سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ ایک 120 گز کا مکان ہے مالیت تقریبا 52 لاکھ ہے. پہلے والد صاحب کا انتقال ہوا، والد صاحب نے کچھ نہیں چھوڑا یہ مکان تھا جو انہوں نے اپنی بیوی کو دیا یہ مکان والدہ کے نام پے ہے ۔ پھر والدہ کا بھی انتقال ہو گیا ۔ اب ان کے بچے ہیں۔ پانچ 5 بیٹیاں ہیں اور دو 2 بیٹے ہیں، اور ایک لے پالک بچہ ہے. والدہ نے انتقال سے پہلے یہ وصیت کی تھی کہ چار بہنیں تمہاری شادی شدہ ہیں لہذا ان کو کچھ دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ایک بہن ہے اس کو دے دینا اس طرح کہ آپ دو بھائی ہو اور ایک لے پالک ہے ساری جائیداد آپ لوگ اپنے اندر تینوں میں تقسیم کر لينا. صرف ایک بہن جو غیر شادی شدہ ہے اس کو دو سگے بھائی اور ایک لے پالک یہ برابر حصہ لینے کے بعد اپنے اپنے حصوں میں سے دو دو لاکھ روپے ایک کنواری بہن کو دے دینا، اور یوں یہ پوری جائیداد اپنے اندر تقسیم کر لینا لیکن جو سگے بیٹے ہیں وہ کہہ رہے ہیں کہ نہیں یہ تو ٹھیک نہیں ہے کہ چار بہنوں کو محروم کرنااورلے پالک کو اس طرح شامل کرنا وراثت میں،تو وہ شرعی مسئلہ پوچھنا چاہ رہے ہیں کہ لے پالک کے بارے میں جو وصیت کی اس کے بارے میں کیا حکم ہے ؟اسی طرح بہنوں کے بارے میں جو کہا اس کا کیا حکم ہے اور یہ حصے کتنے اور کس طرح بنیں گے ؟۔بینوا توجروا! ۔ سائل:پرویز
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ مذکورہ صورت میں مرحومہ کا اپنے ورثاء (دو بیٹوں اور بیٹی) اور لے پالک بیٹے کیلئے کل مال کی وصیت کرنا اور چار بیٹیوں کو وراثت سے خارج کرنا جائز نہیں ہے۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ ورثاء کے لیے وصیت کرنا جائز نہیں ہے ،اور اسی طرح کسی اجنبی کیلئے بھی تہائی مال سے زیادہ وصیت کرنا جائز نہیں ،لہذا مرحومہ کے ترکہ تومرحوم کے کفن دفن کے اخراجات اور قرضوں کی ادائیگی اور لے پالک کیلئے کی گئی وصیت کی وجہ سے اس کو مرحوم کے تہائی مال سے پورا کرنے کے بعد تمام ترکہ (مکان وغیرہ)کے کل9حصے کئے جائیں گے۔ جن میں سے 4 حصےمرحوم کے بیٹے کو ملیں گے جن میں سے ہر ایک بیٹےکودو دو حصےملیں گے،اور بقیہ 5 حصے پانچ بیٹیوں کو ملیں گے جن میں سے ہر ایک کو ایک ایک حصہ ملے گا ۔
السراجی فی المیراث میں ہے :
تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "
ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔
(السراجی فی المیراث :ص5،مکتبہ لدھیانوی )۔
ایک بیٹے کو دوبیٹیوں کے برابر (یعنی دگنا)حصہ ملتا ہے ۔
اللہ تعالی ٰ کا فرمان ہے :
لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الۡاُنۡثَیَیۡنِ
ترجمہ:" بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں کے برابر ہے"
(النساء: آیت 11) ۔
وصیت وارث کے لیے جائز نہیں ہے کیونکہ نبی ﷺ کا فرمان ہے:
إنَّ اللَّهَ قد أعطى كلَّ ذي حقٍّ حقَّهُ ألا لا وصيَّةَ لوارِثٍ"
ترجمہ: اللہ تعالیٰ نے ہر حق والے کو اس کا حق دے دیا ہے، لہٰذا وارث کے لیے کوئی وصیت نہیں۔
(صحيح ابن ماجه:2211)۔
الجوہرۃ النیرۃ میں ہے :
’’الوصية مشروعة بالكتاب والسنة ۔۔ الوصية غير واجبة وهي مستحبة أي للأجنبي دون الوارث ولا تجوز الوصية للوارث إلا أن يجيزها الورثة يعني بعد موته وهم أصحاء بالغون لأن الامتناع لحقهم فيجوز بإجازتهم ولا تجوز بما زاد على الثلث إلا أن يجيزه الورثة يعني بعد موته وهم أصحاء بالغون ملخصاً ‘‘
ترجمہ : وصیت قرآن و سنت کی روشنی میں جائز ہے ۔غیرِ وارث کے لیے وصیت کرنا واجب نہیں ، مستحب ہے ۔ وارث کے لیے وصیت درست نہیں ، ہاں اگر وصیت کرنے والے شخص کی وفات کے بعد ورثاء اس کی اجازت دیں ، جبکہ وہ تندرست ( یعنی شرعی طور پر ذہنی مریض نہ ہوں ) اور بالغ ہوں ( تو وارث کے لیے کی گئی وصیت بھی قابلِ عمل ہوگی) ، کیونکہ ( وارث کے لیے وصیت کی ) ممانعت ورثاء کے حق کی وجہ سے تھی ، تو ان کی اجازت کے ساتھ جائز ہوجائے گی اور ایک تہائی سے زیادہ کی وصیت بھی درست نہیں ، مگر یہ کہ وصیت کرنے والے کی وفات کے بعد ورثاء اس کی اجازت دے دیں ، جبکہ وہ تندرست ( یعنی شرعی طور پر ذہنی توازن درست ہو ) اور بالغ ہوں ( تو یہ بھی قابلِ عمل ہوگی ۔) ۔
( الجوھرۃ النیرۃ ، کتاب الوصایا ، جلد 2 ، صفحہ 366 ، 367 ، مطبوعہ کراچی )
اعلیٰ حضرت امام اہل سنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:"یہ فقہ کامسلم الثبوت ہے کہ مصارف تجہیزوتکفین شرعی اورادائے قرض کے بعد جس قدرجائداد منقولہ غیرمنقولہ باقی بچے اس کے تیسرے حصہ میں وصیت جاری اورنافذہوسکتی ہے اوراگرمتوفی نے تیسرے حصے سے زیادہ کی وصیت کی تھی تواس زائد علی الثلث پرنافذہونا وارثوں کی اجازت پر موقوف رہتاہے یعنی اگروہ نفاذ کی اجازت دیں تونافذہوگی ورنہ نافذنہ ہوگی۔
(فتاویٰ رضویہ،ج:25،ص:526، رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔
بہارِ شریعت میں ہے :
’’ وصیّت کرنا ، جائز ہے ۔ قرآن کریم سے، حدیث شریف سے اور اجماع امت سے اس کی مشروعیت ( جائز ہونا ) ثابت ہے۔ حدیث شریف میں وصیت کرنے کی ترغیب دی گئی ہے ۔ ۔۔ وصیّت کرنا مستحب ہے جب کہ ا س پر حقوق اﷲکی ادائیگی باقی نہ ہو ۔ مستحب یہ ہے کہ انسان اپنے تہائی مال سے کم میں وصیّت کرے خواہ ورثاء مالدار ہوں یا فقراء۔جس کے پاس مال تھوڑا ہو اس کے لئے افضل یہ ہے کہ وہ وصیّت نہ کرے ، جبکہ اس کے وارث موجود ہوں اور جس شخص کے پاس کثیر مال ہو ، اس کے لئے افضل یہ ہے کہ وہ اپنے ثلث مال ( یعنی ایک تہائی ۔ 3/1 ) سے زیادہ کی وصیّت نہ کرے۔ملخصاً ‘‘۔
( بھارِ شریعت ، حصہ 19 ، جلد 3 ، صفحہ 937 ، 938 ، مکتبۃ المدینہ ، کراچی )۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب