سوال
ہمارے ادارہ خالد بن ولید اسٹیٹیوٹ سیکٹر الیون جی، نیو کراچی میں گزشتہ تقریبا چار پانچ سال سے نماز جمعہ ادا کی جارہی ہے۔ اب ادارہ کی انتظامیہ یہ چاہتی ہے کہ عمارت کے نچلے حصہ کو با قاعدہ جامع مسجد قرار دے دیا جائے ، جبکہ اوپر والے حصہ میں حسب سابق طالبات کا مدرسہ جاری رہے۔ اس سلسلہ میں تحریری طور پر شرعی رہنمائی مطلوب ہے۔ بینوا وتوجروا سائل :محمد یعقوب ترابی بانی و مہتمم خالد بن ولید انسٹیٹیوٹ، نیو کراچی
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہے کہ عمارت کے نچلے حصے کو باقاعدہ جامع مسجد قرار دیا جاسکتا ہے کیونکہ مسجد کے تام ہونے سے پہلے اگر اوپر کوئی عمارت مصالحِ مسجد کے لیے بنائی جائے تو جائز ہے اور یہاں پر بھی عمارت کے اوپر والے حصے پر موجود مدرسہ مسجد کے بنانے سے پہلے کا ہے ،نیز یہ مدرسہ بھی وقف ہے ۔
اصولی طور پر مسجد کی یہ شان ہے کہ اس کے اوپر آسمان کی بلندیوں تک اور زمین کے نیچے تک کا حصہ مسجد ہی ہو کیونکہ مسجدیں اللہ ہی کیلئے ہیں لیکن موجودہ دور میں لوگوں کی کثرت کی وجہ سے آبادیاں بہت گنجان ہوگئیں ہیں، خصوصًا بڑے شہروں میں پوری پوری آبادیاں فلیٹوں پر مشتمل ہیں اور مساجد بھی انھیں فلیٹوں میں ہی بنائی جاتی ہیں ۔
کہیں فلیٹوں کے اوپر کہیں نیچے اور کہیں درمیان میں۔ قیاسًا دیکھا جائے تو یہ مساجد شرعی مسجد کی تعریف پر پورا نہیں اترتیں لیکن عرفًا ان کو مسجد ہی کہا اور سمجھا جاتا ہے اور پانچوقتہ نماز بشمول جمعہ ان میں ادا کی جاتی ہیں۔ اگر ان مساجد پر مسجد شرعی کا حکم نہ لگے تو لوگ بہت ہی حرج میں پڑ جائیں گے" والحرج مدفوع بالنص" مثلًا اگر کچھ فاصلے پرمسجد شرعی موجود ہو تو ان فلیٹوں کی مساجد کے نمازیوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ ان مساجد کو چھوڑ کر مسجدِ شرعی کی جماعت میں حاضر ہوں، کہ مسجد شرعی کی جماعت واجب ہے۔اس صورت میں لوگوں کا حرج میں پڑنا کسی ذی شعور پر مخفی نہ رہے گا۔ لہٰذا ان مساجد کو ضرورت اور دفع حرج کے لئے مسجد شرعی کا حکم دیا جائے گا۔ ضرورت کی بنا پر اس قسم کی مساجد کو شرعی مسجد کا حکم دینا ہمارے ائمہ احناف رحمہم اللہ تعالى سے بھی منقول ہے لہٰذاضرورت اور دفع حرج کی بنا پر ظاہر مذہب سے عدول کرتے ہوئے ان اقوال پر فتوی دینا ہی اس وقت اولیٰ ہے۔ جیسا کہ امام ابو یوسف جب بغداد تشریف لائےاور امام محمد جب شہر (رَے) میں تشریف لائےاور جگہ کی تنگی کو دیکھا تو ضرورت کا اعتبار کرتے ہوئے صرف اوپری منزل یا نچلی منزل کو مسجد بنانے کو جائز قرار دیا جائے ۔
اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا :
"یُرِیْدُ اللّٰهُ بِكُمُ الْیُسْرَ وَ لَا یُرِیْدُ بِكُمُ الْعُسْرَ"
ترجمہ کنز الایمان :اللہ تم پر آسانی چاہتا ہے اور تم پر دشواری نہیں چاہتا۔
(پارہ :02 ،سورۃالبقرہ:آیت نمبر :185 )
مسجدوں کے متعلق اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا :
"وَّ اَنَّ الْمَسٰجِدَ لِلّٰهِ"
ترجمہ :اور یہ کہ مسجدیں اللہ ہی کی ہیں۔
( پارہ:29،سورۃ الجن:آیت نمبر: 18)
الدرالمختار میں ہے :
"انه مسجد الی عنان السماء"
ترجمہ : بے شک وہ آسمان کی بلندیوں تک مسجد ہے ۔
اس کے تحت رد المحتار میں ہے :
"وكذا الى تحت الثرى"
ترجمہ:اسی طرح زمین کے نیچے تک مسجد ہے۔
(الدر المختار مع رد المحتار،ج:2،ص:516-517،مکتبہ رشیدیہ)
البحر الرائق شرح کنز الدقائق میں ہے :
"إن شرط كونه مسجدا أن يكون سفله وعلوه مسجداً لينقطع حق العبد عنه لقوله تعالى وأن المساجد لله ﴾ [الجن: ۱۸] بخلاف ما إذا كان السرداب أو العلو موقوفاً لمصالحالمسجد فإنه يجوز إذ لا ملك فيه لأحد۔۔۔. هذا هو ظاهر المذهب"
ترجمہ :مسجد ہونے کیلئے یہ شرط ہے کہ اسکا نچلا حصہ اور اسکے اوپر والا حصہ مسجد (ہی کا ) ہو تاکہ بندے کا حق اس سے ختم ہوجائے ،اللہ تعالی کے اس فرمان (وأن المساجد لله ، اور یہ کہ مسجدیں اللہ ہی کی ہیں)کی وجہ سے ،ہاں جب کہ( مسجد کے نیچے )تہہ خانہ یا اوپر (کوئی عمارت )مصالح مسجد کیلئے وقف ہو تو یہ جائز ہے کیونکہ اس میں کسی ایک کی بھی ملکیت نہیں ہے، یہی ظاہر المذہب ہے۔
(البحر الرائق شرح کنز الدقائق،ج:5،ص:421،دار الکتاب)
الدرالمختار میں ہے:
"لو بنى فوقه بيتا للامام لا يضر لانه من المصالح اما لو تمت المسجدية ثم أراد البناء منع اما لو تمت المسجدية ثم اراد البناء منع ولو قال عنيت ذلك لم يصدق تاتر خانية فإذا كان هذا في الوا قف فكيف بغيره فيجب هدمه ولو على جدار المسجد "
ترجمہ:اگر مسجد کے اوپر امام کے لئے گھر بنایا تو کچھ حرج نہیں کیونکہ امام کا گھر مسجد کی مصلحتوں میں سے ہے بہر حال اگر مسجد ہونا مکمل ہو چکا ہو پھر بنانے کا ارادہ کیا تو منع کیا جائے گا اگر چہ کہے کہ میری نیت اسے بنانے کی تھی اسکی تصدیق نہیں کی جائے گی یہ بات "تاتار خانیہ" میں موجود ہے ، یہ حکم خود واقف کا ہے(لہٰذا جب اسے اجازت نہیں تو) پس دوسرے بدرجۂ او لٰی نہیں بناسکتے، تو گرا دینا واجب ہے اگر چہ مسجد کی دیوار پر (عمارت بنا دی گئی ہو )۔
(الدرالمختار،ج:6 ،ص:549 ،مکتبہ رشیدیہ )
الہدایہ مع فتح القدیر میں ہے :
"(وَرَوَى الْحَسَنُ عَنْهُ أَنَّهُ قَالَ: إذَا جَعَلَ السُّفْلَ مَسْجِدًا وَعَلَى ظَهْرِهِ مَسْكَنٌ فَهُوَ مَسْجِدٌ؛ لِأَنَّ الْمَسْجِدَ مِمَّا يَتَأَبَّدُ، وَذَلِكَ يَتَحَقَّقُ فِي السُّفْلِ دُونَ الْعُلُوِّ. وَعَنْ مُحَمَّدٍ عَلَى عَكْسِ هَذَا؛ لِأَنَّ الْمَسْجِدَ مُعَظَّمٌ، وَإِذَا كَانَ فَوْقَهُ مَسْكَنٌ أَوْ مُسْتَغَلٌّ يَتَعَذَّرُ تَعْظِيمُهُ. وَعَنْ أَبِي يُوسُفَ أَنَّهُ جَوَّزَ فِي الْوَجْهَيْنِ حِينَ قَدِمَ بَغْدَادَ وَرَأَى ضِيقَ الْمَنَازِلِ فَكَأَنَّهُ اعْتَبَرَ الضَّرُورَةَ. وَعَنْ مُحَمَّدٍ أَنَّهُ حِينَ دَخَلَ الرَّيَّ أَجَازَ ذَلِكَ كُلَّهُ لِمَا قُلْنَا) وھذا تعلیل صحیح لانہ تعلیل بالضرورۃ"
ترجمہ: حسن بن زیاد رضی اللہ عنہ نے امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کیا کہ آپ نے فرمایا، اگر کسی عمارت کا نچلا حصہ مسجد بنایا جائے اور اوپری حصے پر رہائش گاہ ہو تو وہ مسجد ہے کیونکہ مسجد ہمیشگی کے لئے ہوتی ہے اور یہ بات اوپری منزل کے بجائے نچلی منزل میں متحقق ہے۔ اور امام محمد علیہ الرحمہ سے اسکا بر عکس منقول ہے(یعنی اوپری حصہ مسجد اور نچلا حصہ رہائش گاہ) کیونکہ مسجد معظّم ہے اور اگر اوپری حصے پر رہائش گاہ ہو یا کرایہ پر ہو تو اسکی تعظیم متعذر ہوگی اور امام ابو یوسف علیہ الرحمۃ سے منقول ہے کہ آپ نے دونوں صورتوں میں جواز کا حکم دیا(چاہے مسجد اوپر ہو یا نیچے) جب آپ بغداد شریف تشریف لائے اور گھروں کی تنگی کو دیکھا۔ آپ نے ضرورت کا اعتبار کیا اور ضرورت کی بنا پر امام محمد علیہ الرحمۃ سے بھی مطلقاً جواز منقول ہے جب آپ شہر" رَے" میں تشریف لائے۔یہ تعیل صحیح ہے کیونکہ یہ تعلیل ضرورت ہے ۔
(الہدایہ مع فتح القدیر،ج:6،ص:218،مکتبہ اشرفیہ)
اعلیٰ حضرت عظیم المرتبت مجدد دین و ملت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن فتاوی رضویہ شریف میں فرماتے ہیں:
"پانچوں وقت کی نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ واجب ہے ایک وقت کا بھی بلا عذر ترک گناہ ہے"
(فتاوی رضویہ،ج:7 ،ص:194 ،رضا فاؤنڈیشن )
واللہ اعلم باالصواب