سوال
کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ قبلہ عالم حضرت پیر سید مہر علی شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے "سیف چشتیائی" میں فرمایا ہے کہ حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کا آسمان کی طرف جسمانی رفع، اور اٹھائے جاتے وقت آپ کا زندہ ہونا، مسلمانوں کا اجماعی موقف ہے، اور آپ کے نزول کو اسی کی فرع قرار دیا ہے کہ جب رفع جسمانی حالتِ حیات میں ہوا ہے تو نزول بھی اسی طرح ہوگا، اور یہ آپ کی امتیازی شان ہے؛ نیز آپ نے امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کے قول کی وضاحت بھی فرمائی اور صحابہ کرام کا اجماع بھی ذکر فرمایا۔ جبکہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کی فتاویٰ رضویہ کی عبارت سے بظاہر کچھ مختلف بات معلوم ہوتی ہے کہ آپ نے حیات و وفاتِ مسیح کو ایک فرعی اور اختلافی مسئلہ قرار دیا ہے، جس کا اقرار یا انکار کفر تو درکنار گمراہی بھی نہیں؛ اور "المستند المعتمد" کے حاشیہ میں آپ نے یہ وضاحت فرمائی کہ جمہور کے نزدیک آپ پر ایک لمحہ کے لیے بھی موت طاری نہیں ہوئی، جبکہ بعض کے نزدیک ایک آن کے لیے موت طاری ہوئی۔ بظاہر یہ سمجھ آتا ہے کہ اختلاف اس بات میں ہو سکتا ہے کہ رفع سے پہلے ایک آن کے لیے آپ پر موت طاری ہوئی یا نہیں۔ برائے کرم ان دونوں بزرگوں کی عبارات میں تطبیق فرمائیں، اور یہ بھی واضح فرمائیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے رفعِ آسمانی، جسمانی اور حیات کے ساتھ ہونے کے بارے میں مسلمانوں کا عقیدہ کیا ہونا چاہیے؟ نیز برطانیہ میں قادیانی یہ پروپیگنڈا کر رہے ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا زندہ آسمان پر اٹھایا جانا خود اہلسنت میں مختلف فیہ مسئلہ ہے، لہذا اگر ہم کہیں کہ وہ فوت ہو چکے ہیں اور جس کے آنے کی خبر دی گئی وہ مسیحِ موعود اور مثیلِ مسیح ہے، تو اس میں ہم نے کون سا گناہ یا انحراف کیا؟ اس بارے میں رہنمائی فرمائیں۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کا آسمان کی طرف جسم و روح کے ساتھ زندہ اٹھایا جانا، اور قیامت سے پہلے بعینہٖ انہی کا آسمان سے نازل ہونا اہلسنت کا اجماعی عقیدہ ہے؛ اختلاف صرف اس بات میں ہے کہ اٹھائے جانے سے پہلے ایک آن کے لیے آپ پر موت طاری ہو کر پھر زندگی لوٹائی گئی یا نہیں، اور جمہور کے نزدیک صحیح یہی ہے کہ آپ پر موت بالکل طاری نہیں ہوئی۔ حضرت پیر مہر علی شاہ صاحب اور اعلیٰ حضرت رحمہما اللہ کی عبارات میں کوئی تعارض نہیں، اور قادیانیوں کا اس اختلاف سے اپنے دعوے پر استدلال سراسر دھوکا ہے۔
تفصیل یہ ہے کہ اس مقام پر تین الگ الگ باتیں ہیں جنہیں آپس میں ملا دینے سے اشکال پیدا ہوتا ہے:
پہلی: آپ کا آسمان کی طرف زندہ اٹھایا جانا؛ یہ قرآن کریم کی نص "بل رفعه الله إليه" سے ثابت ہے، اور یہود کے قتل و صلیب کے دعوے کی نفی اسی رفع کے ساتھ کی گئی ہے، لہذا اس کا انکار نصِ قطعی کا انکار ہے؛ رہی آیت "إني متوفيك ورافعك إلي"، تو اس میں "توفی" سے موت مراد ہونا لازم نہیں، کہ مفسرین کرام نے اس کے معنی پورا لے لینے اور نیند کے بھی بیان فرمائے ہیں، اور جنہوں نے موت مراد لی انہوں نے بھی اسے یا تو نزول کے بعد کی موت پر محمول کیا (کہ واو ترتیب کے لیے نہیں)، یا آن بھر کی موت پر جس کے بعد زندہ کر کے اٹھایا گیا۔
دوسری: آخر زمانہ میں بعینہٖ حضرت عیسیٰ ابن مریم علیہما السلام کا نازل ہونا؛ یہ احادیثِ متواترہ سے ثابت اور اہلسنت کا اجماعی عقیدہ ہے، قرآن کریم کی آیات "وإن من أهل الكتاب إلا ليؤمنن به قبل موته" اور "وإنه لعلم للساعة" کی تفسیر میں بھی صحابہ و مفسرین نے اسے بیان فرمایا، اور امام اعظم رضی اللہ عنہ نے ’’الفقه الاکبر‘‘ میں اسے عقائد میں شمار فرمایا ہے، اور اس کی تاویل کر کے کسی "مثیلِ مسیح" کو مراد لینا گمراہی ہے۔
تیسری: اٹھائے جانے سے پہلے ایک آن کے لیے آپ پر موت طاری ہوئی یا نہیں؛ یہی وہ مسئلہ ہے جس میں قدیم سے اختلاف رہا، جمہور کا مذہب اور صحیح قول یہ ہے کہ آپ پر موت طاری نہیں ہوئی، اور جس نے ایک آن کی موت مانی وہ بھی یہی کہتا ہے کہ پھر آپ کو زندہ کر کے اٹھایا گیا اور آپ ہی نازل ہوں گے؛ اس قول کا قائل خطا پر ہے، مگر اس پر کفر یا گمراہی کا حکم نہیں۔
دونوں بزرگوں کی عبارات میں تطبیق: حضرت پیر مہر علی شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے جس بات پر اجماع نقل فرمایا وہ اٹھائے جاتے وقت آپ کا زندہ ہونا اور بعینہٖ آپ کا نزول ہے، اور خود آپ ہی نے تصریح فرمائی کہ اٹھائے جانے سے پہلے آپ زندہ رہے یا وفات پا کر اٹھاتے وقت زندہ کیے گئے، یہ مسئلہ مختلف فیہ ہے اور اس پر اجماع نہیں، اور امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کی طرف منسوب قول کو بھی اسی تیسری بات پر محمول فرمایا۔ اور اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے جسے "فرعی" اور "اختلافی" مسئلہ فرمایا وہ بھی یہی "حیات و وفات" کا مسئلہ ہے، یعنی موت طاری ہونے یا نہ ہونے کا، نہ کہ رفع اور نزول کا؛ چنانچہ اسی جگہ آپ نے نزولِ عیسیٰ کو اہلسنت کا اجماعی عقیدہ فرمایا، اور یہ بھی فرمایا کہ اگر بالفرض وفات مان لی جائے تو بھی انبیائے کرام کی موت محض ایک آن کے لیے ہوتی ہے اور وہ پھر حیاتِ حقیقی دنیاوی جسمانی سے زندہ ہوتے ہیں، لہذا اس سے نزول ممتنع نہیں ہوتا؛ اور المستند المعتمد میں جمہور کے قول کو صحیح اور اس کے مخالف کو "مخطئ" فرمایا، "ضال" نہیں، جو فتاوی رضویہ کی اس عبارت کے عین مطابق ہے کہ اس کا اقرار یا انکار "کفر تو درکنار ضلال بھی نہیں"۔ معلوم ہوا کہ دونوں بزرگوں کے نزدیک رفع اور نزول اجماعی ہیں اور اختلاف صرف آن بھر کی موت میں ہے، تو ان کی عبارات میں کوئی تعارض نہیں۔
قادیانیوں کے دعوے کا جواب: قادیانی جس عقیدے کے قائل ہیں وہ مسلمانوں کا مذکورہ اختلاف نہیں، بلکہ ان کا دعویٰ یہ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام عام لوگوں کی طرح فوت ہو گئے، آسمان کی طرف زندہ نہیں اٹھائے گئے، دوبارہ تشریف نہیں لائیں گے، اور جن کے آنے کی خبر دی گئی وہ ان کا "مثیل" یعنی مرزا قادیانی ہے؛ یہ ایک ساتھ قرآن کریم کی نصِ رفع کا انکار، احادیثِ متواترہ اور اجماع سے ثابت نزولِ عیسیٰ بعینہٖ کا انکار، اور ایک جھوٹے مدعی کو مسیح ماننا ہے؛ جبکہ ایک آن کی موت کے قائل بھی آپ کے زندہ اٹھائے جانے اور بعینہٖ نازل ہونے کو مانتے ہیں، اور مرزا قادیانی سے پہلے کسی نے یہ نہیں کہا کہ حضرت عیسیٰ خود نہیں آئیں گے بلکہ ان کا کوئی مثیل آئے گا۔ لہذا قادیانیوں کا اس اختلاف کو اپنی دلیل بنانا محض فریب ہے؛ نیز ان کا کفر صرف اس مسئلے پر موقوف نہیں، بلکہ مرزا قادیانی بے شمار ضروریاتِ دین کا منکر تھا، اور اس کے پیروکار اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے اس فرعی بحث کو چھیڑتے ہیں۔
دلائل و جزئیات:
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے آسمان کی طرف اٹھائے جانے کے متعلق ارشاد باری تعالی ہے:
"وَّ قَوْلِهِمْ اِنَّا قَتَلْنَا الْمَسِیْحَ عِیْسَى ابْنَ مَرْیَمَ رَسُوْلَ اللّٰهِۚ-وَ مَا قَتَلُوْهُ وَ مَا صَلَبُوْهُ وَ لٰكِنْ شُبِّهَ لَهُمْؕ ... وَ مَا قَتَلُوْهُ یَقِیْنًۢا بَلْ رَّفَعَهُ اللّٰهُ اِلَیْهِؕ-وَ كَانَ اللّٰهُ عَزِیْزًا حَكِیْمًا".
ترجمہ: اور ان کے اس کہنے پر کہ ہم نے مسیح عیسیٰ بن مریم اللہ کے رسول کو شہید کیا اور ہے یہ کہ انہوں نے نہ اسے قتل کیا اور نہ اسے سولی دی بلکہ ان کے لئے ان کی شبیہ کا ایک بنادیا گیا … اور بیشک انہوں نے اس کو قتل نہیں کیا، بلکہ اللہ نے اسے اپنی طرف اٹھالیا اور اللہ غالب حکمت والا ہے۔ (النساء: 157-158)
نیز ارشاد باری تعالی ہے:
"اِذْ قَالَ اللّٰهُ یٰعِیْسٰۤى اِنِّیْ مُتَوَفِّیْكَ وَ رَافِعُكَ اِلَیَّ وَ مُطَهِّرُكَ مِنَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا".
ترجمہ: یاد کرو جب اللہ نے فرمایا اے عیسیٰ میں تجھے پوری عمر تک پہنچاؤں گا اور تجھے اپنی طرف اٹھالوں گا اور تجھے کافروں سے پاک کردوں گا۔ (آل عمران: 55)
اس آیت میں "توفی" سے موت مراد ہونا لازم نہ ہونے، اور موت مراد لینے کی صورت میں اسے نزول کے بعد کی موت پر محمول کرنے کے متعلق امام ابو البرکات عبد اللہ بن احمد نسفی (المتوفی: 710ھ) فرماتے ہیں:
"﴿يا عيسى إني متوفيك﴾ أي مستوفي أجلك ومعناه أني عاصمك من أن يقتلك الكفار ومميتك حتف أنفك لا قتلا بأيديهم ﴿ورافعك إلي﴾ إلى سمائي ومقر ملائكتي ... وقيل متوفيك قابضك من الأرض من توفيت مالي على فلان إذا استوفيته أو مميتك في وقتك بعد النزول من السماء ورافعك الآن إذ الواو لا توجب الترتيب ... أو متوفي نفسك بالنوم ورافعك وأنت نائم حتى لا يلحقك خوف وتستيقظ وأنت في السماء آمن مقرب".
ترجمہ: "اے عیسیٰ میں تجھے پورا لینے والا ہوں" یعنی تیری مدت پوری کرنے والا ہوں، اور اس کا معنی یہ ہے کہ میں تجھے کافروں کے قتل کرنے سے بچانے والا ہوں، اور تجھے طبعی موت دینے والا ہوں، نہ کہ ان کے ہاتھوں قتل کے ذریعے؛ "اور تجھے اپنی طرف اٹھانے والا ہوں" یعنی اپنے آسمان اور اپنے فرشتوں کے ٹھکانے کی طرف … اور کہا گیا کہ "متوفیک" کا معنی ہے: تجھے زمین سے پورا لے لینے والا ہوں، "توفیت مالی علی فلان" سے ماخوذ ہے جبکہ کوئی اپنا مال پورا وصول کر لے؛ یا (یہ معنی ہے کہ) تجھے تیرے وقت پر آسمان سے نزول کے بعد موت دینے والا ہوں، اور اب تجھے اٹھانے والا ہوں، کیونکہ واو ترتیب کو لازم نہیں کرتا … یا تیری جان کو نیند کے ذریعے قبض کرنے والا ہوں اور تجھے نیند کی حالت میں اٹھانے والا ہوں تاکہ تجھے کوئی خوف لاحق نہ ہو، اور تو جاگے تو آسمان میں امن والا اور مقرب ہو۔
(مدارک التنزیل، آل عمران، تحت الآیۃ: 55، 1/259، دار الکلم الطیب بیروت)
بلا موت رفع کے متعلق علامہ قاضی ثناء اللہ پانی پتی (المتوفی: 1225ھ) فرماتے ہیں:
"قال الحسن والكلبي وابن جريج معناه اني قابضك ورافعك الي من الدنيا من غير موت ... والظاهر عندي ان المراد بالتوفي هو الرفع الى السماء بلا موت يشهد به الوجدان بعد ملاحظة قوله تعالى وما قتلوه وما صلبوه ولولا نفي الموت عنه لما كان من نفي القتل فائدة إذ الغرض من القتل الموت".
ترجمہ: حسن بصری، کلبی اور ابن جریج نے فرمایا: اس کا معنی یہ ہے کہ میں تجھے دنیا سے بغیر موت کے قبض کرنے والا اور اپنی طرف اٹھانے والا ہوں … اور میرے نزدیک ظاہر یہ ہے کہ "توفی" سے مراد بغیر موت کے آسمان کی طرف اٹھانا ہے، اللہ تعالی کے فرمان "وما قتلوه وما صلبوه" پر غور کرنے کے بعد وجدان اس کی گواہی دیتا ہے؛ کیونکہ اگر آپ سے موت کی نفی نہ ہوتی تو قتل کی نفی کا کوئی فائدہ نہ ہوتا، اس لیے کہ قتل سے مقصود موت ہی ہے۔
(التفسیر المظہری، آل عمران، تحت الآیۃ: 55، 2/56، مکتبۃ الرشدیۃ پاکستان)
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے آسمان میں زندہ ہونے اور آخر زمانہ میں نازل ہونے پر امت کے اجماع کے متعلق امام ابو محمد عبد الحق بن غالب ابن عطیہ اندلسی مالکی (المتوفی: 542ھ) فرماتے ہیں:
"وأجمعت الأمة على ما تضمنه الحديث المتواتر من أن عيسى عليه السلام في السماء حي، وأنه ينزل في آخر الزمان فيقتل الخنزير ويكسر الصليب ويقتل الدجال ويفيض العدل ويظهر هذه الملة ملة محمد ويحج البيت ويعتمر".
ترجمہ: اور امت کا اس بات پر اجماع ہے جو حدیثِ متواتر میں ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام آسمان میں زندہ ہیں، اور آخر زمانہ میں نازل ہوں گے، تو خنزیر کو قتل کریں گے، صلیب توڑیں گے، دجال کو قتل کریں گے، عدل کو عام کریں گے، اور اسی ملت یعنی ملتِ محمدیہ کو غالب کریں گے، اور بیت اللہ کا حج اور عمرہ کریں گے۔
(المحرر الوجیز، آل عمران، تحت الآیۃ: 55، 1/444، دار الکتب العلمیۃ بیروت ؛ البحر المحیط، آل عمران، تحت الآیۃ: 55، 3/177، دار الفکر بیروت)
آخر زمانہ میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نازل ہونے اور اہلِ کتاب کے آپ کی وفات سے پہلے آپ پر ایمان لانے کے متعلق حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
"والذي نفسي بيده، ليوشكن أن ينزل فيكم ابن مريم حكما عدلا، فيكسر الصليب، ويقتل الخنزير، ويضع الجزية، ويفيض المال حتى لا يقبله أحد، حتى تكون السجدة الواحدة خيرا من الدنيا وما فيها". ثم يقول أبو هريرة: واقرؤوا إن شئتم: ﴿وَ اِنْ مِّنْ اَهْلِ الْكِتٰبِ اِلَّا لَیُؤْمِنَنَّ بِهٖ قَبْلَ مَوْتِهٖۚ-وَ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ یَكُوْنُ عَلَیْهِمْ شَهِیْدًا﴾".
ترجمہ: اس ذات کی قسم جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے، قریب ہے کہ تم میں ابن مریم انصاف کرنے والے حاکم بن کر نازل ہوں، تو صلیب توڑ دیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے، جزیہ موقوف کر دیں گے، اور مال اتنا بہے گا کہ کوئی اسے قبول نہ کرے گا، یہاں تک کہ ایک سجدہ دنیا و ما فیہا سے بہتر ہوگا۔ پھر حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے: اگر چاہو تو یہ آیت پڑھ لو: کوئی کتابی ایسا نہیں جو اس کی موت سے پہلے اس پر ایمان نہ لائے اور قیامت کے دن وہ ان پر گواہ ہوگا۔
(صحیح البخاری، کتاب احادیث الانبیاء، باب نزول عیسی ابن مریم علیہما السلام، 4/168، رقم الحدیث: 3448، دار طوق النجاة)
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کے قیامت کی نشانی ہونے کے متعلق ارشاد باری تعالی ہے:
"وَ اِنَّهٗ لَعِلْمٌ لِّلسَّاعَةِ فَلَا تَمْتَرُنَّ بِهَا وَ اتَّبِعُوْنِؕ-هٰذَا صِرَاطٌ مُّسْتَقِیْمٌ".
ترجمہ: اور بیشک عیسیٰ قیامت کی خبر ہے تو ہرگز قیامت میں شک نہ کرنا اور میرے پیرو ہونا یہ سیدھی راہ ہے۔ (الزخرف: 61)
اس آیت کی تفسیر میں امام ابو السعود محمد بن محمد عمادی (المتوفی: 982ھ) فرماتے ہیں:
"﴿وإنه﴾ وإن عيسى ﴿لعلم للساعة﴾ أي إنه بنزوله شرط من أشراطها وتسميته علما لحصوله به".
ترجمہ: "اور بیشک وہ" یعنی حضرت عیسیٰ "قیامت کی نشانی ہیں" یعنی وہ اپنے نزول کے ذریعے قیامت کی علامتوں میں سے ایک علامت ہیں، اور انہیں "علم" اس لیے فرمایا گیا کہ ان کے ذریعے قیامت کا علم حاصل ہوتا ہے۔
(تفسیر ابی السعود، الزخرف، تحت الآیۃ: 61، 8/52، دار احیاء التراث العربی بیروت)
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے آسمان سے نازل ہونے کے عقیدہ ہونے کے متعلق امام اعظم امام ابو حنیفہ نعمان بن ثابت (المتوفی: 150ھ) فرماتے ہیں:
"وخروج الدجال ويأجوج ومأجوج وطلوع الشمس من مغربها ونزول عيسى عليه السلام من السماء وسائر علامات يوم القيامة على ما وردت به الأخبار الصحيحة حق كائن".
ترجمہ: اور دجال اور یاجوج ماجوج کا نکلنا، سورج کا مغرب سے طلوع ہونا، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا آسمان سے نازل ہونا، اور قیامت کی باقی علامات، جیسا کہ صحیح احادیث میں وارد ہوئی ہیں، حق ہیں اور ضرور واقع ہونے والی ہیں۔
(الفقہ الاکبر، اشراط الساعۃ، ص 72، مکتبۃ الفرقان الامارات)
رفع جسمانی و حیاتی اور نزول پر اجماع، اور ایک آن کی موت میں اختلاف کے متعلق فاتح قادیانیت حضرت پیر سید مہر علی شاہ گولڑوی (المتوفی: 1356ھ) فرماتے ہیں:
’’جیسے کل امت کا نزول مذکور پر اجماع ہے ایسا ہی حیاتِ مسیح عند الرفع پر بھی ہے یعنی آسمان کی طرف اٹھائے جانے کے وقت مسیح کی حیات پر سب کا اتفاق ہے بحکم مقدمہ مذکورہ کہ نزول فرع ہے رفع کی۔ رہا یہ کہ قبل از رفع بھی مسیح زندہ رہا کما ھو مذہب الجمہور، یا وفات پا کر بعد ازاں اٹھانے کے وقت زندہ کیا گیا ہو کما ھو مذہب النصاری وبعض اہل الاسلام مثل مالک رحمۃ اللہ علیہ سو یہ مسئلہ مختلف فیہا ہے۔ اس پر اجماع نہیں‘‘۔
(سیف چشتیائی، عیسیٰ ابن مریم کے نزول پر اجماع، ص 51، کشمیر آرٹ پریس، راولپنڈی، طبع بار چہارم)
نزول عیسیٰ کے ضروریاتِ اہلسنت سے ہونے اور رفع حیاتی کے صحیح و قولِ جمہور ہونے کے متعلق امام اہلسنت امام احمد رضا خان (المتوفی: 1340ھ) فرماتے ہیں:
"وعقيدة نزوله من ضروريات مذهب أهل السنة نطقت به الأحاديث المتواترة، فمن أنكرها أو أولها بخروج رجل يماثل عيسى فهو ضال مضل، والصحيح الثابت بالدلائل أنه عليه الصلاة والسلام رفع حيا ولم يطرأ عليه الموت إلى أن ينزل فيحكم الدين ثم يتوفى فيدفن مع رسول الله صلى الله تعالى عليه وسلم، وهذا قول الجمهور، والمخالف فيه من المخطئين".
ترجمہ: اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کا عقیدہ اہلسنت کے مذہب کی ضروریات میں سے ہے، جس پر احادیثِ متواترہ ناطق ہیں، تو جس نے اس کا انکار کیا یا اس کی یہ تاویل کی کہ عیسیٰ کے مشابہ کوئی شخص نکلے گا، وہ خود گمراہ اور دوسروں کو گمراہ کرنے والا ہے؛ اور دلائل سے ثابت صحیح بات یہ ہے کہ آپ علیہ الصلاۃ والسلام زندہ اٹھائے گئے اور آپ پر موت طاری نہیں ہوئی، یہاں تک کہ آپ نازل ہوں گے اور دین کے مطابق فیصلے فرمائیں گے، پھر وفات پائیں گے اور رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے ساتھ دفن کیے جائیں گے، اور یہی جمہور کا قول ہے، اور اس میں مخالفت کرنے والا خطا کاروں میں سے ہے۔
(المعتقد المنتقد مع المستند المعتمد، الباب الثالث فی السمعیات، اشراط الساعۃ، ص 284، دار اہل السنۃ)
حیات و وفات کے مسئلے کے فرعی ہونے اور قادیانیوں کے لیے اس کے مفید نہ ہونے کے متعلق امام اہلسنت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
’’قادیانی صدہا درجہ سے منکر ضروریاتِ دین تھا اور اس کے پس ماندے حیات و وفاتِ سیدنا عیسیٰ رسول اﷲ علی نبیّنا الکریم وعلیہ صلوات اﷲ وتسلیمات اﷲ کی بحث چھیڑتے ہیں، جو ایک فرعی مسئلہ خود مسلمانوں میں ایک نوع کا اختلافی مسئلہ ہے جس کا اقرار یا انکار کفر تو درکنار ضلال بھی نہیں (فائدہ نمبر ۴ میں آئے گا کہ نزول حضرت عیسیٰ علیہ السلام اہلسنت کا اجماعی عقیدہ ہے) نہ ہرگز وفاتِ مسیح ان مرتدین کو مفید، فرض کردم کہ رب عزوجل نے ان کو اس وقت وفات ہی دی، پھر اس سے ان کا نزول کیونکر ممتنع ہوگیا؟ انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کی موت محض ایک آن کو تصدیق وعدہ الٰہیہ کے لئے ہوتی ہے، پھر وہ ویسے ہی حیاتِ حقیقی دنیاوی و جسمانی سے زندہ ہوتے ہیں جیسے اس سے پہلے تھے‘‘۔
(فتاوی رضویہ، 15/612-613، رسالہ الجزار الدیانی علی المرتد القادیانی، رضا فاؤنڈیشن لاہور)
مثیلِ مسیح کے عقیدے کے مسلمانوں کے اجماعی عقیدے کے خلاف ہونے کے متعلق امام اہلسنت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
’’اس وقت حیات و وفاتِ حضرت مسیح علیہ الصلوٰۃ والسلام کا مسئلہ قدیم سے مختلف چلا آتا ہے مگر آخر زمانے میں ان کے تشریف لانے اور دجّال لعین کو قتل فرمانے میں کسی کو کلام نہیں، یہ بلا شبہ اہلسنت کا اجماعی عقیدہ ہے … قادیانی اس اختلاف کو پیش کرتے ہیں، کہیں اس کا بھی ثبوت رکھتے ہیں کہ اس پنجابی کے ابتداع فی الدین سے پہلے مسلمانوں کا یہ اعتقاد تھا کہ عیسیٰ آپ تو نہ اتریں گے کوئی ان کا مثیل پیدا ہوگا، اسے نزول عیسٰی فرمایا گیا اور اس کو ابن مریم کہا گیا؟ اور جب یہ عام مسلمانوں کے عقیدے کے خلاف ہے تو آیہ: یتبِعْ غَیر سَبِیل الْمُؤْمِنِین نُوَلِّہٖ مَا تَوَلّی وَنُصْلِہٖ جَھَنَّمَ وَسَآءَتْ مَصِیْرًا (مسلمانوں کی راہ سے جدا راہ چلے ہم اسے اس کے حال پر چھوڑ دیں گے اور اسے دوزخ میں داخل کرینگے اور کیا ہی بُری جگہ پلٹنے کی) کا حکم صاف ہے ‘‘۔
(فتاوی رضویہ، 15/614-615، رسالہ الجزار الدیانی علی المرتد القادیانی، رضا فاؤنڈیشن لاہور)
واللہ تعالی اعلم بالصواب