دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

نام رکھے کے احکام

15322 نومبر، 2026255
تمام فتاویٰ

سوال

الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ میرا نام روینا(جس کا مطلب سورج کی روشنی) بنت اٹوری لال ہے میں نے ہندو مذہب سے اسلام قبول کیا ہے اور کسی قسم کے جبر یا زبردستی کے تحت مذہب تبدیل نہیں کیا۔میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے سفر کرنا چاہتی ہوں، اس لیے پاسپورٹ آفس میں اپنے دستاویزات مکمل کروانا چاہتی ہوں۔ لیکن ان کی طرف سے یہ کہا جارہا ہے کہ اس متعلق دار الافتاء سے نام وغیرہ کی ایک وضاحتی فتوی لے آئیں ۔میں اپنا نام تبدیل نہیں کرنا چاہتی، کیونکہ نام تبدیل کرنے کی صورت میں مجھے ڈاکومنٹس وغیرہ بہت سے مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔براہِ کرم شریعتِ اسلامیہ کی روشنی میں وضاحت فرمائیں کہ اس نام کے حوالے سے میرے لیے کیا حکم ہے؟کیا اس کو تبدیل کرنا ضروری ہے؟ کیا اسلام قبول کرنے کے بعد میرے لیے اس نام کو برقرار رکھنا جائز ہے؟ اگر تبدیل کرنا ضروری ہے تو پھر کیا تمام ڈاکومنٹس میں تبدیل کروانا ضروری ہے؟اگر ایسا ہے تو پھر میرے لیے یہ نہایت ہی مشکل امر ہے۔نیز یہ بھی واضح فرما دیں کہ اگر میں اپنا نام روینا ہی برقرار رکھوں تو کیا مستقبل میں پاسپورٹ، عمرہ یا دیگر معاملات میں شرعی یا قانونی اعتبار سے کسی قسم کا مسئلہ پیش آسکتا ہے؟لہذا اس کا کیا حکم ہے؟ بینوا توجروا! سائلہ:روینا(فلک ناز ہائٹس، وائرلیس گیٹ، کراچی )

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت میں شرعی حکم یہ ہے کہ مذکورہ صورت میں سائلہ روینا کو اپنا مذکورہ نام تبدیل کرنا ضروری نہیں ہےکیونکہ روینا نام معنی(سورج کی روشنی) کے اعتبار سے درست ہےاور یہ نام مسلمانوں میں رائج بھی ہے لہذا اس نام کو برقرار رکھ کر قانونی معاملات کو سر انجام دینا ممکن و درست ہو تو جائز ہےکہ اسی نام کو برقرار رکھا جائے تاکہ سائلہ کو مشکلات سے دو چار نہ ہونا پڑے۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ نام کی ممکنہ طور پر تین صورتیں بنتی ہیں: (1)وہ نام جو خاص غیر مسلموں کا شعار(علامت) ہو اور انہی کے ساتھ خاص ہو، تو ایسا نام تبدیل کرنا ضروری ہےکہ مسلمان کو ایسا نام رکھنا شرعاً جائز نہیں۔ (2) وہ نام جو غیر مسلموں کے ساتھ خاص تو نہ ہو مگر اس کے معنی شرعی طور پر درست نہ ہو ں ، تو اسے بھی تبدیل کر دینا چاہیے، کیونکہ نبی پاک صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ایسے ناموں کو تبدیل فرما دیا کرتےتھے۔ (3) وہ نام جو غیر مسلوں کے ساتھ خاص نہ ہواور نہ ہی اس کے معنی میں کوئی خرابی ہو اور مسلمانوں میں رائج بھی ہو، تو ایسا نام بدلنا ضروری نہیں۔

اوراصول شرع یہ ہے کہ کفارسے تشبہ صرف وہی ممنوع ہے جس میں تشبہ کی نیت ہویاوہ شے کفار کاشعارخاص ہو یا فی نفسہ اس میں شرعی طور پر کوئی حرج ہو لہذا اگرچہ "روینا" اصل کے اعتبار سے ہندی زبان کا لفظ ہے لیکن معنی (سورج کی روشنی) کے اعتبار سے اس میں کوئی شرعی قباحت نہیں۔نیز اس نوع کے نام مسلمانوں میں بھی رائج ہو چکے ہیں۔ اور جب کوئی چیز غیر مسلموں کے ساتھ خاص نہ رہے بلکہ مسلمانوں میں بھی رائج ہو جائے تو محض استعمال کی وجہ سے تشبہ باقی نہیں رہتا۔ جیسے ٹائی ابتدائی دور میں غیر مسلموں کے ساتھ خاص ہونے کی وجہ سے اس میں تشبہ کا حکم تھالیکن فی زمانہ اس کا استعمال عام ہو نے کی وجہ سے اس میں تشبہ کا حکم باقی نہیں رہا ۔ اسی طرح وہ نام جن میں کفریہ معنی نہ ہو اور پہلے غیر مسلموں میں رائج تھے اور فی زمانہ مسلمانوں میں رائج ہوگئے ہوں تو ان میں تشبہ کا حکم باقی نہیں رہے گا لہذا اس قسم کے نام رکھنے میں کوئی شرعی قباحت نہیں ہے پس مذکورہ نام کو تبدیل کرنا ضروری نہیں ہے ۔

سنن ابی داؤد میں ہے:

"عن أبي الدرداء، قال: قال رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم: ‌إنكم تدعون یوم ‌القيامة بأسمائكم وأسماء آبائكم، فاحسنوا أسماءكم"

ترجمہ: حضرت ابو درداء رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: بے شک بروزِ قیامت تم اپنے اور اپنے والدوں کے نام سے پکارے جاؤگے، لہٰذا اپنے اچھے نام رکھو۔

(سنن ابی داؤد، رقم الحدیث :4948)

الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب میں ہے کہ حضرت عبد العزیز بن بدر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ نبی اکرم صَلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَیْہِ و اٰلِہٖ و سَلَّم کی خدمت میں اپنی قوم کے ساتھ حاضر ہوئے، آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا :

"ما اسمك؟قال: عبد ‌العزى، فغير علیہ السلام اسمه، وسماه عبد العزیز"

ترجمہ: تمہارا نام کیا ہے؟عرض کی: عبدُ الْعُزّی(عزی ”کفار کے بت کانام “کا بندہ)۔ نبی پاک صَلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَیْہِ و اٰلِہٖ و سَلَّم نے آپ کا نام بدل کر عبدُ الْعَزِیْز (غالب وطاقتور کا بندہ)رکھ دیا۔

(الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب، جلد3، صفحہ 1006، مطبوعہ دار الجيل، بيروت)

حاشیۃ الطحطاوی علی الدرالمختار میں ہے :

"في جواز تسميتهم باسماء المسلمين تفصيل ذكره ابن القيم فقسم يختص بالمسلمين وقسم يختص بالكفار وقسم مشترك فالاول كمحمد وأحمد وأبي بكر و عمر و عثمان وعلى وطلحة والزبيرةفهذا لا يمكنون من التسمى به والثاني جرجس و بطرس و یوحنا و نحوها فھذا لايمنعون منه ولا يجوز للمسلمين التسمى به لما فيه من المشابهة والثالث كیحی وعيسى وأيوب وداود وسليمان وزيد و عمر و وعبد الله وعطیہ وسلام ونحوها فهذا لا يمنع منه المسلمون ولا أهل الذمة و۔۔۔ بخلاف اسماء الصحابة واسم نبينا عليه الصلاة والسلام فانها مختصة فلا يمكن أهل الذمة من التسمى بها "

ترجمہ: ابنِ قیم نے مسلمانوں کے نام رکھنے کے بارے میں تفصیل بیان کی ہے۔ پہلی قسم:وہ نام جو صرف مسلمانوں کے ساتھ خاص ہیں، جیسے محمد، احمد، ابوبکر، عمر، عثمان، علی، طلحہ اور زبیرلہذا اہلِ ذمہ کو ان ناموں کے رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دوسری قسم:وہ نام جو صرف کفار کے ساتھ خاص ہیں، جیسے جرجس، بطرس، یوحنا وغیرہ۔ مسلمانوں کو ان ناموں سے منع کیا جائے گا، کیونکہ ان ناموں کو اختیار کرنے میں کفار کی مشابہت پائی جاتی ہے۔تیسری قسم:وہ نام جو مشترک ہیں، جیسے یحییٰ، عیسیٰ، ایوب، داؤد، سلیمان، زید، عمر، عبداللہ، عطیہ، سلام وغیرہ۔ ان ناموں سے نہ مسلمانوں کو منع کیا جائے گا اور نہ اہلِ ذمہ کو۔البتہ صحابۂ کرامؓ کے نام اور ہمارے نبی کریم ﷺ کا نام اس سے مستثنیٰ ہیں کیونکہ یہ نام مسلمانوں کے ساتھ خاص ہیں؛ لہٰذا اہلِ ذمہ کو ان ناموں کے رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

( حاشیۃ الطحطاوی علی الدرالمختار،کتاب الجہاد ،فصل فی الجزیہ ، جلد 2، صفحہ473، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ )

الدرالمختار میں ہے :

"التشبہ بھم لا یکرہ فی کل شیء بل فی المذموم و فیما یقصد بہ التشبہ "

ترجمہ: کفار کے ساتھ تشبہ ہر چیز میں مکروہ نہیں ہے بلکہ بری چیزوں میں اور ان چیزوں میں مکروہ ہے جن سے تشبہ کا ارادہ کیا جائے۔

(الدر المختار،کتاب الصلاۃ ، باب ما یفسد الصلوہ و مایکرہ ،ج،2،ص،464،مکتبہ رحمانیہ )

امام ِ اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن تشبہ کے متعلق فرماتے ہیں :

" اس تحقیق سے روشن ہو گیا کہ تشبہ وہی ممنوع و مکروہ ہے جس میں فاعل کی نیت تشبہ کی ہو یا وہ شے ان بد مذہبوں کا شعار ِ خاص یا فی نفسہٖ شرعاً کوئی حرج رکھتی ہو، بغیر ان صورتوں کے ہرگز کوئی وجہ ممانعت نہیں ۔"

(فتاوٰی رضویہ،ج،24،ص،534،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

خلاصہ:

مذکورہ نام تبدیل کرنا ضروری نہیں لہذا اس نام کو برقرار رکھ کر قانونی معاملات کو سر انجام دینا ممکن و درست ہو تو جائزہے کہ اسی نام کو برقرار رکھا جائے تاکہ سائلہ کو مشکلات سے دو چار نہ ہونا پڑے۔

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمد الطاف چشتی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

31اگست 2026ءبمطابق17ربیع الاول1448ھ کو جاری کیا گیا