دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

فاسق پیر سے بیعت کا حکم

24521 نومبر، 2026105
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ ہمارے علاقے مظفرگڑھ میں ایک پیر بابا لعل شاہ جوکہ قوم کا آرائیں ہے نماز کا تارک ہے کہیں بھی محفل نعت ،حمد اور محفل قرات و میلاد کا انعقاد نہیں کرتا صرف قوالی کی محفل کرتاہے جس میں پوری رات ناچنا اور رقص کرنا اور خواتین کا بغیر پردے کے مردوں کے ساتھ شامل رہنا اور پیر صاحب کا استقبال ڈھول باجے ڈانس ناچ گانے پرکیا جاتا ہے ایسے پیر کا مرید ہونا اورایسی محافل میں جانا کیسا ہے ؟بینوا توجروا! سائل: محمد عبداللہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

جواب سے قبل بیعت سے متعلق چند باتوں کو جاننا چاہیئے۔

(1) بیعت سے کیا مراد ہے؟

لغت میں بیعت کے معنی بیچنے کے ہیں اور اصطلاح صوفیاء میں کسی بزرگ کے ہاتھ پر یہ معاہدہ کرنا کہ میں آئندہ معصیت نہ کروں گا اور تصفیہ قلب کے لیے آپ کی ہدایات پر عمل کروں گا، اور اس کو بیعت کہنے کی وجہ بھی یہی ہے کہ مرید اپنی مرضی کو صالح(نیک) مر شد کے ہاتھ بیچ دیتا ہے۔

(2) کیا فوز و فلاح کے لیئے بیعت ہونا لازمی ہے ؟

امام اہل سنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:"فلاح دو قسم پر ہے اول انجام کار رستگاری( یعنی آخرت میں نجات و چھٹکارہ حاصل ہونا) اگر چہ معاذ اللہ سبقت عذاب کے بعد ہو، یہ عقیدہ اہل سنت میں ہر مسلمان کے لیئے لازم ، اور کسی بیعت و مریدی پر موقوف نہیں ، اس کے واسطے صرف نبی (صلی اللہ علیہ وسلم )کو مرشد جاننا بس ہے۔

دوم کامل رستگاری کہ بے سبقت عذاب دخول جنت ہو ، اس کے دو پہلو ہیں کہ : وقوع یہ مذہب اہل سنت میں محض مشیت الہی پر ہے ، اگر چاہے تو ایسی فلاح عطاء فرمائے اگر چہ لاکھوں کبائر کا مر تکب ہو اور چاہے تو ایک گناہ ِصغیرہ پر گرفت کر لے اگر چہ لاکھوں حسنات رکھتا ہو ، یہ عدل ہے اور وہ فضل، يغفر لمن يشاء ،ويعذب من شياء ( جس کو چاہے بخش دے اور جس کو چاہے عذاب دے)اور وقوع (یعنی دخول جنت ) کے لیے سوا ءاسلام اور اللہ ورسول کی رحمت کے اور کوئی شرط نہیں ( جل وعلا، وصلی اللہ علیہ وسم ) یعنی انسان کے اعمال و افعال و اقوال و احوال ایسے ہونا کہ اگر انہیں پر خاتمہ ہو تو کرم الہی سے امید واثق ہو کہ بلا عذاب داخل جنت کیا جائے۔

پھر فلاح دو قسم پر ہے ایک فلاح ظاہر ، دو سر افلاح باطن:

یہاں فلاح ظاہر سے یہ مراد نہیں کہ ظاہر احکامِ شرع سے اپنے آپ کو آراستہ کر لیا اور معاصی سے منزہ کر لیا اور متقی و مفلح بن گئے اگر چہ اس کا باطن ریا ، عجب ، حسد ، کینہ ، تکبر ، حب مدح ، حب جاہ، محبت دنیا، طلب شہرت، تعظیم امراء، تحقیر مساکین ، اتباع شہوات و مداہنت ، خیانت ، غفلت و قسوت، اتباع شیطان اور بندگی نفس، تساہل فی اللہ سے گندہ ہو رہا ہو بلکہ فلاح ظاہر یہ کہ دل و بدن دونوں پر جتنے احکام الہیہ ہیں سب بجالائے ، نہ کسی کبیرہ کا ارتکاب کرے نہ کسی صغیرہ پر مصر رہے، نفس کے خصائل ذمیمہ اگر دفع نہ ہوں تو ان سے بچے رہیں اور ان پر عمل نہ کریں، مثلا دل میں بخل ہے تو نفس پر جبر کر کے ہاتھ کشادہ رکھے ، حسد ہے تو محسود کی برائی نہ کرے۔ اور یہی فلاح تقوی ہے اس سے آدمی متقی ہو جاتا ہے۔اور فلاح باطن سے مراد ہے قلب و جسم کو رذائل اور گناہوں سے خالی کر کے فضائل سے مزین کرے۔تو بہر حال اس فلاح کے لیئے ضرور مرشد کی حاجت ہے۔ (ملخص و متصرفا )

(فتاوی افریقہ ، ص: ۱۱۷، طبع : مکتبہ نوریہ رضویہ)۔

(3) مرشد کیسا ہونا چاہیے؟تو امام اہلسنت ایک اور مقام پر اس کے متعلق فرماتے ہیں:مرشد بھی دو قسم کا ہے۔ اول: مرشد عام ، دوم : مرشد خاص۔

مرشد عام سے مراد کلام اللہ ، کلام الرسول ، کلام ائمہ شریعت و طریقت اور کلام علماء دین ، واہل رشد و ہدایت ہے ۔ فلاح ظاہر ہو خواہ فلاح باطن ، اس مرشد کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے جو شخص ان سے جدا ہے بلاشبہ کافر ہے یا گمراہ، اور اس کی عبادت بر با دو تباہ ہے۔ اور مرشد خاص سے مراد یہ کہ کسی عالم ، سنی، صحیح العقیدہ، صحیح الاعمال، جامع شرائط بیعت کے ہاتھ میں ہاتھ دے ، جس کو پیر و شیخ کہتےہیں۔

پھر مرشد خاص کی بھی دو قسم ہے ، اول: شیخ اتصال، دوم: شیخ ایصال۔ اول شیخ اتصال سے مراد یہ ہے کہ جس ہاتھ پر بیعت کرنے سے انسان کا سلسلہ حضور پر نور سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم تک متصل ہو جائے۔

اور اس کے لیے چار شرائط ہیں :

شرط اول :

شیخ کا سلسلہ با تصال صحیح حضور اقدس صلی علیہ وسلم تک پہنچتا ہو بیچ میں منقطع نہ ہو کہ اس کی وجہ سے اتصال نا ممکن ہے ، بعض لوگ بلا بیعت محض بزعم وراثت اپنے باپ داد کے سجادے پر بیٹھ جاتے ہیں یا بیعت تو کی تھی مگر خلافت نہ ملی تھی بلا اذن مرید کر نا شروع کر دیتے ہیں، یا سلسلہ ہی وہ ہو کہ قطع کر دیا گیا، اس میں فیض نہ رکھا گیا ، لوگ برائے ہوس اس میں اذن و خلافت دیتے چلے آتے ہیں یا سلسلہ فی نفسہ صحیح تھا مگر بیچ میں کوئی شخص واقع ہوا جس میں بیعت کے بعض شرائط نہ تھے تو اس سے جو شاخ چلی وہ بیچ سے منقطع ہے ، تو ان صورتوں میں اس بیعت سے ہر گز اتصال نہ ہو گا، اور یہ بیل سے دودھ اور بانجھ سے بچہ مانگنے کے مترادف ہے۔

شرط دوم :

شیخ سنی صحیح العقیدہ ہو بد مذہب گمراہ کا سلسلہ شیطان تک پہنچے گا نہ کہ رسول اللہ صلی علیہ وسلم تک ، آج بہت سارے بد دین بلکہ بے دین اور بدعقیدہ لوگ جو منکر و دشمن اولیاء ہیں اور مکاری کے لیئے پیری مریدی کا جال پھیلا رکھا ہے۔

شرط سوم :

عالم ہو ، یعنی علم فقہ اس کی اپنی ضرورت کے مطابق کافی اور لازم ہے کہ عقائد اہل سنت سے پورا واقف ہو ، کفر واسلام اور ضلالت و ہدایت کے فرق کا خوب عارف ہو ، ورنہ آج بد مذہب نہیں تو کل ہو جائے گا ، صد با کلمات و حرکات ہیں جن سے کفر لازم آتا ہے اور جاہل جہالت کی وجہ سے ان میں پڑ جاتے ہیں ، پہلے تو ان کو خبر ہی نہیں ہوتی کہ ان سے قول و یا فعل کفر صادر ہوتا ہے اور جب خبر ہی نہ ہو تو تو بہ نا ممکن ہے لہذا اسی میں مبتلا رہتے ہیں ، اور اگر کو گر کوئی خبر دے تو ایک سلیم الطبع جاہل تو ڈر جائے لیکن جو سجادہ نشین ہو اور ہادی و مرشد بن بیٹھا ہو ، اس کے دل میں جو اپنےلیئے عظمت ہو تو وہ کہاں اس کو توبہ قبول کرنے دیگا، اور اگر کوئی تو بہ بھی کر لے لیکن ان کفریات کی وجہ سے بیعت جو فسخ ہوئی ہے تو کسی کے ہاتھ پر بیعت کریگا ؟ اور شجرہ اس جدید شیخ کے نام سے دیگا ؟ اگر چہ شیخ اول ہی کا خلیفہ ہو ، اس کا نفس ایسا کہاں کرنے دیگا کہ وہ سلسلہ بند کرے اور مرید کرناچھوڑ دے کیونکہ سلسلہ ٹوٹ چکا ہے !!

شرط چہارم :

فاسق معلن نہ ہو ، اس شرط پر حصول اتصال کا توقف نہیں مگر پیر کی تعظیم لازم ہے اور فاسق کی تو ہین واجب ہے تو دونوں کا اجتماع لازمآجائے گا جو کہ باطل ہے ۔

اور شیخ ایصال یہ ہے کہ مذکورہ چار شرائط کے ساتھ ، ساتھ وہ مفاسد نفس ، مکائد شیطان اور خواہشات کی جال سے خوب آگاہ ہو اور دوسروں کی تربیت جانتا اور اپنے مرید پر شفقت تام رکھتا ہو کہ اس کے عیوب پر اسے مطلع کر دے ، ان کا علاج بتائے اور جو مشکلات اس راہ میں پیش آئے توحل کرنا جانتا ہو ، نہ کہ صرف سالک یا مجذوب ہو کہ یہ دونوں پیر نہیں بن سکتے ۔ (ملخصاً و متصرفا)

( فتاوی افریقہ ، ص: ۱۲۳، طبع : مکتبہ نوریہ رضویہ )۔

شاہ ولی اللہ محدث دہلی علیہ الرحمہ مرشد کی شرائط کے متعلق لکھتے ہیں:

علم الكتاب والسنة ، ولا اريد المرتبة القصوى بل يكفى من علم الكتاب ان يكون قد ضبط تفسیر المدارک او الجلالين او غيرهما ۔ ومن السنة ان يكون قد ضبط و حقق مثل كتاب المصبيح وعرف معانيه و انما شر طنا العلم لان الغرض من البيعة امره بالمعروف و نهيه عن المنكر و ارشاده الى تحصيل السكينة الباطنة وازالة الرزائل واكتساب الحمائد، ثم المستر شد به في كل ذالك فمن لم يكن عالما كيف يتصور منه هذا ؟ ان يكون زهدا في الدنيا ، راغبا في الآخرة ، موظبا على الطاعات المؤكدة ، والاذكار الماثورة ، مواظبا على تعلق القلب بالله ان يكون أمرابا المعروف ناهيا عن المنكر وان يكون صحب المشائخ و تادب بهم دهرا طولا واخذ منهم النور الباطن والسكينة (ملخصاً)

ترجمہ : قرآن و سنت کا علم ہو اور اس سے میری مراد یہ نہیں کہا انتہائی اعلی درجے کا عالم ہو بلکہ قرآن کا علم رکھتا ہو کہ کم از کم وہ تفسیر مدارک یا جلالین یا ان کے علاوہ کا علم رکھتا ہو۔ اور سنت سے اتنا علم رکھتا ہو کہ وہ مشکاۃ المصابیح کو پڑھ اور سمجھ سکتا ہو ، اس کے معانی کو جانتا ہو ، اور ہم نے علم کی شرط اس لئے لگائی ہے کہ بیعت کرنے کا مقصد دوسروں کو نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا ہے ، باطنی سکون کے حصول کی رہنمائی کرنا، رذائل کو دور کرنا، اچھی چیزوں کو حاصل کرنا ہے۔ تو پھر پیر سے ان تمام چیزوں میں رہنمائی حاصل کرنا اس شخص سے جو خود علم نہ رکھتا ہو تو کیسے وہ ان چیزوں کی طرف رہنمائی کریگا ؟ اور یہ کہ دنیا سے کنارہ کشی کرتا، آخرت میں رغبت رکھتا ہو ، جن عبادات کی ترغیب دی گئی ہے ان پر کار بند رہتا ، اذکار ناثورہ پر ہمیشگی کرتا ہو اور اس کا دل اللہ کی طرف مائل ہو۔ اور یہ کہ وہ نیکی کا حکم دینے، برائی سے روکھنے والا ہو ۔ اور اس نے مشائخ کی صحبت اختیار کی ہو اورایک طویل عرصے تک ان سے ادب سیکھا ہو اور ان سے باطنی نور اور سکون حصل کیا ہو۔

(شفاء العليل مع القول الجميل في بيان سواء السبيل، ص: ۲۰ ، طبع : ایچ ایم سعید کمپنی)۔

(4) کیا بیعت کی کوئی قسم ہے ؟

امام اہل سنت علیہ الرحمہ میں فرماتے ہیں:بیعت بھی دو قسم پر ہے ، اول: بیعت برکت، دوم بیعت ارادت:

اول بیعت برکت :

یہ صرف تبرک کے لئے داخل سلسلہ ہو جانا ہے۔ آج کل عام طور پر اسی طور پر بیعتیں ہوتی ہیں یہ بھی وہ لوگ کرتے ہیں جن کی نیتیں نیک ہوں ورنہ بہت سارے دنیوی اغراض فاسدہ کے لیئے بیعت کرتے ہیں۔ اور اس بیعت برکت کے لئے شیخ اتصال کافی ہے جوکہ چاروں شرائط کا جامع ہو۔اور اس بیعت کے بڑے فوائد ہیں کہ دنیا و آخرت میں کار آمد ہے ، اور محبوبان خدا کے غلاموں کے دفتر میں نام کا لکھا جانا ، ان سے سلسلہ متصل ہو جانا خود ہی ایک سعادت ہے ، کیونکہ اس میں ان کے خاص غلام سالکان راہ سے مشابہت ہے۔ اور رسول اللہ صلی علیم فرماتے ہیں ” من تشبہ بقوم فهو منهم یعنی جو جس قوم سے مشابہت پیدا کرے وہ انہیں میں سے ہے۔

شيخ الشيوخ شہاب الحق والدین سہروردی رضی الله عنه عوارف المعارف شریف میں فرماتے ہیں:

واعلم ان الخرقة خرقتان ، خرقة الارادة ، وخرقة التبرك ، والاصل اللذي قصده المشايخ للمريدين خرقة الارادة ،وخرقة التبرك تشبه بخرقة الارادة، فخرقة الارادة للمريد الحقيقي، وخرقة التبرك للمتشبه

ترجمہ : واضح ہو کہ مح ہو کہ خرقہ ( بیعت ) دو قسم پر ہم پر ہے یعنی خرقہ ارادت اور خرقہ تبرک ، اور اصل جس کا مشایخ مریدوں سے قصد کرتے ہیں وہ خرقہ ارادت ہے ، اور خرقہ تبرک تو اس کے مشابہ ہے ، تو حقیقی مریدین کے کے لیئے خرقہ ارادت ہے ، جبکہ مشابہت اختیار کرنے والوں کے لیے خرقہ تبرک ہے۔

دوم بیعت ارادت:

کہ اپنے ارادہ و اختیار سے یکسر باہر ہو کر اپنے آپ کو مرشد برحق کے ہاتھ میں بالکل سپر د کر دے ، اسے اپنا مطلقا اپنا حاکم و متصرف جانے ، اس کے چلانے پر راہ سلوک چلے اور سلوک کی راہ میں اپنی ہر مشکل اس پر پیش کرے ، اور یہی بیعت سالکین ہے ، یہی مقصودمشایخ مرشدین ہے، یہی اللہ عز وجل تک پہنچاتی ہے اور بیعت حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام سے لی تھی۔

( فتاوی افریقہ ، ص: ۱۲۵، طبع مکتبہ نوریہ رضویہ )۔

ان باتوں کو جاننے کے بعد جواب ملاحظہ فرمائیں:

مذکورہ صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ جان بوجھ کر نماز ترک کرنا،مردو عورت کا بغیر پردے کے اختلاط کے ساتھ محفل کروانااور اس میں شامل ہونا ،ڈھول باجے اور ناچ گانے بجانا ،ڈھول باجے اور ناچ گانے پر ناچنا یا اس کا انتظام کروانا اورایسی قوالی کی محافل کروانا جو حرام امور پر مشتمل ہو بلکہ آجکل قوالی کی اکثر محافل حرام امور کے ہی مجموعہ پر مشتمل ہوتی ہے بلکہ کچھ میں تو معاذ اللہ کفریہ اشعار پڑھے جاتے ہیں اور اشعار میں پیر کو خدا کے تصور میں پیش کیا جاتا ہے اللہ تعالیٰ ایسے جاہل اور شریعت کے باغی پیر ،قوَّال اور عوامِ اہلسنت کو ہدایت نصیب فرمائے،لہذا مذکورہ تمام امور کا مرتکب فاسق و فاجر اور کبیرہ گناہ کا مرتکب ہے،لہذا ایسے شخص کے ہاتھ پر بیعت کرکے مرید بننا ناجائز و گناہ ہے کیونکہ مرشد میں گذر چکا کہ مرشد فاسق نہ ہو ۔

باقی محفلِ نعت،حمد اور محفلِ قرات و میلاد کا انتظام کرنا پیر کی شرائط میں سے نہیں جب کے وہ ان کو جائز و مستحسن سمجھتا ہواگر کوئی پیر مذکورہ امور کو اچھا نہیں سمجھتا بلکہ بدعت و ناجائز سمجھتا ہے،تو پھر ایسے شخص کو پیر بنانا ناجائز ہے،کیونکہ پیر کی شرائط میں سے ہے کہ وہ صحیح العقیدہ سنی ہو اور مذکورہ امور انکار بدمذہب و غیر اہلسنت ہی کرے گا۔

امام اہلسنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ پیر کی شرائط کے متعلق فرماتے ہیں :” ایسے شخص سے بیعت کا حکم ہے،جو کم از کم یہ چاروں شرطیں رکھتا ہو ،اول سنّی صحیح العقیدہ ہو ۔ دوم علم دین رکھتا ہو ۔سوم فاسق نہ ہو،چهارم اس کا سلسلہ رسول اللہ صل اللہ تعالی علیہ وسلم تک متصل ہو۔ اگر ان میں سے ایک بات بھی کم ہے تو اس کے ہاتھ پر بیعت کی اجازت نہیں۔

(فتاوی رضویہ ، ج: 21، ص:603، رضا فاؤنڈیشن، لاہور )۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

10/مئی/2024 ۔24 1ذوالقعدہ 1445ھ کو جاری کیا گیا