دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

تجہیز و تکفین میں فضول خرچی کا شرعی حکم

623 نومبر، 202678سوال کنندہ : شفیق احمد، کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ میرے چچا نے اپنے انتقال سے قبل کچھ رقم کفن دفن کے لیے فرحان کے پاس رکھوائی اور مجھ سے یہ کہا تھا کہ یہ پیسے انسے لے لینا،فرحان چچا کا محلے دار ہے جو چچا کے پینشن نکلواتا تھا اور بل وغیرہ بھی بھر دیتا تھا۔مجھے نہیں معلوم اس کے پاس چچا کے کتنے پیسے تھے، اس نے مجھے صرف پینسٹھ ہزار(65000) ظاہر کیئے اور وہ مجھے دینے کے بجائے مسجد کے رکن شیراز احمد کو دے دیے اور انہوں نے اس پینسٹھ ہزار کی اضافی اور جھوٹی لسٹ بنا کر دے دی ہے ، میں چاہتا ہوں کہ جو کفن دفن کی مد میں چچا نے پینسٹھ ہزار دیئے ہیں ،اس میں سے شرعی خرچہ نکال کر بقایہ واپس کرے اس معاملے میں میری شرعی رہنمائی فرمائیں کہ کفن دفن شرعی اخراجات کیا ہوسکتے ہیں ؟ مندرجہ ذیل لسٹ کے مطابق شرعی خرچہ کتنا بنتا ہے؟ بینوا توجروا شیراز احمد کی اخراجات کی لسٹ:کرایہ:1500، اسپتال:550،مردہ خانہ:500،غسل اور کفن:3500،کرایہ:850،قبر:15000،فاتحہ فروٹ:1000،بریانی:18900،ٹینٹ:8000،سوئم بریانی:1280، سوئم سالن روٹی:7500 مٹھائی:700،پتاشا:400،چنے اور کشمش:7800،کرایہ دو بار:700،چالیسواں بریانی وفاتحہ:8880،گھر کا خرچہ سامان:4800۔ ٹوٹل:81860

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

صورتِ مسئولہ کا حکمِ شرع یہ ہے کہ میت کی حیثیت کے مطابق تکفین و تجہیز کا انتظام کیا جائے ،یعنی کفن نہ اس قدر کم قیمت اور ردی ہو کہ جس سے میت کی تحقیر و تذلیل ہوتی ہو اور نہ اتنا بیش قیمت ہو کہ جس میں اسراف ہو اور وارثوں کے حق میں نقصان آئے،لہذا میت کیتکفین و تجہیز کا انتظام میں وہی چیزیں داخل ہیں جو زیادہ سےزیادہ سنت کے مطابق یہ دونوں چیزیں ادا ہوجائیں ۔جیسے:مردہ خانہ کرایہ،غسّال کی اجرت،کفن کا کپڑا،میت کو لگانے والی خوشبو ،میت کو اٹھانے کا کرایہ،قبر کی جگہ کی رقم،گورکن کی اجرت وغیرہ اس کے سوا جتنے بھی مزید جس قدر خرچ بلا ضرورت و زائد ہونگے ا س کا تاوان خرچ کرنے والے کے ذمہ عائد ہوگا کیونکہ فضول خرچی کرنے سے وارثوں کے حصے میں کمی آتی ہے،یہ شرعا جائز نہیں ہے۔لہذا مذکورہ صورت میں شیراز کا میت کے لیے وارث(سائل) کی اجازت کے بغیر تکفین و تدفین کے سوا اخراجات کرنا جیسے: فاتحہ کے لیے فروٹ کا انتظام کرنا،تدفین کے بعد یا سوئم و چالیسویں پر بریانی اور کھانے کا انتظام کرنا ،کرایہ کا ٹینٹ لگانا، مٹھائی، پتاشا، چنے، اور کشمش وغیرہ کے انتظامات کرنا ترکہ سے لازم نہیں تھا ،کیونکہ اس میں تکفین وتدفین کے بعد ورثاء کا حق متعلق ہے اگر ان کی اجازت سے ہوتا تو جائز ہوتا یا مرحوم نے ان سب کی وصیت کی ہوتی تو پھر یہ تمام اخراجات ترکہ سے وصیت کی صورت میں تہائی مال سے اور ورثاء کی اجازت کی صورت میں مکمل منہا ہوسکتے تھے ،لہذا شیراز کو چاہیے کہ ہم نے جو ضروری چیزیں تکفین و تدفین کے لیے لکھیں ہیں ان کے اخراجات نکال کر بقیہ پیسے ورثاء حوالے کرنا لازم ہے ورنہ حق العبد میں سخت گرفتار ہوکر گناہِ کبیرہ کے مرتکب ہونگے ۔

خاتمۃ المحققین علّامہ ابن ِ عابدین شامی علیہ الرحمہ شرعی تکفین و تدفین کے متعلق لکھتے ہیں :"

"ثم اعلم أن الواجب عليه تكفينها وتجهيزها الشرعيان من كفن السنة أو الكفاية وحنوط وأجرة غسل وحمل ودفن دون ما ابتدع في زماننا من مهللين وقراء ومغنين وطعام ثلاثة أيام ونحو ذلك، ومن فعل ذلك بدون رضا بقية الورثة البالغين يضمنه في ماله"

ترجمہ:پھر جان لو کہ اس پر لازم ہے کہ اس کی شرعی تکفین اور تجہیز کرے، یعنی سنت یا کفایت کے مطابق کفن، خوشبو، غسل کی اجرت، اٹھانے اور دفن کرنے کے اخراجات ۔ اس کے علاوہ وہ چیزیں شامل نہیں جو ہمارے زمانے میں بدعت کے طور پر رائج ہو گئی ہیں، جیسے نعرہ لگانے والے، قرآن پڑھنے والے، گانے والے، تین دن کا کھانا وغیرہ۔ اور جو شخص بالغ ورثاء کی رضامندی کے بغیر یہ کام کرے گا تو وہ اپنے مال سے اس کا ضامن ہوگا۔

(رد المحتار،ج:3،ص:119،مکتبہ رحمانیہ)

بہار شریعت میں ہے:

"يہ جو کہا گیا کہ فلاں پر کفن واجب ہے اس سے مراد کفنِ شرعی ہے۔ يوہيں باقی سامانِ تجہیز مثلاً خوشبو اور غسال اور لے جانے والوں کی اُجرت اور دفن کے مصارف، سب میں شرعی مقدار مراد ہے۔ باقی اور باتیں اگر میّت کے مال سے کی گئیں اور ورثہ بالغ ہوں اور سب وارثوں نے اجازت بھی دے دی ہو تو جائز ہے، ورنہ خرچ کرنے والے کے ذمہ ہے۔"

(بہارِ شریعت،حصہ چہارم ،ج:1،ص:820،مکتبۃالمدینہ)

اسی میں ہے:"

" ہندوستان میں عام رواج ہے کہ کفنِ مسنون کے علاوہ اوپر سے ایک چادر اُڑھاتے ہیں وہ تکیہ دار یا کسی مسکین پر تصدق کرتے ہیں اور ایک جا نماز ہوتی ہے جس پر امام جنازہ کی نماز پڑھاتا ہے وہ بھی تصدق کر ديتے ہیں، اگر یہ چادر و جا نماز میّت کے مال سے نہ ہوں بلکہ کسی نے اپنی طرف سے دیا ہے (اور عادۃً وہی دیتا ہے جس نے کفن دیا بلکہ کفن کےليے جو کپڑا لایا جاتا ہے وہ اسی انداز سے لایا جاتا ہے جس میں یہ دونوں بھی ہو جائیں) جب تو ظاہر ہے کہ اس کی اجازت ہے اور اس میں کوئی حرج نہیں اور اگر میّت کے مال سے ہے تو دو صورتیں ہیں، ایک یہ کہ ورثہ سب بالغ ہوں اور سب کی اجازت سے ہو، جب بھی جائز ہے اور اگر اجازت نہ دی تو جس نے میّت کے مال سے منگایا اور تصدق کیا اس کے ذمہ یہ دونوں چیزیں ہیں یعنی ان میں جو قیمت صرف ہوئی ترکہ میں شمارکی جائے گی اور وہ قیمت خرچ کرنے والا اپنے پاس سے دے گا، دوسری صورت یہ کہ ورثہ میں کُل یا بعض نابالغ ہیں تو اب وہ دونوں چیزیں ترکہ سے ہرگز نہیں دی جا سکتیں، اگرچہ اس نابالغ نے اجازت بھی دیدی ہو کہ نابالغ کے مال کو صرف کر لینا حرام ہے۔ لوٹے گھڑے ہوتے ہوئے خاص میّت کے نہلانے کے ليے خریدے تو اس میں یہی تفصیل ہے۔ تیجہ، دسواں، چالیسواں، ششماہی، برسی کے مصارف میں بھی یہی تفصیل ہے کہ اپنے مال سے جو چاہے خرچ کرے اور میّت کو ثواب پہنچائے اور میّت کے مال سے یہ مصارف اسی وقت کيے جائیں کہ سب وارث بالغ ہوں اور سب کی اجازت ہو ورنہ نہیں مگر جو بالغ ہو اپنے حصہ سے کر سکتا ہے۔ ایک صورت اور بھی ہے کہ میّت نے وصیت کی ہو تو دَین ادا کرنے کے بعد جو بچے اس کی تہائی میں وصیت جاری ہوگی۔ اکثر لوگ اس سے غافل ہیں یا ناواقف کہ اس قسم کے تمام مصارف کر لینے کے بعد اب جو باقی رہتا ہے اسے ترکہ سمجھتے ہیں۔ ان مصارف میں نہ وارث سے اجازت لیتے ہیں، نہ نابالغ وارث ہونا مضر جانتے ہیں اور یہ سخت غلطی ہے، اس سے کوئی یہ نہ سمجھے کہ تیجہ وغیرہ کو منع کیا جاتا ہے کہ یہ تو ایصالِ ثواب ہے، اسے کون منع کریگا۔ منع وہ کرے جو وہابی ہو بلکہ ناجائز طور پر جو ان میں صرف کیا جاتا ہے اس سے منع کیا جاتا ہے، کوئی اپنے مال سے کرے یا ورثہ بالغين ہی ہوں، ان سے اجازت لے کر کرے تو ممانعت نہیں۔

(بہارِ شریعت،حصہ چہارم ،ج:1،ص:821،مکتبۃالمدینہ)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

21جنوری 2026 ء/یکم شعبان المعظّم ١٤٤٧ھ کو جاری کیا گیا