سوال
کیا فرماتے ہیں مفتیانِ دین و متین مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ اس سال(2024) گندم کا سرکاری ریٹ 3900 روپے ہے جبکہ عام تاجر 2800 روپے پر لے رہے ہیں ،اگر کوئی شخص سرکاری ریٹ پر بیچنا چاہے،تو حکومت والے فی ایکڑ 8 بوریاں دیتے ہیں جو خالی ہوتی ہیں اور فی بوری پر 500 روپے گروی لیتے ہیں(آخر میں جب گندم دے جائے تو واپس کردیتے ہیں ) پھر وہ بوریوں کی پرچی بنا کردیتے ہیں جو پاسکو سے لینا ہوتا ہے ،جب پاسکو کے پاس جاتے ہیں ،تو وہ 600 روپے فی بوری لیتے ہیں ،اگر یہ چھ سو روپے نہ دو تو وہ بہانے بناتے ہیں بوریاں نہیں دیتے۔ مسئلہ یہ ہے کہ اگر عام تاجر کو بیچیں تو 2800 روپے فی من بکتی ہے اور اگر حکومت کو بیچیں ،تو یہ چھ سو روپے رشوت دیکر بھی فی من 3300 روپے گندم بکے گی ،تو آیا یہ چھ سو روپے رشوت دیکر سرکاری ریٹ مطابق گندم بیچنا شرعاًجائز ہے؟بینوا توجروا! سائل:محمد جواد احمد ،علی پور
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
شریعتِ مُطہَّرہ میں رشوت دینا اور لینا دونوں ناجائزو حرام ہیں،حدیث ِ پاک میں راشی(رشوت لینے والا) اور مرتشی (رشوت دینے والا)دونوں پر لعنت فرمائی ہے ۔ہاں ! اگر کسی موقع پر رشوت دیئے بغیر اپنا حق حاصل نہ ہورہا ہو ،تو اپنا ثابت شدہ حق وصول کرنے کیلئے رشوت دینے کی تو گنجائش ہے،لیکن رشوت لینا ہر حال میں ناجائز و گناہ ہے اور اگر اپنا جائز حق حاصل کرنے کیلئے رشوت دینے سے بھی بچا جائے تو بہت بہتر اور تقویٰ کے زیادہ قریب ہے۔ لہذا ہر ایسا کام جس میں رشوت کے بغیر تاخیر ہو لیکن کام ہوسکتا ہو ،تو اس میں جلدی کی غرض سے رشوت لینا دینا ناجائز ہے۔ مثلا پاسپورٹ، لائسنس بنوانے کےلیے لمبی لائنوں میں لگنے سے بچنے کےلیے کسی کو رشوت دے کر جلدی کام کروانا، ہسپتال میں ڈاکٹر کا نمبر جلدی لینا،اپنی دوائی لکھوانے کیلئے ڈاکٹر کو رشوت دینا، ملازمت کے حصول کےلیےکمپنی کے کسی ملازم کو رشوت دینا تاکہ وہ ملازمت دلوانے میں معاونت کروائے وغیرہ، اس طرح کے کاموں میں رشوت کے استعمال سے اجتناب کرنا لازم ہے۔
لہذا مذکورہ تفصیل کی روشنی میں صورتِ مسئولہ کا جواب یہ ہے کہ اگر وہ بوریاں بغیر رشوت دیئے لینا ممکن ہو،جیسے کسی اعلیٰ عہدیدار کو شکایت وغیرہ کرکے یا تھوڑا وقت انتظار کرکےلائن غیرہ میں لگ کر ،تو یہ چھ سو روپے دینا رشوت ہے ،لہذا دینا ناجائز و حرام ہے ،لیکن اگر یہ چھ سو روپے دیئے بغیر بوریاں (باردانہ) حاصل کرنا ممکن ہی نہ ہو یا بہت مشکل ہو ،تو پھر اپنا حق حاصل کرنے کیلئے یہ چھ سو روپے دینا تو جائز ہے ،لیکن لینے والے کیلئے پھر بھی ناجائز وحرام ہے ۔
سنن ابو داؤد میں حجرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے مروی ہے:
" «لَعَنَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الرَّاشِي وَالْمُرْتَشِي»
ترجمہ:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رشوت لینے والے اور رشوت دینے والے دونوں پر لعنت فرمائی ۔
(سنن ابو داؤد ،رقم الحدیث:3580)۔
شرح المجلّہ میں ہے:
"إذا دفع الرشوة خوفا على نفسه أوماله، فهو حرام على الآخذ غير حرام على الدافع.
ترجمہ:جب کسی شخص نے اپنی جان و مال کے (ضائع ہونے کے) خوف کی وجہ سے رشوت دی ،تو لینے والے پر تو حرام ہے ،لیکن دینے والے پر نہیں۔
(شرح المجلة اللخالد الأتاسي، الكتاب السادس عشر في القضاء الفصل الثاني، مادة:1796، ج:6، ص:40)
رد المحتار میں ہے:
"دفع المال للسلطان الجائر لدفع الظلم عن نفسه وماله ولاستخراج حق له ليس برشوة يعني في حق الدافع"
ترجمہ:ظالم بادشاہ کو اپنی جان و مال سے دفعِ ظلم کیلئے مال دینا اور اپنا حق حاصل کرنے کیلئے مال دینا رشوت نہیں ہے یعنی دینے والے کیلئے(نہ کہ لینے والے کیلئے)۔
(رد المحتار،ج:9،ص:696،مکتبہ رحمانیہ)۔
رشوت کی اقسام اور ہر ایک کے حکم کے متعلق فتح القدیر میں علامہ ابنِ ہمام رحمہ اللہ تعالیٰ تحریر فرماتے ہیں:
"ثم الرشوة أربعة أقسام: منها ما هو حرام على الآخذ والمعطي وهو الرشوة على تقليد القضاء والإمارة لا يصير قاضيا. الثاني ارتشاء القاضي ليحكم وهو كذلك حرام من الجانبين ثم لا ينفذ قضاؤه في تلك الواقعة التي ارتشى فيها سواء كان بحق أو بباطل. أما في الحق فلأنه واجب عليه فلا يحل أخذ المال عليه. وأما في الباطل فأظهر. الثالث: أخذ المال ليسوي أمره عند السلطان دفعا للضرر أو جلبا للنفع وهو حرام على الآخر لا الدافع۔ الرابع ما يدفع لدفع الخوف من المدفوع إليه على نفسه وماله حلال للدافع حرام على الآخذ، لأن دفع الضرر عن المسلم واجب ولا يجوز أخذ المال ليفعل الواجب"
ترجمہ:رشوت کی چار اقسام ہیں۔ان میں سے پہلی قسم : وہ ہے کہ رشوت لینے والے اور دینے والے دونوں ہی پر حرام ہے اور یہ قضاء اور عہدے کے حصول کیلئے رشوت دینا ہے،چنانچہ رشوت دیکر عہدہ قضاء لینے والا قاضی نہیں بن سکتا ۔رشوت کی دوسری قسم: قاضی کا فیصلہ کرنے کیلئے رشوت یہ قسم بھی دونوں کیلئے حرام ہے،پھر جس مسئلے میں قاضی نے رشوت لیکر فیصلہ کیا ہو اس میں قاضی کی قضا بھی نافذ نہیں ہوگی خواہ اس کا فیصلہ حق پر مبنی ہو یا باطل پر حق کے مطابق فیصلہ کرنے کے باوجود اس لئے نافذ نہیں ہوگا کہ قاضی پر یہ فیصلہ کرنا واجب تھا چنانچہ اس پر اس کا پیسہ لینا جائز نہ تھا اور غلط فیصلے کا نافذ نہ ہونا تو ظاہر ہے۔تیسری قسم :اس لئے مال لے تاکہ حاکم کے یہاں اس کا کام بنادےاکہ رشوت دینے والے سے ضرر دور کرے یا اسکو نفع پہنچادے رشوت کی یہ قسم لینے والے کیلئے حرام ہے اور دینے والے کیلئے حرام نہیں۔چوتھی قسم : یہ ہے کہ رشوت دینے والا اپنی جان و مال سے خوف دور کرنے کیلئے رشوت دے یہ قسم بھی دینے والے کیلئے جائز ہے ہ اور لینے والے کیلئے حرام ہےکیونکہ مسلمان سےضرر کو دفع کرنا واجب ہے اور واجب کو ادا کرنے کیلئے مال لینا جائز نہیں۔
(فتح القدیر،ج7،ص:254، دار الفكر)۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب