دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

زکوۃ دینے والے کی بات معتبر ہوگی یا حیلہ شرعی کر کے دینے والے کی بات

21123 نومبر، 202678
تمام فتاویٰ

سوال

ایک شخص نے زکوٰۃ دی اور اس نے کہا مدرسے کی تعمیر کریں لیکن براہ راست زکوٰۃ مدرسے کی تعمیر میں نہیں لگا سکتے اب حیلہ شرعی کروایا ۔سوال یہ ہے کہ زکوٰۃ دینے والے نے کہا مدرسے کی تعمیر کی جائے جبکہ حیلہ کر کے دینے والے شخص نے کہا مسجد تعمیر کریں تو نیت کس کی معتبر ہو گی۔؟بینوا توجروا سائل :شکیل قادری ، بہاولپور (پنجاب )

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ تملیک زکوۃ کی بنیادی شرائط میں سے ہے ،مدارس و مساجد کی تعمیرات میں براہ راست بغیر تملیک کے زکوۃ ادا نہیں ہوگی اس لیے حیلہ شرعی کے بغیر مساجد و مدارس میں زکوۃ دینے سے ادا نہیں ہوتی اور بغیر ضرورت شرعیہ حیلہ کرنا ناجائز ہے کہ اس میں فقیر کے حق کو ضائع کرنا ہے، حیلہ شرعی کے بعد اگرچہ فقیر کو حق ملکیت حاصل ہے تا ہم دین کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر اس رقم کو مدرسہ کی تعمیر و ضروری اخراجات کی مد میں دے گا اسے صدقہ نافلہ اور دینی خیر خواہی کا اجر عظیم ملے گا۔ بغیر اشد ضرورت کے مسجد میں زکوۃ کا پیسہ نہ لگایا جائے تو بہتر ہے بلکہ مسجد میں ضرورت کم اور مدرسے میں زیادہ ہوتی ہے کہ مساجد کے اخراجات مدارس کے مقابل کم ہوتے ہیں لوگ مساجد کے نام پیسہ جلدی جبکہ مدرسے کے نام کو مشکل سے دیتے ہیں مساجد میں ہر جمعہ چندے کا انتظام کیا جاتا ہے اور مسجد کے غلہ جات نصب ہوتے ہیں جن سے اتنی آمدنی ضرور ہوتی ہے کہ امام و مؤذن اور بل کی ادائیگی ہو ہی جاتی ہے جبکہ مدارس کی آمدنی کے لیے یہ ذریعہ نہیں الا یہ کہ کہیں ایسی مسجد جہاں معاملہ اس کے برعکس ہو، لہذا مساجد کی بجائے مدارس کے لیے حیلہ شرعی کے ذریعے تعاون کا سلسلہ عین شرعی حکمت و ضرورت ہے۔

حیلہ شرعی کا طریقہ،الدرالمختار میں ہے:

أن الحيلة أن يتصدق على الفقير ثم يأمره بفعل هذه الاشياء، وهل له أن يخالف أمره؟ لم أره، والظاهر: نعم "

ترجمہ : حیلہ یہ ہے کہ فقیر پر صدقہ کیا جائے پھر اسے ان امور کو بجالانے کا کہا جائے ، کیا وُہ فقیر اس کی مخالفت کر سکتا ہے یا نہیں ؟یہ میری نظر سے نہیں گزرا ، ظاہر یہی ہے کہ مخالفت کر سکتا ہے۔

اس (قوله: والظاهر نعم) کے تحت علامہ ابن عابدین شامی فرماتے ہیں :

"البحث لصاحب النهر وقال؛ لأنه مقتضى صحة التمليك قال الرحمتي: والظاهر أنه لا شبهة فيه؛ لأن ملكه إياه عن زكاة ماله وشرط عليه شرطا فاسدا والهبة والصدقة لا يفسدان بالشرط الفاسد"

ترجمہ : صاحبِ نہر نے بحث کی ہے ، اور کہا یہ مخالفت کر ناصحتِ تملیك کا تقاضا کر تا ہے۔ شیخ رحمتی نے فرمایا یہی ظاہر ہے اس میں کوئی شبہ نہیں کیونکہ مالك بنایاگیاہے اور اس پر ایك فاسد شرط لگائی گئی ہے اور ہبہ اور صدقہ شرطِ فاسد سے فاسد نہیں ہوتا۔

(رد المحتار علی الدرالمختار،ج:3،ص:343-344 ،مکتبہ رحمانیہ )

مزکی کی نیت کا اعتبار ہے نہ کہ اس کے جاننے کا جسے زکوۃ دی جائے جیسا کہ الاشباہ والنظائر میں ہے :

"نوی الزکاۃ الا انہ سماہ قرضا اختلفوا،والصحیح الجواز "

ترجمہ : اس (زکوۃ دینے والے)نے زکوٰۃ کی نیت کی مگر اس کو قرض کا نام دیا،(س بارے میں) فقہاء کا اختلاف ہے، اور صحیح (قول) یہ ہے کہ ایسا کرنا جائز ہے۔

اس کے تحت شرح الحموی میں ہے :

"والاصح روایۃ انہ یجزئہ ،لان العبرۃ لنیۃ الدافع لا العلم المدفوع الیہ "

ترجمہ : اور زیادہ صحیح روایت یہ ہے کہ یہ جائز ہے، کیونکہ اعتبار (زکوۃ ) دینے والے کی نیت کا ہے، نہ کہ جسے ( زکوۃ ) دی گئی ہے اس کے جاننے کا۔"

( شرح الحموی علی الاشباہ والنظائر،ج:1 ،ص :447 ،ادارۃ القرآن والعلوم الاسلامیہ۔مکتبۃ الرشید )

تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے :

" ويشترط أن يكون الصرف (تمليكا) لا إباحة كما مر (لا) يصرف (إلى بناء) نحو (مسجد) لا إلى (كفن ميت وقضاء دينہ)"

ترجمہ : اور زکوۃ ادا کرنے کی شرط یہ ہے کہ نادار کو مالک بنا دیا جائے نہ کہ محض استعمال کرنے کی اجازت دی ہو ، جیسا کہ گزرا، زکوۃ مسجد وغیرہ کی تعمیر میں خرچ کرنا جائز نہیں ہے اور نہ ہی میت کے کفن دفن اور اس کے قرض کی ادائیگی ۔

اس کے تحت ردالمحتار میں ہے

" قولہ (مسجد) وكل ما لا تمليك فيه زيلعي (كفن ميت)لعدم صحة التمليك منه"

ترجمہ:یعنی ہر وہ شے جس میں مالک بنانا نہیں پایا جاتا ( اس سے زکوۃ ادا نہیں ہوگی ) اور میت کو کفن دینے سے بھی زکوۃ ادا نہیں ہوگی کیونکہ اس میں بھی مالک بنا نا صحیح نہیں ہے ۔

(رد المحتار علی الدرالمختار،ج:3،ص:342،مکتبہ رحمانیہ)

خلاصہ: یہ ہے کہ زکوٰۃ کی رقم جب شرعی فقیر کو دے کر اس کے قبضے میں دے دی جائے تو وہ فقیر اس کا مالک ہوجاتا ہے، لہٰذا بعد از قبضہ رقم کے خرچ کرنے کا اختیار اسی فقیر کو ہوگا جہاں چاہے خرچ کرے ۔ البتہ اگر فقیر اپنی رضامندی سے وہ رقم زکوۃ دینے والے کی بات مان کر مدرسے کی تعمیر میں خرچ کردے تو جائز ہے۔

واللہ اعلم باالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمدعلی رضا قادری رضوی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

26 ستمبر 2026ءبمطابق 13 ربیع الآخر 1448ھ کو جاری کیا گیا