دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

صدقۂ فطر کا نصاب، وجوب اور مقدار

22622 نومبر، 202663
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء ِکرام و مفتیان ِعظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا فطرہ غریب آدمی پر بھی ہے یا صرف غنی آدمی پر ہے؟اور اس سال فطرہ کا نصاب کتنا ہے؟بینوا توجروا! سائل:علّامہ سید انس امجدی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

صدقہ فطر ہر مسلمان جو مالک ِ نصاب (غنی) ہے ،اور نصاب حاجتِ اصلیہ (یعنی وہ چیزیں جو انسان کو حقیقی و حکمی طور پر ہلاکت سے بچائیں:مثلا:نفقہ ،رہنے کا گھر،سردی وگرمی سے بچانے والا لباس،قرض کیادائیگی اور پیشہ کے اوزار وغیرہ)کے علاوہ ہے یعنی اس کے پاس وافر مقدار میں اتنا سامان (مال نامی شرط نہیں جیسے سونا چاندی ،پیسا،مالِ تجارت اور سائمہ جانور کے علاوہ مال وغیرہ)ہے یا پیسے ہیں یا اس کا کاروبار ہے جو ساڑھے باون تولہ چاندی(جو فی الوقت تقریباً ایک لاکھ چالیس ہزار سے اوپر بن رہی ہے) کی مالیت کو پہنچ رہا ہے ،تو اس پر صدقہ فطر ادا کرنا واجب ہے،صدقہ فطر کے باب میں غنی سے یہی مراد ہے،لہذا جس شخص کے مذکورہ اموال کی مقررہ مقدار موجود نہیں ،تو اس پر صدقہ فطر واجب نہیں ،اور اس باب میں یہی غریب (فقیر)کہلائے گا۔

صدقہ فطر کی مقدار یہ ہے کہ دو کلو گندم یا اس کا آٹا یا اس کی رقم (جو فی الوقت چکی والے دو کلو آٹے کی رقم تقریباً 300 روپے ہے)یا چار کلو جَو یا چار کلو کھجور یا چار کلو کشمش یا ان میں سےکسی کی بھی قیمت اپنی مالی حیثیت کے اعتبار سے بطور فطرانہ ادا کی جائے ۔

رد المحتار میں ہے :

" وَالْحَاصِلُ أَنَّ النِّصَابَ قِسْمَانِ:مُوجِبْ لِلزَّكَاةِ وَهُوَ النَّامِي الْخَالِي عَنْ الدِّيْنِ. وَغَيْرُ مُوجِبٍ لَهَا وَهُوَ غَيْرُهُ ، فَإِنْ كَانَ مُسْتَغْرِقًا بِالْحَاجَةِ لِمَالِكِهِ أَبَاحَ أَخْذَهُمَا وَ إِلَّا حَرَّمَهُ وَأَوْجَبَ غَيْرَهُمَا مِنْ صَدَقَةِ الْفِطْرِ وَالْأَضْحِيَةِ وَنَفَقَةِ الْقَرِيبِ الْمَحْرَمِ كَمَا فِي الْبَحْرِ وَغَيْرِهِ."

ترجمہ : " اور حاصل کلام یہ ہے کہ نصاب کی دو قسمیں ہیں ایک موجب زکوۃ اور وہ مال نامی کا نصاب ہے ، جو دین سے خالی ہوتا ہے اور دوسر انصاب جو زکوۃ کو واجب نہ کرے وہ نصاب مال نامی کے نصاب کا غیر ہے اگر وہ مال مالک کی حاجت میں مستغرق ہو اسے زکوۃ لینا مباح ہے اگر حاجت سے زائد مال کا نصاب بنتا ہے تو اسے زکوۃ لینا حرام ہے اور وہ نصاب واجب کرتا ہے زکوۃ کے غیر صدقہ فطر اورقربانی کو اور قریبی محرم کے نفقہ کو جیسا کہ بحر الرائق اور اس کے غیر میں مذکور ہے۔

[ رد المحتار: ج: 3 ص :334، مکتبہ رحمانیہ ]

اسی میں ہے : "

وهي ما يدفع الهلاك عن الإنسان تحقيقا كالنفقة ودور السكني وآلات الحرب والثياب المحتاج إليها لدفع الحر أو البرد أو تقديرا كالدين، فإن المديون محتاج إلى قضائه بما في يده من النصاب دفعا عن نفسه الحبس الذي هو كالهلاك وكالات الحرفة وأثاث المنزل ودواب الركوب وكتب العلم لأهلها فإن الجهل عندهم كالهلاك، فإذا كان له دراهم مستحقة بصرفها إلى تلك الحوائج صارت كالمعدومة، كما أن الماء المستحق بصرفه إلى العطش كان كالمعدوم وجاز عنده التيمم".

ترجمہ : حاجت اصلیہ وہ چیزیں ہیں جو انسان سے ہلاکت کو حقیقہ دور کریں جیسے : نفقہ ، رہائش کا گھر ، جنگی ہتیار ، وہ کپڑے جن کی سردی اور گرمی روکنے میں حاجت ہو یا تقدیر اہلاکت کو دور کریں جیسے: دین کہ مدیون خود کو اس قید سے بچانے کے لیےجو ہلاکت کی طرح ہے قرض کی ادائیگی کا محتاج ہے اس نصاب سے جو اس کے پاس ہے ، اسی طرح پیشہ کے آلات، گھر کا سامان، سواری کے جانور ، اور اہل علم کے لیے کتابیں کہ ان کے لیے جہالت ہلاکت کی طرح ہے تو اگر کسی کے پاس ان چیزوں کےاخراجات کے لیے دراہم ہیں تو معدوم شمار ہوں گے جیسے وہ پانی جو پینے کے لیے ہو تو وہ معدوم کی طرح ہے اور اس کی موجودگیمیں تیمم جائز ہے۔

(رد المحتار، ج 03، ص 212 تا 213، مطبوعہ مکتبہ رحمانیہ )۔

بہار شریعت میں ہے :

" حاجت اصلیہ یعنی جس کی طرف زندگی بسر کرنے میں آدمی کو ضرورت ہے اس میں زکاۃ واجب نہیں، جیسے رہنے کا مکان، جاڑے گرمیوں میں پہننے کے کپڑے، خانہ داری کے سامان، سواری کے جانور ، خدمت کے لیے لونڈی غلام، آلات حرب، پیشہ وروں کے اوزار، اہل علم کے لیے حاجت کی کتابیں ، کھانے کے لیے غلہ۔"

(بہارِشریعت ، ج 01 ، ص 880 تا 881 ، مطبوعہ مكتبة المدينة )۔

اسی میں ایک اور مقام پر ہے:

"جو شخص دو سو درہم یا بیس دینار کا مالک ہو یا حاجت کے سوا کسی ایسی چیز کا مالک ہو جس کی قیمت دو سو درہم ہو وہ غنی ہے اوس پر قربانی واجب ہے۔ حاجت سے مراد رہنے کا مکان اور خانہ داری کے سامان جن کی حاجت ہو اورسواری کا جانور اور خادم اور پہننے کے کپڑے ان کے سوا جو چیزیں ہوں وہ حاجت سے زائد ہیں۔

( بہار شریعت: ج 3، ص: 333،مطبوعہ مكتبة المدينة)۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

22/مارچ/2024 ۔11 رمضان المبارک 1445ھ کو جاری کیا گیا