دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

مسجد کی آمدنی سے مزید دکانیں خریدنے کا شرعی حکم

19323 نومبر، 2026152
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ مسجد کے احاطے میں موجود دکانوں کے کرائے سے حاصل ہونی والی آمدنی سے مزید دکانیں خریدی جاسکتی ہیں؟ کیونکہ ان کو کرائے پر دینے سے مسجد کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے اور چندے پر انحصار بھی کم ہے ۔بینوا توجروا! سائل : محمد جنید ،کراچی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہے کہ مسجد پر وقف شدہ دکانوں کے کرائے سے حاصل ہونے والی آمدنی سے مزید دکانیں خریدی جا سکتی ہیں ۔مسجد کی آمدنی دو طرح کی ہوتی ہے :

1.مسجد کی دکانوں کا کرایہ :مساجدکی دکانیں وقف علی المسجد ہوتی ہیں اور جب کوئی شے ( یعنی سامان ،جائیداد، زمین وغیرہ) وقف کی جائے تو وہ ہمیشہ کیلئے اللہ تعالی کی ملک میں داخل ہو جاتی ہے ۔اس کا حکم یہ ہے کہ اصل چیز جو وقف کی گئی اس کو باقی رکھ کر اس سے حاصل ہونے والے منافع کو استعمال کیا جائے گا اس کو نہ تو بیچا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی اور ذاتی مقصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کا اصل وجود (پلاٹ) اپنی جگہ برقرار رہے گا اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی (کرایہ ،جو کہ بمنزل ہبہ کے ہے )مسجد اورمصالح مسجد کیلئے استعمال کی جائے گی ۔لیکن وقف کی آمدنی سے جو جائیداد(دکان یا مکان )خریدا جائے، وہ وقف کی ملکیت تو ہوگالیکن اس پر وقف کے احکام لاگو نہیں ہوتے یعنی متولی بوقت ضرورت و مصلحت اس جائیداد کو وقف کیلئے فروخت کر سکتا ہے ۔

.2وقف کیلئے جو چندہ دیا جاتا ہے :

مسجد کے غلوں اور جمعہ میں جمع شدہ چندہ: وقف کی آمدنی ہے نہ کہ وقف اور یہ بھی بمنزل ہبہ کے ہے ، جب متولی نے اس پر قبضہ کر لیا تو یہ ہبہ کرنے والے کی ملکیت سے نکل گئی لہذا دینے والا اس میں تصرف نہیں کر سکتا ، اورنہ ہی متولی کی ملکیت میں ہے چونکہ یہ محض اس وقف کی آمدنی کا وکیل ہے تو یہ بھی اس میں تصرف نہیں کر سکتا ، لہذا یہ وقف کی ملکیت ہے۔اور وقف کی ملکیت کا حکم یہ ہے کہ اس وقف کی آمدنی کو عرف )یعنی رواج( کے مطابق اسی موقوفہ شے پر خرچ کیا جائے مثلا وقف کی عمارت کی تعمیر پھر جو اس کے زیادہ قریب ہے مثلا امام، مؤذن، خادم کی تنخواہیں،اور مسجد کی بجلی کا بل وغیرہ اور اگر چندہ اتنا ہے کہ مذکورہ تمام ضروریات پوری کرنے کے بعد ایک خاص مقدار بچ جاتا ہے تو پھر اس سے وقف کے پیش ِ نظر مزید کوئی دکان وغیرہ لے سکتے ہیں تاکہ وقف کی آمدنی میں اضافہ ہو جائے ۔

الاسعاف فی احکام الاوقاف میں ہے : (ولفظہ )

"أول ما يفعله القيم في غلة الوقف البداءة بعمارته...، وإن لم يشرطها الواقف نصاً؛ لشرطه إياها دلالة؛ لأنَّ قصده منه وصول الثواب إليه دائماً، ولا يمكن ذلك إلا بها.ويتحرى في تصرفاته النظر للوقف والغبطة؛ لأنَّ الولاية مقيدة به،ولو اشترى المتولي بما فضل من غلة وقف المسجد حانوتاً أو مستغلاً آخر جاز؛ لأن هذا من مصالح المسجد"ملتقطا

ترجمہ: وقف کی آمدنی میں سب سے پہلے متولی جو کام کرتا ہے وہ وقف کی تعمیر شروع کرنا ہےاگرچہ واقف نے اس کی صراحتاً شرط نہ لگائی ہو، کیونکہ اس کی شرط( وقف کی آمدنی سے پہلے تعمیر شروع کرنا) دلالۃً موجود ہےکیونکہ واقف کا مقصود وقف کی گئی چیز سے یہ ہوتا ہے کہ اس کو ہمیشہ ثواب پہنچتا رہے اور یہ مقصود مرمت /تعمیر کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا اورمتولی کو چاہئے اپنے تمام تصرفات میں وقف کے فائدے اور مصلحت کو پیش نظر رکھےاس لیے کہ(متولی کا )اختیار اسی فائدے کے ساتھ پابند ہےاور اگر متولی نے مسجد کے وقف کی فاضل آمدنی سے کوئی دکان یا دوسری منفعت حاصل کرنے والی (کوئی چیز ) خرید لے تو یہ جائز ہےکیونکہ یہ مسجد کی مصلحت سےہے۔

(الاسعاف فی احکام الاوقاف،ص:232،مکتبہ مرکز انوار العلماء)

الاختیار لتعلیل المختار میں ہے :

"قَيِّمٌ اشْتَرَى مِنْ غَلَّةِ الْمَسْجِدِ حَانُوتًا لِلْمَسْجِدِ يَجُوزُ بَيْعُهُ عِنْدَ الْحَاجَةِ لِأَنَّهُ مِنْ غَلَّةِ الْوَقْفِ وَلَيْسَ بِوَقْفٍ ; لِأَنَّ صِحَّةَ الْوَقْفِ تَعْتَمِدُ الشَّرَائِطَ وَلَمْ تُوجَدْ فِيهِ"

ترجمہ: اگر مسجد کے متولی نے مسجد کی آمدنی سے مسجد کے لیے کوئی دکان خریدی، تو ضرورت کے وقت اسے فروخت کرنا جائز ہے,کیونکہ وہ وقف کی آمدنی سے خریدی گئی ہے اور وہ بذاتِ خود وقف نہیں ہے، اس لیے کہ وقف کے صحیح ہونے کے لیے مخصوص شرائط ضروری ہیں جو اس خریداری میں نہیں پائی گئیں۔

( الاختیار لتعلیل المختار،الجزءالثالث،ص:57 ،قدیمی کتب خانہ )

کسی مد میں خاص کیے بغیر جو دکان ،مکان مطلقا ً مسجد پر صدقہ کی جائے تو اسکے متعلق

البحر الرائق شرح کنز الدقائق میں ہے :

"المتولی اذا اشترى من غلة المسجد حانوتا او دارا او مستغلا آخر .... جاز لان ھذا من مصا لح المسجد "

ترجمہ :متولیِ وقف جب خریدے مسجد کی آمدنی سے دکان یا نفع حاصل کرنے والی کوئی دوسری چیز تو جائز ہے کیونکہ یہ مسجد کے فائدے کے لئے ہے ۔

(البحر الرائق شرح کنز الدقائق ،ج:5،ص: 346،دار الکتاب )

البحر الرائق شرح کنز الدقائق ،الحاوی القدسی میں ہے :(ولفظہ )

" والذي يبتدأ به من ارتفاع الوقف عمارته شرط الواقف ام لا ثم الى ما هو اقرب الى العمارة واعم للمصلحة"

ترجمہ : وقف کی آمدنی سے (خرچے کی) ابتداء وقف کی عمارت ضرور یہ پر کی جائے گی واقف اسکی شرط لگائے یا نہ لگائے اس کے بعد جو عمارت کے زیادہ قریب ہواور وہ وقف کی مصلحت کوزیادہ شامل ہو ۔

( البحر الرائق شرح کنز الدقائق ،ج:5،ص 356 ،دار الکتاب ، الحاوی القدسی،ص:550 ،ج:1 ،مکتبہ نوریہ رضویہ)

الدرالمختار میں ہے:

"( ويبدأ من غلته بعمارته ثم ما هو أقرب لعمارته)"

ترجمہ:یعنی وقف کی آمدنی سے سب سے پہلے خرچے کی شروعات وقف کی عمارت ضرور یہ پر کی جائے گی، اس کے بعد جو عمارت ضروریہ کے زیادہ قریب ہو۔

اسکے تحت ردالمحتار میں ہے:

"قوله : (ثم ما هو أقرب لعمارته إلخ) أي فإن انتهت عمارته وفضل من الغلة شيء يبدأ بما هو أقرب للعمارة وهو عمارته المعنوية التي هي قيام شعائره "

ترجمہ : (اس کا قول : اس کے بعد جو عمارت ضروریہ کے زیادہ قریب ہو) یعنی جب وقف کی عمارت ضروریہ کا کام ختم ہو جائے اور وقف کی آمدنی میں سے کچھ بچے ، تو پھر جو عمارت ضروریہ کے زیادہ قریب ہے اس پر خرچ کی شروعات کی جائے گی اور وہ وقف کی عمارت معنویہ ہے اور معنویہ وہ ہے جس کی وجہ سے وقف کے شعار قائم ہیں۔

(رد المحتارعلی الدرالمختار ، ج: 6، ص: 562/564، مکتبہ رحمانیہ )۔

الفتاوی العالمگیری میں ہے :

"رجل أعطى درهما في عمارة المسجد أو نفقة المسجد أو مصالح المسجد صح؛ لأنه وإن كان لا يمكن تصحيحه وقفا ویمکن تصحیحہ تمليكا بالهبة للمسجد فإثبات الملك للمسجد على هذا الوجه صحيح فيتم بالقبض، كذا في الواقعات الحسامية"

ترجمہ :اگر کسی شخص نے ایک درہم مسجد کی تعمیر، اخراجات، یا اس کی دیگر ضروریات کے لیے دیا تو یہ صحیح ہے۔ کیونکہ اگر چہ اسے وقف کے طور پر صحیح قرار نہیں دیا جا سکتا، لیکن ہبہ (تحفہ) کے ذریعے مسجد کو اس کا مالک بنانا صحیح ہے۔ لہذاء اس طریقے سے مسجد کی ملکیت ثابت کرنا درست ہے اور یہ ہبہ قبضے میں لینے سے مکمل ہو جاتا ہے۔ یہ بات " الواقعات الحسامیہ " میں مذکور ہے۔

(الفتاوی العالمگیری،ج:2،ص:429 ،قدیمی کتب خانہ )

فتاوی امجدیہ میں ہے :

اگر واقف نے وقت وقف اسکے مصارف کی تعیین کردی ہے تو اس آمدنی کو اس شرط کے موافق خرچ کریں" لان شرط الواقف کنص الشارع" اور اگر شرط واقف کا علم نہ ہو یا اس نے شرط کی ہی نہیں تو آمدنی جوکچھ ہوا سے عمارت مسجد پر صرف کریں اور بعد عمارت جو کچھ بچے حسب ضرورت تنخواہ امام و موذن اور چراغ بتی فرش و فروش و دیگر ضروریات مسجد میں خرچ کریں ۔

(فتاوی امجدیہ،ص:122 ،ج:3،مکتبہ رضویہ کراچی )

خلاصہ: یہ ہے کہ مسجد کے احاطے میں موجود دکانوں کے کرائے سے حاصل ہونے والی آمدنی اگر وقف کے تمام اخراجات کرنے کے بعد بچ جائے تو اس سے مزید دکانیں خریدی جا سکتی ہیں ۔

واللہ اعلم باالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمدعلی رضا قادری رضوی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

07جولائی2026ءبمطابق 20محرم الحرام 1448ھ کو جاری کیا گیا