سوال
کیا فرماتے ہیں علماء ِکرام و مفتیان ِعظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ مطلقہ عورت کو طلاق ملنے کے بعد دو حیض فطری طور پر عادت کے مطابق آئے اور تیسرا حیض ٹیبلٹ کے ذریعے آیا (یعنی عورت نے ٹیبلیٹ اس لیے استعمال کی تاکہ جلد تین حیض مکمل ہوں اور عدت ختم ہو جائے) کیا اب اس عورت کے تین حیض شمار ہوں گے ؟؟ اور کیا وہ عورت دوسرا نکاح کر سکتی ہے؟؟بینوا توجروا۔ سائل: ایوب قریشی
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم ِ شرع یہ ہے کہ اگر عورت نے طلاق کے بعدعدت کیلئے دو حیض مکمل کیئے اور تیسرے حیض کیلئے دوائی وغیرہ استعمال کی اور حیض کے رنگوں (سیاہ،سرخ ،زرد،مٹیالا،گدلا اور سبزوغیرہ سوائے خالص سفید رنگ کے)میں سے کسی بھی رنگ کا خون کم از کم تین دن اور تین راتیں جاری رہا (اگرچہ وقفہ وقفہ سے آیا) اور اس حیض اور اس سے پچھلے حیض کے درمیان کم از کم پندرہ دن اور راتوں کا وقفہ ہے،تو اس دوائی کے ذریعے آنے والا خون تیسرا حیض ہی شمار ہوگا اور اس کے ختم ہونے سے عدت بھی ختم ہوجائے گی اب وہ عورت آزاد ہے جہاں چاہےاپنا نکاح کر سکتی ہے۔
حائضہ عورت کی طلاق عدت کے متعلق فرمان باری تعالیٰ ہے:
وَالْمُطَلَّقٰتُ یَتَرَبَّصْنَ بِاَنۡفُسِہِنَّ ثَلٰثَۃَ قُرُوۡٓءٍ ؕ وَلَا یَحِلُّ لَہُنَّ اَنۡ یَّکْتُمْنَ مَا خَلَقَ اللہُ فِیۡٓ اَرْحَامِہِنَّ اِنۡ کُنَّ یُؤْمِنَّ بِاللہِ وَالْیَوْمِ الۡاٰخِر
ترجمہ: طلاق والیاں اپنے کو تین حیض تک روکے رہیں اور اُنھیں یہ حلال نہیں کہ جو کچھ خدا نے ان کے پیٹوں میں پیدا کیا اُسے چھپائیں، اگر وہ اﷲ (عزوجل) اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتی ہوں۔
(البقرہ:228)
تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے
و(أقله ثلاثة بلياليها) الثلاث(وأكثره عشرة) بعشر ليال، كذا رواه الدارقطني وغيره۔۔(وأقل الطهر) بين الحيضتين أو النفاس والحيض (خمسة عشر يوما) ولياليها إجماعا"ملتقطاً"
ترجمہ:حیض کی کم از کم مدت تین دن اور تین راتیں ہے،اور اس کی زیادہ سے زیادہ مدت دس دن دس راتیں ہے،اسی اس کو دارقطنی وغیرہ نے روایت کیا ہے۔اور دو حیض یا نفاس و حیض کے درمیان پاکی کے کم از کم پندرہ ایام اور اس کی راتیں ہیں اتفاقًا۔
(ج:1،ص:524،مکتبہ رحمانیہ)۔
اسی میں ہے:
"(وما تراه) من لون ككدرة وتربية (في مدته) المعتادة (سوى بياض خالص)۔۔ (فيها حيض)"ملتقطاً"
وفی رد المحتار:اعلم أن ألوان الدماء ستة: هذان والسواد والحمرة والصفرة والخضرة ثم الكدرة ما هو كالماء الكدر، والتربية نوع من الكدرةعلى لون التراب"۔
ترجمہ:معتادہ جو حیض کی مدت میں رنگ دیکھے جیسے گدلا و مٹیالا خالص سفیدی کے سواہ ،تووہ مدتِ حیض میں حیض ہی ہوگا۔
رد المحتار میں ہے: جان لو کہ (حیض کے)خون کے چھ رنگ ہیں:دویہ،سیاہ،سرخ،زرد اور سبز پھر گدلا اور گدلا وہ ہوتا ہے جو گدلی پانی کی طرح ہو اور مٹیالا وہ گدلے کی قسم ہے یہ مٹی کے رنگ پر ہوتا ہے۔
(ج:1،ص:529تا532،مکتبہ رحمانیہ)
فتاوٰی تنقیح الحامدیہ و رد المحتار علی الدر المختار میں ہے
"واللفظ لہ:"لو انقطع دمها فعالجته بدواء حتى رأت صفرة في أيام الحيض أجاب بعض المشايخ بأنه تنقضي به العدة كما قدمناه في باب الحيض عن السراج"
ترجمہ:اگر عورت کا خون منقطع ہوگیا اور اس نے دوائی کے ساتھ علاج کیا یہاں تک کہ اس نے ایامِ حیض میں زردی کو دیکھا ،تو بعض مشائخ نے جواب دیا کہ اس کے ساتھ عدت ختم ہوجائے گی ،جیساکہ ہم نے اس کو باب الحیض میں سراج کے حوالہ سے نقل کر دیا ہے۔
(ج:5،ص:181،مکتبہ رحمانیہ)۔
اور جو سراج میں نقل کیا ہے وہ یہ ہے کہ :
"وقال في السراج: سئل بعض المشايخ عن المرضعة إذا لم تر حيضا فعالجته حتى رأت صفرة في أيام الحيض قال: هو حيض تنقضي به العدة"
ترجمہ:اور فرمایا:سراج میں ہے:بعض مشائخ سے اس دودھ پلانی والی کے متعلق پوچھا گیا کہ جب وہ حیض نہ دیکھے پھر اس نے علاج کروایا (دوائی وغیرہ کھالی)یہاں تک کہ اس نے ایامِ حیض میں زرد پانی دیکھ لیا ،تو انہوں فرمایا:وہ حیض ہے اس سے عدت ختم ہوجائے گی۔
(ج:1،ص:553،مکتبہ رحمانیہ)۔
ہدایہ میں ہے:
"وإذا طلق الرجل امرأته في حالة الحيض لم تعتد بالحيضة التي وقع فيها الطلاق "لأن العدة مقدرة بثلاث حيض كوامل فلا ينقص عنها.
ترجمہ:اور جب مرد اپنی بیوی کو حالتِ حیض میں طلاق دے ،تو وہ حیض شمار نہیں ہوگا جس میں طلاق واقع ہوئی ہے ،کیونکہ عدت تین مکمل حیض مقرر ہےلہذا اس سے کمی نہیں ہوگی۔
(ج:2،ص:276، دار احياء التراث العربي بيروت)۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب