سوال
کیا فرماتے ہیں علماء کرام درج ذیل مسائل کے متعلق کہ 1۔اگر کسی نے منت مانی کہ میرے گھر اولاد ہوجائے ،تو میں رمضان میں اعتکاف کرونگا ،تو اس صورت منت ماننے والے پر کتنے دن اعتکاف کرنالازم و ضروری ہے،اور یہ اعتکاف جس سال اولاد ہوئی اسی سال کرنا لازم ہے یا زندگی میں کبھی بھی کیا جاسکتا ہے ؟اور اعتکاف نہ کیا ،تو اس سلسلہ میں گناہ کب لازم آئے گا؟۔ 2۔میں نے کاروبار پر اس طرح منت مانی کہ میرے دو پیس فلاں چیز کے فروخت ہوجائیں ،تو دس (10) سجدے کرونگا اور چار(4) عدد فروخت ہوجائیں تو بیس (20) سجدے کرونگا اس طرح تعداد کے ساتھ سجدے بھی بڑھا تا رہوں گا ،لہذا کیا میں اب اس سلسلہ کو موقوف کرسکتا ہوں ،اگر موقوف کروں ،تو مجھ پر کوئی کفارہ وغیرہ لازم ہوگا یا نہیں؟ اور اس سجدہ سے میری مراد سجدہ شکر ہوتا ہے اور یہ سجدہ میں عرصہ دراز سے حالتِ وضو میں جیسے سجدہ تلاوت کرتے ہیں ،اسی طرح کرتا ہوں ،کیا یہ درست ہے ؟ 3۔اگر میرے گھر اولاد ہوجائے ،تو میں قافلہ میں جائونگا ،لہذا اگر میں قافلہ میں نہ جائوں ،تو کیا اس صورت میں گناہ لازم آئے گا یا نہیں ؟ بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
تمام سوالات کے جواب بالترتیب ملاحظہ ہو۔
1۔پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ یہ منتمعلق علی الشرط کی قسم میں سے ہے یعنی منت اولاد کی پیدائش پر معلق ہے،لہذا اب اس منت کو شرط کے پائے جانے کے بعد پورا کرنا واجب ہے ،یعنی جب بھی اس شخص کے گھر اولاد پیدا ہوگی،اس کے بعد زندگی کے کسی بھی آنے والے رمضان کے آخری عشرہکا اعتکاف کرنا واجب ہوگا،کوئی کفارہ وغیرہ نہیں دیا جاسکتا۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ رمضان کا اعتکاف عرف میں رمضان کے آخرے عشرے کے اعتکاف کو ہی کہا جاتا ہے ،اس کی وہی شرائط ہیں جو سنت اعتکاف کی شرائط ہیں مثلا:روزہہونا ،مسجد میں ہونا وغیرہ،یہ ضروری نہیں کہ اولاد کی پیدائش کے فورا بعد آنے والے رمضان میں منت کو پورا کیا جائے ،اس لیے کہ اس میں رمضان کے سال کی تعیین نہیں، لہذا زندگی میں آنے والے کسی بھی رمضان یہ منت پوری کرسکتا ہے ۔
نیز منت کو پورا کرنے میں لیٹ کرنے سے گناہ کا اطلاق موت سے پہلے نہیں ہوسکتا ،لیکن بہتر یہ ہے کہ جلدی منت کو پورا کیا جائے کہ اس فانی زندگی کا کیا بھروسہ ؟۔
تنویر الابصار مع درِ مختار میں ہے:
"ومن نذر نذرا معلقا بشرط وكان من جنسه واجب) (وهو عبادة مقصودة)(ووجد الشرط) المعلق به (لزم الناذر) لحديث «من نذر وسمى فعليه الوفاء بما سمى» (كصوم وصلاة وصدقة) (واعتكاف)فإنها عبادات مقصودة"ملخصا"
ترجمہ:یعنی جس آدمی نے معلق بالشرط منت مانی اور اس کی جنس میں سے کوئی واجب ہو ،اور وہ عبادتِ مقصودہ بھی ہو،تو جس شرط کے ساتھ منت کو معلق کیا ہے ،اس شرط کے پائے جانے کے وقت منت کو پورا کرنا،ناذر(منت ماننے والے) پر حدیث کی وجہ سے لازم ہوجائے گا۔(حدیث میں ہے کہ) جس شخص نے منت مانی اور اس کا نام بھی مقرر کیا ہو ،تو اس پر جو مقرر کیااس کا پورا کرنا لازم ہے۔جیسے روزہ ،نماز ، صدقہ اور اعتکاف کی منت ماننا کیونکہ یہ تمام عباداتِ مقصودہ ہیں۔
(در مختار مع تنویر الابصار،ج:5،ص:537۔38،مکتبہ رحمانیہ لاہور)
بہارِ شریعت میں ہے:
منت دو قسم ہے۔ ایک معلّق کہ میرافلاں کام ہو جائے گا یا فلاں شخص سفر سے آجائے تو مجھ پر اﷲ (عزوجل) کے لیے اتنے روزے یا نماز یا صدقہ وغیرہا ہے۔
دوسری غیر معلّق جو کسی چیز کے ہونے، نہ ہونے پر موقوف نہیں بلکہ یہ کہ اﷲ (عزوجل) کے لیے میں اپنے اوپر اتنے روزے یا نماز یا صدقہ وغیرہا واجب کرتا ہوں۔ غیر معلّق میں اگرچہ وقت یا جگہ وغیرہ معیّن کرے، مگر منت پوری کرنے کے لیے یہ ضرور نہیں کہ اس سے پیشتر یا اس کے غیر میں نہ ہوسکے، بلکہ اگر اس وقت سے پیشتر روزے رکھ لیے یا نماز پڑھ لی وغیرہ وغیرہ تو منت پوری ہوگئی۔
معلّق میں شرط پائی جانے سے پہلے منت پوری نہیں کر سکتا، اگر پہلے ہی روزے رکھ لیے بعد میں شرط پائی گئی تو اب پھر رکھنا واجب ہوگا، پہلے کے روزے اس کے قائم مقام نہیں ہو سکتے۔
(بہار شریت ،ج،1،حصہ نہم،ص:1018،مکتبۃ المدینہ)
اسی میں ہے:
" اعتکاف تین قسم ہے۔ (۱) واجب، کہ اعتکاف کی منّت مانی یعنی زبان سے کہا، محض دل میں ارادہ سے واجب نہ ہوگا۔
(۲) سنت مؤکدہ، کہ رمضان کے پورے عشرہ اخیرہ یعنی آخر کے دس دن میں اعتکاف کیا جائے یعنی بیسویں رمضان کو سورج ڈوبتے وقت بہ نیّت اعتکاف مسجد میں ہو اور تیسویں کے غروب کے بعد یا انتیس کو چاند ہونے کے بعد نکلے۔ اگر بیسویں تاریخ کو بعد نماز مغرب نیّت اعتکاف کی تو سنت مؤکدہ ادا نہ ہوئی اور یہ اعتکاف سنت کفایہ ہے کہ اگر سب ترک کریں تو سب سے مطالبہ ہوگا اور شہر میں ایک نے کر لیا تو سب بری الذمہ۔
(۳) ان دو ۲ کے علاوہ اور جو اعتکاف کیا جائے وہ مستحب و سنت غیر مؤکدہ ہے۔
(بہار شریعت ،ج،1،حصہ پنجم،ص:1021،مکتبۃ المدینہ)
2۔ یہ فقہی منت نہیں یعنی لازم نہیں ،لہذا پیسز کی فروخت پر مشروط سجدے کرنا لازم نہیں ۔ جب معلوم ہوگیا کہ فقہی منت نہیں ،تو اس کوموقوف کرنے میں کوئی حرج نہیں کہ اس کو شروع کرنا لازم نہیں تھا چہ جائیکہ اس منت کو باقی رکھنا لازم ہو ۔
اور سجدہ شکر کا وہی طریقہ ہے جو سجدہ تلاوت کا طریقہ ہے کہ کھڑا ہو کر اَللہُ اَکْبَرْ کہتا ہوا سجدہ میں جائے اور کم سے کم تین بار" سُبْحٰنَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی" کہے، پھر" اَللہُ اَکْبَرْ "کہتاہوا کھڑا ہو جائے، پہلے پیچھے دونوں بار" اَللہُ اَکْبَرْ" کہنا سنت ہے اور کھڑے ہو کر سجدہ میں جانا اور سجدہ کے بعد کھڑا ہونا یہ دونوں قیام مستحب ہے۔
غمز عیون البصائر میں ہے:
"وذکر "فی التہذیب" لو قال :للہ سجدۃ لایلزمہ شیء الا ان یقول :للہعلی سجدۃ التلاوۃ لان السجدۃ المطلقۃلم یرد بھا الشرع"
ترجمہ:تہذیب میں مذکور ہے کہ اگر کسی نے کہا :اللہ تعالیٰ کیلئے مجھ پر سجدہ ہے ،تو اس پر کچھ بھی لازم نہیں،ہاں یہکہے کہ مجھ پر اللہ کیلئے سجدہ تلاوت لازم ہے(تو یہ لازم ہوگا جب سجدہ کی آیتتلاوت کرے گا)۔کیونکہ مطلق سجدہ کے متعلق شرع میں کوئی نص وارد نہیں۔
(غمز عیون البصائر،ج:2،ص:547،ادارۃ القرآن والعموم الاسلامیہ کراتشی باکستان)
اور سجدہ کی منت عبادتِمقصود نہیں ہے اور نہ ہی اس کی قسم میں سے کوئی واجب ہے ۔
فتاویٰ ہندیہ میں ہے:
" (وَالثَّانِي)أَنْ يَكُونَ مَقْصُودًا لَا وَسِيلَةً فَلَمْ يَصِحَّ النَّذْرُ بِالْوُضُوءِ وَسَجْدَةِ التِّلَاوَةِ.
ترجمہ:(فقہی منت کی شرائط میں سے) دوسری یہ کہ وہ عبادتِ مقصودہ ہو،کسی عبادت کی طرف وسیلہ نہ ہو لہذا وضوء کی اور سجدہ تلاوت کی منت ماننادرست نہیں (یعنی لازم نہیں)۔
(ہندیہ،ج:1،ص:229،قدیمی کتب خانہ)
مراقی الفلاح میں سجدہ شکرکاطریقہ بیان کرتےہوئےفرمایا:
"وھیئتھا ان یکبر مستقبل ا لقبلۃ ویسجد ،فیحمد اللہ ویشکر ویسبح ثم یکبر فیرفع رأسہ مثل سجدۃ التلاوۃ بشرائطھا "
ترجمہ:یعنی سجدہ شکر کا طریقہ یہ ہےکہ قبلے کی طرف منہ کرکے تکبیر تحریمہ کہے اورسجدہ کرے اوراللہ کی حمدبیان کرے،شکر ادا کرے ،تسبیح پڑھے، پھر تکبیر کہتا ہواسر اٹھائے سجدہ تلاوت کی مثل ا س کی شرائط کے ساتھ ۔
(حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح ،ج2،ص،110،مطبوعہ کراچی )
3۔یہ فقہی منت نہیں ،لہذااولاد کی پیدائش پر قافلہ میں جانا ضروری نہیں ،اور قافلہ میں نہ جانے کی صورت میں کوئی ٓگناہ وغیرہ بھی نہیں ہوگا۔
غیر فقہی منتوں کے متعلق بہار شریعت میں ہے:
مسجد میں چراغ جلانے یا طاق بھرنے(یا فلاں بزرگ کے مزار پر چادر چڑھانے یا گیارھویں کی نیاز دِلانے یا غوث اعظم رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کا توشہ یا شاہ عبدالحق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کا توشہ کرنے یا حضرت جلال بخاری کا کونڈا کرنے یا محرم کی نیاز یا شربت یا سبیل لگانے یا میلاد شریف کرنے کی منّت مانی(یا جیساکہ سوال میں ہے کہ قافلہ میں جانے کی منت مانے ) تویہ شرعی منّت نہیں مگر یہ کام منع نہیں ہیں کرے تو اچھا ہے۔
(بہار شریت ،ج:2،حصہ نہم،ص:317،مکتبۃ المدینہ)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب