سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے متعلق کہ ایک گائے جو کسی کنویں میں گر گئی جس کی گردن نیچے ہے اور ٹانگیں اوپر ہیں اس کو باہر نکالنا مشکل ہے،اب اس کو وہیں ذبح کرنا چاہتے ہیں مگر چونکہ گردن نیچے ہے تو کیا گردن کے علاوہ کسی اور جگہ سے اس کو ذبح کر سکتے ہیں؟مثلا ٹانگ یا پیٹ وغیرہ کی جگہ یا صرف گردن سے ہی ذبح کیا جائے گا اس کے علاوہ نہیں؟ یہ مسئلہ درپیش ہے برائے کرم جواب عنایت فرمائیں!بینوا توجروا! سائل:معشوق علی کنبھر
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم بیان کرنے سے قبل ذبح کی اقسام تحریر کی جاتی ہیں تاکہ مذکورہ مسئلہ کا جواب سمجھنے میں آسانی ہو۔
ذبح شرعی کی دو قسمیں ہیں:1)اختیار ی 2)اضطرا ری۔ذبح اختیاری کی پھر دو قسمیں ہیں ۔ 1)ذبح 2)نحر۔ گلے میں چار رگیں ہیں ان میں سب یا اکثر کے کاٹنے کو ذبح کہتے ہیں ،اور ذبح کی جگہ حلق اور لبہ (سینے کا بالائی حصہ)کے مابین ہے،جبکہ حلق کے آخری حصہ میں نیزہ وغیرہ بھونک کر رگیں کاٹ دینے کو نحر کہتے ہیں۔
اونٹ کو نحر کرنا اور گائے بکری وغیرہ کو ذبح کرنا سنت ہے اور اگر اس کا عکس کیا یعنی اونٹ کو ذبح کیا اور گائے وغیرہ کو نحر کیا تو اس صورت میں بھی جانورحلال ہو جائے گا مگر ایسا کرنا مکروہ ہے کہ خلافِ سنت ہے۔
ذبح اضطراری یہ ہے کہ اگر مذبح (وہ جگہ جس میں جانور ذبح کیا جاتا ہے) وغیرہ میں جانور کو ذبح کرنا دشوار ہو ،تو وہ جس جگہ بھی قابو میں آئے اس کے بدن میں کسی جگہ نیزہ(آلہ جارحہ) وغیرہ بھونک کر خون نکالنااور اس کو زخمی کر دینا شرعاً ذبح اضطراری کہلاتا ہے۔
لہذا پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ مذکورہ جانور کو آسانی سے ذبح کرنا مشکل ہے، لہذا مذکورہ تفصیل کی روشنی میں کسی بھی آلہ جارحہ سے اللہ کا نام پڑھ کر جانور کی پیٹھ یا پیٹ وغیرہ میں زخم لگاکر خون بہانے سے جانور حلال ہوجائے گا اور اس کو کھانا بھی جائز ہے۔
ضروری تنبیہ:مذکورہ جانور کو ذبح کرتے وقت اس بات کا خیال کرنا ضروری ہے کہ وہ ذبح کے وقت زندہ ہو اگراس کی موت گرنے کی وجہ سے اسے زخم لگا وہ اس صورت میں مرگیا ،تو حرام ہی ہوگا اس کو کھانا جائز نہیں ۔
شمس الائمہ امام سرخسی حنفی لکھتے ہیں :
الذَّكَاةُ عِبَارَةٌ عَنْ تَسْيِيلِ الدَّمِ الْفَاسِدِ النَّجِسِ، فَإِنَّ الْمُحَرَّمَ فِي الْحَيَوَانِ الدَّمُ الْمَسْفُوحُ قَالَ اللَّهُ تَعَالَى فِي جُمْلَةِ الْمُحَرَّمَاتِ: {أَوْ دَمًا مَسْفُوحًا} [الأنعام: 145] فَكَانَتْ الذَّكَاةُ إزَالَةً لِلْخُبْثِ، وَتَطْيِيبًا بِتَمْيِيزِ الطَّاهِرِ مِنْ النَّجَسِ، وَهُوَ نَوْعَانِ: الذَّبْحُ فِي الْمَذْبَحِ عِنْدَ الْقُدْرَةِ عَلَيْهِ قَالَ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ -: «الذَّكَاةُ مَا بَيْنَ اللَّبَّةِ وَاللَّحْيَيْنِ»، وَبِالْجُرْحِ فِي أَيِّ مَوْضِعٍ أَصَابَهُ عِنْدَ تَعَذُّرِ الذَّبْحِ فِي الْمَذْبَحِ ثُمَّ يَحْصُلُ بَعْضُ ذَلِكَ بِالْجَرْحِ وَالتَّكْلِيفِ بِحَسَبِ الْوُسْعِ، فَفِي كُلِّ مَوْضِعٍ يَكُونُ الذَّبْحُ فِي الْمَذْبَحِ مَقْدُورًا لَهُ لَا يَثْبُتُ الْحِلُّ إلَّا بِهِ، وَفِي كُلِّ مَوْضِعٍ تَعَذَّرَ يَقُومُ الْجُرْحُ مَقَامَهُ.
ترجمہ: ذكاة (ذبح) کا معنی ہے فاسد اور نجس خون کوبہانا،کیونکہ جانور بہتا ہوا خون حرام ہے۔ اللہ تعالی جملہ محرمات (کے ذکر کے ساتھ) فرماتا ہے:یا بہتا ہوا خون۔(انعام:145)۔
لہذا ذبح خباثت کو دور کرنے اور نجس سے پاک کو پاک کرنے کے لیے ہے، اور اس کی دو قسمیں ہیں ، ذبح اختیاری اور ذبح اضطراری ذبح اختیاری یہ ہے کہ قدرت اور اختیار کے وقت حیوان کے گلے پر چھری پھیرنا اور ذبح کی جگہ حلق اور لبہ (سینے کا بالائی حصہ)کے مابین ہے اور جب گردن پر چھری پھیرنا ناممکن ہو تو جانور کے جسم کے کسی حصہ پر بھی زخم ڈال دیا، تو یہ ذبح اضطراری حاصل ہوجائے گا، کیونکہ انسان اپنی قدرت کے اعتبار سے مکلف ہوتا ہے سو جس صورت میں وہ حیوان کے گلے پر چھری پھیر سکتا ہو تو اس کے گلے پر چھری پھیرے بغیر ذکاۃ حاصل نہیں ہوگی اور جہاں اس پر قدرت نہ ہو وہاں جانور کے جسم میں کہیں پر بھی زخم ڈالنا اس ذکاۃ کے قائم مقام ہے ۔
(المبسوط،ج:11،ص:221،دار المعرفۃ)۔
دُرِّ مختار مع تنویر الابصار میں ہے:
"(ولا بد من) (ذبح صيد مستأنس) لأن زكاة الاضطرار إنما يصار إليها عند العجز عن ذكاة الاختيار (وكفى)(جرح نعم) كبقر وغنم (توحش) فيجرح كصيد (أو تعذر ذبحه) كأن تردى في بئر أو ند۔۔۔ حل"
ترجمہ:وہ شکار جو مانوس ہو اس کو ذبح(اختیاری) کرنا ضروری ہے،کیونکہ اضطراری ذبح کی طرف اس وقت رجوع ہوتا ہےجب ذبح اختیاری سے عاجز آجائے ۔ گائے اور بھیڑ بکری جو وحشی بن گئے ہوں تو زخمی کرنا کافی ہے۔ پس اس کو شکار کی طرح زخمی کیا جائے گا یا جس کو ذبح کرنا متعذر ہو چکا ہو جیسے وہ کنویں میں گر جائے یا بھاگ جائے ،تو وہ (ذبح اضطراری سے ) حلال ہوگا"ملتقطا"۔
(ج:9،ص:505۔506،مکتبہ رحمانیہ)۔
اسی کے تحت رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:
"(قوله كأن تردى في بئر) أي سقط وعلم موته بالجرح أو أشكل، لأن الظاهر أن الموت منه، وإن علم أنه لم يمت من الجرح لم يؤكل، وكذا الدجاجة إذا تعلقت على شجرة وخيف فوتها فذكاتها الجرح زيلعي"
ترجمہ: (شارح کا قول کہ: جیسے وہ کنویں میں گر جائے) یعنی وہ کنویں میں گر جائے اور اس کی موت زخم لگنے سے معلوم ہو جائے یا اشکال کا باعث ہو۔ کیونکہ ظاہر یہ ہے کہ موت اس سے واقع ہو گئی ہے۔ اگر یہ معلوم ہو کہ وہ زخم سے نہیں مرا تو اسے نہیں کھایا جائے گا۔ اسی طرح مرغی ہے جب درخت پر لٹک جائے اور اس کے فوت ہونے کا خوف ہو تو اس کی ذبح زخم لگانا ہے۔ زیلعی۔ـ
(المرجع السابق)۔
بہارِ شریعت میں ہے:
"پلاؤ جانور اگر بھاگ جائے اور پکڑنے میں نہ آئے تو اس کے لیے ذبح اضطراری ہے یعنی تیر یا نیزہ وغیرہ سے بہ نیت ذبح بسم اللّٰہ پڑھ کر ماریں اور اس کے لیے گردن میں ہی ذبح کرنا ضرور نہیں بلکہ جس جگہ بھی زخمی کر دیا جائے کافی ہے۔ یوہیں اگر جانور کنویں میں گر گیا اوس کو نیزہ وغیرہ سے بہ نیت ذبح بسم اﷲ کہہ کر ہلاک کر دیں ذبح ہوگیا۔
(ج:3،حصہ پانزدہم،ص:321)۔
اسی میں ہے:
"یوہیں اگر چوپایہ کوئیں میں گر پڑا کہ اوسے باقاعدہ ذبح نہ کرسکتے ہوں تو جس طرح ممکن ہو ذبح کرسکتے ہیں۔
(ج:3،حصہ پانزدہم،ص:317)۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب