سوال
بخدمت حضرات مفتیانِ کرام،میں بحیثت ڈاکٹر آپ حضرات سے عرض کر رہا ہوں کہ چھوٹے (پیدائش سے 5سال تک کے)بچوں میں جان لیوا امراض کی تشخیص کے لیے نمونے درکار ہیں، جو بعد از مرگ سوئی اور روئی کے ذریعے بچے کے جسم کے مختلف حصوں (سر ،کمر اور سینے)سے لیے جائیں گے،جس میں خون پانی اور جراثیم (ٹشو) کے نمونے شامل ہیں،نمونہ لینے کے بعد جسم پر ٹیکے جیسا نشان رہ جائے گا ۔ اس کا مقصد صرف ان امراض کے لیے مؤثرادویات یا ویکسین تجویز کرنا ہے،جن کا ابھی تک مؤثر علاج اور دریافت موجود نہیں ہے تا کہ بچوں کو ان جان لیوا بیماریوں سے محفوظ کرسکیں،چونکہ تشخیص کے ذریعے ہی مختلف بیماریوں کا علاج ممکن ہے،اس پس منظر میں بچوں کی جان بچانے کے لیے یہ نمونے لینا قرآن وحدیث کے مطابق جائز ہیں ؟ برائے مہربانی ہماری رہنمائی فرمائیں۔ مستفتی :ڈاکٹرعبد المومن قاضی
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں 5 سال سے کم عمر مردہ بچے کے جسم کے مختلف حصوں(کمر ،سینا اور سر) سے نمونے لینے کا ذکر ہے۔
لہذا سب سے پہلے یہ بات ذہن میں رکھیں کہ احادیث ِ نبوی ﷺ اور امت کے فقہاء کرام علیہم الرضوان کے اتفاق سے یہ بات ثابت ہے کہ جس طرح زندہ انسان کی عزت و تکریم اور احترام لازم ہے اسی طرح مردہ انسان کی عزت و تکریم لازم و ضروری ہے ،مردے کو اذیت و تکلیف دینا اس طرح حرام و ممنوع جس طرح زندہ انسان کو اذیت و تکلیف دینا حرام ہے۔
مختصر تمہید کے بعد مذکورہ صورت کا حکمِ شرع یہ کہ صورتِ مسئولہ میں بچے کے جسم کے مختلف حصوں (کمر سینا،سر) سے نمونہ لینا یقینا میت کی اذیت و تکلیف کا باعث بنے گا،کیونکہ سوئی سے زندہ کو بھی تکلیف ہوتی ہے ،اور بغیر ضرورت ِ شدیدہ کے میت کو اذیت و تکلیف پہنچانا حرام و ممنوع ہے ۔
لہذا اس میں سب سے پہلے یہ کام کیا جائے کہ اگر ممکن ہو سکے تو ،اس طریقہ کو زندہ بچوں پر انکے ولی کی اجازت سے آزمایا جائے یا کسی غیر مسلم بچوں سے یہ نمونہ لیا جائے۔
ہاں! اگر یہ صورتیں ممکن نہ ہوسکیں ،اور5 سال سے کم بچوں کی شرح اموات بھی زیادہ ہو اور اس کے علاوہ اور کوئی ظاہری یا پوشیدہ بیماری کا گمان بھی نہ ہو یا اور کوئی حل بھی نہ ہو ،اور اس شعبہ کے ماہر ڈاکٹروں کی اکثریت کی رائے غلبہ ظن کے ساتھ اس کے اوپر قائم ہو ،تو پھر والدین کی اجازت سے اس ضرورت ِ شدیدہ (جیساکہ علماء نے ضرورت کی بناء پر پوسٹ مارٹم کی اجازت دی ہے)کے وقت صرف اور صرف مذکورہ طریقہ سے اس چھوٹے بچے کے سینے سےروئی اور سوئی کے ذریعے نمونہ لیا جاسکتا ہے ،اوربہتر یہ ہے کہ یہ نمونہ قبل از غسل لینا چاہیے۔
الاشباہ والنظائر میں ہے :
" الضرورات تبيح المحظورات،
ترجمہ:یعنی ضرورتیں ممنوع چیزوں کو جائز کردیتی ہیں۔
(الاشباہ والنظائر،ج:1،ص:73)
در مختار میں ہے:
"وقيل يرخص إذا علم فيه الشفاء ولم يعلم دواء آخر كما رخص الخمر للعطشان وعليه الفتوى"
ترجمہ:یعنی کہا گیا ہے جب اس (حرام چیز) میں شفاء کا غالب گمان ہو اور کسی دوسری دوا کا پتا نہ ہو ،تو اس میں رخصت دی جائے گی جیسے پیاسے کو (اضطرار کی حالت میں)شراب پینے کی اجازت دی گئی ہے "اور اسی قول پر فتویٰ ہے"۔
(در مختار،ج:1،ص:406،مکتبہ رحمانیہ)
لہذا یہاں بھی چھوٹے بچوں کی جان بچانے کے لئے مردہ چھوٹے بچوں کے جسم سے سوئی کے ذریعے پانی کا نمونہ لینا "اگرچہ حرام ہے " اس سے بچوں کو اذیت و تکلیف ہوگی ،لیکن ضرورت اور حاجت کےوقت مندرجہ بالا اصول کے تحت اور مذکورہ فقہی قول کے تحت یہ حلال اور جائز ہوجائے گا اور اس وقت اس کی حرمت ختم ہوجائے گی۔
تحفۃ الفقہاء میں ہے:
"ولو أن حاملا ماتت وفي بطنها ولد يضطرب فإن كان غالب الظن أنه ولد حي وهو في مدة يعيش غالبا فإنه يشق بطنها لأن فيه إحياء الآدمي بترك تعظيم الآدمي وترك التعظيم أهون من مباشرة سبب الموت"
ترجمہ:اگر کوئی حاملہ مرجائے اور اس کے پیٹ میں کوئی بچہ حرکت کرتا ہو اور غالب گمان یہ ہے کہ یہ بچہ زندہ ہے اور اتنی مدت کا ہے جو عام طور پر زندہ رہ جاتا ہے ،تو اس حاملہ کے پیٹ کو چاک کیا جائے گا اس لئے کہ اس میں ایک آدمی کو جان بخشنا ہے آدمی کی ترکِ تعظیم کے ساتھ ،لہذاآدمی کی تعظیم کو چھوڑنا آسان ہے اس سے کہ کسی زندہ کی موت کا سامان کیا جائے ۔
(تحفۃ الفقہاء،ج:3،ص:345)۔
البحر الرائق میں مذکورہ قول ذکر کرنے کے بعد اس کی علت لکھتے ہیں:
"لأن ذلك تسبب في إحياء نفس محترمة بترك تعظيم الميت فالإحياء أولى"
ترجمہ:کیونکہ تعظیمِ میت کے ترک میں ایک محترم جان کو زندگی مل رہی ہے،لہذا جان بچانے کو ترجیح دینا اولی ہے"۔
(البحر الرائق،ج:8،ص:376،دار الکتاب )
شرح منیۃ المصلی میں ہے :
ولا یحفر قبرلدفن اخرما لم یبل الاول فلم یبق لہ عظم الاّ عند الضرورۃ بان لم یوجد مکان سواہ ۔
ترجمہ:"دوسرے مردہ کو دفن کرنے کے لیے قبر نہ کھودی جائے جب تک پہلا مردہ بوسیدہ نہ ہوجائے یہاں تک کہ اس کی ہڈیاں باقی نہ رہیں مگر بوقت ضرورت قبر کھودنا جائز ہے جبکہ اس کے بغیر کوئی دوسری جگہ میسر نہ ہو ۔
( غنیۃ المستملی شرح منیۃ المصلی فصل فی الجنائز ، ص:607)۔
امام اہل سنت امام احمد رضا خان قادی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :"اگر معترض کہے کہ بمبئی وغیرہ عظیم شہروں میں قبور کھود کر ان میں دوسرے اموات دفن کئے جاتے ہیں، تو اگر قبور کھودنے سے اموات کی توہین ہوتی ہے توان شہروں میں یہ کام کیوں ہوتا ہے، تو جواب اس کا یہ ہے کہ ان شہروں میں جگہ بہت تنگ ہے، قبرستانوں میں اتنی وسعت نہیں ہے کہ میّت کے لیے الگ الگ قبرہو، لہذا اس ضرورت شدیدہ سے یہ جائز ہے کہ "الضرورات تبیح المحظورات" ( بوقت ضرورت منع کردہ چیزیں بھی جائز ہوجاتی ہیں ۔ت) قاعدہ متفقہ ہے۔
(فتاوی رضویہ،ج:9،ص:438)۔
علمائے کرام کا اتفاق ہے کہ مسلمان کی عزت مُردہ و زندہ برابر ہے۔
محقق علی الاطلاق شیخ ابنِ ہمام رحمۃ اﷲ تعالٰی علیہ فتح القدیر میں فرماتے ہیں :
" الاتفاق علٰی انّ حُرمۃ المسلم میّتا کحرمتہ حیّا ۔
ترجمہ:"اس بات پر اتفاق ہے کہ مردہ مسلمان کی عزت وحرمت زندہ مسلمان کی طرح ہے ۔
(فتح القدیم فصل فی الدفن ،ج:2،ص:102)۔
نبی کریم ﷺ ارشاد فرماتے ہیں :
" کسر عظم المیّت واذاہ ککسرہ حیّا "
ترجمہ:مُردے کی ہڈی کو توڑنا ا ور اسے ایذا پہنچانا ایسا ہی ہے جیسے زندہ کی ہڈی کو توڑنا۔
(سنن ابی داؤد ،حدیث3207)۔
علاّمہ ابن عابدین شامی حاشیہ درِمختار میں فرماتے ہیں:
"لان المیّت یتأذی بما یتاذی بہ الحیّ "
ترجمہ:یعنی اس لیے کہ جس سے زندو ں کو اذیت ہوتی ہے اس سے مردے بھی ایذا پاتے ہیں۔
(ردالمحتار فصل الاستنجاء،ج:1،ص:612 )۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب