سوال
کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے متعلق کہ سائل نے ایک مکان تعمیر کیا ہے جس کی ٹوٹل لاگت اٹھائیس لاکھ روپے آئی تھی،جس میں سائل کی پنشن اور کچھ مزید رقم شامل کر کے سائل نے ٹوٹل چودہ لاکھ روپے لگائے اور بقایا چودہ لاکھ میرے بڑے بیٹے نے لگائے جس کی کریانہ کی دوکان ہے۔اور گھر کا نظام سارا مشتر کہ طور پر چل رہا ہے۔ میری بقایا اولا د بھی چھوٹی تھی جو کہ کمانے کے قابل نہ تھی ۔ اب میں چاہتا ہوں کہ اپنے اس مکان کو فروخت کر کے رقم اپنی اولاد میں تقسیم کر دوں ۔ سوال یہ ہے کہ اپنے بیٹے کے چودہ لاکھ اسے ادا کرنے کے بعد باقی رقم تقسیم کروں یا ٹوٹل رقم اپنی ساری اولاد میں تقسیم کروں؟ اگر بیٹے کو اس کی رقم واپس کرنے کے بعد بقا یار قم تقسیم کرنی ہے تو کیا بیٹے کو وہی رقم واپس کرنی ہے جو اس نے لگائی ہے یا جیسے مکان کی قیمت میں اضافہ ہو گا اس کی رقم بھی زیادہ ہو جائے گی؟سائل بیمار رہتا ہے اور چاہتا ہے کہ اپنی زندگی میں ہی اپنی اولاد کو ان کا حق دیدے تا کہ بروز قیامت وہ اس چیز سے بری الذمہ ہو۔قرآن وحدیث کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں۔ بینوا توجروا! نوٹ : سائل نے کال پر بتایا کہ بیٹے نے جو والد کو 140000 لاکھ روپے دیے تھے وہ شرکت کے طور پر تھے ۔ سائل:ذو الفقار علی ،قصور
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ بڑے بیٹےکو مکان کے موجودہ مارکیٹ ریٹ کے اعتبار سے نصف حصہ دینا ضروری ہے کیونکہ ان دو افراد کا باہمی اشتراک سے مکان بنوانا شرعاً "شرکتِ ملک" ہے۔ شرکتِ ملک میں دونوں شریک مالیت میں ہونے والے اضافے میں بھی برابر کے شریک ہوتے ہیں ہے اور کسی شریک کو دوسرے کی اجازت کے بغیر اس کے حصے میں تصرف کا حق نہیں کیونکہ اس شرکت میں ہر شریک دوسرے کے حصے سے اجنبی شمار ہوتا ہے ۔
اسکی تفصیل یہ ہے بیٹے کی کمائی اسی کی ذاتی ملکیت ہوتی ہے، باپ اس کا مالک نہیں ہوتاالا یہ کہ ھبہ وغیرہ کی تصریح کردے یا باپ کو ضرورت و حاجت ہو ۔لہذا مکان کی تعمیر پر والد اور بیٹے نے نصف نصف خرچ کیئےاس لیے مذکورہ مکان میں دونوں کا حصہ تناسب بھی نصف نصف ہوگا۔لہذا اس کی رضا و خوشی کے بغیر اس کے حصے میں مالکانہ تصرف والد اور بھائیوں میں سے کسی کےلیے جائز نہیں ۔
والد کے حصے کی، اولاد کے درمیان تقسیم و ہبہ میں مساوات کا حکم بڑے بیٹے کو اس کا نصف حصہ ادا کرنے کے بعدبقیہ رقم والد صاحب کی ملکیت ہوگی۔ والد صاحب کو اپنی زندگی میں اس رقم کو ہبہ کرنے اور اولاد میں تقسیم کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
اسی طرح وہ اپنے علاج ومعالجے، خوراک اور دیگر ضروریاتِ زندگی کے لیے حسبِ ضرورت اپنے پاس رکھ سکتے ہیں۔ فقہِ حنفی میں مختار و مفتیٰ بہ قول کے مطابق، والدین کے لیے اپنی زندگی میں اولاد کو مال ہبہ کرتے وقت بیٹوں اور بیٹیوں کے درمیان مساوات اختیار کرنا افضل اور مستحب ہے، یعنی ہر ایک کو برابر رقم دی جائے۔ البتہ اگر کسی شرعی وجہ، مثلاً دینی فضیلت یا علمِ دین میں مشغولیت، کی بنا پر کسی بیٹے یا بیٹی کو دوسروں کی نسبت زیادہ دیا جائے تو اس کی بھی گنجائش ہے۔
کسی کا مال اسکی رضا مندی کے بغیر کھانے کے متعلق مشکاۃ المصابیح میں ہے:
"قال رسول الله ﷺ "ألا لا تظلموا، ألا لا يحل مال امرئ إلا بطيب نفس منه"
ترجمہ : رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ،خبر دار ! ظلم نہ کرو، سن لو! کسی شخص کا مال حلال نہیں ہے مگر اس کی دلی خوشی اور رضامندی کے ساتھ ۔
(مشکاۃ المصابیح :رقم الحدیث:2946)
الجامع الصغیر فی احادیث البشیر النذیر میں ہے :"كل أحد أحق بماله من والده وولده والناس أجمعين"
ترجمہ :ہر شخص اپنے مال کا ،اپنے والد ،اپنی اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ حق دار ہے ۔
( الجامع الصغیر فی احادیث البشیر النذیر ،رقم الحدیث:6271 )
اس کے تحت الشیخ زین الدین عبد الرؤف المناوی المتوفی 1031 ھ فرماتے ہیں :
"لا يناقضه أنت ومالك لأبيك لأن معناه إذا احتاج لماله أخذه لا أنه يباح له ماله مطلقا"
ترجمہ:یہ حدیث اس حدیث کے منافی نہیں ہے کہ "تم اور تمہارا مال تمہارے باپ کے ہیں"کیونکہ اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ جب باپ کو مال کی حاجت ہو تو وہ بیٹے کے مال میں سے لے سکتا ہے، نہ کہ یہ کہ بیٹے کا سارا مال باپ کے لیے مطلقاً مباح ہے ۔
(التیسیر بشرح الجاممع الصغیر،ج:2 ،ص:210 ،مرکز تحقیقات کامپیوتری علوم اسلامی )
نفع میں دونوں کی شرکت کے متعلق کتاب المبسوط میں ہے :
"(ثم) الشركة نوعان: شركة الملك وشركة العقد. (فشركة الملك) أن يشترك رجلان في ملك مال، وذلك نوعان: ثابت بغير فعلهما كالميراث، وثابت بفعلهما، وذلك بقبول الشراء،۔۔۔۔والحكم واحد وهو ان ما يتولد من الزياده يكون مشتركا بينهما بقدر الملك"
ترجمہ:پھر شرکت کی دو قسمیں ہیں: شرکتِ ملک اور شرکتِ عقد۔اور شرکتِ ملک: یہ کہ دو آدمی شریک ہو ں مال کی ملک میں ،اور شرکت ملک کی دو قسمیں ہیں ایک وہ جو دونوں کے فعل کے بغیر ثابت ہو، جیسے میراث (کے ذریعے ملکیت حاصل ہونا)اور دوسری وہ جو دونوں کے فعل سے ثابت ہواور وہ خریداری کو قبول کرنے سے ہوتی ہے( یعنی دونوں مل کر کسی چیز کو خریدیں) اور دونوں صورتوں کا حکم ایک ہے۔اور وہ حکم یہ ہے کہ مال میں جو بھی اضافہ پیدا ہو، وہ دونوں کے درمیان ان کی ملکیت کے اعتبار سے مشترک ہوگا۔
(کتاب المبسوط،ج:11،ص:162،مکتبہ رشیدیہ )
الہدایہ مع فتح القدیر میں ہے :
"فشركة الأملاك العين يرثها رجلان أو يشتريانها فلا يجوز لأحدهما أن يتصرف في نصيب الآخر إلا بإذنه وكل منهما في نصيب صاحبه كالأجنبي"
ترجمہ : پس شرکتِ املاک یہ ہے کہ دو شخص کسی عین شے کے وارث (مالک) ہو جائیں یا اسے خریدیں، لہٰذا نہیں ہے جائز تصرف کرنا ان دونوں میں سے کسی ایک کے لیے دوسرے کے حصے میں بغیر اس کی اجازت کے ۔ اور ان دونوں میں سے ہر ایک، دوسرے کے حصے میں اجنبی شخص کی طرح ہے۔
(الہدایہ مع فتح القدیر،ج:6،ص:144،مکتبہ اشرفیہ)
ہبہ کے وقت اولاد میں برابری کے متعلق ردالمحتار علی الدرالمختار میں ہے :
" (قوله وعليه الفتوى) أي على قول أبي يوسف: من أن التنصيف بين الذكر والأنثى أفضل من التثليث الذي هو قول محمد "
ترجمہ :فتوی امام ابو یوسف علیہ الرحمہ کے قول پر ہے کہ مرد اور عورت کو نصف نصف دینا مرد کو دو اور عورت کو ایک تین حصے بنانے سے بہتر ہے اور یہ تین حصے امام محمد علیہ الرحمہ کا مذہب ہے۔
( ردالمحتار علی الدرالمختار ،ج:12 ،ص:578 ،مکتبہ رحمانیہ )
اسی طر ح کے سوال کے جواب میں امام اہلسنت امام احمد رضا خاں علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں :
صورتِ مستفسرہ میں مذہب مفتی ٰ بہ پر افضل یہ ہے کہ بیٹیوں اور بیٹوں سب کو برابر دے یہی قول امام ابو یوسف کا ہےاور للذکر مثل حظ الانثیین (مرد کو دو عورتوں کے برابر حصہ ہے ) دینا بھی جیسا کہ قول امام محمد رحمہ اللہ کا ہے ممنوع و ناجائز نہیں اگرچہ ترک اولیٰ ہے ۔۔۔ بالجملہ خلاف افضلیت میں ہے اور مذہب مختار پر اولیٰ تسویہ،ہاں اگر بعض اولاد فضل دینی میں بعض سے زائد ہو تو اس کی ترجیح میں اصلاً باک نہیں ۔
( ملخصا ً،فتاوٰی رضویہ ،ج:19 ،ص:231،رضا فاؤنڈیشن)
بہارِ شریعت میں ہے :
اولاد کو ہبہ کرنے میں لڑکی اور لڑکا دونوں کو برابر دے یہ نہیں کہ لڑکے کو لڑکی سے دو چند دے دے جس طرح میراث میں ہوتا ہے کہ لڑکے کو لڑکی سے دونا ملتا ہے ہبہ میں ایسا نہیں۔
(بہارِ شریعت ، حصہ: ص:81،مکتبۃ المدینہ)
اسی میں ہے :
شرکت دو قسم ہے ،شرکت ملک ،شرکت عقد ،شرکت ملک کی تعریف یہ ہے چند شخص ایک شے کے مالک ہوں اور باہم عقد شرکت نہ ہوا ہو ۔۔۔شرکت ملک دو قسم ہے جبری اور اختیاری،اختیاری یہ کہ ان کے فعل و اختیار سے شرکت ہوئی ہو مثلا دونوں نے شرکت کے طور پر کسی چیز کو خریدا۔
(بہار شریعت،حصہ:10،ص:489،مکتبۃالمدینہ)
خلاصہ: مذکورہ مکان کی تعمیر میں والد اور بڑے بیٹے نے برابر، یعنی 14، 14 لاکھ روپے لگائے تھے، لہٰذا دونوں مکان کے نصف نصف حصے کے مالک ہیں۔ مکان فروخت ہونے کی صورت میں بڑے بیٹے کو موجودہ قیمتِ فروخت کا نصف حصہ دینا ضروری ہے؛ صرف اس کے ادا کردہ 14 لاکھ روپے واپس کرنا کافی نہیں۔ بڑے بیٹے کا حصہ ادا کرنے کے بعد باقی رقم والد صاحب کی ملکیت ہوگی، جسے وہ اپنی ضروریات کے لیے استعمال کرسکتے ہیں یا اپنی زندگی میں اولاد کو ہبہ کرسکتے ہیں۔ اولاد کو ہبہ کرتے وقت سب کے درمیان برابری کرنا افضل اور مستحب ہے، البتہ کسی دینی فضیلت کی وجہ سے کسی کو زیادہ دینا بھی جائز ہے۔
واللہ اعلم باالصواب