سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے متعلق کہ اگر کسی مستند حدیث کے مکمل متن میں سے ایسا جملہ یا حصہ،جس کا مفہوم اپنی جگہ مکمل اور درست ہو،اور اسے باقی حدیث سے الگ کرنے کی وجہ سے معنی،سیاق یا شرعی مفہوم میں کوئی تبدیلی یا غلط فہمی پیدا نہ ہوتی ہو، تو کیا اسے باقی حدیث نقل کیے بغیر درس و تدریس، وعظ و تقریر، تحریر،سوشل میڈیا یا کسی بھی دوسرے موقع پر بیان یا شیئر کرنا شرعاً جائز ہے؟ اس صورت میں حدیث کا اصل اور درست حوالہ (کتاب، حدیث نمبر وغیرہ) لازماً درج کیا جائے اور یہ بھی واضح ہو کہ نقل کیا گیا متن مکمل حدیث نہیں بلکہ حدیث کا ایک حصہ ہے۔ کیا ان شرائط کے ساتھ حدیث کا صرف متعلقہ حصہ بیان یا تحریر کرنا جائز ہے، یا ہر صورت میں مکمل حدیث نقل کرنا ضروری ہے؟یہ بھی معمول میں دیکھا جاتا ہے کہ مختلف کتب، دروس، تقاریر اور تحریروں میں احادیث کا درست حوالہ درج کرتے ہوئے، مکمل حدیث کے بجائے اس کا متعلقہ اور مختصر حصہ بیان یا تحریر کیا جاتا ہے، جبکہ باقی متن نقل نہیں کیا جاتا۔بینوا توجروا! سائل: نبیل احمد، کراچی
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
صورتِ مسئولہ میں حکمِ شرعی یہ ہے کہ کسی مستند حدیث کے مکمل متن میں سے اس کے کسی مخصوص اور متعلقہ حصے کو، اس کے باقی متن کے بغیر، درس و تدریس، وعظ و تقریر، تحریر، تصنیف یا دیگر مواقع پر نقل کرنا شرعاً جائز ہے، بشرطیکہ نقل کرنے والا اس فن سے واقف اور حدیث کے مفہوم و دلالت سے آگاہ ہو، نیز حدیث کے جس حصے کو حذف کیا جا رہا ہے، اس کا باقی ماندہ حصے کے ساتھ ایسا معنوی تعلق نہ ہو کہ اس کے حذف کرنے سے بیان میں خلل واقع ہو، مفہوم میں تبدیلی آئے یا شرعی دلالت متاثر ہو۔ چنانچہ استثناء، شرط، غایت اور ان جیسی دیگر معنوی قیود کو اس صورت میں حذف کرنا جائز نہیں، جب ان کے حذف سے حکم یا مفہوم میں تبدیلی واقع ہوتی ہو۔ البتہ اگر حذف شدہ حصہ بیان کردہ حصے سے غیر متعلق ہو، یا مذکورہ حصے کے مفہوم و دلالت پر اس کے حذف کا کوئی اثر نہ پڑتا ہو، تو اس صورت میں حدیث کے متعلقہ حصے پر اکتفا کرنے میں شرعاً کوئی حرج نہیں۔اسی طرح نقل کردہ حدیث کا اصل اور مستند ماخذ، حتی الامکان کتاب، باب اور حدیث نمبر کے ساتھ درج کرنا چاہیے، تاکہ قارئین کے لیے اس کی تخریج و تحقیق ممکن ہو اور حدیث کے متن کی تعیین میں اشتباہ پیدا نہ ہو۔ نیز جہاں علمی یا ابلاغی ضرورت ہو، وہاں یہ وضاحت بھی کر دی جائے کہ نقل کردہ عبارت مکمل حدیث نہیں، بلکہ اس کا ایک جزو یا متعلقہ حصہ ہے، تاکہ اسے پوری حدیث سمجھنے کی غلط فہمی نہ ہو۔
محدثینِ کرام کے ہاں یہ مسئلہ اختصارِ حدیث اور تقطیعِ حدیث کے عنوان سے معروف و مسلمہ علمی بحث ہے۔ متعدد جلیل القدر ائمۂ حدیث، مثلاً امام مالک، امام بخاری، امام ابوداؤد اور امام نسائی رحمہم اللہ نے اپنی تصانیف میں حسبِ ضرورت ایک حدیث کے بعض حصوں پر اکتفا کیا اور بعض احادیث کو ان کے متعلقہ ابواب میں تقسیم کرکے ذکر فرمایا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ حدیث کے کسی مخصوص حصے کو اس کے محل و موقع کے مطابق نقل کرنے کا طریقہ محدثین کے ہاں معروف اور معمول بہ ہے۔
یہاں مناسب ہے کہ اختصارِ حدیث اور تقطیعِ حدیث کے مابین اصطلاحی فرق بھی ملحوظ رکھا جائے، تاکہ دونوں کے مفہوم میں اشتباہ نہ رہے۔ اختصارِ حدیث سے مراد یہ ہے کہ ایک حدیث کے بعض حصے کو نقل کیا جائے اور باقی حصے کو ترک کر دیا جائے، جبکہ تقطیعِ حدیث سے مراد یہ ہے کہ ایک ہی حدیث کے مختلف اجزاء کو اس کے مضمون و موضوع کی مناسبت سے الگ الگ ابواب میں ذکر کیا جائے۔ گویا اختصار میں حدیث کے بعض حصے پر اکتفا مقصود ہوتا ہے، جبکہ تقطیع میں ایک حدیث کے مختلف اجزاء کو ان کے متعلقہ ابواب میں تقسیم کرکے پیش کرنا مقصود ہوتا ہے۔ تاہم بعض صورتوں میں دونوں کا اجتماع بھی ہو سکتا ہے۔
علّامہ ابنِ صلاح شہروزی علیہ الرحمہ (المتوفیٰ:643 ھ)،معرفة أنواع علوم الحديث المعروف بمقدمۃ ابن الصلاح میں لکھتے ہیں:
"السابع:هل يجوز اختصار الحديث الواحد، ورواية بعضه دون بعض؟ اختلف أهل العلم فيه:فمنهم من منع من ذلك مطلقا،بناء على القول بالمنع من النقل بالمعنى مطلقا.۔۔۔والصحيح التفصيل،وأنه يجوز ذلك من العالم العارف إذا كان ما تركه متميزا عما نقله، غير متعلق به، بحيث لا يختل البيان،ولا تختلف الدلالة فيما نقله بترك ما تركه، فهذا ينبغي أن يجوز،وإن لم يجز النقل بالمعنى لأن الذي نقله والذي تركه والحالة هذه بمنزلة خبرين منفصلين في أمرين لا تعلق لأحدهما بالآخر."
ترجمہ:ساتواں مسئلہ یہ ہے کہ کیا ایک حدیث کو مختصر کرنا اور اس کا بعض حصہ روایت کرکے باقی حصہ چھوڑ دینا جائز ہے؟ اس بارے میں اہلِ علم کے درمیان اختلاف ہے۔بعض اہلِ علم نے اس عمل کو مطلقاً ناجائز قرار دیا ہے، کیونکہ ان کے نزدیک حدیث کو اس کے اصل الفاظ کے بجائے مفہوم کے اعتبار سے روایت کرنا بھی مطلقاً جائز نہیں۔صحیح اور راجح قول یہ ہے کہ اس مسئلے میں تفصیل ہے۔ چنانچہ حدیث کا اختصار ایک صاحبِ علم اور فن سے واقف راوی کے لیے اس وقت جائز ہے جب وہ حصہ جسے چھوڑا جا رہا ہے، اس حصے سے الگ اور غیر متعلق ہو جسے وہ بیان کر رہا ہے، اس طرح کہ حذف کرنے سے بیان میں کوئی خلل پیدا نہ ہو اور نہ ہی بیان کردہ حصے کے مفہوم اور دلالت میں کوئی تبدیلی آئے۔ایسی صورت میں حدیث کے بعض حصے کو حذف کرکے روایت کرنا جائز ہونا چاہیے، اگرچہ روایت بالمعنی کو جائز نہ بھی مانا جائے کیونکہ اس صورت میں راوی کا بیان کردہ حصہ اور چھوڑا ہوا حصہ دو الگ الگ امور سے متعلق دو مستقل خبروں کی حیثیت رکھتے ہیں،جن کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔
(مقدمہ ابنِ صلاح،ج:1،ص:214۔215،دار الفکر بیروت)
مقدمہ ابنِ صلاح ہی میں ہے:
"وأما تقطيع المصنف متن الحديث الواحد، وتفريقه في الأبواب، فهو إلى الجواز أقرب، ومن المنع أبعد، وقد فعله مالك،والبخاري،وغير واحد من أئمة الحديث ولا يخلو من كراهية"
ترجمہ:رہا کسی مصنف کا ایک حدیث کے متن کو مختلف حصوں میں تقسیم کرکے اسے متعدد ابواب میں ذکر کرنا، تو یہ عمل ممانعت کے مقابلے میں جواز کے زیادہ قریب اور جواز کے اعتبار سے زیادہ موزوں ہے۔امام مالک، امام بخاری اور دیگر متعدد ائمۂ حدیث نے بھی یہی طریقہ اختیار کیا ہے۔ تاہم کراہت سے خالی نہیں۔
(مقدمہ ابنِ صلاح،ج:1،ص:217،دار الفکر بیروت)
حافظ شمس الدین الذہبی علیہ الرحمہ (المتوفی:748 ھ) الموقظہ میں لکھتے ہیں :
"أمَّاإذا نقلنامن"الجزء"شيئاً إلى تصانيِفنا وتخارِيجِنا،فإنه ليس في ذلك تَغْيِيرٌ للتصنيف الأول"قلتُ:ولا يَسُوغُ تغييرُ ذلك إلا في تقطيع حديثٍ،أو في جَمْعِ أحاديثَ مفرَّقةٍ إسنادُها واحد. فيقال فيه:وبِهِ إلى النبي صلى الله عليه وسلم"
ترجمہ:رہا یہ معاملہ کہ ہم کسی حدیثی جزو یا کتابچے سے کوئی روایت اپنی تصانیف اور تخریجات میں نقل کریں، تو اس میں اصل تصنیف کی کوئی تبدیلی لازم نہیں آتی۔میں کہتا ہوں کہ اس میں تبدیلی صرف دو صورتوں میں جائز ہے:ایک یہ کہ کسی حدیث کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا جائے، اور دوسری یہ کہ متعدد الگ الگ احادیث کو جمع کر دیا جائے، جبکہ ان سب کی سند ایک ہی ہو۔ ایسی صورت میں سند بیان کرنے کے بعد یہ کہا جائے گا: ’’اور اسی سند کے ساتھ رسول اللہ ﷺ تک روایت پہنچتی ہے۔
(الموقظہ،ج:1،ص:63، مكتبہ المطبوعات الإسلاميۃ بحلب)
اسی میں ہے:
"اختصارُ الحديث وتقطيعُه جائزٌ إذا لم يُخِلَّ معنىً.ومِن الترخيصِ تقديمُ مَتْنٍ سَمِعهَ على الإسناد،وبالعكس.كأن يقول: قال رسولُ الله صلى الله عليه وسلم :(النَّدَمُ تَوْبَة)أخبَرَنا به: فلان، عن فلان".
ترجمہ:حدیث کے اختصار اور اسے مختلف حصوں میں تقسیم کرنا جائز ہے، بشرطیکہ اس سے حدیث کے مفہوم میں کوئی خلل پیدا نہ ہو۔اسی طرح روایت میں بعض امور کی ترتیب میں تقدیم و تاخیر کی بھی اجازت ہے۔ مثلاً راوی پہلے اس حدیث کا متن بیان کر دے جو اس نے سنا ہے، پھر اس کی سند ذکر کرے،یا پہلے سند بیان کرے اور بعد میں متن ذکر کرے۔مثلاً وہ کہے:رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ندامت توبہ ہے۔ ہمیں یہ حدیث فلاں نے فلاں سے روایت کرکے بیان کی ہے۔
(الموقظہ،ج:1،ص:64، مكتبہ المطبوعات الإسلاميۃ بحلب)
علّامہ بدر الدین زرکشی علیہ الرحمہ (المتوفی:794ھ)النکت علی مقدمہ ابنِ صلاح میں لکھتے ہیں:
"(قوله)السابع هل يجوز اختصار الحديث تحري البخاري (وهو تحري مسلم ويؤيده قوله بعده وعلى هذا كافة الناس ومذاهب الأئمة وعليه صنف المصنفون كتبهم في الحديث على الأبواب وفصلوا الحديث عليها وأحسن ابن الحاجب في مختصره حيث قال حذف بعض الخبر جائز عند الأكثرين إلا في الغاية والاستثناء ونحوه"
ترجمہ:مصنف کا یہ قول کہ ساتواں مسئلہ یہ ہے کہ کیا حدیث کو مختصر کرنا جائز ہے؟اس سے امام بخاری رحمہ اللہ کا اختیار کردہ طریقہ مراد ہے۔ یہی امام مسلم رحمہ اللہ کا بھی اختیار کردہ طریقہ ہے۔اس کی تائید ان کے بعد آنے والے اس قول سے بھی ہوتی ہے کہ اسی طریقے پر تمام اہلِ علم اور ائمہ کے مذاہب ہیں۔ اسی اصول کے مطابق محدثین نے اپنی حدیث کی کتابوں کو مختلف ابواب پر مرتب کیا اور احادیث کو ان ابواب کے مطابق تقسیم کیا ہے۔علامہ ابنِ حاجب رحمہ اللہ نے اپنے مختصر میں بہت عمدہ بات کہی ہے، چنانچہ فرماتے ہیں:اکثر اہلِ علم کے نزدیک حدیث کے بعض حصے کو حذف کرنا جائز ہے، البتہ اس میں غایت، استثناء اور ان جیسی دیگر قیود کو حذف کرنا جائز نہیں۔
(النکت علی مقدمہ ابنِ صلاح، امام زرکشی،ج:3،ص:612، أضواء السلف الرياض)
اسی میں تقطیعِ حدیث کے متعلق ہے:
"(قوله) وأما تقطيع المصنف متن الحديث الواحد وتفريقه في الأبواب له ولا اختصار إذا لم يقل فيه مثل حديث فلان ونحوه واعلم أن مالكا رضي الله تعالى عنه فعل ذلك في الموطأ۔۔۔وكذلك فعل البخاري فرقه على الأبواب وأما مسلم فساقه واحدة"
ترجمہ:مصنف کا یہ قول کہ :رہا کسی مصنف کا ایک حدیث کے متن کو مختلف حصوں میں تقسیم کرکے متعدد ابواب میں ذکر کرنا، تو امام مسلم رحمہ اللہ کے مذہب کا ظاہر یہ ہے کہ وہ حدیث کو مکمل طور پر، بغیر کسی تقطیع اور اختصار کے بیان کرتے ہیں، بشرطیکہ وہ اس کے ساتھ یہ نہ کہیں کہ یہ فلاں راوی کی حدیث جیسی ہے یا اس قسم کے الفاظ استعمال نہ کریں۔اور یہ بات جان لو کہ امام مالک رضی اللہ عنہ نے بھی اپنی کتاب مؤطا میں یہ طریقہ اختیار کیا ہے۔اسی طرح امام بخاری رحمہ اللہ نے بھی حدیث کو مختلف ابواب میں تقسیم کرکے ذکر کیا ہے، جبکہ امام مسلم رحمہ اللہ نے حدیث کو مکمل طور پر ایک ہی جگہ بیان کیا ہے۔
(النکت علی مقدمہ ابنِ صلاح، امام زرکشی،ج:3،ص:612، أضواء السلف الرياض)
شیخ الاسلام،حافظ ابن الحجر العسقلانی علیہ الرحمہ (المتوفی:852 ھ)نزہۃ النظر شرح نخبۃ الفکر میں لکھتے ہیں:
"أما اختصار الحديث فالأكثرون على جوازه بشرط أن يكون الذي يختصره عالما لأن العالم لا ينقص من الحديث إلا ما لا تعلق له بما يبقيه منه بحيث لا تختلف الدلالة، ولا يختل البيان،حتى يكون المذكور والمحذوف بمنزلة خبرين،أو يدل ما ذكره على حذفه بخلاف الجاهل،فإنه قد ينقص ما له تعلق كترك الاستثناء.
ترجمہ:رہا حدیث کو مختصر کرنے کا مسئلہ، تو اکثر اہلِ علم اس کے جواز کے قائل ہیں، بشرطیکہ حدیث کو مختصر کرنے والا صاحبِ علم ہو۔اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک عالم ہی حدیث میں سے اسی حصے کو حذف کرتا ہے جس کا باقی ماندہ حصے کے ساتھ کوئی تعلق نہ ہو،اس طرح کہ حذف کرنے سے نہ دلالت میں کوئی تبدیلی آئے اور نہ بیان میں کوئی خلل پیدا ہو۔ یہاں تک کہ حدیث کا مذکورہ حصہ اور حذف شدہ حصہ دو الگ الگ خبروں کی حیثیت رکھتے ہوں،یا بیان کردہ حصہ خود اس حذف شدہ حصے پر دلالت کر رہا ہو۔اس کے برعکس ایک ناواقف شخص بسا اوقات حدیث کا ایسا حصہ بھی حذف کر سکتا ہے جس کا باقی حدیث کے ساتھ تعلق ہوتا ہے، مثلاً استثناء کو حذف کر دینا۔
(نزہۃ النظر لابنِ حجر عسقلانی،ج:،ص:97، مطبعۃ الصباح، دمشق)
امام سخاوی علیہ الرحمہ (المتوفی:902ھ)فتح المغیث میں لکھتے ہیں:
"الاقتصار في الرواية على بعض الحديث، وربما عبر عنه بالاختصار مجازا، وتفريق الحديث الواحد على الأبواب.(وحذف) بالنصب مفعول مقدم (بعض المتن) أي: الحديث مما لا تعلق له بالمثبت (فامنع) إن كان لغير شك مطلقا، سواء تقدمت روايته له تاما أم لا، كان عارفا بما يحصل به الخلل في ذلك أم لا، بناء - كما قال ابن الصلاح ومن تبعه۔۔۔ (أو) هو القول الثاني (أجز) ذلك مطلقا احتاج إلى تغيير لا يخل بالمعنى أم لا، تقدمت روايته له تاما أم لا، لما سيجيء قريبا،وبه قال مجاهد حيث قال: انقص من الحديث ما شئت، ولا تزد فيه. ونحوه قول ابن معين: إذا خفت أن تخطئ في الحديث فانقص منه ولا تزد. ونسبه عياض لمسلم."
ترجمہ:روایت کرتے وقت پوری حدیث کے بجائے اس کے بعض حصے پر اکتفا کیا جائے، جسے کبھی مجازاً حدیث کا اختصار بھی کہا جاتا ہے، اور ایک ہی حدیث کو مختلف ابواب میں تقسیم کرکے ذکر کیا جائے۔مصنف کے الفاظ"بعض متن کو حذف کرنا" سے مراد حدیث کے ایسے حصے کو حذف کرنا ہے جس کا مذکورہ اور باقی رکھے گئے حصے کے ساتھ کوئی تعلق نہ ہو۔(پہلا قول یہ ہے) حدیث کے بعض حصے کو حذف کرکے روایت کرنا مطلقاً ممنوع ہے، بشرطیکہ ایسا کرنا کسی شک یا بھول کی وجہ سے نہ ہو۔ اس حکم میں کوئی فرق نہیں کہ راوی نے اس حدیث کو پہلے مکمل روایت کیا ہو یا نہ کیا ہو، اور وہ حذف سے پیدا ہونے والے خلل کو سمجھنے والا ہو یا نہ ہو۔یہ موقف امام ابنِ صلاح اور ان کے متبعین کے اس اصول پر مبنی ہے کہ روایت بالمعنی مطلقاً جائز نہیں۔دوسرا قول یہ ہے کہ حدیث کو مطلقاً مختصر کرنا جائز ہے، خواہ اس کے لیے الفاظ میں ایسی تبدیلی کی ضرورت ہو جو معنی کو متاثر نہ کرے یا نہ ہو، اور خواہ راوی نے پہلے اس حدیث کو مکمل روایت کیا ہو یا نہ کیا ہو۔اسی کے قائل امام مجاہد رحمہ اللہ ہیں، جن کا قول ہے:حدیث میں سے جتنا چاہو کم کر لو، لیکن اس میں اضافہ نہ کرو۔اسی کے قریب امام یحییٰ بن معین رحمہ اللہ کا قول بھی ہے کہ جب تمہیں حدیث بیان کرنے میں غلطی کا اندیشہ ہو تو اس میں سے کچھ کم کر دو، لیکن اضافہ نہ کرو۔قاضی عیاض نے اس موقف کو امام مسلم رحمہ اللہ کی طرف منسوب کیا ہے۔
(فتح المغیث،ج:1،ص:149۔150، مكتبۃ السنۃ مصر)
امام عبد الرحمٰن سیوطی علیہ الرحمہ (المتوفیٰ:911 ھ)تدریب الراوی علی تقریب النواوی میں لکھتے ہیں:
"(الْخَامِسُ:اخْتَلَفَ الْعُلَمَاءُ فِي رِوَايَةِ بَعْضِ الْحَدِيثِ الْوَاحِدِ دُونَ بَعْضٍ)وَهُوَ الْمُسَمَّى بِاخْتِصَارِ الْحَدِيثِ(فَمَنَعَهُ بَعْضُهُمْ مُطْلَقًا بِنَاءً عَلَى مَنْعِ الرِّوَايَةِ بِالْمَعْنَى،وَمَنَعَهُ بَعْضُهُمْ مَعَ تَجْوِيزِهَا بِالْمَعْنَى إِذَا لَمْ يَكُنْ رَوَاهُ هُوَ أَوْ غَيْرُهُ بِتَمَامِهِ قَبْلَ هَذَا)وَإِنْ رَوَاهُ هُوَ مَرَّةً أُخْرَى أَوْ غَيْرُهُ عَلَى التَّمَامِ جَازَ (وَجَوَّزَهُ بَعْضُهُمْ مُطْلَقًا).قِيلَ:وَيَنْبَغِي تَقْيِيدُهُ بِمَا إِذَا لَمْ يَكُنِ الْمَحْذُوفُ مُتَعَلِّقًا بِالْمَأْتِيِّ بِهِ، تَعَلُّقًا يُخِلُّ بِالْمَعْنَى حَذْفُهُ، كَالِاسْتِثْنَاءِ وَالشَّرْطِ وَالْغَايَةِ وَنَحْوِ ذَلِكَ، وَالْأَمْرِ كَذَلِكَ، فَقَدْ حَكَى الصَّفِّيُّ الْهِنْدِيُّ الِاتِّفَاقَ عَلَى الْمَنْعِ حِينَئِذٍ.(وَالصَّحِيحُ التَّفْصِيلُ)وَهُوَ الْمَنْعُ مِنْ غَيْرِ الْعَالِمِ (وَجَوَازُهُ مِنَ الْعَارِفِ إِذَا كَانَ مَا تَرَكَهُ) مُتَمَيِّزًا عَمَّا نَقَلَهُ (غَيْرَ مُتَعَلِّقٍ بِمَا رَوَاهُ، بِحَيْثُ لَا يَخْتَلُّ الْبَيَانُ وَلَا تَخْتَلِفُ الدَّلَالَةُ) فِيمَا نَقَلَهُ (بِتَرْكِهِ،وَ) عَلَى هَذَا يَجُوزُ ذَلِكَ (سَوَاءٌ جَوَّزْنَاهَا بِالْمَعْنَ،أَمْ لَا)سَوَاءٌ(رَوَاهُ قَبْلُ تَامًّا أَمْ لَا) لِأَنَّ ذَلِكَ بِمَنْزِلَةِ خَبِرَيْنِ مُنْفَصِلَيْنِ.وَقَدْ رَوَى الْبَيْهَقِيُّ فِي"الْمَدْخَلِ"عَنِ ابْنِ الْمُبَارَكِ قَالَ:عَلَّمَنَا سُفْيَانُ اخْتِصَارَ الْحَدِيثِ.
ترجمہ:پانچواں مسئلہ یہ ہے کہ ایک ہی حدیث کے بعض حصے کو روایت کرنا اور باقی حصے کو چھوڑ دینا جائز ہے یا نہیں؟ اس عمل کو حدیث کا اختصار کہا جاتا ہے۔بعض اہلِ علم نے اسے مطلقاً ممنوع قرار دیا ہے، کیونکہ ان کے نزدیک روایت بالمعنی جائز نہیں۔بعض دوسرے اہلِ علم نے بھی اس سے منع کیا ہے، اگرچہ وہ روایت بالمعنی کو جائز قرار دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک حدیث کے بعض حصے کو حذف کرکے روایت کرنا اس وقت تک جائز نہیں جب تک راوی خود یا کوئی دوسرا راوی اس حدیث کو پہلے مکمل طور پر روایت نہ کر چکا ہو۔ اگر اس راوی نے خود یا کسی دوسرے راوی نے اسے مکمل روایت کر دیا ہو تو پھر اس کا اختصار جائز ہے۔جبکہ بعض اہلِ علم نے حدیث کے اختصار کو مطلقاً جائز قرار دیا ہے۔بعض اہلِ علم نے کہا ہے کہ حدیث کے اختصار کے جواز کو اس شرط کے ساتھ مقید ہونا چاہیے کہ حذف کیا جانے والا حصہ باقی بیان کردہ حصے کے ساتھ ایسا تعلق نہ رکھتا ہو کہ اس کے حذف کرنے سے معنی میں خلل پیدا ہو جائے، جیسے استثناء، شرط، غایت اور اس جیسی دیگر قیود۔یہ بات درست ہے، کیونکہ علامہ صفی الدین ہندی نے نقل کیا ہے کہ ایسی صورت میں حدیث کے اختصار کی ممانعت پر اتفاق ہے۔صحیح اور راجح قول یہ ہے کہ اس مسئلے میں تفصیل ہے۔ چنانچہ ایسا اختصار کسی غیر عالم کے لیے جائز نہیں، البتہ فنِ حدیث سے واقف اور صاحبِ علم شخص کے لیے جائز ہے، بشرطیکہ وہ جو حصہ چھوڑ رہا ہے، وہ بیان کردہ حصے سے الگ اور غیر متعلق ہو، اس طرح کہ اس کے حذف کرنے سے نہ بیان میں کوئی خلل پیدا ہو اور نہ ہی بیان کردہ حصے کی دلالت میں کوئی تبدیلی آئے۔اس اصول کے مطابق حدیث کا اختصار جائز ہوگا، خواہ ہم روایت بالمعنی کو جائز قرار دیں یا نہ دیں، اور خواہ راوی نے اس حدیث کو پہلے مکمل روایت کیا ہو یا نہ کیا ہو؛ کیونکہ اس صورت میں حدیث کا مذکورہ حصہ اور حذف شدہ حصہ دو الگ الگ خبروں کی مانند ہیں۔اور امام بیہقی نے مدخل عبد اللہ بن مبارک سے روایت کرتے ہیں کہ ہمیں سفیان نے اختصارِ حدیث سکھایا ۔
(تدریب الراوی،ج:539۔540،دار الطیبہ)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب