ عدت کی ضرورت صرف اس بنا پر نہیں جو سائل نے ذکر کی بلکہ اور بھی حکمتیں ہیں مثلاً طلاق یا وفات کی صورت میں عورت کو ایک صدمہ لگتا ہے جس سے نکلنے کے لیے کچھ وقفہ درکار ہوتا ہے۔ لیکن یہ بھی صرف حکمت ہے اصل چیز حکمِ الٰہی ہے، لہذا اگر کوئی عورت ایسی ہو کہ زبردستی اس کی شادی کروادی گئی ہو اور رخصتی سے پہلے شوہر کا انتقال ہوجائے اور وہ اس پر خوش ہو تب بھی عدت بہرحال لازم ہوگی۔ خلاصۂ کلام یہ کہ عدت اپنی مقررہ صورتوں میں بہرحال لازم ہوگی اگرچہ یقین ہی کیوں نہ ہوجائے کہ مرد کے اجزاء میں سے عورت کے رحم میں کچھ نہیں۔ اگر صرف یہی حکمت ہوتی تو حائضہ مطلقہ کے لیے صرف ایک حیض عدت کافی ہوتی، حالانکہ ایسا نہیں۔چنانچہ

قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِذَا نَكَحْتُمُ الْمُؤْمِنٰتِ ثُمَّ طَلَّقْتُمُوْهُنَّ مِنْ قَبْلِ اَنْ تَمَسُّوْهُنَّ فَمَا لَكُمْ عَلَیْهِنَّ مِنْ عِدَّةٍ تَعْتَدُّوْنَهَا

ترجمہ: اے ایمان والو ! جب تم مسلمان عورتوں سے نکاح کرو پھر انہیں بے ہاتھ لگائے چھوڑ دو تو تمہارے لیے ان پر کچھ عدت نہیں جسے گنو۔

(الاحزاب، آیت:49)

دوسرے مقام پہ ارشاد فرمایا:

وَ اُولَاتُ الْاَحْمَالِ اَجَلُهُنَّ اَنْ یَّضَعْنَ حَمْلَهُنَّ

ترجمہ: حمل والیوں کی میعاد یہ ہے کہ وہ اپنا حمل جَن لیں۔

(الطلاق، آیت:4)

تیسرے مقام پہ ارشاد فرمایا:

وَ الَّذِیْنَ یُتَوَفَّوْنَ مِنْكُمْ وَ یَذَرُوْنَ اَزْوَاجًا یَّتَرَبَّصْنَ بِاَنْفُسِهِنَّ اَرْبَعَةَ اَشْهُرٍ وَّ عَشْرًا

ترجمہ: اور تم میں جو مریں اور بیبیاں چھوڑیں وہ چار مہینے دس دن اپنے آپ کو روکے رہیں۔

(البقرۃ، آیت:234)

احکامِ شرع میں کئی کئی حکمتیں ہوتی ہیں ہر ایک جو جاننا ناممکن ہے۔ اس لیے حکمت سمجھ نہ آئے تب بھی تسلیم کرنا ضروری ہے۔اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:

احکامِ الٰہی میں چون و چرا نہیں کرتے، بہت احکامِ الٰہیہ تعبدی ہوتے ہیں اور جو معقول المعنیٰ ہیں ان کی حکمتیں بھی من و تو کی سمجھ میں نہیں آتیں۔ تعرفِ براءتِ رحم کے لیے ایک حیض کافی تھا تین اگر احتیاطاً رکھے گئے تو عدتِ وفات حیضوں سے بدل کر مہینے کیوں ہوئی اور ہوتی تو تین مہینے ہوتی ایک مہینہ دس دن اور زائد کیوں فرمائے گئے، غرض ایسے بیہودہ سوالوں کا دروازہ کھولنا علوم و برکات کا دروازہ بند کرنا ہے۔

(فتاویٰ رضویہ، جلد13، صفحہ297 ملتقطاً، رضا فاؤنڈیشن)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابو الحسان محمد شعیب مدنی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

02-10-2026بمطابق ۱۹ربیع الآخر ۱۴۴۸ھ کو جاری کیا گیا