دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

بھائی کی موجودگی میں بھتیجوں کی وراثت سے محرومی

22022 نومبر، 202626
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء ِکرام و مفتیان ِعظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میرے بھائی لیاقت کا 23 جنوری 2024 ء کو انتقال ہوگیا ہے ،بھائی کی شادی نہیں ہوئی تھی اس کے ورثاء میں صرف میں اکیلا بھائی ہوں،ہمارے دیگر بہن بھائیوں کا ان سے پہلے انتقال ہوچکا ہے۔ سوال یہ ہے کہ اب دیگر بہن بھائیوں کی اولاد(بھتیجوں ) کو حصہ ملے گا یا نہیں؟ بینوا توجروا! سائل:صادق خان،حیدرآباد

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکم ِ شرع یہ ہے کہ مرحوم کے(علاوہ ایک بھائی کے) سب بہن بھائیوں کا انتقال اس کی زندگی ہی میں ہوچکا ہے اور وراثت کا تعلق مرحوم کی وفات کے وقت زندہ رشتہ داروں کے ساتھ ہے لہذا فوت شدہ ورثاء کے حصے بھی نہیں بنیں گے۔

بھائی اور بھتیجوں کا قرآن پاک میں کوئی معین حصہ نہیں ہے اور ان کا شمار عصبات میں سے ہوتا ہے یعنی فرض حصے(جو قرآن پاک میں ورثا ء کے لیے معین ہیں) ورثاء کو دینے کے بعد ترکے میں جو بچے گا ان عصبہ کو دیا جائےگا جو قریب ہو اور مذکورہ مسئلے میں ایک بھائی کے ساتھ بھتیجے بھی عصبہ بن رہیں ،لیکن عصبہ کی تقسیم میں یہ مسلَّمہ اصول ہے کہ جو قریب کا عصبہ ہوگا اس کو وراثت سے حصہ ملے گاباقی محروم رہیں گے لہذا صورت میں بھائی قریب کا عصبہ ہے ،اور بھتیجے دور کے عصبہ ہیں ہیں چونکہ اس کے علاوہ کوئی ذوی الفروض وغیرہ بھی نہیں ہیں لہذا تمام ترکہ اسی بھائی کو ملے گا ،مرحوم کے بھتیجے محروم رہیں گے۔

صحیح بخاری کی حدیث مبارکہ ہے:

"عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «أَلْحِقُوا الفَرَائِضَ بِأَهْلِهَا، فَمَا بَقِيَ فَهُوَ لِأَوْلَى رَجُلٍ ذَكَرٍ»

ترجمہ:حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہماسے راوی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلَّم نے فرمایا: ''فرض حصوں کو فرض حصے والوں کو دے دو اور جو بچ جائے وہ میت کے قریب ترین مرد کو دے دو۔

(صحیح البخاري''،کتاب الفرائض،باب میراث الولد...إلخ،الحدیث:6732)۔

السراجی فی المیراث میں ہے :

تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "

ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔

(السراجی فی المیراث :ص5،مکتبہ لدھیانوی )۔

بہارِ شریعت میں ہے:

" عصبہ بنفسہٖ سے مراد وہ مرد ہے کہ جب اس کی نسبت میت کی طرف کی جائے تو درمیان میں کوئی عورت نہ آئے۔ عصبہ بنفسہٖ کی چار قسمیں ہیں : پہلی قسم: جز و میت ، یعنی بیٹے پوتے (نیچے تک)۔

دوسری قسم: اصل میت ، یعنی میت کاباپ دادا (اوپر تک)۔تیسری قسم: میت کے باپ کا جزو ، یعنی بھائی پھر ان کی مذکر اولاددر اولاد (نیچے تک)۔چوتھی قسم: میت کے دادا کا جزء یعنی چچا پھر انکی مذکر اولاد در اولاد (نیچے تک)۔

ان چاروں قسموں میں وراثت بالترتیب جاری ہو گی اور ترتیب وہی ہے جو ہم نے تقسیم میں اختیار کی ہے یعنی اگر پہلی قسم کے لوگ موجود ہیں تو دوسری قسم کے لوگ عصبہ نہیں بنیں گے اور دوسری قسم کے ہوتے ہوئے تیسری قسم کے عصبہ نہیں بنیں گے اور تیسری قسم کے ہوتے ہوئے چوتھی قسم کے نہیں بنیں گے۔

(ج:3، ص:1136،مکتبة المدینہ)۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

8/مارچ/2024 ۔26 شعبان المعظَّم 1445ھ کو جاری کیا گیا