سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ میں جامع مسجد المدینہ واقع سندھی محلّہ ،شانتی نگر 72۔C گلشن اقبال ٹاؤن، کراچی کا بانی ہوں۔ 1990 سے مسجد مسلک اہل سنت و جماعت(بریلوی) سے وابستہ اور رجسٹرڈ ہے اور میں مسجد کی بنیاد سے مسجد انتظامیہ کمیٹی کا صدر ہوں اور مسجد شریف کی زمین صدر کی حیثیت سے بھی میرے نام لیز ہے۔ مذکورہ مسجد کی چاردیواری کے اندر عینِ مسجد کی حد سے باہر خادم کے کمرے کے ساتھ ایک چھوٹی سی جگہ خالی ہے جہاں ایک قبر بن سکتی ہے اور یہ جگہ کسی خاص استعمال میں بھی نہیں ہے۔ میری شروع سے ہی ایک خواہش رہی ہے کہ وفات کے بعد مجھے اس جگہ دفنایا جائے اور مسجد کی انتظامیہ متفقہ طور پر اس جگہ مجھے دفنانے کی منظوری بھی دے چکی ہے بشرطیکہ شرعی لحاظ سے درست وجائز ہو ۔اسی وجہ سے آپ سے سوال ہے کہ شرعی لحاظ سے فوت ہونے کے بعد سائل کی خواہش کے مطابق اور مسجد کے بانی ہونے کی حیثیت سے اسی جگہ دفنانا کیسا؟لہذا مذکورہ مسئلہ بابت شریعت کی روشنی میں فتوی جاری کیا جائے،تو آپ کی عین نوازش ہوگی۔ بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
جب مسجدیت کا وقف تام و لازم ہوجائے تو وہ واقف کی ملکیت سے نکل کر خالصتاً اللہ تعالیٰ کی ملک بن جاتی ہے۔ اس کے بعد اس میں کسی بھی قسم کا ذاتی نوعیت کا تصرف جو مسجد اور مصالحِ مسجد کے سوا کسی اور مقصد کے لیے ہو، شرعاً ناجائز و حرام ہے، الا یہ کہ وقف مکمل ہونے سے پہلے واقف نے کوئی واضح شرط مقرر کی ہو۔محض خواہش"نصُ الواقف " کا درجہ نہیںرکھتی۔
لہذا صورتِ مسئولہ کا حکم یہ ہے کہ اگرچہ آپ مسجد کے بانی ہیں اور ابتدا سے اس کی خدمت اور انتظام سے وابستہ ہیں، نیز آپ کی نیت بھی حسن پر مبنی ہے اور مسجد انتظامیہ کی طرف سے اس کی اجازت بھی موجود ہے، تاہم محض ذاتی خواہش کی بنیاد پر مسجد کی چاردیواری کے اندر اگر چہ وہ عینِ مسجد کی حدود سے باہر ہو اور فی الوقت کسی کام کے لئے نہ ہوپھر بھی قبر بنانا شرعاً جائز نہیں۔کیونکہ وقف مکمل ہونے کے بعد مسجد کی زمین کسی فرد کی ملکیت نہیں رہتی بلکہ اللہ تعالیٰ کے لیے خاص ہو جاتی ہے، اور اس میں کسی قسم کا ایسا تصرف جس کا تعلق ذاتی مفاد سے ہو، قابلِ اجازت نہیں۔ مزید برآں، مسجد انتظامیہ یا کمیٹی کی محض نظم و نسق کی ذمہ دار ہوتی ہے، انہیں بھی وقف میں خلافِ شرع تبدیلی یا تصرف کا اختیار حاصل نہیں۔ اگر وہ ایسا کریں تو شرعاً ان کا یہ عمل معتبر نہیں ہوگا۔لہٰذا شرعی تقاضا یہی ہے کہ تدفین عام قبرستان میں کی جائے یا مسجد کے قریب کسی ذاتی ملکیت کی زمین حاصل کر کے وہاں دفن ہونے کا انتظام کیا جائے، کیونکہ مساجد اس مقصد کے لیے مقرر نہیں کی گئیں۔
تفسیر قرطبی میں ہے:
"قَوْلُهُ تَعَالَى:وَأَنَّ الْمَساجِدَ لِلَّهِ أَيْ بُنِيَتْ لِذِكْرِ اللَّهِ وَطَاعَتِهِ"
ترجمہ:اللہ تعالی ٰکا فرمان: اور مساجد اللہ ہی کے لئے ہیں یعنی وہ اللہ تعالیٰ کے ذکر و طاعت کے لئے بنائی گئیں ہیں۔
(تفسیر قرطبی،ج:19،21،مکتبہ رشیدیہ)
ہدایہ میں ہے:
"لان الوقف ازالۃ الملک الی اللہ تعالی علی وجہ القربۃ"
ترجمہ:وقف یہ ہے کہ اپنی ملکیت کو اللہ تعالی کے لیےعبادت کے طور پر زائل کرنا ۔
(ہدایۃ مع فتح القدیر،کتاب الوقف،ج:6،ص:210، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)
فتح القدیر میں ہے:
" امرنا بابقاء الوقف علی ماکان "
ترجمہ: ہمیں حکم ہے کہ وقف کو گزشتہ حال پر قائم رکھیں ۔
(فتح القدیر،ج:6،ص:4، مطبوعہ نوریہ رضویہ سکھر )
تنویرالابصارمیں ہے:
"فاذاتم ولزم لایملک ولایملک ولایعارولایرھن"
ترجمہ:جب وقف تام اورلازم ہوجائے توکوئی نہ اس کامالک بنے نہ کسی کومالک بنائے،نہ عاریۃًدیاجائے اورنہ رہن رکھاجاسکے گا۔
(تنویرالابصارمع الدرالمختار،کتاب الوقف،ج:6، ص:539، مکتبہ امدادیہ ملتان)
اس کے تحت علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں :
" (قَوْلُهُ: لَا يُمْلَكُ) أَيْ لَا يَكُونُ مَمْلُوكًا لِصَاحِبِهِ وَلَا يُمَلَّكُ أَيْ لَا يَقْبَلُ التَّمْلِيكَ لِغَيْرِهِ بِالْبَيْعِ وَنَحْوِهِ "
ترجمہ:(مصنف کا قول لا یملک ) یعنی وہ واقف کا مملوک نہیں ہوگا ، اور نہ ہی وہ کسی دوسرے کو اسکا مالک بنا سکتا ہےیعنی غیر کی تملیک بیع وغیر ہ کے ذریعہ قبول نہیں کی جائے گی ۔
(رد المحتار علی الد ر المختار : ج6،ص 540 ، مکتبہ رحمانیہ)
فتاوی عالمگیری میں ہے:
" ولایجوز تغییر الوقف عن ھیئتہ فلایجعل الداربستاناًولاالخان حماماًولاالرباط دکاناالااذاجعل الواقف الی الناظرمایری فیہ مصلحۃ الوقف کذافی السراج الوہاج"
ترجمہ:وقف کو اسکی ہیئت سے بدلنا جائز نہیں پس موقوفہ گھرکوباغ نہیں بنایاجائے گااورنہ مسافرخانہ کوحمام اورنہ سرائے کودکان بنایاجائے گا،ہاں اگرواقف نے وقف کے وقت متولی کو اس کا اختیار دیا کہ اس کی تبدیلی وقف کی مصلحت دیکھے توتبدیلی کرسکتاہے ،اسی طرح السراج الوہاج میں ہے۔
(فتاوی عالمگیری،کتاب الوقف ج:2،ص:441،قدیمی کتب خانہ کراچی)
امام اہلِ سنت امام احمد رضا خان قادری علیہ رحمۃ الرحمن لکھتے ہیں:
تمام اوقاف علی الصحیح المفتی بہ اور خصوصا مساجدباجماع امت اﷲ عزوجل کے سواکسی کی ملک نہیں ’’قال اﷲ تعالی ’’وانّ المساجد ﷲ‘‘(اﷲ تعالی نے فرمایا :اور یہ کہ مسجدیں اﷲہی کی ہیں )۔
(فتاوی رضویہ،ج:16،ص:393،مکتبہ رضا فاؤنڈیشن )
ایک اور مقام پر فرماتے ہیں کہ:
وقف میں تصرف مالکانہ حرام ہے اور متولی ایسا کرے تو فرض ہے کہ اسے نکال دیں اگرچہ خود واقف ہو۔
(فتاوی رضویہ، ج:16،ص: 162،مکتبہ رضا فاؤنڈیشن )
مزید آپ علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
عامہ شرائط معتبرہ کااختیارشرع مطہر نے واقف کوصرف انشائے وقف کے وقت دیاہے مثلاًجسے چاہے اس کامصرف بنائے،جسے چاہے اس سے جدارکھے ،جسے جتناچاہے دینابتائے،جس وقت یاحالت یاصفت کیساتھ چاہے مقیدکردے،جوترتیب چاہے مقررکرے،جب تک اس انشاء میں مختارہے،وقف تمام ہوتے ہی وہ تمام شروط مثل وقف لازم ہوجاتی ہیں کہ جس طرح وقف سے پھرنے یااس کے بدلنے کااسے اختیارنہیں رہتایونہی ان میں سے کسی شرط سے رجوع یااس کی تبدیل یااس میں کمی پیشی نہیں کرسکتاہاں اگرانشاء ہی کے وقت شرط لگادی تھی کہ مجھے ان تمام شروط یاخاص فلاں شرط میں تبدیلی کااختیارہوگاتوجس شرط کے لئے بالتصریح یہ شرط کرلی تھی اسی کوبدل سکے گاپھراسے بھی ایک ہی باربدل سکتاہے،جب تبدیلی ہولی اب دوبارہ تغیرکااختیارنہ ہوگاکہ اسی قدرشرط کامفادتھا‘وہ پوراہوگیااب دوبارہ تبدیل شرط شے زائدہے لہذامقبول نہ ہوگی البتہ اگرکسی شرط پرانشائے وقف میں یہ شرط لگادی کہ میں اسے جب کبھی چاہوں ہرباربدل سکوں گاتواس شرط کی نسبت اختیارمستمررہے گاکہ اب اس کااستمرارہی مقتضائے شرط ہے غرض واقف خوداس کاقطعی پابندہوتاہے جوان شرائط میں وقف کرتے وقت زبان یاقلم سے نکال چکااس سے باہران میں کوئی تصرف نہیں کرسکتا‘‘۔امام طرابلسی ’’اسعاف‘‘ میں فرماتے ہیں:’’لایجوزلہ أن یفعل الا ماشرط وقت العقد‘‘یعنی واقف کواسی قدرکرنے کی اجازت ہے جتناوقف کرتے وقت شرط کرچکاتھا۔
(فتاوی رضویہ،ج:16،ص:139۔ 141، رضافاؤنڈیشن لاہور)
الفقہ الاسلامی وادلتہ میں ہے:
"واتفق العلماء في وقف المساجد ۔۔۔۔لا ملك لأحد فيها، وأن المساجد لله تعالى"
ترجمہ:علماء کا اتفاق ہے کہ مساجد کے وقف میں کسی کی بھی ملک نہیں ہوگی اور مساجد فقط اللہ تعالیٰ ہی کے لئے ہیں۔
(الفقہ الاسلامی وادلتہ،ج:10،ص:7602، دار الفكر - سوريَّة – دمشق)
فتح القدیر میں ہے:
"ولا يدفن صغير ولا كبير في البيت الذي مات فيه فإن ذلك خاص بالأنبياء، بل ينقل إلى مقابر المسلمين"
ترجمہ: کسی چھوٹے یا بڑے کو اس گھر میں دفن نہیں کیا جائے گا جس میں اس کی وفات ہوئی ہو، کیونکہ یہ انبیاء علیہم السلام کا خاصہ ہے۔ بلکہ اسے مسلمانوں کے قبرستان میں منتقل کیا جائے گا۔
(فتح،ج:3،ص:149،مکتبہ اشرفیہ)
اس جزئیہ کو نقل کرنے کے بعد خاتمۃ المحققین علّامہ ابنِ عابدین شامی علیہ الرحمہ(المتوفّیٰ:1252 ھ) فرماتے ہیں :
"ومقتضاه أنه لا يدفن في مدفن خاص كما يفعله من يبني مدرسة ونحوها، ويبني له بقربها مدفنا تأمل"
ترجمہ: اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ کسی کو ذاتی قبرستان میں دفن نہیں کیا جائے، جیسا کہ بعض لوگ مدرسہ وغیرہ بناتے ہیں اور اس کے قریب اپنے لیے قبر بھی تیار کر لیتے ہیں۔ اس بات پر غور کرنا چاہیے۔
(رد المحتار علی الدر المختار،ج:3،ص:166،مکتبہ رحمانیہ)
التعلیقات علی کتاب الآثار میں اس جزئیہ کو نقل کرنے کے بعد لکھاکہ:
"قلت:کالمسجد اذا دفن بقربه واما اذا دفن فی صحن المسجدفلابد ان یخرج منه لانه فی معنی الغصب وانه وان کان وقفا فهو وقف ان یصلی ویذکر اللهدون ان یدفن فيه الاموات"
ترجمہ: میں کہتا ہوں:یہ ایسی ہے جیسے مسجد کے قریب دفن کرنا ،لیکن اگر کسی کو مسجد کے صحن میں دفن کر دیا جائے تو لازماً اسے وہاں سے نکالا جائے گا، کیونکہ یہ غصب کے حکم میں ہے۔ اگرچہ مسجد وقف ہوتی ہے، مگر وہ اس لیے وقف کی گئی ہے کہ وہاں نماز پڑھی جائے اور اللہ کا ذکر کیا جائے، نہ کہ اس میں مردوں کو دفن کیا جائے۔
(التعلیقات علی کتاب الآثار،ج:2،ص:210،دار الکتب العلمیہ)
مساجد وقف ہوتی ہیں اور خالصتاً اللہ تعالیٰ کے لیے مخصوص ہوتی ہیں، اس لیے ان میں کسی قسم کا ذاتی تصرف جیسے اپنی قبر بناناجائز نہیں۔ برخلاف ذمیوں کی عبادت گاہوں کے، جن میں ان کی ملکیت اور ذاتی استعمال باقی رہتا ہے۔
چناچہ البحر الرائق میں ہے:
"بقي إشكال على قول أبي حنيفة وهو أن هذا عندهم كالمسجد عندنا، والمسلم ليس له أن يبيع المسجد فوجب أن يكون الذمي كذلك؛ لأنهم عنده يتركون وما يعتقدون وجوابه أن المسجد محرز عن حقوق العباد فصار خالصا لله ولا كذلك البيع في حقهم فلأنها لمنافع الناس؛ لأنهم يسكنون فيها ويدفنون فيها أمواتهم فلم تصر محرزة عن حقوقهم فكان ملكه فيها تاما"
ترجمہ: امام ابو حنیفہ کے قول پر ایک اشکال باقی رہتا ہے، وہ یہ کہ یہ ( ذمیوں کی عبادت گاہ) ان کے نزدیک ہمارے مسجد کی طرح ہے، اور مسلمان کو مسجد بیچنے کا حق نہیں، تو پھر ذمی کو بھی یہی حکم ہونا چاہیے، کیونکہ امام ابو حنیفہ کے نزدیک انہیں ان کے عقائد پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔اس کا جواب یہ ہے کہ مسجد لوگوں کے حقوق سے محفوظ ہو کر خالص اللہ کے لیے ہو جاتی ہے، جبکہ ان کے معاملے میں ایسا نہیں؛ کیونکہ ان کی عبادت گاہیں لوگوں کے فائدے کے لیے ہوتی ہیں وہ ان میں رہتے بھی ہیں اور اپنے مردوں کو بھی وہیں دفن کرتے ہیں اس لیے وہ لوگوں کے حقوق سے خالی نہیں ہوتیں، چنانچہ اس میں ان کی ملکیت مکمل باقی رہتی ہے۔
(البحر الرائق،ج:8،ص:517، دار الكتاب الإسلامي)
اس طرح سوال کے جواب میں حضور فقیہ ملت مفتی جلال الدین احمد الامجدی علیہ الرحمہ نے تحریر فرماتے ہیں:
عالم صاحب کا مدرسہ کی زمین میں دفن کرنے کی وصیت کرنا جائز نہیں ہے کہ مدارس کی زمینیں مردہ دفن کرنے کے لئے نہیں ہوتی ہیں بلکہ ان کی ضروریات کے لئے ہوتی ہیں۔ اور جو چیز جس غرض کے لئے وقف کی گئی ہے دوسری غرض کی طرف اسے پھیرنا حرام ہے۔فتاوی امجدیہ جلد سوم صفحہ ۱۶ میں عالمگیری سے ہے: لا يجوز تغيير الوقف عن ھیئته" پھر اسی کتاب کے صفحہ ۶،پر فتح القدیر سے ہے: "الوا جب ابقاء الوقف على ما كان عليه "
(فتاویٰ فقیہ ملت، ج:2،ص:133، مطبوعہ شبیر برادرز لاہور)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب