سوال
کیا فرماتے ہیں علماء ِکرام و مفتیان ِعظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا عورت نمازِ جمعہ یا تراویح کی نماز مسجد میں جاکر جماعت کے ساتھ ادا کرسکتی ہے؟بینوو توجروا! سائل:محمد حمزہ نصیر،لاہور
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ فی زمانہ عورتوں کومندرجہ ذیل چند شرائط کے ساتھ تراویح اور نمازِ جمعہ میں شرکت کی اجازت ہے۔
1) شرعی پردہ کے ساتھ مسجد میں آئیں ۔
2)مسجد میں عورتوں اور مردوں کا بالکل اختلاط نہ ہو کہ انکا راستہ اور نشست مردوں سے جدا اور الگ ہواس طرح کہ کسی حال یا منزل میں گیلری وغیرہ سے عورتوں پر مردوں کی نظر نا پڑے ۔
3)مسجد میں صرف نماز یا درس سننے کی غرض سے جائیں کوئی دوسری فاسد نیت نہ ہو ۔
4)مسجد میں جاکر صرف نماز پڑھیں فضول کاموں یا گناہوں(چغلی ،غیبت شور و غل) میں مبتلا نہ ہوں ،لہذا مذکورہ شرائط کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے عورتوں کا مسجد میں جاکر جمعہ و تراویح میں شرکت کرنا جائز ہے۔
حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے دور مبارک میں عورتوں کو جمعہ و جماعت میں شرکت کی اجازت تھی،پھر مرور ایام کے ساتھ حالات بدلے تو عہد فاروقی میں سید نا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فتنہ و فساد کے اندیشہ کے پیش نظر عورتوں کو جمع وجماعت میں شرکت سے منع فرمادیا اور سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا نے ان کے اس فعل کو سراہا۔اس کے بعد امام اعظم ابو حنیفہ علیہ الرحمہ نے بوڑھی عورتوں کو فجر وعشاء میں شرکت کی اجازت دی جبکہ صاحبین(امام ابو یوسف و امام محمد علیھما الرحمہ) نے بوڑھی عورتوں کی حاضری کو مطلقا (تمام نمازوں میں ) مباح قرار دیا۔
مگر آج کے دور میں جب کہ حال یہ ہے کہ آج عورت ہی سب سے زیادہ آزاد اور خود مختار ہے۔ ہر وہ کام جو مرد کرتے ہیں عورتیں بھی کر رہی ہیں، کمپنیوں میں ملازمت کرتی ہیں، گھر کے سودے سامان کے لیے باہر جاتی ہیں، ٹی وی شوز میں شرکت کرتی ہیں ، کرکٹ ، ہاکی، فٹبال کھیلتی ہیں، اپنے بناؤ سنگھار کے لیے بیوٹی پارلر جاتی ہیں، شادیوں میں جہاں مخلوط اجتماع ہوتا ہے بلا پر دہ شرعی شریک ہوتی ہیں، مردوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر سارا جہاں گھومتی پھرتی ہیں، ان تمام حالات میں اگر چند خداترس اور متقی عور تیں مندرجہ بالا شرائط کے ساتھ مساجد میں آئیں، تو ہماری رائے میں اسکی اجازت ہونی چاہیے ، اس بہانے کچھ قرآن و حدیث سے وعظ و نصیحت تو سنیں گی۔
دلائل:
صحیح بخاری میں ہے:
"عَنْ أَمَ عَطِيَةَ قَالَتْ : أَمِرْنَا أَنْ تَخْرِجَ الحَيَضَ يَوْمَ العِيدَيْنِ، وَذَوَاتِ الخُدُورِ فَيَشْهَدْنَ جَمَاعَةَ المُسْلِمِينَ، وَدَعْوَتَهُم۔
ترجمہ : حضرت ام عطیہ کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی علیم نے ہمیں حکم دیا کہ عیدین کے ایام میں ہم حیض والی اور پردہ نشین عورتیں بھی نکلیں اور مسلمانوں کی جماعت اور دعا میں شریک ہوں۔
(بخاری،رقم الحدیث:351)۔
سنن ابو داؤد میں ہے :
"عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «لَا تَمْنَعُوا إِمَاءَ اللَّهِ مَسَاجِدَ اللَّهِ وَلَكِنْ لِيَخْرُجْنَ وَهَنَ تَفَلَات»
ترجمہ : حضرت ابو ہریرہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی علیم نے ارشاد فرمایا کہ تم اللہ کی بندیوں کو اللہ کی مساجد میں آنے سے مت رو کو مگریہ کہ وہ با پر وہ ہو کر نکلیں۔
(ابو داؤد ،رقم الحدیث:565)۔
عنایہ علی با مش فتح القدیر میں ہے :
"لقد نھی عمر رضی الله تعالى النساء عن الخروج الى المسجد فشكون الى عائشة رضى الله عنها وہ فقالت لو علم النبي الله ما علم عمر ما اذن لكم في الخروج"
ترجمہ : حضرت عمر نے عورتوں کو مسجد میں جانے سے منع فرمایا تو وہ حضرت عائشہ کے پاس شکایت لائیں تو حضرت عائشہ نے فرمایا جو کچھ حضرت عمر دیکھ رہے ہیں اگر آپ صلی اعلام دیکھتے تو تمہیں گھروں سے نکلنے کی اجازت نہ دیتے ۔
(عنایہ،باب الامامۃ،ج:1 ،ص: 317)۔
مسلم شریف میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا سے مروی ہے کہ :
" عَنْ عَمْرَةَ بِنْتِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ، أَنَّهَا سَمِعَتْ عَائِشَةَ زَوْجَ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ تَقُولُ: «لَوْ أَنَّ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَأَى مَا أَحْدَثَ النِّسَاءُ لَمَنَعَهُنَّ الْمَسْجِدَ كَمَا مُنِعَتْ نِسَاءُ بَنِي إِسْرَائِيلَ»
ترجمہ : حضرت عمرہ بنت عبد الرحمان کہتی ہیں کہ انہوں نے حضرت عائشہ کو فرماتے سنا کہ جو آج کل عورتوں نے نئی نئی کارستانیاں (زینت،خوشبو و خوبصورت لباس)شروع کر دی ہیں اگر آپ ﷺ دیکھتے تو انکو مسجدوں سے منع کر دیتے۔ جیسا کہ بنی اسرائیل کی عورتوں کو منع کیا گیا تھا۔
(مسلم شریف ، رقم الحدیث:144)۔
سنن الکبری للبیہقی میں حضرت ہشام بن عروہ رضی اللہ عنہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں:
"أَنَّ عُمَرَ بْنَ الْخَطَّابِ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ جَمَعَ النَّاسَ عَلَى قِيَامِ شَهْرِ رَمَضَانَ الرِّجَالَ عَلَى أُبَيِّ بْنِ كَعْبٍ، وَالنِّسَاءَ عَلَى سُلَيْمَانَ بْنِ أَبِي حَثْمَةَ "
ترجمہ :بیشک حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے لوگوں ماہِ رمضان میں (تراویح کی جماعت میں) قیام پر جمع کیا،مردوں کو حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ اور عورتوں کو سلیمان بن حثمہ کی امامت پر جمع کیا۔
(سنن الکبری للبیہقی،رقم الحدیث:4276)۔
اسی میں حضرت عرفجہ ثقفی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے :
"كَانَ عَلِيُّ بْنُ أَبِي طَالِبٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ يَأْمُرُ النَّاسَ بقِيَامِ شَهْرَ رَمَضَانَ، وَيَجْعَلُ لِلرِّجَالِ إِمَامًا، وَلِلنِّسَاءِ إِمَامًا " قَالَ عَرْفَجَةُ: " فَكُنْتُ أَنَا إِمَامَ النِّسَاءِ "
ترجمہ:حضرت علی بن ابو طالب رضی اللہ عنہ لوگوں کو ماہِ رمضان مین (تراویح کے) قیام کا حکم ارشاد فرماتے تھے،اور مردوں کیلئے ایک امام اور عورتوں کیلئے (دوسرا) مام مقرر فرماتے ،پس عورتوں کا امام میں ہی تھا۔
(سنن الکبری للبیہقی،رقم الحدیث:4276)۔
ہدایہ میں ہے:
ویکرہ لھن حضور الجماعات " يعني الشواب منهن لما فيه من خوف الفتنة " ولا بأس للعجوز أن تخرج في الفجر والمغرب والعشاء " وهذا عند أبي حنيفة رحمه الله " وقالا يخرجن في الصلوات كلها " لأنه لا فتنة لقلة الرغبة إليها "
ترجمہ : اور جو ان عورتوں کو جماعت میں شریک ہونا مکروہ ہے کیونکہ انکی شرکت میں فتنے کا خوف ہے ، جبکہ بوڑھی عورت کے لیے جبکہ بوڑھی عورت کے لیے فجر وعشاء میں نکلنے میں حرج نہیں ہے یہ امام اعظم ابو حنیفہ کا مذہب ہے جبکہ صاحبین نے کہا کہ بوڑھی عورتیں ہر نماز میں نکلیں، کیونکہ انکی طرف رغبت کم ہوتی ہے لہذا فتنے کا اندیشہ نہیں ہے۔
(ہدایہ شرح بداية المبتدى ،باب الامامة ،ج:1،ص: 58)۔
امام ِ اہلسنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ سے کسی نے عورتوں کی میلاد کی محفل کی شرکت کے بارے میں سوال کیا آپ جو ابا ارشاد فرماتے ہیں:
"واعظ یا میلاد خواں اگر عالم سنی صحیح العقیدہ ہو اور اسکا وعظ و بیان صحیح و مطابق شرع ہو، اور جانے میں پوری احتیاط و مکمل پر دہ ہو اور کوئی احتمال فتنہ نہ ہو اور مجلس رجال سے دور انکی نشست ہو تو کوئی حرج نہیں۔ "
(فتاوی رضویہ، کتاب الحظر والاباحة، جلد 22 ص 239) ۔
محدِّث ِ اعظم حضرت علامہ غلام رسول سعیدی علیہ الرحمہ تحریرفرماتے ہیں :
" اب عورتوں نے برقع پہننا چھوڑ دیا ہے، سر کو دوپٹے سے نہیں ڈھانپتیں ، تنگ و چست کپڑے پہنتی ہیں ، بیوٹی پارلروں میں جا کر جدید طریقوں سے میک اپ کرواتی ہیں ، مردوں کے ساتھ مخلوط اجتماعات میں شرکت کرتی ہیں، میر تھن ریس میں حصہ لیتی ہیں ، بسنت میں پتنگ اڑاتی ہیں ، ویلنٹائن ڈے مناتی ہیں۔ اس قسم کی آزاد منش عورتوں کے مسجد میں جانے کا تو خیر کوئی امکان ہی نہیں،البتہ اللہ سے ڈرنے والی خواتین ضرور مسجد میں جمعے کی نماز پڑھنے یارمضان میں تراویح پڑھنے جاتی ہیں ، سو وہ خواتین پردہ کی حدود و قیود کے ساتھ جائیں، تا کہ وہ درس قرآن و حدیث، وعظ و نصیحت سن سکیں ، تو میری رائے میں انکو منع نہیں کرنا چاہیے ، جبکہ امام اعظم کے ایک قول میں اسکی گنجائش بھی ہے۔
(نعمة الباري شرح صحيح البخاری ج 2 ص 798)۔
حکیم الامت، مفسر شہیر مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمہ تحریرفرماتے ہیں:
" ظاہر ہے یہ حکم اس وقت تھا جب عورتوں کو مسجد میں حاضری کی اجازت تھی، عہد فاروقی میں اسکی ممانعت کر دی گئی، کیونکہ عورتوں میں فساد بہت آگیا تھا لیکن فی زمانہ عورتوں کو مسجد میں باپردہ آنے اور علیحدہ بیٹھنے سے نہ روکا جائے کیونکہ اب تو عورتیں سینماؤوں، بازاروں میں جانے سے تو رکتی نہیں مسجد میں آکر کچھ دین کے احکام سن لیں گی۔۔۔ اب فقیر کا فتویٰ یہ ہے کہ عورتوں کو باپردہ مسجد میں آنے سے نہ رو کو کہ اگر ہم انہیں روکیں تو یہ وہابیوں،مرزائیوں اور قادیانیوں کی مساجد میں پہنچتی ہیں ، جیسا کہ تجربہ ہے ، ان لوگون نے عورتوں کے لیے بڑے بڑے انتظامات اپنی اپنی مساجد میں کیسے ہوئے ہیں، عورتوں کو گمراہ کر کے انکے خاوند اور بچوں کو بہکاتے ہیں۔
(مرآۃ المناجیح شرح مشكوة المصابيح ج 2: ص :283) ۔
تفہیم المسائل میں ہے :
" ہمارے فقہاء کا عمومی موقف تو یہی ہے کہ اخلاقی تنزلی کی وجہ سے عورتوں کو مسجد میں آنے کی اجازت نہ ہو ، لیکن اسکا مقصد تو یہ جب ہے کہ مسجد میں نماز کے لیے آنے سے ان خواتین کوروکنا شریعت کا منشاء ہے تو پھر یہ پابندی عام حالات میں بھی اختیار کرنی چاہیے ، لیکن اب چند دین دار عورتوں کے علاوہ عام عورتیں تعلیم ،روز گار ، بازاروں، سماجی تقریبات میں، اور روز مرہ کے معاملات میں بلا روک ٹوک حجاب شرعی کے بغیر گھومتی پھرتی ہیں ، تو بالخصوص دینی مجالس سے کیوں روکا جائے۔ اسلیے میرے نزدیک موجودہ دور میں مساجد میں نماز تراویح ، جمعہ اور دروس کی مجلسوں میں شرعی حدود کی مکمل پاسداری کےساتھ خواتین کی شرکت کا اہتمام اباحت وجواز کی حدود سے نکل کر ضرورت کے درجے میں داخل ہو گیا ہے۔
(تفہیم المسائل جلد 4 ص 353) ۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب