سوال
کیا فرماتے ہیں علماء ِکرام و مفتیان ِعظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید کے والد کی دو شادیاں تھی پہلی بیوی سے زید اور دوسری سے زید کی سوتیلی بہن پیدا ہوئی زید نے اپنی سگے بیٹے کی شادی اپنی اس سوتیلی بہن سے کروائی ہے،ان کے دو بچے بھی ہیں ان کا نکاح جائز ہے یا نہیں ؟ اگر جائز نہیں تو پھر اب کیا کرنا ہوگا ؟َبینوا توجروا! سائل:ایاز علی ،ٹھٹہ سندہ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم ِ شرع یہ ہے کہ اپنی پھوپھی سگی ہو یا سوتیلی،اس سے نکاح کرنا حرامِ قطعی ہے،لہذا زید کا اپنے بیٹےکی شادی اپنی سوتیلی بہن سے کروانا اور اس کا نکاح کرنا حرام قطعی اور سخت گناہ و حرام کام ہے ان دونوں کے درمیان فی الفور جدائی لازم و ضروری ہےاور اس جرمِ عظیم پر توبہ لازم ہے ۔جب تک وہ اس سے الگ ہونے کے شرعی حکم پر عمل کرتے ہوئے سچی توبہ نہ کر لے، تب تک اس سے قطع تعلقی کاحکم ہے،اس کی کسی خوشی اورغم میں ہرگز ہرگز شرکت نہیں کرسکتے،اس نکاح سے پیدا ہونے والی اولاد ولد الحرام ہے ،لہذا لڑکے کے حوالے کردی جائی۔
اللہ تبارک وتعالیٰ قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے:
﴿حُرِّمَتْ عَلَیْكُمْ اُمَّهٰتُكُمْ وَ بَنٰتُكُمْ وَ اَخَوٰتُكُمْ وَ عَمّٰتُكُمْ وَ خٰلٰتُكُمْ﴾
ترجمہ کنز العرفان: تم پر حرام کردی گئیں تمہاری مائیں اور تمہاری بیٹیاں اور تمہاری بہنیں اور تمہاری پھوپھیاں اور تمہاری خالائیں۔
(پارہ: 5، سورۃ النساء، آیت :23)۔
بدائع الصنائع میں ہے:
"وتحرم عليه أخواته وعماته وخالاته بالنص وهو قوله عز وجل{وأخواتكم وعماتكم وخالاتكم} [النساء: 23] سواء كن لأب وأم أو لأب أو لأم"
ترجمہ:اور حرام ہیں مرد پراس کی بہنیں اس کی پھوپھیاں اور خالائیں قرآنی نص کی وجہ سے وہ اللہ عزَّو جلَّ کا فرمان ہے: اور(حرام ہیں تم پر) تمہاری خالائیں ،پھوپھیاں اور خالائیں "نساء:23" خواہ وہ سگی ہوں یا باپ شریک یا ماں شریک ۔
(بدا ئع الصنائع ،ج:2،ص:530،مکتبہ رشیدیہ)۔
دُر ِّمختا رمیں ہے:
’’الاشقاء وغیرھن‘‘ یعنی سگی ہوں یا ان کے علاوہ (حرام ہیں)۔
(در مختار، باب فی المحرمات، ج:4، ص:109، مکتبہ رحمانیہ)۔
امامِ اہلسنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ اس سے ملتے جلتے سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں:
"اولادیں بہرحال ولد الحرام ہیں جیسے وہ نطفہ جو حالتِ حیض میں ٹھرا مگر ولد الزنا نہیں۔
(فتاویٰ رضویہ ،11،ص:272،رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب